Tag: Railway Track

  • پٹری پر سلنڈر دیکھ کر ٹرین ڈرائیور کے ہوش اڑ گئے

    پٹری پر سلنڈر دیکھ کر ٹرین ڈرائیور کے ہوش اڑ گئے

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں‌ ایک ٹرین ڈرائیور نے جب پٹری پر ایک سلنڈر کو دیکھا تو اس کے ہوش اڑ گئے، اور کسی بڑے حادثے کے خوف سے ایمرجنسی بریک لگا لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح اترپردیش کے پریم پور ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹریوں پر مال بردار ٹرین کے لوکو پائلٹ نے گیس سلنڈر کو دیکھ لیا، جس پر اس نے ہنگامی بریک لگا کر ٹرین روک دی۔

    ٹرین کانپور سے پریاگ راج جا رہی تھی، ریلوے پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر گیس سلنڈر کو پٹری سے ہٹا دیا، جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ 5 کلو والا سلنڈر خالی تھا، اور شر پسند عناصر نے خوف پھیلانے کے لیے اسے پٹری پر رکھا تھا۔

    ریلوے حکام کے مطابق ایسا ہی ایک واقعی ریاست مدھیہ پردیش میں بھی پیش آیا، جس میں نیپا نگر میں ایک اسپیشل ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی گئی، نامعلوم شرپسندوں نے پٹری پر دس ڈیٹونیٹر لگا دیے تھے۔ ٹرین ایک ڈیٹونیٹر پر گزر گئی، جس کے بعد اس میں دھماکا ہوا۔

    سیکوریٹی ایجنسیوں نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس ماہ کے آغاز میں بھی ایک ٹرین کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی گئی تھی، پریاگ راج-بھیوانی کالندی ایکسپریس کے ڈرائیور نے عین موقع پر ٹرین روک دی تھی، تاہم رکتے رکتے بھی وہ ایل پی جی سلنڈر سے ٹکرا گئی تھی، لیکن اچھا یہ ہوا کہ سلنڈر ٹرین کی ٹکر سے دور لڑھک گیا تھا۔

  • ویڈیو : ٹرین کو دیکھ کر میاں بیوی نے گہری کھائی میں چھلانگ لگادی

    ویڈیو : ٹرین کو دیکھ کر میاں بیوی نے گہری کھائی میں چھلانگ لگادی

    ویڈیوز بنانے اور فوٹو شوٹ کرانے کے شوق میں اکثر لوگ نتائج کی پرواہ نہیں کرتے اور نقصان اٹھاتے ہیں، ایسے ہی ایک جوڑ ے نے ٹرین آنے پر ریلوے پل سے چھلانگ لگادی۔

    سوشل میڈیا پر ایک چونکا دینے والی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریلوے پل پر فوٹو شوٹ کرانے والے میاں بیوی نے ٹرین کو آتا دیکھ کر 90 فٹ گہری کھائی میں چھلانگ لگائی۔

    واقعہ بھارتی ریاست راجستھان میں گورم گھاٹ ریلوے لائن پر پیش آیا، جہاں سیر و تفریح کیلئے آنے والے میاں بیوی نے اپنی زندگی داؤ پر لگائی۔

    پولس کے مطابق گورم گھاٹ آنے والے 22 سالہ راہول میواڑا اور اس کی بیوی 20 سالہ جھانوی ریلوے لائن پر ٹہل رہے تھے اسی دوران ایک مسافر ٹرین آگئی، حالانکہ ٹرین کی رفتار سست تھی ڈرائیور نے دونوں کو دیکھ کر بریک بھی لگادی تھی لیکن تب تک جوڑے نے گھبراہٹ میں پل سے نیچے 90 فٹ گہری کھائی میں چھلانگ لگا دی اور بری طرح زخمی ہوگئے۔

    ان کے دیگر رشتہ دار بھی ذرا فاصلے پر سائیڈ میں ہی موجود تھے جو ان کی فوٹو شوٹ اور ویڈیو بنا رہے تھے۔ پل سے چھلانگ لگانے والے جوڑے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے۔ واقعہ کے وقت یہ ویڈیو رشتہ دار کے موبائل فون میں ریکارڈ ہوگئی۔

    بعد ازاں ٹرین ڈرائیور اور گارڈ نے پل سے اتر کر زخمی جوڑے کو ریلوے اسٹیشن پہنچایا اور انہیں ایمبولینس کی مدد سے اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

