Tag: raid

  • کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کے زیورات برآمد

    کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کے زیورات برآمد

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں کسٹم انٹیلی جنس چھاپہ نے مار کر کارروائی میں 10 کروڑ روپے مالیت سے زائد کے آرٹی فیشل زیورات برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں کسٹم انٹیلی جنس نے ٹرالر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے زیوارت برآمد کرلیے جبکہ ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔

    انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ کروڑوں مالیت کی آرٹی فیشل جیولری برآمد کی گئی، جیولری کنٹینر میں چھپا کر کوئٹہ سے کراچی لے جائی جا رہی تھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ جیولری کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔

    کسٹم انٹیلی جنس حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزم محمد اسماعیل کا تعلق کوئٹہ سے ہے جو کروڑوں روپے مالیت کی جیولری لے جارہا تھا۔

  • مینار پاکستان واقعہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے

    مینار پاکستان واقعہ: لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مینار پاکستان پر ہجوم کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے کے واقعے کے بعد پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اب تک متعدد افراد کو گرفتار اور متعدد سے پوچھ گچھ کی جاچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے روز مینار پاکستان پر ہجوم کی جانب سے خاتون پر جنسی حملے کے دہشت ناک واقعے کے بعد رات گئے پولیس نے راوی روڈ، بادامی باغ، لاری اڈا اور شفیق آباد کے علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔

    لاہور پولیس نے 15 افراد کو حراست میں لے کر تھانہ لاری اڈا منتقل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے زیر حراست افراد کے موبائل نمبرز کی 14 اگست کو لوکیشن ٹریس کی جائے گی اور زیر حراست افراد کو ویڈیوز میں نظر آنے والے ملزمان سے میچ کیا جائے گا۔

    بعد ازاں پولیس نے مزید 20 کے قریب مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، تاہم پوچھ گچھ کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد کی ویڈیو سے شناخت کرنے کی کوشش کی گئی۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے متاثرہ لڑکی سے ملاقات کی۔ ساجد کیانی نے متاثرہ لڑکی کو فوری انصاف کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

    یاد رہے کہ 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر موجود خاتون کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد، جنسی حملے اور لوٹ مار کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کر کے ہدایت دی ہے کہ خاتون سے دست درازی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

  • کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، 2 مطلوب ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سونے کی ڈکیتی کرنے والے 2 مطلوب ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جمالی گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کی، کارروائی میں 2 مطلوب ملزم گرفتار کرلیے گئے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان نے کھوکھرا پار میں سنار کی دکان میں واردات کا اعتراف کیا ہے، ملزمان 49 تولہ سونا اور 10 لاکھ 70 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا، ملزمان اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

  • لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائی

    لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کی سب سے بڑی کھیپ برآمد کرلی گئی، برآمد شدہ سامان ایکسپائر کاسمیٹکس تھی جس کی مالیت 32 کروڑ روپے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹم انٹیلی جنس نے لاہور میں بھارتی اسمگلنگ کے خلاف سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سگیاں کے علاقہ میں گودام پر چھاپہ مارا، جہاں سے 32 کروڑ روپے مالیت کی ایکسپائر انڈین کاسمیٹکس کا سامان برآمد ہوا۔

    ڈائریکٹر کسٹمز اسد رضوی کا کہنا ہے کہ کسٹم انٹیلی جینس نے فیصل آباد سے لاہور آنے والی ٹرک کی ریکی کی، ٹرک کو فالو کر کے کسٹم ٹیم گودام تک پہنچی۔

    اسد رضوی کے مطابق گودام سے ایکسپائر انڈین کاسمیٹکس کا سامان برآمد کیا گیا، برآمد شدہ سامان کی مالیت 32 کروڑ روپے ہے۔

    کسٹم انٹیلی جنس نے گودام کے مالک کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ کسٹم اینٹی اسمگلنگ نے گزشتہ سال 5.5 ارب کی ریکوری کی، کسٹمز لاہور کی نفری کم ہونے کی وجہ سے انٹیلی جنس آپریشن کرتے ہیں، ایئرپورٹ پر گزشتہ سال کروڑوں روپے کی ریکوری کر چکے ہیں۔

  • بھارت: مودی سرکار بدحواس، ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے

    بھارت: مودی سرکار بدحواس، ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے

    نئی دہلی: مودی سرکار سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے خلاف چلنے والی مہمات سے گھبرا گئی، بھارت میں ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور ملازمین سے تفتیش کی گئی۔

    ٹوئٹر پر چلنے والی مہمات سے گھبرا کر مودی سرکار نے نئی دلی اور گروگرام میں قائم ٹوئٹر کے دفاتر پر پولیس کی خصوصی ٹیموں نے چھاپے مارے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابقپ ولیس نے کانگریس ٹول کٹ سے متعلق چھان بین کے لیے ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے مارے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ نریندر مودی کو بدنام کرنے کے لیے کانگریس نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا مہم کانگریس ٹول کٹ کا استعمال کیا ہے اور انہوں نے اس کے سربراہ کا نام بھی بتایا۔

    بعد ازاں ٹوئٹر کی جانب سے اس ٹویٹ کو میڈیا کے ساتھ ساز باز کرنے کی کوشش قرار دیا گیا۔

