Tag: railway

  • ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا

    ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا

    کراچی: ملک بھر میں ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا، بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ مسافر بھی سخت پریشانی کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت پورے پاکستان میں ریلوے کا ریزرویشن نظام بیٹھ گیا، کراچی کینٹ، سٹی اسٹیشن، لانڈھی اور ڈرگ روڈ میں ریلوے بکنگ دفاتر پر ریزرویشن بند ہوگئی۔

    صبح 8 بجے سے کھلنے والے دفاتر میں بکنگ بند ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    صبح 10 بجے تک بھی ریلوے ریزرویشن نظام بحال نہ کیا جاسکا، ریلوے گارڈز ریزرویشن چارٹ کے بغیر ٹرینوں میں روانہ ہوگئے۔

    بکنگ کا نظام بیٹھ جانے سے ریلوے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے باعث ریلوے میں سخت احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں، ریلوے حکام نے ایس او پیز کے تحت ٹرین عملے کے ٹکٹ ہاتھ میں لے کر چیک کرنے پر پابندی لگائی ہے۔

    علاوہ ازیں مسافروں کے اندر داخل ہوجانے کے بعد کوچز کے دروازے بند کردینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ ٹرینوں میں داخلے اور نکلتے ہوئے عملے کو مسافروں سے سماجی فاصلہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

  • حیدر آباد سے سکھر تک ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ خطرناک قرار

    حیدر آباد سے سکھر تک ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ خطرناک قرار

    سکھر: حیدر آباد سے سکھر تک ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ خطرناک قرار دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئے دن ریل گاڑیوں کے ٹریک سے اترنے کے واقعات کی وجہ معلوم ہو گئی، اے آر وائی نیوز نے اس سلسلے میں ایک کاشن شیٹ کی کاپی حاصل کر لی۔

    ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ حیدر آباد سے سکھر تک ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ خطرناک قرار دیا گیا ہے، ریلوے اسٹیشن ماسٹرز نے ٹریک سے متعلق ڈرائیورز کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

    ڈرائیورز کو ہدایات دی گئی ہیں کہ ٹریک کے متاثرہ مقامات پر ٹرین کی رفتار 10 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ رکھی جائے تاہم ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک پر ٹرین کی رفتار کم رکھنے کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

    ذرایع کے مطابق روہڑی سے حیدرآباد کے درمیان 100 کلو میٹر ٹریک خراب ہے، 350 کلو میٹرز کے درمیان متعدد مقامات پر ٹریک کم زور ہے، اور ٹریک خرابی کے باعث رواں سال ٹریک سے اترنے کے 20 سے زائد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ جمع کو راولپنڈی سےکراچی آنے والی ٹرین عوام ایکسپریس پٹری سے اتر گئی تھی، یہ واقعہ خیرپور ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا تھا، جس میں عوام ایکسپریس کا انجن پٹری سے اتر گیا تھا، انجن اٹھانے کے لیے روہڑی سے ریسکیو ٹرین بھیجی گئی۔

    دو ہفتے قبل سکھر میں بھی مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، تاہم ڈی سی او ریلوے کا کہنا تھا کہ حادثہ کانٹے کی خرابی کے باعث پیش آیا۔

  • 87 شہروں اور 10 ٹائم زونز سے گزرنے والی دنیا کی منفرد ترین ٹرین

    87 شہروں اور 10 ٹائم زونز سے گزرنے والی دنیا کی منفرد ترین ٹرین

    ٹرین کا سفر نہایت خوبصورت ہوتا ہے، دنیا میں ایک ٹرین ایسی بھی ہے جو مشرق سے لے کر مغرب تک 87 شہروں اور 10 ٹائم زونز سے گزرتی ہے جبکہ دوران سفر باہر کا درجہ حرارت 28 ڈگری سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک بدلتا رہتا ہے۔

    دنیا کی طویل ترین اور مصروف ترین ریلوے لائن، جسے سائبرین ٹرانس کہا جاتا ہے، روس میں واقع ہے۔ یہ ریلوے کا ایسا جنکشن ہے جو ماسکو کو دور مشرقی روس سے جوڑتا ہے اور یہ ٹریک ماسکو سے روس کے مشرق بعید کے شہر ولادی وستوک تک پھیلا ہوا ہے۔

