Tag: raid

  • سعودی عرب: ایک ماہ کے دوران متعدد تجارتی مراکز پر چھاپے

    سعودی عرب: ایک ماہ کے دوران متعدد تجارتی مراکز پر چھاپے

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف شہروں اور علاقوں کے تجارتی مراکز پر 1 ماہ کے دوران متعدد چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں اور مہنگا سامان پیچنے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے مملکت میں قانون محنت کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنے کے لیے 75 ہزار تفتیشی دورے کیے، مملکت کے تمام علاقوں میں موجود تجارتی اداروں پر چھاپے مارے گئے اور 8 ہزار 600 سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    وزارت تجارت کی ٹیموں نے 7 مارچ سے 8 اپریل تک مختلف اوقات میں تھوک بازاروں، کھانے پینے کی اشیا کے گوداموں اور اشیائے صرف فروخت کرنے والے تجارتی مراکز پر چھاپے مارے۔

    علاوہ ازیں جنرل سٹورز (بقالوں)، ہائپر مارکیٹس، گوشت فروخت کرنے والی دکانوں، سبزی اور پھل فروخت کرنے والی دکانوں، مچھلی بیچنے والوں، بیکریوں اور پیٹرول اسٹیشنوں پر بھی چھاپے مار کر دیکھا گیا کہ وہاں قوانین تجارت کی پابندی کس حد تک کی جا رہی ہے۔

    وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ 46 فیصد خلاف ورزیاں مہنگائی کے بارے میں تھیں۔ حکام نے سامان مہنگا فروخت کرنے والوں پر فوری جرمانے لگائے اور انہیں دیگر منافع خوروں کے لیے نشان عبرت بنا دیا۔

    بیان میں کہا گیا کہ تمام تجارتی مراکز اور گوداموں میں اشیائے صرف، ضرورت کا سامان اور کھانے پینے کی اشیا وافر مقدار میں پائی گئی ہیں، کہیں کسی بھی سامان کی قلت ریکارڈ نہیں کی گئی۔

    وزارت تجارت نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کا سامان ضرورت کی حد تک خریدیں، حد سے زیادہ سامان ذخیرہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو کوئی قانون تجارت کی کوئی خلاف ورزی کہیں نظر آئے تو فوری طور پر شکایت درج کروائیں۔

  • ریاض: گودام سے ہزاروں غیر معیاری ادویات برآمد

    ریاض: گودام سے ہزاروں غیر معیاری ادویات برآمد

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3 ہزار غیر معیاری ادویات ضبط کرلی گئیں، گودام اور فارمیسی کو سیل کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں ایک فارمیسی کے گودام سے 3 ہزار غیر معیاری ادویہ کا سٹاک برآمد کر کے ضبط کرلیا گیا ہے۔

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے افسران نے خصوصی رپورٹ پر وزارت تجارت، وزارت صحت اور سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے فارمیسی کے گودام پر چھاپہ مارا تھا، فارمیسی اور گودام دونوں کو سربمہر کردیا گیا ہے۔

    فارمیسی کے گودام سے مختلف قسم کی غیر معیاری دواؤں، اینٹی بائیوٹک، میک اپ اورطبی لوازمات برآمد ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں یہ اشیا اتھارٹی کے مقرر کردہ ضوابط کو نظر انداز کر کے نامناسب جگہ ذخیرہ کی گئی تھیں۔

    سعودی ایف ڈی اے کے افسران نے فارمیسی اور گودام کو سربمہر کر کے حکم دیا ہے کہ قواعد و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے گودام کو ازسر نو ترتیب دیا جائے اور آئندہ غیر معیاری دوائیں گودام میں نہ رکھی جائیں۔

  • سعودی عرب میں گودام پر چھاپہ، 20 لاکھ سے زائد ماسک برآمد

    سعودی عرب میں گودام پر چھاپہ، 20 لاکھ سے زائد ماسک برآمد

    ریاض: سعودی حکام نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر 20 لاکھ سے زائد حفاظتی ماسک اور دستانے برآمد کر کے اپنی تحویل میں لے لیے، گودام کے مالک کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت کے انسپکٹرز نے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) کے تعاون سے ایک تجارتی ادارے کے گودام پر چھاپہ مار کر 20 لاکھ سے زیادہ حفاظتی ماسک اور دستانے برآمد کرلیے۔

    تجارتی ادارے کا مالک مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے انہیں ذخیرہ کیے ہوئے تھا۔ وزارت تجارت کے انسپکٹرز کا کہنا ہے کہ تجارتی ادارے کے مالک نے وزارت کو ذخیرہ شدہ ماسک اور دستانوں سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ مبینہ گودام کے پاس کوئی لائسنس تھا۔

    وزارت تجارت نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے برآمد شدہ ماسک اور دستانے ضبط کرلیے۔ تجارتی ادارے اور اس کے گودام کے ذمہ داران کو قانونی سزا دلانے کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا گیا۔

