Tag: rafique rajwana

  • گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

    گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

    لاہور: گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ وہ گزشتہ 3 سال سے بطور گورنر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ہائیکورٹ بار میں اپنے استعفے کا اعلان کیا۔

    بار کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قیادت نے اعتماد کر کے عہدہ دیا، پورا اترنے کی کوشش کی۔

    انہوں نے کہا کہ بار میرا گھر ہے اور آج پھر اپنے گھر واپس آگیا ہوں، عملی زندگی کا آغاز کالے کوٹ سے کیا تھا، اسے پھر پہن لیا ہے۔

    خیال رہے کہ رفیق رجوانہ کو مئی 2015 میں گورنر پنجاب مقرر کیا گیا تھا۔ ان سے پہلے پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور تھے جو ایک معروف سیاست دان تھے۔

    مزید پڑھیں: محمد رفیق رجوانہ کا سیاسی سفر

    وہ سنہ 1987 میں عدلیہ سے منسلک ہوئے۔1996 میں وہ عدالت عالیہ لاہور میں ملتان بار ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہوئے۔

    سیاست کا آغاز انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن سے کیا اور اسی پارٹی سے وہ دو مرتبہ 1997 اور 2012ء میں رکن سینیٹ پاکستان منتخب ہوئے۔

    رفیق رجوانہ1997 میں رفیق تارڑ کی خالی کی ہوئی نشست پر سینٹ کے رکن منتخب ہوئے اور 2003 تک عہدے پر فائز رہے۔

    سینیٹ میں وہ کمیٹی برائے خارجہ امور، قانون انصاف اور انسانی حقوق، حکومتی ضمانت یافتہ اسکیمیں، نچلی سطح پر اختیارات کی تفویض، سینٹ کی ایوان کمیٹی اور کمیٹی برائے دستور العمل اور مراعات کے رکن بھی رہے۔

    رفیق ایک نامور وکیل اور لا فرم کے مالک بھی ہیں۔ انہوں نے کئی تاریخ ساز کیسز کی پیروی کی ہے جن میں میاں نواز شریف کے متعدد کیسز، میمو گیٹ اور الیکشن کے اخراجات سے متعلق کیسز بھی شامل ہیں۔

  • گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ؒ کے شعرکا حلیہ ہی بگاڑدیا

    گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ؒ کے شعرکا حلیہ ہی بگاڑدیا

    فیصل آباد : گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی شعر کی ٹانگ توڑ دی۔ ایک تقریب میں وہ علامہ اقبالؒ کا مشہورشعر ہی بھول گئے، شہبازشریف اور قائم علی شاہ بھی اس فن میں ماہرہیں، اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ بھی شاعری کے ساتھ دو دو ہاتھ کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے کنووکیشن کی تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کو شعر کہنے کی سوجھی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔

    گورنر پنجاب اپنی تقریر کے دوران علامہ اقبالؒ کا بہت مشہور شعر ہی بھول گئے کہ اصل شعر تھا کیا؟ کبھی زمین تو کبھی مٹی کو ذرخیز کہتے رہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل اسی شعر کے ساتھ یہی سلوک وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی ماڈل ٹاؤن میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا تھا۔

    اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شعر کے معاملے پر خاصے بھلکڑ واقع ہوئے ہیں، سیاستدانوں کی شعر و شاعری سے یہ چھیڑخانی اکثر سننے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیردیتی ہے۔

  • فوج اور رینجرز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،گورنرپنجاب

    فوج اور رینجرز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں،گورنرپنجاب

    سیالکوٹ : پنجاب کے نئے گورنر رفیق رجوانہ نے مزار اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالٰی حکمرانوں کو شاعر مشرق کے خوابوں کی تعبیر پانے میں مدد فرمائے۔

    گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی کے ہمراہ مزارِ اقبال پر حاضری دی اور فاتحہ پڑھی۔ گورنر پنجاب نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا کہنا تھا کہ فوج اور رینجرز پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے لیے کوشاں ہیں، قوم کو اپنے حساس اداروں کیلئے دعا کرنی چاہیئے۔

    انہوں نے نیا عہدہ ملنے پر خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی نئی ذمہ داری کا احساس ہے۔