    اس ریلوے ٹریک کی تعمیر کا آغاز 9 مارچ 1891 سے ہوا اور 21 جون 1904 کو مکمل ہوا۔ یہ ریلوے لائن 2 ٹریکس پر مشتمل ہے اور ایشیا اور یورپ کے درمیان پل کا کام کرتی ہے، اسے روس کی فولادی سڑک بھی کہا جاتا ہے۔

    اس ریلوے لائن کی لمبائی 9 ہزار 289 کلو میٹر ہے، یہ یورپ کے ساتھ ساتھ چین، جاپان، کوریا، ویتنام اور جنوبی ایشیا کو بھی روس کے ساتھ ملاتی ہے۔

    اس ریلوے لائن کا نقشہ بنانے اور حکومت سے اس کی منظوری لینے کے لیے 10 برس کا عرصہ لگا۔ ریلوے لائن کی تعمیر میں 6 لاکھ 20 ہزار افراد نے حصہ لیا جبکہ اس کی لاگت 90 ملین پاؤنڈز ہے۔

    یہ ٹرین دوران سفر بیکال جھیل کے سیاحتی مقام پر 45 منٹ کے لیے رکتی ہے جہاں سیاح اتر کر جھیل کی نظارہ کرتے ہیں۔

    روس کی 30 فیصد تجارت اسی ریلوے لائن کے ذریعے ہوتی ہے، یہ ٹرین ہر سال 2 لاکھ کنٹینرز یورپ کی منڈیوں تک پہنچاتی ہے۔

    سائبرین ٹرانس ٹریک دنیا کے ایک تہائی حصے کو ڈھانپے ہوئے ہے، مشرق سے لے کر مغرب تک اس میں 10 ٹائم زونز آتے ہیں۔ اس ٹرین کا 19 فیصد حصہ یورپ کی سرحدوں سے گزرتا ہے جبکہ 81 فیصد حصہ ایشیا کی سر حدوں سے گزرتا ہے۔

    راستے میں آنے والے شہروں کی تعداد 87 ہے جبکہ دریاؤں کی تعداد 16 ہے، دوران سفر درجہ حرارت 28 ڈگری سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک بدلتا رہتا ہے۔

    اگر آپ ماسکو سے ولادی وستوک تک سفر کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے پاس 1600 ڈالر کی رقم ہونی چاہیئے۔

  • چلتی ٹرین میں واردات، موبائل اڑا کر چور ٹرین سے کود گیا

    چلتی ٹرین میں واردات، موبائل اڑا کر چور ٹرین سے کود گیا

    حیدرآباد: چلتی ریل گاڑیوں میں بھی وارداتیں ہونے لگیں، ایک چور نے آج ریل میں ایک مسافر کا موبائل فون چرایا اور چلتی ریل سے کود گیا، تاہم گرفتار ہونے سے نہ بچ سکا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد نے ایک کارروائی میں چلتی ٹرین سے موبائل فون چوری کرنے والے ایک شخص قاسم عرف قاسو ولد منظور کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم حیدرآباد میں چلتی ٹرین سے چوری کے بعد اتر کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 2 پر شالیمار ایکسپریس آ کر رکی تھی، اپنے مقررہ اسٹاپ کے بعد جب وہ روانہ ہو گئی تو اس دوران ایک لڑکا چلتی ٹرین سے کود کر تیز تیز قدموں سے حالی روڈ کالونی کی طرف جانے لگا۔

    رپورٹ کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں اس وقت تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد کے ایس ایچ او خالد محمود صائم اہل کاروں کے ساتھ موجود تھے۔

    چلتی ٹرین سے اترنے والے لڑکے پر پولیس اہل کاروں کو شک گزرا تو انھوں نے اسے روک لیا، ریل سے اترنے کی وجہ دریافت کی گئی تو وہ پریشان ہو گیا اور ٹال مٹول کرنے لگا، جس پر اہل کاروں نے اس کی جامہ تلاشی لی۔

