Tag: Rahim Yar Khan

  • غلامی سے موت بہتر ہے، عوام اگلی کال کا انتظار کریں، عمران خان

    غلامی سے موت بہتر ہے، عوام اگلی کال کا انتظار کریں، عمران خان

    رحیم یار خان : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ غلامی سے موت بہتر ہے، عوام اگلی کال کا انتظار کریں پاکستانی عوام سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کریں۔ اللہ کا شکر ہے میری قوم میں شعور آرہا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سارے پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ سیلاب متاثرین کی جتنی بھی کوشش ہوسکے مدد ضرورکریں۔

    جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ غلامی سے موت بہتر ہے، عوام اگلی کال کا انتظار کریں، جب میں نے کہا کہ اسلام آباد میں جلسہ کروں گا تو راناثنااللہ نے دھمکیاں شروع کردیں، راناثنا اللہ سن لو اب کی بار کپتان پوری پلاننگ کرکے آئے گا۔

    عمران خان نے کہا کہ 8گھنٹے میں پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کیلئے14ارب روپے دیئے ہیں، قوم کو اعتماد ہوجائے کہ ان کا پیسہ درست جگہ پر خرچ ہورہا ہے تو وہ دل کھول کرچندہ دیتی ہے، ہمارے پاکستانی دنیا بھر میں دل کھول کرمدد کرنے والے لوگ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انگریز بھی دو سال میں اردو سیکھ لیتا ہے لیکن افسوس ہوا ہمارے کرائم منسٹر اور اردو سیکھنے والے بلاول بھٹو امریکا گئے ہوئے ہیں، سیلاب متاثرین پریشان ہیں اوریہ لوگ یہاں سے اٹھ کرامریکا چلے گئے ہیں۔

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دنیا بھر سے لوگ سیلاب متاثرین کیلئے یہاں مدد کیلئے آرہے ہیں جبکہ یہ لوگ امریکا میں مہنگے ترین ہوٹلز میں قیام رکھے ہوئے ہیں، ایک طرف بھیک مانگنے جارہا ہے اور شو مارنے کیلئے مہنگے ہوٹلز میں رکے ہوئے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ میری قوم میں شعور آرہا ہے، میں وزیراعظم بننے سے زیادہ اس بات کا شکر گزار ہوں کہ میری قوم باشعورہوگئی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ دونوں مریموں کے پاس جھوٹ بولنے کی پی ایچ ڈی ہے، جاوید لطیف کے ذریعے پریس کانفرنس کرائی گئی کہ جیسے میں نے مذہب کی توہین کی ہو، ان کی کوشش ہے کہ میرے پرجو بھی واردات ہوگی تو کہیں گے کہ مذہبی جنونی نے اقدام اٹھایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو نااہل کرانے کی انہوں نے پوری کوشش کی، یہ لوگ عمران خان سے ڈرتے ہیں اسی لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ان سب کو معلوم ہے کہ عمران خان آئندہ الیکشن جیت جائیں گا،

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ یہ لوگ30سال سے کرپشن کررہے ہیں اور ایک دوسرے پر کرپشن کے کیسز بنائے، آج یہ باری باری اپنے کیسز ختم کرا رہے ہیں اور باریاں لے رہے ہیں۔ اگرکوئی یہ سمجھتا ہے ہم بھیڑبکریوں کی طرح چپ کرکے تماشہ دیکھیں گے تو ایسا ممکن نہیں، جب تک میری میں جان ہے ان کیخلاف نکلوں گا اور قوم کو بھی نکالوں گا۔

  • پی ٹی آئی کا رحیم یار خان میں جلسہ، لاہور میں بھی کارکنان کی بڑی تعداد جمع

    پی ٹی آئی کا رحیم یار خان میں جلسہ، لاہور میں بھی کارکنان کی بڑی تعداد جمع

    رحیم یار خان/ لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے رحیم یار خان کے جلسے میں عوام کا زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے، لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کارکنان نے تیاری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں عمران خان کی آمد سے قبل ہی جلسہ گاہ مکمل بھرگئی، جلسہ گاہ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام موجود ہیں، ۔پی ٹی آئی انتظامیہ نے جلسہ گاہ میں 30 ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان شام 6بجےجلسہ گاہ پہنچیں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں عمران خان کی جانب سے اہم اعلانات متوقع ہیں، جلسے کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات  کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں میں یہ جلسہ بڑی اسکرینوں پردکھایا جائیگا، لاہور کے لبرٹی چوک پرتحریک انصاف لاہور نے کنٹینر بھی لگا دیا، یہاں 10فٹ لمبی ، 20 فٹ چوڑی اسکرین لگائی جارہی ہے۔