    وزارت تجارت نے ایسے تمام تاجروں کو جو غیر قانونی طریقے سے حفاظتی ماسک اور دستانے چھپائے ہوئے ہیں، خبردار کیا ہے کہ پہلی فرصت میں حفاظتی ماسک اور دستانوں کے ذخیرے سے متعلق وزارت کو مطلع کریں اور چھپایا ہوا مال مارکیٹ میں لائیں۔

    حکام نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ ایسے ادارے جو حفاظتی ماسک اور دستانے ذخیرہ کیے ہوئے ہو اور اسے مہنگے داموں فروخت کر رہا ہو، کے خلاف شکایات سینٹر وزارت تجارت کی ویب سائٹ پر رپورٹ کریں۔

  • کراچی : پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کیے جانے کا انکشاف، دو ملزمان گرفتار

    کراچی : پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کیے جانے کا انکشاف، دو ملزمان گرفتار

    کراچی : سندھ فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایت پر کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرکے انڈوں کے ایک سو دو کریٹ برآمد کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن میں پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، سندھ فوڈ اتھارٹی نے پولیس کے ساتھ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کارروائی کی۔

    اس حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک فیملی کی شکایت موصول ہونے کے بعد کارروائی کی گئی، پلاسٹک سے بنے انڈوں کی فروخت کی شکایت پر دکان پر چھاپہ مارا گیا۔

    دکان سے پلاسٹک کے انڈوں کے دو کریٹ برآمد ہوئے اور2افراد کو گرفتار کرلیا گیا، ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق انڈے پلاسٹک مٹیریل سے بنائے گئے ہیں۔

    انڈوں کی مزید جانچ کیلئے انہیں لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے، سندھ فوڈاتھارٹی کے مطابق انڈے سپلائی کرنے والی گاڑی سے بھی سو سے زائد کریٹ برآمد ہوئے ہیں۔

    گرفتار ملزمان نےپولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ انڈے گھارو سے کراچی لاکر سپلائی کئے جاتے ہیں۔

  • پی آئی اے کی پرواز پر یورپی ادارے کا چھاپہ

    پی آئی اے کی پرواز پر یورپی ادارے کا چھاپہ

    کراچی: پی آئی اے کی پرواز پر یورپی سیفٹی ادارے کا چھاپہ، ادارے نے مسافروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے اور پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی لاہور سے ابو ظہبی پہنچنے والی پرواز پی کے 263 پر یورپی ادارے سیفٹی اسیسمنٹ آف فارن ایئر کرافٹس (سافا) نے چھاپہ مارا۔

    سافا نےطیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی، سافا کی ٹیم نے پرواز میں مسافروں کو کھانا فراہم کیے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

    طیارے میں زیر استعمال پلاسٹک کے چمچ، پلاسٹک کے ٹی کپ اور کھانوں پر پلاسٹک کی ریپنگ پر سافا نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سافا نے پلاسٹک کٹلری کے استعمال پر پی آئی اے کو وارننگ جاری کردی۔

    خیال ر ہے کہ سول ایوی ایشن پہلے ہی ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس اور ایئر لائنز میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کر چکی ہے، پابندی وزیر اعظم عمران خان کی کلین اور گرین مہم کے تحت عائد کی گئی ہے۔

    سول ایوی ایشن نے ہدایت کی تھی کہ جہازوں میں مسافروں کو پیش کیے جانے والے کھانے میں موجود کٹلری کو پلاسٹک کی تھیلیوں میں نہ پیک کیا جائے۔

    سی اے اے حکام نے پلاسٹک بیگز کی جگہ کاغذ اور ماحول دوست بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • یو اے ای میں 17 کروڑ درہم کی جعلی مصنوعات ضبط، 10 ملزمان گرفتار

    یو اے ای میں 17 کروڑ درہم کی جعلی مصنوعات ضبط، 10 ملزمان گرفتار

    ابوظبی : شارجہ پولیس نےمعروف انٹرنیشنل کمپنی کے نام سے جعلی مصنوعات فروخت کرنے والے دس ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں درہم کی اشیاء ضبط کرلی۔

    تفصیلات کےمطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی پولیس نے معروف عالمی کمپنی کے نام سے جعلی اشیاء کی فروخت سے متعلق شکایت موصول ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے 10 ایشیائی شہریوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    شارجہ پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کارروائی سے متعلق پوسٹ میں مطلع کیا کہ اہلکاروں نے ملزما ن کی نشاندہی پر گودام میں چھاپہ مارکر 2 کروڑ 71 لاکھ درہم مالیت کا سامان برآمد کرکے ضبط کرلیا۔

    بریگیڈیئر احمد بن درویش کا کہنا تھا کہ ملزمان کروڑوں درہم مالیت کا سامان مارکیٹ میں فروخت کرچکے ہیں اورملزمان کی جانب سے مزیدمصنوعات کی پیکنگ ان کے فارم پر جاری تھی۔

    بریگیڈیئر بن درویش کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس ریاست میں ہونے والی ایسی کسی بھی غیر قانونی تجارت و عمل کے خلاف فوری کارروائی کرے گی تاکہ ریاست کا امن و استحکام برقرار رہے۔

