Tag: Railway deficit

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے خسارہ بڑھ سکتا ہے: شیخ رشید

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے خسارہ بڑھ سکتا ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ریلوے خسارہ بھی بڑھ سکتا ہے، گزشتہ سال ریلوے کا 6 ارب روپے کا خسارہ کم کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے وقفہ سوالات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ سال کے اختتام تک 4 سے 6 ارب روپے کا خسارہ کم کرلیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ کا خسارہ نہیں بتا سکتے البتہ ایک سال کا خسارہ بتا سکتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی 40 ارب میں سے 6 ارب روپے کا خسارہ کم کیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پشاور طور خم ریلوے کا پی سی ون تیار کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کو 5 سال میں مکمل کیا جائے گا۔ ریلوے سالانہ 38 ارب روپے پنشنرز کو خود دیتا ہے۔ وفاق یہ ذمہ اٹھالے خسارہ صرف 4 ارب کا رہ جائے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے بھی خسارہ بڑھ سکتا ہے، پشاور سے طور خم تک ٹریک جو انگریزوں نے بنایا تھا وہ ٹوٹ چکا ہے۔ جلد چین کے اشتراک سے نئے ریلوے کے منصوبے پر کام شروع ہوگا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا فریٹ ٹرین سے کمائی کرتی ہے، پاکستان کی واحد ریلوے ہے جو مسافر ٹرین سے بھی کمائی کر رہی ہے، ریلوے کی آمدن میں گزشتہ سال 10 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ریلوے کے تمام سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کرنے جا رہے ہیں۔ ملک میں ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ انتہائی اہم ہے، اس منصوبے سے 1 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔

  • 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے: شیخ رشید

    5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فریٹ ٹرین کو 80 کے بجائے 40 گھنٹے میں تبدیل کیا، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پسنجر میں 10 ارب زیادہ کمائے۔ اس سال میں ہم نے 3 ماہ میں ٹارگٹ سے آدھا ملین زیادہ کمایا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 5 کے بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کردیں گے، وزیر اعظم سے درخواست ہے وہ ننکانہ صاحب اسٹیشن کا افتتاح کریں۔ جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگے گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم لگا دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کے ڈبے لگا رہے ہیں، آرمی چیف کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، ٹینڈر کھلنے جا رہے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ سنہ 1861 کی پٹڑی برطانیہ نے ڈالی تھی اب پہلی دفعہ کام ہونے جا رہا ہے۔ ایک ہزار دکانیں ریلوے اسٹیشنوں پر بنانے جا رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کی کوئی چیز فائنل نہیں۔ مولانا کے آگے کنواں ہے اور پیچھے کھائی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے، عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا ہے نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں، کرفیو اٹھے گا تو کشمیر کے مجاہد اور کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر باہر نکلیں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ انتخابات کی باتیں کرنے والوں کی چیخیں سنائی دیں گی، سب کہتے ہیں فوج پولنگ اسٹیشنز کے باہر نہ ہو، اگر فوج نہ ہو تو یہ پولنگ کے ڈبے اٹھا کر اپنے ساتھ لے جائیں۔ عمران خان 6 آدمی رہا کر دیں تو یہ ساری تحریکیں ٹھس ہوجائیں۔ یہ پرانے کیس ہیں، عمران خان تو ابھی ان پر کیس بنائیں گے۔

  • پانچ سال میں ریلوے کا خسارہ کم کردیں گے، یومیہ 138ٹرینیں چلا رہے ہیں، شیخ رشید احمد

    پانچ سال میں ریلوے کا خسارہ کم کردیں گے، یومیہ 138ٹرینیں چلا رہے ہیں، شیخ رشید احمد

    لاہور : وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ5سال میں انشااللہ ریلوے کا خسارہ ختم کرنا ہے، ہم 138ٹرینیں روزانہ چلارہے ہیں، پاکستان کے کسی حکمران نے اس جوش اور ولولے کے ساتھ مسئلہ کشمیرنہیں لڑا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم 138ٹرینیں روزانہ چلارہے ہیں، ساری ٹرینیں افسران و مزدوروں کی محنت سے چلی ہیں.

    میں چاہتا ہوں سیاست سے بالاتر ہوکر ریلوے چلایا جائے، کل ہم نے تمام ٹی ایل اے کے عارضی ملازمین کو مستقل کیا ہے۔

    پانچ سال میں انشااللہ ریلوے کاخسارہ ختم کرنا ہے، ہماری نیت صاف ہے ادارے کوخسارے سے نکالیں گے، چیئرمین ،سی ای او اور وزیر ایماندارہوں تو کسی ادارے میں کرپشن نہیں ہوسکتی۔

    شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ آج سے پہلے تک پاکستان کے کسی حکمران نے اس جوش و ولولے کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو دنیا کے سامنے اجاگر نہیں کیا تھا۔ کشمیری72سال سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں،10محرم الحرام کے بعد آزاد کشمیر جاؤں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان آگے بڑھے گا اپوزیشن اور حکومت مسئلہ کشمیر کے معاملے پر ایک ہوجائے، خان صاحب میرے دوست اور بھائی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کسی قیمت پر کسی کو بھی این آراو نہیں دیں گے۔