    پولیس کے مطابق لڑکے کی قمیض کی جیب سے ایک موبائل فون ٹچ اسکرین انفینکس اسمارٹ بلیک کلر برآمد ہوا، لڑکے سے موبائل فون کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے ادھر کی ادھر کی باتوں کے بعد آخر کار تسلیم کر لیا کہ اس نے ایک بوگی سے چوری کیا ہے۔

    پولیس نے ملزم قاسم کو اس کا جرم قابل دست اندازی پولیس زیر دفعہ 379 ت پ کے مطابق گرفتار کیا اور ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں مقدمہ نمبر 28/2020 درج کر لیا۔

  • محکمہ ریلوے کا فیض احمد فیض اور لاثانی ٹرین چلانے کا فیصلہ

    محکمہ ریلوے کا فیض احمد فیض اور لاثانی ٹرین چلانے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ ریلوے نے 2 مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ ریل گاڑیاں مشہور شاعر فیض احمد فیض اور لاثانی ٹرینوں کے نام سے چلائی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے لاہور نارووال کے درمیان فیض احمد فیض ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے، فیض پسنجر لاہور سے شام ساڑھے 6 بجے روانہ ہو کر رات 8 بج کر 55 منٹ پر نارووال پہنچے گی۔

    فیض پسنجر نارووال سے صبح ساڑھے 5 بجے روانہ ہو کر ساڑھے 7 بجے لاہور پہنچے گی۔

    محکمہ ریلوے نے لاہور سے سیالکوٹ کے لیے لاثانی ایکسپریس چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، لاثانی ایکسپریس لاہور سے دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہو کر سیالکوٹ 7 بج کر 45 منٹ پر پہنچے گی۔

    لاثانی ایکسپریس سیالکوٹ سے صبح 6 بجے روانہ ہوگی اور 9 بج کر 55 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔

    21 ستمبر سے ریل کرایوں میں کمی کا اعلان

    محکمے کے مطابق سیالکوٹ، نارووال اور لاہور کے درمیان پسنجر ٹرین چلنے سے مزدور پیشہ افراد کو تیز رفتار سواری مہیا ہوگی۔

    ادھر محکمہ ریلوے نے اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ میں سفر کرنے والے مسافروں کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ 21 ستمبر سے اے سی بزنس کلاس کے کرایوں میں 10 فی صد کمی کی جا رہی ہے، جب کہ اے سی اسٹینڈرڈ کے کرایوں میں بھی 5 فی صد کمی کی جائے گی۔

    محکمہ ریلوے کے مطابق 14 ستمبر سے تمام ایکسپریس ٹرینوں میں ڈائننگ ریسٹورںٹ کاریں دوبارہ لگا دی جائیں گی، جنھیں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا، ریلوے مسافروں کو اب ٹرین میں ناشتہ، کھانا، چائے اور دیگر کھانے پینے کی اشیا دستیاب ہوں گی۔

  • ریلوے مسافروں کے لیے اچھی خبر، ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری

    ریلوے مسافروں کے لیے اچھی خبر، ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول جاری

    لاہور: کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے محکمہ ریلوے نے 5 ٹرینیں بحال کر دی ہیں اور ان ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز نے پانچ ٹرینیں بحال کر دی ہیں، محکمہ ریلوے کی جانب سے 17 اگست سے بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ٹرینوں کی روانگی کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔

    بحال ہونے والی ریل گاڑیوں میں ہزارہ، فرید، رحمان بابا، موہن جودڑو، بدرایکسپریس شامل ہیں، بدر ایکسپریس کا روٹ لاہور سے فیصل آباد کی بجائے ملتان تک بڑھا دیا گیا ہے، موہن جو دڑو ایکسپریس کا روٹ بھی کراچی سے براستہ لاڑکانہ ملتان تک بڑھایا گیا ہے۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق ہزارہ ایکسپریس 17 اگست صبح 6 بجے کراچی کینٹ سے حویلیاں روانہ ہوگی، فرید ایکسپریس 17 اگست کو شام ساڑھے 7 بجے کراچی سٹی سے لاہور روانہ ہوگی، رحمان بابا ایکسپریس صبح ساڑھے 9 بجے کراچی کینٹ سے پشاور روانہ ہوگی، بدر ایکسپریس شام ساڑھے 4 بجے ملتان کینٹ سے لاہور روانہ ہوگی، موہن جو داڑو ایکسپریس سہ پہر 3 بجے کراچی سٹی سے ملتان روانہ ہوگی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بدر، موہنجو داڑو ایکسپریس کا کرایہ پاکستان ریلوے کے قواعد کے مطابق ہو گا، کرونا صورت حال کی بہتری پر ٹرینوں کی مرحلہ وار بحالی جاری ہے۔

