Tag: railway

  • ریلوے خسارہ کیس: ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت سے روک دیا گیا

    ریلوے خسارہ کیس: ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت سے روک دیا گیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت اور 5 سال سے زائد لیز پر دینے سے روک دیا، ریلوے کو کوئی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے سے بھی روک دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ سماعت میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ریلوے کی زمین وفاق کی ملکیت ہے، صوبے ریلوے کی اراضی استعمال کر سکتے ہیں مگر بیچ نہیں سکتے۔ سپریم کورٹ نے ریلوے اراضی کی فروخت پر پابندی لگا رکھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے لیز پر زمین دے سکتا ہے مگر بیچ نہیں سکتا لیکن ایسا بھی نہ ہو کہ 99 سال کی لیز دے دی جائے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ہم ایک مرلہ زمین بھی نہیں بیچ رہے، 3 سے 5 سال کی لیز پر کچھ اراضی دے رکھی ہے۔ ریلوے اراضی سے سالانہ 3 ارب روپے کی آمدن ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر لیز ختم کرتے ہیں تو ریلوے کا مالی نقصان ہوگا۔

    سپریم کورٹ نے ریلوے کو وفاقی و صوبائی زمین کی فروخت سے روک دیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جو زمین ریلوے کے استعمال میں ہے اسے فروخت نہیں کیا جا سکتا، وفاق اور صوبوں کی ملکیتی زمین ریلوے 5 سال سے زائد لیز پر نہیں دے گا۔

    عدالت نے کہا کہ ایسی اراضی جو ریلوے آپریشن کے لیے درکار نہیں وہ 5 سال لیز پر دی جا سکتی ہے، ریلوے کو کوئی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریلوے اپنی اراضی پر قبضہ نہیں ہونے دے گی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ رائل پام کلب کے معاملے پر عبوری حکم جاری رہے گا، رائل پام کا قبضہ فرگوسن نے لے لیا ہے۔ رائل پام کا مسئلہ الگ سنیں گے۔

    عدالت نے وفاق و صوبوں کی ریلوے اراضی سے متعلق معاملہ نمٹا دیا۔

    سماعت کے بعد عدالت سے باہر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شدید اختلاف ہے، چور وزیروں کو بلایا جائے، جب بھی کوئی چور لٹیرا جیل جاتا ہے تو وہ بیمار ہو جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کی دولت کو لوٹنے والے حکومت کا خرچہ کروا رہے ہیں، موجودہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو غیر آئینی سمجھتا ہوں۔ چور ہی چوروں کا احتساب کرنے جا رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے 20 ٹرینیں مرمت کر کے چلائی ہیں، میں سینئر ترین پاکستان کا سیاسی ورکر ہوں۔ پی اے سی کا چیئرمین بنانے کا حق اسپیکر کو نہیں۔ ’چور ڈاکو کیسے لوگوں کا احتساب کرے گا‘؟

  • ریلوے فریٹ پر ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی

    ریلوے فریٹ پر ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر پاکستان ریلوے کے فریٹ پر ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی۔ ٹاسک فورس کا مقصد فریٹ کو بہتر بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے فریٹ پر ٹاسک فورس تشکیل دے دی، ٹاسک فورس وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹاسک فورس 9 افسران پر مشتمل ہوگی۔ سی ای او ریلوے آفتاب اکبر ٹاسک فورس کے سربراہ ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس کا مقصد فریٹ کو بہتر بنانا ہے، فریٹ کو بڑھانے کے لیے خاص اقدامات کیے جائیں گے۔

    ترجمان ریلوے کا مزید کہنا تھا کہ فریٹ کو بڑھا کر ریلوے کے خسارے کو ختم کیا جائے گا۔

    خیال رہے وزیر ریلوے شیخ رشید کئی بار فریٹ کو بڑھانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ 5 کروڑ مسافروں کی تعداد کو 7 کروڑ تک لے کر جائیں گے، 10 فریٹ کی تعداد 100 دنوں میں 10 سے 15 پر لے کر جائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فریٹ کی تعداد بڑھانے سے متعلق معاہدے ہو گئے ہیں۔

  • ایمسٹرڈیم ریلوے اسٹیشن حملہ کیس، ملزم افغان شہری نکلا

    ایمسٹرڈیم ریلوے اسٹیشن حملہ کیس، ملزم افغان شہری نکلا

    ایمسٹرڈیم : نیدرلینڈز کے دارالحکومت میں مصروف ترین ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے ہجوم پر حملہ کرنے والا افغانستان کا شہری ہے جس کی شناخت جاوید ایس کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں قائم مصرف ترین ریلوے اسٹیشن پر مشتبہ شخص نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے بعد ازاں پولیس نے بھرپور کارروائی کی تھی۔

    ایمسٹرڈیم پولیس کا کہنا تھا کہ چاقو زنی کی واردات میں ملوث 19 سالہ حملہ آور کی شناخت جاوید ایس کے نام ہوئی ہے جس کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ حملہ آور قانوناً جرمنی کا شہری ہے۔