    کنٹینر پر یاسمین راشد، اسلم اقبال، اعجازچوہدری و دیگرپی ٹی آئی رہنما خطاب کریں گے، مختلف مقامات سے تحریک انصاف کی ریلیاں لبرٹی چوک پہنچیں گی۔

    علاوہ ازیں کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر منگل بازار کے میدان میں لگائی جانے والی اسکرین پر عوام عمران خان کالائیو خطاب سن سکیں گے۔

    اسی طرح اسلام آباد کے ایف نائن پارک اور راولپنڈی لال حویلی میں بڑی اسکرین کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد میں کوہ نور پلازہ کے سامنے بڑی سکرین لگائی جائے گی۔

     

  • موٹر سائیکل زیر تعمیر مین ہول میں گر گئی، باپ اور 2 بچیاں جاں بحق

    موٹر سائیکل زیر تعمیر مین ہول میں گر گئی، باپ اور 2 بچیاں جاں بحق

    رحیم یارخان: حکام کی غفلت کے باعث رحیم یار خان میں ایک باپ اور ان کی دو بچیوں کی جانیں تلف ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں سوئی گیس چوک کے قریب حکام کی غفلت کی وجہ سے مین ہول کے لیے کھودے گئے گڑھے میں موٹر سائیکل گرنے سے باپ اور دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں، جب کہ ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق چوک پٹھانستان کے قریب سیوریج لائن کی مرمت کا کام جاری تھا، کھودے گئے گڑھے کو بغیر کسی انتباہی نشان کے کھلا چھوڑ دیا گیا تھا۔

    موٹر سائیکل سوار شہری اندھیرے کے باعث گڑھا نہ دیکھ سکا اور موٹر سائیکل سمیت گڑھے میں جا گرا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 35 سالہ محمد کلیم، 2 سال کی ام ہانی اور 4 سال کی زینب شامل ہیں، حادثے کی شکار فیملی لطیف آباد کی رہائشی تھی۔

    جاں بحق افراد کی لاشیں اور 10 سالہ زخمی بچے مومن کو شیخ زائد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا نے اسپتال میں زخمی بچے کی عیادت کی، انھوں نے اسپتال انتظامیہ کو بچے کی بہترین نگہداشت کرنے کی ہدایت کی۔

    واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

  • رحیم یار خان میں مشتعل افراد کے ہاتھوں توڑ پھوڑ سے متاثرہ مندر بحال

    رحیم یار خان میں مشتعل افراد کے ہاتھوں توڑ پھوڑ سے متاثرہ مندر بحال

    صادق آباد : پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں توڑپھوڑ سے متاثرہ مندر بحال کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں توڑپھوڑ سے متاثرہ مندر بحال کردیا گیا، پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمار نے مندر کا افتتاح کیا۔

    بھونگ مندرمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین رمیش کمارنے کہا کہ انتظامیہ نےایک ہفتےمیں حیران کن طورپرمندر کی بحالی کاکام کیاگیا، وزیراعظم،چیف جسٹس کےنوٹس سے ثابت ہواریاست اقلیتوں کیساتھ ہے۔

    رمیش کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے حوالےسے برابری کے حقوق ہیں، منفی عناصر کو مثبت رویے سے شکست دیں گے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نےمندرحملےکےملزمان فوری گرفتارکرنےاور شرپسندی پراکسانےوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جبکہ مندربحالی کے اخراجات بھی ملزمان سے ہرصورت وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ دندناتےپھرتےملزمان ہندوکمیونٹی کیلئےمسائل پیداکرسکتے، یقینی بنایاجائےآئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔

    بعد ازاں وزیراعلی پنجاب نے رحیم یار خان کےعلاقے بھونگ میں مندر میں توڑ پھوڑ کے واقعے پر کمشنر اور آر پی او بہالپور سے رپورٹ طلب کرلی تھی جب کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مندر کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور رینجرز کی نفری بھی تعینات کر دی گئی تھی۔