    بحال ہونے والی ٹرینوں کی آن لائن ریزرویشن شروع کر دی گئی ہے، واضح رہے کہ ریل گاڑیوں کی بحالی کا فیصلہ ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کیا گیا ہے، مسافروں اور عملے کے لیے نہ سفر کے دوران بلکہ اسٹیشن پر بھی ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

    کرنا وائرس کی وجہ سے 24 مارچ کو ان ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا تھا، اب 17 اگست سے چلنے والی تمام ٹرینوں میں این سی او سی کی تمام ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔

    ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • ریلوے کا 5 ارب روپے ماہانہ نقصان ہو رہا ہے: شیخ رشید

    ریلوے کا 5 ارب روپے ماہانہ نقصان ہو رہا ہے: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ریلوے کا 5 ارب روپے مہینے کا نقصان ہورہا ہے، ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی جانب سے 3 ہزار بیگج دیے گئے ہیں، ہر قلی کو 12 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ این ڈی ایم اے نے 10 ہزار ماسک فراہم کیے ہیں، این ڈی ایم اے سے مزید ماسک بھی لیں گے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نے کسی مزدور کی تنخواہ یا پنشن لیٹ نہیں ہونے دی، 30 کوچز پر مشتمل ٹرین کل چمن کے لیے روانہ کی جائے گی، چمن جانے والی ٹرین میں 2 میڈیکل وینز بھی لگائی جائیں گی، چمن اور تفتان میں ٹرینیں لگائیں اور زائرین کو آئسولیشن میں رکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ 30 ٹرینوں کا بیڑہ لاہور سے کل چمن کے لیے روانہ ہوجائے گا، میڈیا کو قلیوں کی فکر ہے جس پر ان کا مشکور ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرض ادائیگی میں آسانی کے لیے کردار ادا کیا، 70 ملکوں کی لسٹ میں پاکستان کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قومیں قدرتی آفات میں مل کر مسائل کو بانٹتی ہیں، پہلے گولہ باری سندھ کی طرف سے نہیں ہونی چاہیئے تھی۔ شہباز شریف کا خیال تھا کہ کرونا سے معیشت مکمل ختم ہوجائے گی۔ شہباز شریف آخری فلائٹ پکڑ کر ملک واپس آگئے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر جہانگیر ترین سے فاصلہ کر سکتے ہیں تو دوسروں سے بھی کر سکتے ہیں، سیاست ایسی چیز ہے جو ایک الیکشن کے بعد دوسرے کی تیاری کرتی ہے۔ عمران خان مافیاز کو گھیرے میں لے کر آرہے ہیں۔ مافیاز کے ترجمان اسی وجہ سے چیخ رہے ہیں۔

  • لاک ڈاؤن کا حامی نہیں، شہری بغیر ضرورت سفرنہ کریں، شیخ رشید

    لاک ڈاؤن کا حامی نہیں، شہری بغیر ضرورت سفرنہ کریں، شیخ رشید

    اسلام آباد : وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں لاک ڈاؤن کاحامی نہیں ہوں، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے متفق ہوں، 34ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے سالانہ 7کروڑ مسافر ہیں جن میں سے دو لاکھ روزانہ سفر کرتے ہیں،کچھ دنوں سے مسافروں کی تعداد ایک لاکھ65 ہزار روز کی رہ گئی ہے، دو دن میں ہمیں اسکیننگ کاسامان مل جائے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے میں لاک ڈاؤن کا حامی نہیں ہوں، اس حوالے سے وزیراعظم ۔عمران خان سے متفق ہوں، لاک ڈاؤن کا اختیار وزیراعظم کا ہے میرا نہیں، ہمیں افراتفری اور پریشانی سے گریزکرنی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ34ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے،8یکم اپریل کو کریں گے، کل شام12ٹرینیں بند ہونگی،22ٹرینیں24تاریخ کی رات سے بند ہونگی، اگروفاقی حکومت پنشن اپنے ذمے لے لے تو پھرہمیں زیادہ مشکل نہیں ہوگی۔