    تاہم اب پولیس نے نئی دہلی اور گروگرام میں ٹویٹر کے دفاتر پر چھاپے مارے اور وہاں چھان بین کی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کے اسپیشل سیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹویٹر سے اس حوالے سے جواب طلب کیا تھا، تاہم جواب مبہم ہونے کی وجہ سے دفاتر پر چھاپے مارے گئے۔

  • کراچی: 400 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان گرفتار

    کراچی: 400 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 4 کارندے گرفتار کرلیے گئے، ملزمان 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کی گئی، کارروائی میں انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے 4 کارندے گرفتار کیے گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان 400 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان نے سنہ 2016 سے وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان دودھ کی رقم لے جانے والے ٹھیکیداروں کو لوٹتے تھے۔

    ملزمان نے نیو کراچی، گلشن معمار اور سپر ہائی وے پر وارداتیں کیں، ملزمان نت دیگر علاقوں میں ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز کا بھی اعتراف کیا جبکہ انہوں نے ایک سیلز مین کی 50 سے زائد گاڑیاں بھی لوٹیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، عوام ایسے عناصر سے متعلق فوری اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • پنجاب میں 16 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑوا لی گئی

    پنجاب میں 16 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑوا لی گئی

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف مقامات پر 16 کروڑ روپے مالیت سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب نے رحیم یار خان سے کروڑوں روپے مالیت کی سینکڑوں کنال اراضی واگزار کروالی۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ 602 کنال سے زائد سرکاری رقبہ بااثر قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رحیم یار خان موضع کوکاری سے محکمہ اوقاف کی 532 کنال 9 مرلہ زمین واگزار کروائی گئی، واگزار کروائی گئی زمین کی مالیت 13 کروڑ 31 لاکھ روپے ہے۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ مال اور پولیس نفری کے ہمراہ دوسری کارروائی چک نمبر 228 میں کی گئی۔ چک نمبر 228 سے 70 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ چک 228 سے واگزار کروائی گئی اراضی کی مالیت 2 کروڑ 62 لاکھ سے زائد ہے۔

    حکام کے مطابق مجموعی طور پر 15 کروڑ 83 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔ تمام واگزار شدہ اراضی متعلقہ محکموں کے حوالے کردی گئی ہے۔

  • کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان برآمد

    کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے کا اسمگل شدہ سامان برآمد

    کراچی: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا گیا، اسی روٹ سے آنے والے ایک اور ٹینکر سے 20 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل بھی برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کوئٹہ سے آنے والی کوچ سے ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ کی سیٹیں نکال کر اس میں کپڑے، اے سی، ٹوتھ پیسٹ اور گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس رکھے گے تھے۔

    خفیہ اطلاع پر کوچ میں سے اسمگل شدہ غیر ملکی کپڑے کے 75 رول، ٹوتھ پیسٹ کے 25 ڈبے، اسپیئر پارٹس کے 20 کارٹنز اور 30 نئے پرانے ایئر کنڈیشنز قبضے میں لے لیے گئے۔

    کوئٹہ سے کراچی آنے والے ایک اور ٹینکر سے 20 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل بھی برآمد کرلیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیاں، خشک دوددھ اور چھالیہ بھی قبضے میں لی جاچکی ہیں۔

  • ریاض: جعلی غذائی اشیا تیار کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: جعلی غذائی اشیا تیار کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی حکام نے ایک گھر پر چھاپہ مار کر جعلی غذائی اشیا تیار کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، مذکورہ گروہ غذائی اشیا میں ملاوٹ بھی کر رہا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے ریاض میں جعلی میک اپ اور کھانے پینے کی اشیا تیار کرنے والے غیر قانونی تارکین کی گرفتاری کی ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کی ہے۔

    وزارت تجارت کی جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزارت اور سیکیورٹی فورس کے اہلکار ایک گھر پر چھاپہ مار رہے ہیں، گھر کے اندر جعلی غذائی اشیا تیار کی جارہی تھیں جبکہ کافی، چھوٹی الائچی اور مصالحہ جات میں ملاوٹ بھی کی جا رہی تھی۔

    وزارت تجارت نے غیر ملکی جعلسازوں کے خلاف مذکورہ آپریشن سیکیورٹی فورس اور نگراں ٹیموں کے تعاون سے کیا، ترجمان وزارت کے مطابق مکان سے ملنے والی تمام اشیا ضبط کرلی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تارکین وطن کو ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے۔

  • ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا گرفتار

    ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس نے جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، جعلی پاس حاصل کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا ہے جو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ایک پاس بنانے پر 3 ہزار ریال لیتا تھا۔

    وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے کی کارروائی جاری کی ہے، ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ ریاض میں ایک گروہ جعلی کرفیو پاس تیار کر رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس دوران شہر کی متعدد چوکیوں پر جعلی کرفیو پاس لینے والے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے ایک فرد نے ان سے رابطہ کیا۔

    پولیس کے مطابق خفیہ پولیس اہلکار نے گروہ سے 30 پاس بنوانے کا مطالبہ کیا، ایک پاس کی قیمت 3 ہزار ریال مقرر کی گئی۔

    جب جعلی کرفیو پاس تیار ہوگئے تو وصول کرنے اور رقم حوالے کرنے کے لیے جگہ مقرر کی گئی، جب وہاں دونوں کی ملاقات ہوئی تو پولیس نے چھاپہ مار کر گروہ کے چند افراد کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گروہ کی نشاندہی پر ان کے ٹھکانے پر بھی چھاپہ مارا گیا جہاں سے جعلسازی میں استعمال ہونے والی اشیا ضبط کی گئیں۔