  • سعودی عرب اور یواے کے درمیان صحرا میں طویل ریلوے ٹریک مکمل، ویڈیو دیکھیں

    سعودی عرب اور یواے کے درمیان صحرا میں طویل ریلوے ٹریک مکمل، ویڈیو دیکھیں

    خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کا بنیادی ڈھانچہ خوش آئند اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی منصوبوں کا مرہونِ منت ہے، اب اس عرب ملک کی تمام ریاستوں کو ریل رابطوں کے ذریعے آپس میں جوڑا جا رہا ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں بچھایا جانے والا نیٹ ورک اصل میں خلیجی تعاون کونسل کے ایک طویل المدتی منصوبے کا حصہ ہے، اس پلان کے تحت خلیجی تعاون کونسل کی رکن سبھی ریاستوں کو ایک دوسرے سے منسلک کیا جانا ہے۔

    اتحاد ریل نے 139 کلومیٹر طویل ٹرین ٹریک مکمل کر لیا ہے جس کے تحت متحدہ عرب امارات کو سعودی عرب کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق قومی ریلوے منصوبے کے تحت کل 1200 کلومیٹر طویل ٹرین ٹریک تعمیر کیا جا رہا ہے۔

    امارات کے سرکاری ٹرانسپورٹ آپریٹر نے کہا ہے کہ منصوبے کے دوسرے اسٹیج کے پہلے پیکج پر کام مکمل ہو چکا ہے جس میں حال ہی میں مکمل ہونے والا ٹریک بھی شامل ہے جو ابو ظبی کے مغربی شہر الغویفات سے جوڑتا ہے۔

    عرب نیوز کے مطابق قومی ریلوے منصوبے کے تحت نہ صرف متحدہ عرب امارات کی سات ریاستوں کو آپس میں جوڑا جائے گا بلکہ ہمسایہ خلیجی ممالک کے ساتھ بھی لنک قائم ہوگا۔

    کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 1200 کلومیٹر طویل ریل منصوبہ شیڈیول کے مطابق تکمیل کے قریب ہے جس کی ابتدائی لاگت کا اندازہ 40 ارب درہم لگایا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں یہ ریلوے نیٹ ورک اپنی تکمیل کے بعد ‘اتحاد ریل‘ کہلائے گا، متحدہ عرب امارات کی سات وفاقی ریاستوں میں اس نیٹ ورک کی لمبائی ایک ہزار دو سو کلو میٹر ہو گی۔

    ابوظہبی کے انتہائی مغرب میں واقع ایک چھوٹے سے گاؤں الغویفات سے شروع ہوکر ریل کی پٹڑی باقی ریاستوں سے گزرتی ہوئی مشرقی ساحل پر واقع ریاست فجیرہ تک جائے گی۔

  • گھوٹکی ٹرین حادثہ: ٹریک تاحال کلیئر نہ ہو سکا، ٹرینیں 24 گھنٹوں سے مختلف اسٹیشنز پر موجود

    گھوٹکی ٹرین حادثہ: ٹریک تاحال کلیئر نہ ہو سکا، ٹرینیں 24 گھنٹوں سے مختلف اسٹیشنز پر موجود

    کراچی: گزشتہ روز گھوٹکی میں ٹرین حادثے کے بعد تاحال ٹریک کو کلیئر نہ کیا جاسکا، کراچی سے روانہ ہونے والی اور اندرون ملک سے آنے والی ٹرینیں 24 گھنٹوں سے مختلف اسٹیشنز پر موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینیں بدستور مختلف اسٹیشنز پر موجود ہیں، ریلوے ٹریک کلیئر نہ ہونے سے اسٹیشنز پر کھڑی ٹرینوں میں پانی ختم ہوچکا ہے۔

    ریلوے انتظامیہ نے متاثرہ ٹرینوں کے مسافروں کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا، مقامی افراد کی جانب سے مسافروں میں کھانے پینے کی اشیا تقسیم کی جارہی ہیں۔

    راولپنڈی جانے والی سرسید ایکسپریس گزشتہ 24 گھنٹے سے پنو عاقل میں موجود ہے، خیبر میل رانی پور اور زکریا ایکسپریس گھوٹکی اسٹیشن جبکہ راولپنڈی جانے والی گرین لائن خیر پور اسٹیشن پ 24 گھنٹے سے کھڑی ہے۔

    ٹریک کلیئر نہ ہونے پر فرید اور شاہ حسین ایکسپریس بھی روہڑی اسٹیشن پر موجود ہیں، علاوہ ازیں اندرون ملک سے آنے والی ٹرینیں بھی مختلف اسٹیشنز پر موجود ہیں۔

    دوسری جانب ڈی ایس ریلوے طارق لطیف کا کہنا ہے کہ گھوٹکی کا ریلوے ٹریک 2 سے 3 گھنٹے تک آمد و رفت کے لیے بحال ہوجائے گا، حادثے سے 1 ہزار 80 فٹ ٹریک کو نقصان پہنچا۔