    جو ٹرینیں 100اور120فیصد پر چل رہی تھیں وہ آدھی گنجائش پر آگئی ہیں،15رمضان تک ٹرینیں معطل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری ہوجائے گا۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ چھٹی کے باوجود بھی لوگ ٹرین میں سفر کررہے ہیں، میری گزارش ہے کہ شہری بغیر ضرورت سفرنہ کریں۔ جن کے پاس پیشگی ٹکٹ ہے وہ متبادل ٹرین میں استعمال کرسکتے ہیں، اگرٹکٹ واپس کرنا ہو تو کیا جاسکتاہے،اب تک 8کروڑ روپے کے ٹکٹ واپس کیے ہیں۔

  • محکمہ ریلوے کی ترقی کیلئے چین کی پاکستان کو بڑی پیشکش

    محکمہ ریلوے کی ترقی کیلئے چین کی پاکستان کو بڑی پیشکش

    اسلام آباد : چینی سفیریاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ریل انفرااسٹرکچر کی ترقی کیلئے پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے، تمام حالات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

    یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چینی کے سفیر یاؤجنگ نے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ ریل منصوبوں پر تبادلہ خیال اور کام کی رفتارمزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    وزیر ریلوے نے کورونا وائرس سے ہلاکتوں پر چینی سفیر سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی قوم اور حکومت چین کے ساتھ ہے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ رواں مالی سال میں ہی شروع ہوجائے گا، ایم ایل ون منصوبے میں گہری دلچسپی لینے پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں، امید ہے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائیگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کی خواہش ہے کہ ایم ایل ون اور کے سی آر جلد مکمل ہو، منصوبوں کے لیے چین کےساتھ ضروری اقدامات کریں گے،5سال کے1800کلومیٹر ایم ایل ون منصوبے پر9ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے اور ملکی معیشت کے لیے بہت اہم ہے، چینی شراکت داری سے پاکستان میں ریل کا نقشہ بدل جائیگا۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر یاؤ جِنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے روڈ اور ریل انفرا سٹرکچر کو ترقی دینا نا گزیر ہے، پاکستان ریلوے سے مکمل تعاون کریں گے، پاکستان اور چین تمام حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • خواجہ آصف کے ساتھیوں کیخلاف گھیرا تنگ، محکمہ ریلوے کی بڑی کارروائی

    خواجہ آصف کے ساتھیوں کیخلاف گھیرا تنگ، محکمہ ریلوے کی بڑی کارروائی

    سیالکوٹ : ن لیگی دور میں نوازے گئے خواجہ آصف کے قریبی ساتھیوں کے خلاف گھیرا تنگ ہوگیا، محکمہ ریلوے نے سیالکوٹ میں بڑی الیکٹرانک مارکیٹ کو سیل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے ن لیگی دور حکومت میں کوڑیوں کے مول دی گئی ریلوے کی اربوں کی اراضی پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں بڑی الیکٹرانک مارکیٹ سیل کردی ہے۔

    اس حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی اراضی پر مارکیٹ بنائی گئی اس مارکیٹ کی کمرشل اراضی ن لیگ کے من پسند افراد کو کوڑیوں کے بھاؤ دی گئی تھی۔

    ان افراد نے3سال سے کرائے کی مد میں واجبات تک ادا نہیں کیے، واجبات ادا نہ کرنے کے باعث محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں نبی لون اور شیخ قیصر کی الیکٹرانک مارکیٹ جو سربمہر کیا گیا ہے، واجبات کی عدم ادائیگی اور لیز ریویو نہ کرانے پردکانیں سیل کیں، مالکان کو واجبات کے لیے14دن قبل نوٹس بھی جاری کیے گئے تھے۔