Tag: raid

  • جمشید ٹاؤن : کارخانے سے لاکھوں مالیت کا گٹکا برآمد، 3ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل

    جمشید ٹاؤن : کارخانے سے لاکھوں مالیت کا گٹکا برآمد، 3ملزمان گرفتار، ایس ایچ او معطل

    کراچی : پولیس نے جمشید کوارٹر میں چھاپہ مارکر تین ملزمان کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کا گٹکا برآمد کرلیا، علاقہ ایس ایچ او کو معطل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس پی جمشید ٹاؤن شمائل ریاض نے شہر قائد میں پولیس کی مختلف کارروائیوں سے متعلق پریس کانفرنس کی جس میں بتایا گیا کہ پولیس نے جمشید کوارٹر میں خفیہ طور پر قائم گٹکے کے کارخانے پر چھاپہ مارا، کارروائی میں3ملزمان گرفتار اور لاکھوں روپے مالیت کا گٹکابرآمد ہوا۔

    اس کے علاوہ کارخانے سے بڑی مقدار میں گٹکے میں استعمال ہونے والا بیٹری کا تیزاب بھی برآمد ہوا ہے، ایس پی جمشید ٹاؤن کے مطابق گٹکا مافیا کی سرپرستی کرنے پر ایس ایچ او کو معطل کرکے اس کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں کچھ دیر قبل کے ڈی اے ملازم کو قتل کیا گیا ہے، فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کےکچھ کاروباری معاملات تھے، واقعے کے حقائق تک پہنچنے کیلئے سی سی ٹی وی فوٹیج تلاش کررہے ہیں اس حوالے سے مختلف پہلوؤں سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ایس پی جمشید ٹاؤن کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز سولجر بازار میں ٹریفک اہلکار کے قتل میں بھی پیشرفت ہوئی ہے، ٹریفک پولیس اہلکار کو ذاتی رنجش کی بناء پر قتل کیا گیا، ٹریفک پولیس اہلکار کے قتل میں متعدد گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔

  • اسکولوں نے فیس کم نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے ماروں گا، سید سردار شاہ

    اسکولوں نے فیس کم نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے ماروں گا، سید سردار شاہ

    کراچی : سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ اگر پرائیویٹ اسکولوں نے عدالتی حکم پر فیسوں میں کمی نہ کی تو انیل کپور کی طرح چھاپے مار کر اسکول بند کرادوں گا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ بالی ووڈ اسٹار انیل کپور کے فین نکلے۔

    ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق پانچ ہزار سے زائد فیسیں لینے والے اسکول اپنی فیس میں بیس فیصد کمی کریں اگر نہیں کریں گے تو میں میڈیا کے ہمراہ انیل کپور کی فلم نائیک کی طرح چھاپے مار کر اسکول بند کردیں گے۔

    فلم نائیک کے ہیرو انیل کپور نے تو اپنی اسٹیٹ کی حالت بدل دی تھی اب دیکھنا یہ ہے کہ سید سردار شاہ صوبے میں تعلیم کی حالت بدلتے ہیں یا نہیں؟

    مزید پڑھیں : چیف جسٹس کا تمام نجی اسکولوں کی فیسوں میں کمی کا حکم

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ستمبر2017 سے قبل کا فیس اسٹرکچر بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے نجی اسکولوں کو تین ماہ کی پیشگی فیس لینے سے روک دیا تھا۔

    نجی اسکولوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے 20 ستمبر 2017 سے قبل کا فیس اسٹرکچر بحال کرنے کا حکم دیا جبکہ 20 ستمبر 2017 کے بعد وصول کی جانے والی اضافی فیس غیر قانونی قرار دے دی تھی۔

    عدالت کا کہنا کہ اگر فیس وصول کربھی لی گئی ہے تو ایسے ایڈجسٹ کیا جائے ورنہ توہین عدالت میں فرد جرم عائد کریں گے۔

  • پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار

    پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی : شہر قائد کے علاقے نیوکراچی میں پولیس نے کارروائی کے دوران ایم کیوایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں سندھ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والے دو ٹارگٹ کلرز آصف رضا عرف میٹھا اور کاشف علی عرف کالا کو گرفتارکرلیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2011 اور 2012 میں قتل کیے، ملزمان چائنا کٹنگ، جلاؤ گھیراؤ، اسلحے کی ترسیل میں بھی ملوث تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملزم کاشف علی عرف کالا نے 13 افراد جبکہ ملزم آصف رضا عرف میٹھا نے 2 افراد کو قتل کیا جبکہ ملزم آصف رضاجئےسندھ کی ریلی پرفائرنگ میں ملوث ہے۔

    ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم کا کہنا ہے کہ ملزمان 2013 ہڑتالوں میں عوامی املاک کوجلانےمیں بھی ملوث ہیں۔

    ایس ایس پی عارف اسلم کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان سے 2 کلاشنکوف اور دستی بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں رینجرزکی کارروائی‘ ایم کیوایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

    یاد رہے کہ 2 دسمبر کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈسکو بیکری کے قریب رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم لندن سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر فاروق کو گرفتارکیا تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم2007 میں آگرہ تاج سیکٹرکی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ بنا، ملزم ایم کیوایم اور لیاری گینگ وارمیں تصادم میں ملوث رہا تھا۔

    ترجمان کے مطابق ملزم نے2013 میں گینگ وارکارندے یوسف گھانچی کو قتل کیا، ملزم 2013 میں قتل کی 8 دیگروارداتوں میں بھی ملوث رہا تھا۔

  • برلن کی مسجد پر چھاپہ، پولیس نے اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں

    برلن کی مسجد پر چھاپہ، پولیس نے اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں

    برلن : داعش کی مالی معاونت کرنے کے شبے میں جرمنی کے دارالحکومت میں واقع الصحابہ مسجد پر پولیس نے چھاپہ مارکارروائی میں اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن کے ویڈنگ نامی علاقے میں واقع ایک مسجد پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران اہم دستاویزات قبضے میں لے لی، پولیس کو شبہ تھا کہ مذکورہ مسجد میں دہشت گرد تنظیم داعش کے لیے چندہ جمع کیا جاتا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرکاری پراسیکیوٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام دیا کہ حکام کو شبہ تھا کہ مذکورہ مسجد میں 45 سالہ احمد نامی شخص جسے امام ابو البراء کہا جاتا ہے داعش کےلے فنڈز جمع کرتا ہے۔

    جرمن حکام کا کہنا ہے کہ احمد کی جانب سے داعش کی مالی معاونت کا مقصد ’دہشت گردانہ کارروائیوں کےلیے اسلحہ دیگر ساز و سامان‘ کی خریداری تھا۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس کو جس احمد نامی شخص کی تلاش تھی وہ اسی مسجد کا خطیب تھا جس پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی مسجد کو بند کیا۔

    خبر ایجنسی کے مطابق اصحابہ نامی مسجد پر دو روز قبل صبح سویرے چھاپہ مارا گیا تھا، پولیس مبینہ شخص مکمل نام ذاتی کوائف کے تحفظ سے متعلق جرمن قانون کے باعث ظاہر نہیں کیا۔

    مزید پڑھیں : سوئٹزرلینڈ میں امام مسجد سمیت 4 افراد گرفتار

    یاد رہے کہ ایک سال قبل یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کی پولیس نے ایک مسجد پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران داعش میں شمولت اختیار کرنے کے لیے ذہن سازی اور مالی معاونت کے الزام میں امام مسجد سمیت 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    مذکورہ کارروائی داعش کا حصہ بننے والے چند نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی تھی۔

    واضح رہے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور شدت پسندی میں اضافے کے باعث بین الاقوامی سطح پر مذہبی رجحان رکھنے والے افراد اور عبادت گاہوں کی سخت نگرانی کا عمل جا ری ہے،سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی کارروائی بھی اسی تناظر میں عمل میں لائی گئی ہے۔

  • نیب کا یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار کے گھر چھاپہ، کروڑوں روپے برآمد

    نیب کا یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار کے گھر چھاپہ، کروڑوں روپے برآمد

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے ایک گھر سے چھاپے کے دوران کروڑوں روپے برآمد کرلیے، ذرائع کے مطابق چھاپہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار ثقلین گیلانی کے گھر پر مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے اسلام آباد میں این آئی ایچ میں واقع سرکاری افسر کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار ثقلین گیلانی کے گھر پر مارا گیا۔ نیب راولپنڈی نے ملزم کے گھر سے ایک کروڑ 88 لاکھ کی رقم برآمد کی ہے۔