    ڈی ایس ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹریک بحالی کے لیے 24 گھنٹے بلا تعطل آپریشن کیا گیا، دور دراز کے مختلف اسٹیشنز سے ٹرینوں کو روانہ کر دیا گیا ہے، ٹرینوں کے یہاں پہنچنے تک ٹریک بحال ہوجائے گا۔

  • بھارتی آرمی افسر کی مقبوضہ کشمیرمیں پوسٹنگ کے خوف سے خودکشی ؟

    بھارتی آرمی افسر کی مقبوضہ کشمیرمیں پوسٹنگ کے خوف سے خودکشی ؟

    نئی دہلی: بھارت میں ریلوے ٹریک سے ملنے والی آرمی افسر کی لاش معمہ بن گئی ، مقامی انتظامیہ تاحال یہ طے کرنے سے قاصر ہے کہ آیا اس افسر نے خود کشی کی ہے یا اسے قتل کیا گیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق دہلی کے ریلوے ٹریک سے گزشتہ صبح ایک لاش ملی جس کی شناخت کیپٹن دیواکر پوری کے نام سے ہوئی ہے ، تا حال موت کا سبب سامنے نہیں آیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ موت کے گھاٹ اترنے والا یہ افسر بھارتی آرمی کے میڈیکل کور کا ملازم تھا اور دہلی کا رہنے والا تھا۔ اس کی لاش ریلوے ٹریک پر گزشتہ روز صبح 11 بج کر 20 منٹ پر ملی ، اس سے کچھ دیر قبل ہی شتابادی نامی ٹرین وہاں سے گزری تھی۔

    کیپٹن دیواکر نے حال ہی میں لکھنو میں ایک ٹریننگ میں شرکت کی تھی اور شرم جیوی ایکسپریس سے واپس گھر لورٹ رہا تھا ، اس نے صبح 5 بج کر 45 منٹ پر ٹرین لی تھی۔

    یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ کیپٹن پوری کی پوسٹنگ بھارتی مقبوضہ جموں اور کشمیر کے علاتے پلواما میں کردی گئی تھی جس کے سبب وہ خوش نہیں تھا اور وہاں نہیں جانا چاہتا تھا۔

    تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایک ریلوے مسافر نے کیپٹن کو پرانے دہلی کے ریلوے اسٹیشن پر اٹھایا ، اور وہ جلدی میں اپنا سامان وہیں بھول گیا۔ بعد وہ سامان ریلوے پروٹیکشن فور س کے پاس جمع کرادیا گیا تھا۔

    پولیس کو اپنی ابتدائی تفتیش سے یہ خودکشی کا کیس لگ رہا ہے تاہم معاملے کے دیگر پہلو بھی مدنظر رکھے جارہے ہیں۔ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے جس کی رپورٹ آنے پر ہی تحقیق کی گاڑی آگے بڑھے گی۔

  • ٹنڈوجام : ٹریک پر بم دھماکہ، بارہ گھنٹے میں راستہ بحال نہ ہوسکا

    ٹنڈوجام : ٹریک پر بم دھماکہ، بارہ گھنٹے میں راستہ بحال نہ ہوسکا

    ٹنڈوجام : ریلوے ٹریک پر بم دھماکے سے مال گاڑی کی بوگیاں الٹ گئیں، ذکریا ایکسپریس بڑی تباہی سےبچ گئی۔ بارہ گھنٹے گزر نے کے باوجود اب تک ٹریک کو بحال نہیں کیا جاسکا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹنڈوجام کے قریب دہشت گردی کی واردات میں بم دھماکے باعث مال گاڑی کی بوگیاں الٹ گئیں۔

    دوسری جانب سے آنے والی زکریا ایکسپریس کےڈرائیور کی حاضر دماغی نے ٹرین کو بڑی تباہی سےبچالیا، دھماکے کے باعث مال گاڑی کی تین بوگیاں اپ ٹریک پرالٹ گئی تھیں۔

    تیز رفتار زکریا ایکسپریس دوسرے ٹریک پرگری مال گاڑیوں کےقریب پہنچی توڈرائیور نےانتہائی کم وقت میں بریک لگاکرٹرین کوحادثے سےبچالیا۔

    ڈی آئی جی حیدر آباد کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثہ دہشت گردی ہے، دھماکہ ریلوے ٹریک پر نصب بم کےباعث ہوا، حادثے کے باعث ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

    علاوہ ازیں واقعے کے بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجود اب تک ٹریک کو بحال نہیں کیا جاسکا۔مسافروں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    حیدرآباد اور کوٹری اسٹیشن پر پانچ ٹرینیں کھڑی ہیں۔ حیدرآباد اور کوٹری ریلوے اسٹیشن پر پانچ ٹرینیں کئی گھٹنوں سے کھڑی ہیں۔