    ڈچ پولیس کی جانب سے چاقو زنی کے واقعے کی تحقیقات دہشت گردانہ حملے کے طور کی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 سالہ افغان حملہ آور نے ایمسٹرڈیم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے حملہ کرکے دو امریکی سیاحوں کو شدید زخمی کردیا تھا، حملے میں امریکی باشندوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ایمسٹرڈیم میں موجود امریکی سفارت خانے نے بھی کردی ہے۔

    ڈچ میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ افغان حملہ آور کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ کارروائی کا مقصد دہشت گردی تھا، البتہ پولیس کی جانب سے حملہ آور کے بیان کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمن پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر اہم دستاویزات اور ڈیٹا ڈیوائسز  کو قبضے میں لے کر معائنے کے لیے بھیج دیا ہے تاکہ ڈچ پولیس کو تحقیقات میں مدد فراہم کی جاسکے۔

    جرمن میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمن پولیس کی جانب سے نیدر لینڈز کے سیکیورٹی اداروں کو کیس میں ہر ممکن تعاون کرنے کی بھرپور یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

  • ریلوے حکام کا سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے نیب کو خط

    ریلوے حکام کا سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے نیب کو خط

    لاہور: ریلوے میں مبینہ کرپشن اسکینڈلز کے معاملے پر ریلوے حکام نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو خط لکھ دیا۔ ریلوے حکام نے سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے خط لکھا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے مبینہ کرپشن اسکینڈلز کے معاملے پر سابق دور حکومت کی انکوائری کے لیے نیب کو خط لکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق خط میں ناقص کوالٹی کے 1800 ہارس پاور ویگن یکطرفہ بڈ میں خریدنے کا الزام لگاتے ہوئے خریداری کا مبینہ ذمہ دار سی ایم ای عدنان شفیع اور اے جی ایم انصر کو قرار دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا کہ 58 چینی لوکو موٹیو بھی سنگل بڈ میں خریدے گئے، خریداری کے ذمہ دار سی ایم ای مبین الدین، طارق اور جی ایم ٹیکنیکل شاہد احمد قرار دیے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق دور میں خریدے گئے انجنوں کی مرمت کا کام چینی کمپنی کو دیا گیا، ٹھیکہ دینے کے ذمہ دار موجودہ اور سابق چیئرمین کو قرار دیا گیا۔

    خط میں کہا گیا کہ 30 ریلوے ٹریکس کی مرمت کا کنٹریکٹ 30 ارب میں ایک ہی کنٹریکٹر کو دیا گیا۔ خط میں کنٹریکٹر وارث انٹرنیشنل کو نوازنے کا الزام عائد کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 ہزار ہارس پاور کے 55 لوکو موٹیو امریکا سے زائد قیمت پر خریدنے کا الزام ہے جبکہ یہ لوکو موٹیو بھارت نے آدھی قیمت میں خریدے۔

    خط میں درجنوں پلاٹس لیز پر آئل کمپنیوں اور با اثر شخصیات کو دینے کا الزام اور بعض افراد کو بھاری معاوضوں اور مراعات پر نوازنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

  • ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، سعد رفیق

    ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، سعد رفیق

    لاہور : سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اپوزیشن میں رہ کر حکومت کی ہر غلطی کو پکڑیں گے، پی ٹی آئی نے جو وعدے کئے وہ پورے کرنا پڑیں گے۔

    رہنما مسلم لیگ نواز کا کہنا تھا کہ ریلوے میں فرض شناس افسران کی تضحیک کی جارہی ہے، وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان کی حکومت میں ہر چیز الٹی ہے کچھ سیدھا نہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم نے سسٹم کو ڈی ریل نہیں کیا، کنٹینر پر نہیں چڑھے، ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں، ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، آخری فتح پاکستان کےعوام کی ہوگی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ اوور سیز پاکستانیوں کا ووٹ حق دلایا جائے، سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلاکر اوور سیز ووٹنگ پر بریفنگ دی جائے۔

  • ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا: وزیر ریلوے

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے میں حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا کوئی لوکو موٹیو رکنا نہیں چاہیئے، پاکستان ریلوے کو سرمایہ کاری کے لیے کھولنا چاہیئے۔ ریلوے فریٹ کو ڈیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا، ریلوے کو بہترین وزارت بنانا ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد آرام مجھ پر حرام ہوگا۔ ریلوے کا خسارہ اربوں روپے ہے اور اسے کم کرنا اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سستی ٹرینیں چلا کر غریبوں کو سہولت دینے کے لیے پرعزم ہوں۔ غریبوں کو ریل گاڑی میں اے سی کی سہولت دینا ترجیح ہے۔

  • ریلوے میں 60 ارب کی کرپشن‘ چیف جسٹس برہم

    ریلوے میں 60 ارب کی کرپشن‘ چیف جسٹس برہم

    لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے محکمہ ریلوے میں 60 ارب روپے کے نقصان پر از خود نوٹس لیتے ہوئے ریلوے افسران کو لاہور رجسٹری میں طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے ریلوے میں بے قاعدگیوں کے باعث اربوں روپے کے نقصان پرازخود نوٹس لے کر سیکریٹری ریلوے اور ریلوے بورڈ کے ارکان کو آڈٹ رپورٹس کے ساتھ طلب کرلیا۔