    کروڑوں روپے کی برآمدگی کے بعد ملزم ثقلین گیلانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے اور ثقلین گیلانی کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کردی ہیں۔ ثقلین گیلانی کے تمام اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی مانگ لی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ملزم کی تعیناتی بھی غیر قانونی طریقے سے کی گئی تھی۔

  • سنٹرل جیل کراچی میں پولیس اور رینجرزکا سرچ آپریشن شروع

    سنٹرل جیل کراچی میں پولیس اور رینجرزکا سرچ آپریشن شروع

    کراچی: سینٹرل جیل میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری سر چ آپریشن کے لیے پہنچ گئی ہے ، جیل کی آج مکمل طور پر تلاشی لی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سنٹرل جیل کراچی کی مکمل تلاشی لینے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن جیل میں قید مجرموں کے پاس ممنوعہ اشیا کی موجودگی کی اطلاع پر کیا جارہا ہے ، ان ممنوعہ اشیا میں موبائل فون، منشیات اور اسلحہ بھی شامل ہے۔

    گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جیل سےمتصل غوثیہ کالونی میں سرچ آپریشن کیا تھا۔ اس آپریشن کےدوران 75 سےزائد گھروں کی تلاشی لی گئی جبکہ 100 سےزائدافرادکےکوائف چیک کیےگئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی تھی ان میں سے کچھ افراد کےکوائف کی تصدیق نہ ہوسکی تھی ، جس پر تحقیقات جاری ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا ان افراد کو حراست میں لیا گیا ہے یا نہیں۔

    یاد رہے کہ کراچی کی سنٹرل جیل کا شمار پاکستان کی بڑی جیلوں میں ہوتا ہے جس میں 6000 قیدی بند ہیں۔ ان میں سے کچھ دہشت گردی کے سنگین ترین واقعات میں ملوث سزا یافتہ افراد بھی ہیں جیسے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر قاتلانہ حملے میں ملوث افراد بھی یہی قید ہیں۔

    گزشتہ سال جون میں بھی اسی نوعیت کا سرچ آپریشن سنٹرل جیل کراچی میں کیا گیا تھا، 12 گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن میں بھاری مقدار میں منشیات کے ساتھ ساتھ جیل کی بیرکوں سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے تھے ۔ جیل میں موبائل سگنلز کی روک تھام کے لیے جیمر لگے ہوئے ہیں تاہم کچھ مجرموں کے پاس سے ایسی ڈیوائسز بھی برآمد ہوئیں جو کہ جیمر کو ناکارہ کردیتی ہیں۔

  • کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار

    کراچی: پولیس کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 8 ملزمان گرفتار

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال، سچل اسپارکو رروڈ اور نارتھ ناظم آباد میں پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں جس کے باعث آٹھ ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سچل اسپارکو روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے باعث ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزم لیاقت زخمی حالت میں گرفتار ہوا، ملزم سے اسلحہ اور لوٹی گئی ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی برآمد ہوئی، جبکہ گرفتار ملزم کا ساتھی پولیس مقابلے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    دوسری جانب گلشن اقبال بلاک 6 میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم گرفتار کرلیا جبکہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم جنید ساتھی سمیت علاقے میں لوٹ مار کررہا تھا، گرفتار ملزم سے اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی، ملزم جنید کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

    علاوہ ازیں تیموریہ پولیس کی کارروائی کے دوران منشیات فروش 5 ساتھیوں سمیت گرفتار ہوگیا، منشیات فروش یامین عرف میناد رجنوں مقدمات میں مطلوب ہیں۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں سے 2 ہزار گرام چرس برآمد ہوئے، ملزمان میں جمعہ خان، منٹھارعلی، شعیب عرف رگو، وقار اور منیر احمد شامل ہے۔

  • ترکی: منی لانڈرنگ کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر چھاپے، 280 افراد گرفتار

    ترکی: منی لانڈرنگ کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر چھاپے، 280 افراد گرفتار

    انقرہ: ترکی میں منی لانڈرنگ کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک 280 افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں منی لانڈرنگ کرنے والوں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ ہوگیا، پولیس کی جانب سے چھاپوں کے دوران 280 افراد گرفتار ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک استغاثہ کی جانب سے ترکی سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک رقوم منتقل کرنے والے 417 افراد کے وارنٹ گرفتار جاری کیے گئے ہیں۔