    پاکستان اور علامہ اقبال ایکسپریس شام چار بجے سے اسٹیشن پر کھڑی ہیں، بزنس ٹرین،قراقرم اور ملت ایکسپریس کوٹری اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    ٹنڈوجام کے ریلوے ٹریک پر دوپہر ساڑھے بارہ بجے کے قریب دھماکا ہوا تھا۔ حادثے سے ٹرین سروس معطل ہوگئی تھی، ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لئے تاحال کام جاری ہے۔

     

  • جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، انجن اور 3بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، انجن اور 3بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    جیکب آباد: ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑا دیا گیا، ٹریک سے گزرنے والی جعفر ایکسپریس کا انجن اور تین بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

    پولیس کے ذرائع کے مطابق صدر تھانے کی حدود میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا، جس کے باعث ریلوے ٹریک پر پانچ فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا، اس دوران ٹریک سے گزرنے والی جعفر ایکسپریس کا انجن اور تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا، جعفر ایکسپریس راولپنڈی سے کوئٹہ جارہی تھی، حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت کا سلسلہ معطل ہوگیا جبکہ امدادی ٹیمں موقع پر پہنچ گئیں۔

    ریلوے ٹریک کو نقصان سے سندھ بلوچستان کے درمیان ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے ٹریک کی بحالی کی ہدایت کی۔

    وزیرِاعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے جیکب آباد کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیرِاعلی سندھ کا کہنا ہے کہ جیکب آباد ریلوے ٹریک پر دھماکا قابل مذمت ہے، مجرموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، ترجمان کے مطابق وزیرِاعلی نے کمشنر،ڈی آئی جی لاڑکانہ ،ایس ایس پی اور ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج اور ریسکیو کام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں، ریلوے ٹریک کو فوری بحال کر کے مسافروں کو اپنی منزل پر روانہ کرنے کیلئے جلد اقدامات کیے جائیں۔

  • کشمور: ریلوے ٹریک تباہ، خوشحال خان خٹک پٹری سے اترگئی

    کشمور: ریلوے ٹریک تباہ، خوشحال خان خٹک پٹری سے اترگئی

    کشمور: اندرونِ سندھ میں ریلوے ٹریک پردھماکے سے خوشحال خان خٹک ایکسپریس پٹری سے اترگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کشمور کے علاقے کندھ کوٹ میں نامعلوم شرپسندوں نے بارود لگا کرریلوے ٹریک پردھماکہ کردیا جس کے نتیجے میں ٹریک کا دس فٹ کا حصہ تباہ ہوگیا

    دھماکے کے نتیجے میں خوشحال خان خٹک کی 10 بوگیاں پٹری سے اترگئیں۔

    واقعے کے نتیجے میں سندھ اورپنجاب کے درمیان ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ میں شرپسند عناصر آئے روز اس قسم کی کاروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔

  • جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، 12 زخمی

    جیکب آباد: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، 12 زخمی

    جیکب آباد: ریلوے لائن کو دھماکےسے تباہ کردیا گیا جس کے نتیجےمیں خوشحال خان ایکسپریس کی تین بوگیاں پٹری سے اترگئیں اور بارہ افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے دل مراد ریلوے اسٹیشن کے نزدیک جمعرات کی صبح اس وقت دھماکہ ہوا جب خوشحال خان خٹک ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔

    دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے ایک خاتون کی حالت تشویش ناک ہے، زخمیوں کو سول اسپتال جیکب آباد منتقل کردیا گیا ہے۔

    دھماکے کی جگہ پرپانچ فٹ گہرا گڑھا پڑگیا ہے جبکہ پچاس فٹ سے زائد ریلوے ٹریک متاثر ہوا ہے۔

    پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اورعلاقے کوگھیرے میں لے کر تفتیشی کاروائی شروع کردی ہے۔

    دوسری جانب ریلوے کا عملہ بھی جائے وقوعہ پرپہنچ کرٹریک کی بحالی میں مشغول ہے، ٹریک کی مرمت تک مرکزی ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔

  • جعفرآباد میں ریلوے ٹریک پردھماکہ، آمد ورفت معطل

    جعفرآباد میں ریلوے ٹریک پردھماکہ، آمد ورفت معطل

    جعفرآباد : نامعلوم شرپسندوں نے پاکستان ریلوے کی پٹری دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردی جس کے باعث سندھ و پنجاب تا بلوچستان ٹرینوں کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ڈسٹرکٹ جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ الہٰ یارمیں جمعے کی صبح نامعلوم شرپسندوں نے ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد لگا کر تباہ کردیا ہے ، دھماکے کے مقام پر گہرا گڑھا ہوگیا ہے اوردو فٹ سے زائد ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔

    ٹریک کو نقصان پہنچنے کے باعث سندھ اور پنجاب سے بلوچستان آنے جانے والی ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے۔

    پولیس اورایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اورواقعے میں ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