Tag: Railway Tracks

  • نشے میں دھت خاتون کی ریلوے ٹریک پر کار چلانے کی ویڈیو وائرل

    نشے میں دھت خاتون کی ریلوے ٹریک پر کار چلانے کی ویڈیو وائرل

    تلنگانہ: بھارت میں نشے میں دھت خاتون کی ریلوے ٹریک پر کار چلانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد میں واقع ضلع رنگاریڈی کے شنکر پلی کے قریب نشے میں دھت ایک خاتون نے اپنی کار کو ریلوے ٹریک پر  چلانے لگی جس سے بنگلورو اور حیدرآباد کے درمیان ٹرین تاخیر کا شکار ہوئی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک میں ڈارئیو کرتے خاتون کو دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، خاتون کو روکنے کے باوجود وہ تیزی سے گاڑی ٹریک پر چلاتی رہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ریلوے اہلکاروں کی طرف سے متعدد وارننگ ملنے کے باوجود خاتون نے کار روکنے سے انکار کر دیا، عملے نے پیدل ہی کاتون کا پیچھا کیا اور بالآخر کار پٹری سے اتر کر درخت سے ٹکرا گئی۔

    ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو حکام کی دوڑیں لگ گئیں، ریلوے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    حکام کے مطابق اس واقعے کے وقت وہ نشے کی حالت میں تھی، اگرچہ اس واقعے میں کوئی مسافر یا ریلوے عملہ زخمی نہیں ہوا تاہم صورتحال نے کافی خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔

    حکام کا اس واقعے کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بنگلورو تا حیدرآباد کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کو عارضی طور پر روکا گیا، انتظامیہ نے اس حیران کن واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

     

  • پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے کا نظام درہم برہم

    پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے کا نظام درہم برہم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے نظام درہم برہم ہوگیا، درجنوں ٹرینیں منزل سے پہلے روک دی گئیں جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے نظام درہم برہم ہوگیا، گجرات ریلوے اسٹیشن کے ٹریک پر پانی جمع ہونے سے ٹرینوں کی آمد و رفت بے حد متاثر ہوئی ہے۔

    خیبر پختونخواہ اور راولپنڈی سے آنے والی ٹرینوں کو گجرات سے پہلے روک دیا گیا، سندھ سے آنے والی ٹرینیں بھی رک گئیں۔

    ریل گاڑیوں کی آمد و رفت ڈھائی گھنٹے سے متاثر ہے، عوامی ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، تیز گام اور ریل کار ڈھائی گھنٹے سے جہلم اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، پانی جمع ہونے کے باعث ٹرینیں ڈی ریل ہونے کا خدشہ ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام ٹرینوں کو روکا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت کی بحالی سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، گجرات ریلوے اسٹیشن کے ٹریکس مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

  • بھارت کی ریلوے لائنیں موت کا گڑھ بن گئیں

    بھارت کی ریلوے لائنیں موت کا گڑھ بن گئیں

    نئی دہلی: بھارت کی ریلوے لائنیں موت کا گڑھ بن گئیں، محکمہ ریلوے نے مختلف حادثات میں ہر سال ہزاروں افراد کے پٹریوں پر مرنے کا انکشاف کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سال 2020 میں بھارت میں صرف ریلوے لائنوں پر 8 ہزار 733 افراد کی اموات ہوئی ہیں، جن کی اکثریت کرونا وائرس کی وجہ سے لگائے گئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے بعد شہروں سے اپنے گھروں کو واپس جانے والے افراد کی ہے۔

    اتنی زیادہ اموات اس لیے ہوئی ہیں کہ گزشتہ سال کے بیشتر حصے میں ملک میں مسافر ٹرینوں پر پابندی رہی ہے۔

    یہ انکشاف ریلوے بورڈ نے اپنے اعداد و شمار میں کیا ہے، اعداد و شمار جنوری سے دسمبر 2020 کے دوران کے ہیں۔

    ریلوے بورڈ کا کہنا ہے کہ ریاستی پولیس کی جانب سے ملنے والی معلومات کے مطابق جنوری 2020 سے دسمبر 2020 کے دوران ریلوے لائنوں پر 805 افراد زخمی اور 8 ہزار 733 افراد ہلاک ہوئے۔

    ان میں سے زیادہ تر افراد نقل مکانی کرنے والے مزدور تھے جنہوں نے سڑک یا شاہراہ کے مقابلے میں چھوٹا راستہ سمجھتے ہوئے ریلوے لائن پر پیدل چلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس کے علاوہ انہوں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزیوں پر پولیس کے ہتھے چڑھنے سے بچنے کے لیے بھی ریلوے لائن کا انتخاب کیا تھا۔

    ایک عہدیدار کے مطابق یہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ مسافر ٹرینوں کی بندش کی وجہ سے کوئی ٹرین نہیں چلے گی، لیکن 25 مارچ 2020 کو لاک ڈاؤن لگنے کے بعد سے مال گاڑیاں چل رہی تھیں۔

    گزشتہ سال 8 مئی کو ضلع اورنگ آباد میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا جب ایک مال گاڑی ریلوے لائن پر چلنے والے مزدوروں پر چڑھ گئی تھی، جس میں 16 مزدور مارے گئے تھے۔ یہ بدقسمت افراد مدھیہ پردیش اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔

    مختلف ریاستوں سے جمع کیے گئے ریلوے ڈیٹا کے مطابق 2016 سے 2019 کے دوران ریلوے لائنوں پر 56 ہزار 271 افراد مرے اور 5 ہزار 938 زخمی ہوئے۔

    سنہ 2016 میں ریلوے حادثات میں مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 32 تھی۔ 2017 میں 12 ہزار 832، 2018 میں 14 ہزار 197 اور 2019 میں 15 ہزار 204 لوگ ریلوے لائنوں پر ہلاک ہوئے۔