    انہوں نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام ایسے ریاستی حکام کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی حرکت کی خبر فوری پولیس کو دیں۔

  • ایس ای سی پی کو چھاپے کے دوران کھڑکی دروازہ توڑنے کا اختیار حاصل

    ایس ای سی پی کو چھاپے کے دوران کھڑکی دروازہ توڑنے کا اختیار حاصل

    اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دفاتر اور عمارتوں پر چھاپے کے قوانین جاری کردیے، ایس ای سی پی کسی عمارت میں داخل ہونے کے لیے کھڑکی اور دروازہ توڑ سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دفاتر اور عمارتوں پر چھاپے کے قوانین جاری کردیے، ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ای سی پی چھاپہ مارتے وقت مقامی پولیس کو ساتھ رکھے گا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چھاپے سے پہلے مقامی مجسٹریٹ سے اجازت لینا لازمی ہوگا، چھاپے میں تحویل میں لی گئی اشیا اور کاغذات کی فہرست تیار کی جائے گی اور فہرست ایس ای سی پی کے علاقائی دفاتر اور ملزم کو دی جائے گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق ایس ای سی پی الیکٹرونکس اشیا کو قبضے میں لینے کا اختیار رکھتا ہے، انکوائری افسر کے ساتھ ایس ای سی پی کے 2 افراد گواہی کے لیے موجود ہوں گے۔ ایس ای سی پی کسی عمارت میں داخل ہونے کے لیے کھڑکی اور دروازہ توڑ سکتا ہے۔

    ایس ای سی پی ضبط اشیا غیر ضروری ہونے کی صورت میں مالکان کو واپس کرنے کا پابند ہوگا، مختلف قوانین کی خلاف ورزی پر 1 کروڑ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ قوانین کی خلاف وزری جاری رہنے پر 1 لاکھ روپے روزانہ جرمانہ ہوگا۔

  • رینجرز کے چھاپے : کراچی کے مختلف علاقوں سے چھ ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    رینجرز کے چھاپے : کراچی کے مختلف علاقوں سے چھ ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی : پاکستان رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے6ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائمز اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کھارادر،ماڑی پور،میمن گوٹھ، اور گڈاپ کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے چھ ملزمان عادل عرف لمبا، اویس عرف انو والا، دانش، میثم مہدی، جمشید اور شیخ عمر کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان بھی برآمدکیا گیا ہے تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    رینجرز نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن1101یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

  • سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار

    سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی: شہرقائد میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار سمیت ایم کیو ایم لندن کے تین ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے یہ کارروائی کراچی کے علاقے شاہ فیصل میں کی گئی، جہاں سے ٹارگٹ کلرز گرفتار ہوئے جو سنگین جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

    ایس پی سی ٹی ڈی مرتضٰی بھٹو کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں اہلکار ہارون رضا، ملزم شیخ جاوید بنگالی، ملزم ظفر سپاری شامل ہیں۔

    گرفتار تینوں ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزمان ٹارچرسیل چلانے، جلاؤگھیراؤ اور بھتے کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ملزمان نے سیاسی جماعت کے کارکنوں کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے، دوران تفتیش ملزمان 10 افراد کے قتل کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق اہلکار ہارون رضا کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

    کراچی پولیس کی کارروائیاں‘ 2 ملزمان گرفتار

    دوسری جانب کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کوگرفتارکرلیا جبکہ ایک شخص فائرنگ سے زخمی بھی ہوا۔

    پاپوش نگر پولیس نے کارروائی کرکے شہری سے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، دو ڈکیت رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیئے جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، گرفتارڈکیت سے دوپستول، دو موبائل فونز، شناختی کارڈز، کیش اور دیگر سامان برآمد کیا۔

    چاکیواڑہ پولیس نے گودام میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد گینگ وار سے تعلق رکھنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ دستی بم برآمد ہوا۔

    منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

  • رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 12 ملزمان گرفتار

    رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 12 ملزمان گرفتار

    کراچی : رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال بحال رکھنے کےلیے سندھ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں کرکے ایک درجن افراد کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا کہ فریئر اور کلری کے علاقوں سے دو ملزمان ریحان احمد اور ماجد کو گرفتار کیا گیاہے جبکہ ناظم آباد اور سرسید کے علاقوں سے 9 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ فریئر اور کلری سے گرفتار ہونے والے ملزمان بھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ ناظم آباد اور سرسید سے حراست میں لیے گئے افراد اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق اہلکاروں نے کلری کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے امام بخش نامی ملزم کو گرفتار کیا ہے جو منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، گولیاں، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرکے قانونی چارہ جوئی کےلیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ رینجرز نے شہر قائد  کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث آٹھ ملزمان کو  حراست میں لیا تھا، جن میں سے تین ملزمان کا تعلق متحدہ قومی موؤمنٹ لندن گروپ سے تھا۔