    ترک حکام کے مطابق اب تک دوسواسی افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے، جن افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے دو اعشاریہ پانچ ارب لیرا کی رقوم امریکا منتقل کی تھیں۔

    امریکا سے تنازع ترک کرنسی پر اثرانداز ہونے لگا، لیرا کی قدر میں ریکارڈ کمی

    خیال رہے کہ ترک کرنسی لیرا کو اس وقت اپنی قدر میں کمی کے بحران کا سامنا ہے، رواں برس ترک لیرا کی امریکی ڈالر کے مقابلے میں قدر چالیس فیصد کم ہوئی ہے، ترک حکام نے اس بحران کا الزام امریکا پر عائد کیا ہے۔

    یاد رہے کہ ترکی اور امریکا کے درمیان کئی دنوں سے ایک ایسا تنازع کافی شدت اختیار کر چکا ہے، جس کی وجہ ماضی قریب میں ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی۔

    ترکی میں گرفتار امریکی پادری پر یہ الزام ہے کہ وہ ترکی میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے، تاہم امریکا نے مذکورہ الزامات کی تردید کی ہے۔

  • توہین عدالت کیس: تفتیشی ٹیم کا کراچی میں فیصل رضا عابدی کے پرانے گھر پر چھاپہ

    توہین عدالت کیس: تفتیشی ٹیم کا کراچی میں فیصل رضا عابدی کے پرانے گھر پر چھاپہ

    کراچی: توہین عدالت کیس میں اسلام آباد کی تفتیشی ٹیم نے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے پرانے گھر پر چھاپہ مارا اور پوچھ گچھ کی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمہ درج ہے اور گرفتاری کے بھی احکامات جاری کیے جاچکے ہیں۔

    اسلام آباد کی تفتیشی ٹیم نے نارتھ ناظم آباد میں قائم فیصل رضا عابدی کے پرانے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران مذکورہ گھر میں رہنے والے افراد سے پولیس نے پوچھ گچھ کی اور بیان بھی ریکارڈ کیا، جبکہ سابق سینیٹر مذکورہ گھر پہلے ہی فروخت کرچکے ہیں۔

    چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ پر سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف مقدمہ

    یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے خلاف نازیبا الفاظ بولنے کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف 21 ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    اسلام آباد کے تھانہ سیکٹریٹریٹ میں مقدمہ سپریم کورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی نے ایک ٹی وی پروگرام میں چیف جسٹس کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے۔ ایف آئی آر میں مذکورہ پروگرام کے اینکر کا نام بھی درج کیا گیا ہے اور اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ فیصل رضا عابدی سنہ 2009 سے 2013 تک پی پی کے سینیٹر رہے۔ اس دوران وہ کئی قائمہ کمیٹیوں کے رکن بھی رہے۔

  • رینجرز کی سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    رینجرز کی سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں،7 ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

    کراچی: رینجرز کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئیں جس کے نتیجے میں 7 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس کا لاڑکانہ کے علاقے باقرانی میں انتہائی مطلوب ملزم کی گرفتار کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی گئی، چھاپے کے دوران ملزم غلام قادر گرفتار جبکہ اعجاز ابڑو ساتھی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق مفرور اعجاز ابڑو قتل، مقابلوں اور زمینوں پر قبضوں سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے، اعجاز ابڑو کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے، اسلحے میں ایس ایم جیز، 22بور رائفل، پستول اور گولیاں شامل ہیں۔


    رینجرز کی کارروائی، الیکشن سبوتاژ کرنے کا منصوبہ ناکام


    رینجرز کی جانب سے سندھ کے ضلع خیرپور میں بھی ایک اہم کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ملزم عرفان کی گرفتاری عمل میں آئی، جبکہ ساتھی فرار ہوگیا، کارروائی میں مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق روہڑی کے علاقے سنگرار روڈ پر بھی کارروائی کی گئی، جہاں سے ملزم صدرالدین گرفتار کیا گیا، ملزم سے ایس ایم جی، میگزین اور 25 راؤنڈز برآمد ہوئے ہیں، جبکہ ملزم سے ایک کار، نان کسٹم پیڈ اور جعلی نمبر پلیٹ بھی بر آمد ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں رینجرز نے کراچی کے علاقے گبول ٹاؤن میں خفیہ اطلاعات پر اہم چھاپہ مار کارروائی کی جس کے نتیجے میں چار منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