  • پنجاب اور کے پی میں بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    پنجاب اور کے پی میں بارشیں، محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

    لاہور/ رحیم یار خان /چلاس : پنجاب اور کے پی کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد،اور راو لپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے چلاس میں بھی بارش ہوئی جس کے باعث پنجاب اور کے پی کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    لاہور میں رات گئے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے بعد سڑکوں پر کھڑے پانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز کو واسا انتظامیہ سےرابطے میں رہنے کی ہدایت جاری کردی

    اوکاڑہ اور گردونواح میں گرد آلود آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، حویلی لکھا اور گردو نواح میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شیخوپورہ اورگردو نواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں نہر 3آر میں شگاف تاحال بند نہ کیا جاسکا، ذرائع محکمہ آبپاشی کے مطابق شگاف 100فٹ چوڑا ہوگیا،6گھنٹے گزرنے کے باوجود شگاف کو پُر نہ کیا جاسکا۔

    پانی چک 28 عباسیہ میں داخل ہوگیا، جس کے باعث قریبی دیہات کے مکانات زیر آب آگئے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سینکڑوں ایکڑ پرکھڑی کپاس، گنے اور چارے کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

    فیروزوالا اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، فاروق آباد اور گردونواح میں بھی تیزآندھی کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، پھول نگر اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں کےساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

    خیبر پختونخوا میں چلاس کے علاقے دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جارہی ہے، بابوسر، بٹوگاہ سمیت دیگر مقامات پر بارش سے جل تھل ہوگیا۔

    تھور میں بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے باعث تھور کا 1.6میگا واٹ پن بجلی گھر بند ہوگیا۔3.6میگا واٹ واپڈا ہائیڈرو پاور پلانٹ بھی بند کردیا گیا جبکہ تھک اور بٹوگاہ ہائیڈرو پاور پلانٹ پر معمول کا کام جاری ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • پنجاب میں 16 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑوا لی گئی

    پنجاب میں 16 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑوا لی گئی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف مقامات پر 16 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے رحیم یار خان سے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال اراضی واگزار کروالی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ 602 کنال سے زائد سرکاری رقبہ بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان موضع کوکاری سے محکمہ اوقاف کی 532 کنال 9 مرلہ زمین واگزار کروائی گئی، واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 13 کروڑ 31 لاکھ روپے ہے۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ مال اور پولیس نفری کے ہمراہ دوسری کارروائی چک نمبر 228 میں کی گئی۔ چک نمبر 228 سے 70 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چک 228 سے واگزار کروائی گئی اراضی کی مالیت 2 کروڑ 62 لاکھ سے زائد ہے۔

    حکام کے مطابق مجموعی طور پر 15 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔ تمام واگزار شدہ اراضی متعلقہ محکموں کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • رحیم یارخان میں 5 افراد کا لرزہ خیز قتل، گردنیں کاٹ دی گئیں

    رحیم یارخان میں 5 افراد کا لرزہ خیز قتل، گردنیں کاٹ دی گئیں

    رحیم یار خان : پتن منارہ کے علاقے میں پانچ افراد کے لرزہ خیز قتل کی واردات ہوئی ،جہاں نامعلوم ملزمان نے سفاکیت کی انتہا کرتے ہوئے ماں باپ اور تین بچوں کی گردنیں کاٹ دیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیکر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں پتن منارہ کے علاقے میں چک نمبر ایک سو پینتیس میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ، جہاں ایک گھر سے چار افراد کی گردنیں کٹی لاشیں برآمد ہوئیں، جس میں ماں اور تین بچے شامل تھیں جبکہ زخمی باپ اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

    پولیس کے مطابق گھر کا دروازہ اندر سے بند تھا،جائے وقوعہ سے تیز دھار چھری برآمد ہوئی ہے، واقعہ بظاہر گھریلو جھگڑے کا لگتا ہے،مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ڈیشنل انسپکٹرجنرل پولیس ظفراقبال اعوان نے رحیم یارخان میں فیملی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او بہاولپور اور ڈی پی اورحیم یار خان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا افسوسناک واقعےکی جانچ کےبعدحقائق سامنے لائے جائیں۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیملی کے سربراہ نے تیز دھار آلے سے اہلخانہ کے گلےکاٹے، رام چند نے بیوی اور 2 بچوں کے قتل کے بعد خودکشی کرلی، تاہم پولیس ہرپہلو سے واقعے کی تحقیقات کرے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے رحیم یار خان میں 5 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری قانون کی گرفت میں لایاجائے، مقتولین کے لواحقین کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔

  • پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی تربیتی مشقوں کا آغاز

    پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی تربیتی مشقوں کا آغاز

    راولپنڈی : پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی تربیتی مشقوں کا آغاز ہوگیا، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کرتے ہوئے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اورتربیتی معیارکوسراہا۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی رحیم یار خان اور صالح پٹ میں فوجی مشقیں شروع ہوگئیں، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے تربیتی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی مشقوں میں کراچی اور پنوں عاقل کے جوان حصہ لے رہے ہیں ، کور کمانڈر نے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی معیار کو سراہا۔

    یاد رہے چند روز قبل پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج کے دورہ کیا تھا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ دشمن کو ہرطرح کے خطرات میں مؤثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں، پاکستان کی سلامتی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں گے۔

    آرمی چیف نے اسٹیٹ آف دی آرٹ وی ٹی فور ٹینک کا عملی مظاہرہ دیکھا اور کہا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر توجہ مرکوز ہے۔

  • پنجاب پولیس کا اقدام، شہریوں کو قیمتی سامان واپس مل گیا

    پنجاب پولیس کا اقدام، شہریوں کو قیمتی سامان واپس مل گیا

    رحیم یار خان : لیاقت پور پولیس نے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ، موٹرسائیکلیں، زیورات اور دیگر مسروقہ سامان مالکان کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور کی تھانہ شیدانی پولیس نے چوری اور ڈکیتی کی23 وارداتوں میں تیرہ ملزمان کو گرفتار کرکے چودہ موٹرسائیکلیں، دس تولہ سونا سمیت اسلحہ اور لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرلیا، پولیس نے برآمد ہونے والا یہ تمام مسروقہ مال قانونی کارروائی کے بعد مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔

    اس حوالے سے ڈی ایس پی سرکل لیاقت پور اسلم خاں نے تھانہ شیدانی میں پریس کانفرنس کرکے تفصیلات سے اگاہ کیا، اس موقع پر پولیس افسران نے ملزمان سے برآمد ہونے والی موٹرسائیکلوں کی چابیاں اور مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیے۔ تقریب میں موجود شہریوں نے پولیس کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

  • کورونا وائرس سے متعلق حقائق عوام سے پوشیدہ نہیں رکھ رہے، یاسمین راشد

    کورونا وائرس سے متعلق حقائق عوام سے پوشیدہ نہیں رکھ رہے، یاسمین راشد

    رحیم یارخان : وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے متعلق کسی بھی قسم کے حقائق عوام سے پوشیدہ نہیں رکھ رہی، رحیم یارخان میں جلد لیبارٹری قائم کی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یارخان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور حکومت کو اپنے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی خدمات پرفخر ہے، ینگ ڈاکٹرز بھی اپنی ذمہ داریاں قومی فریضہ سمجھ کر بخوبی ادا کررہے ہیں،۔

    یاسمین راشد نے کہا کہ حکومت کورونا سے متعلق کسی بھی قسم کے حقائق عوام سے پوشیدہ نہیں رکھ رہی، بھارت، بنگلادیش، نیپال ودیگر ممالک سے زیادہ ٹیسٹ پاکستان میں کیے جارہے ہیں۔

    کورونا ٹیسٹ کی استعداد کارمیں اضافہ کیا جارہا ہے، مجموعی طور پر 3ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ روزانہ کررہے ہیں جسے5ہزار تک لایا جائے گا، حکومت پنجاب نے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو14ارب روپے دیئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان میں بہت جلد عوام کے کورونا ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری قائم کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں محکمہ صحت کے ناکافی اقدامات پر یاسمین راشد سے شکوہ کیا تھا جس کے بعد یاسمین راشد نے کہا تھا کہ وہ خود ملتان جاکر معاملات کا جائزہ لیں گی۔