    انھوں نے افسران کو عدالت میں طلب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر عدالت کو ریلوے میں ہونے والے 60 ارب کے بڑے نقصان کی وجوہات بتائی جائیں۔ چیف جسٹس نے ازخود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں ریلوے کے منافع بخش ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں لیکن محکمے کی اصل صورت حال بالکل مختلف ہے۔

    ثاقب نثار نے محکمہ ریلوے کی خراب حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ اس سلسلے میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو عدالت میں طلب کرلیا جائے۔ چیف جسٹس نے بھارتی محکمہ ریلوے کے وزیر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ لالو پرشاد یادیو ایک ان پڑھ وزیر تھا لیکن اس نے ادارے کو منافع بخش بنایا۔

    انھوں نے کہا کہ لالو پرشاد نے ریلوے کو منافع بخش بنانے کے لیے جو حکمت عملی اختیار کی اب اس کی تھیوری ہاورڈ یونی ورسٹی میں پڑھائی جاتی ہے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بادشاہت تھوڑی ہے کہ جس کا جو جی چاہے وہ کرتا پھرے، کیوں نا وفاقی وزیر ریلوے کو بھی عدالت میں طلب کرلیا جائے۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ریلوے محکمے کی بہتری کے دعوے کرتے رہے ہیں اور انھوں نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا کو بتایا تھا کہ سی پیک کے تحت ریلوے میں تبدیلیوں کی بنیاد رکھ دی گئی ہے تاہم محکمے کی حالت تاحال بہت ابتر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ڈیرہ مراد جمالی: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    ڈیرہ مراد جمالی: ریلوے ٹریک پر دھماکہ، بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ مراد جمالی کے ریلوے ٹریک پر دھماکہ کے نتیجے میں  ایک شخص زخمی ہوگیا  جبکہ بولان میل کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک واقعے میں ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ شخص زخمی ہونے والے شخص کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ ریلوے ٹریک کا 4 فٹ حصہ متاثر ہوا جس کے باعث کراچی تا خانیوالی بولان میل کو ڈمبولی کے علاقے میں روک دیا گیا ہے۔

    ریلوے ترجمان کے مطابق ایف سی حکام  نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافرں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ  متاثرہ ریل گاڑی کی مرمت کا کام جاری ہے، جلد اس ٹریک اور ریل کو مقررہ راستوں پر بحال کر دیا جائے گا۔

    دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے، البتہ  تمام مسافر  محفوظ ہیں، جبکہ دھماکے کے بعد فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ صوبائی انتظامیہ اور اعلی ایف سی حکام سے رابطے میں ہوں، فوری کارروائی کرنے پر ایف سی اور صوبائی انتظامیہ کو خراج تحسین کرتا ہوں۔

    علاوہ ازیں پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان انتظامیہ نے بولان ایکسپریس کا ٹریک کلیئر کردیا ہے اور  مسافرں کو سخت سیکیورٹی کے ساتھ  جیکب آباد پہنچا دیا گیا ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ریلوے ڈرائیورز کا آج رات سے ہڑتال پر جانے کا اعلان

    ریلوے ڈرائیورز کا آج رات سے ہڑتال پر جانے کا اعلان

    کراچی: ریلوے ڈرائیورز نے آج رات 12 بجے سے ریل گاڑی کا پہیہ جام کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    ٹرین ڈرائیورز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیکریٹری انجم صغیر کے مطابق ڈرائیورز کی تنخواہوں اور اسکیل میں اضافہ  کا مطالبہ کیا گیا تھا جسے انتظامیہ نے سنجیدگی سے نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے انتظامیہ نے چند ماہ قبل ہمارے مطالبات منظوری کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اُس پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوسکا، ہمارا مطالبہ ہے کہ ریلوے ڈرائیورز کو اسکیل 14،15 اور 16 دیا جائے اور پے اسکیل سے حساب سے رننگ الاؤنس بھی دیا جائے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو دیے جانے والے الٹی میٹم کی معیاد آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گی جس کے بعد جو ٹرین جہاں ہوگی وہی کھڑی رہے گی اور ہم مطالبات منظور ہونے تک گاڑیاں نہیں چلائیں گے۔

    انجم صغیر کا مزید کہنا ہے کہ ریلوے کے چار ہزار سے زائد ڈرائیورز نے ایک ساتھ چھٹی کی درخواست متعلقہ ڈویژن میں جمع کروادی ہے، انتظامیہ اُسے منظور کرے یا نہ کرے ہم 12 بجے گاڑیاں ہر صورت روک دیں گے۔

  • راولپنڈی تا کراچی نئی ٹرین چلانے کا اعلان

    راولپنڈی تا کراچی نئی ٹرین چلانے کا اعلان

    اسلام آباد: محکمہ ریلوے نے پاکستان ایکسپریس کے نام سے نئی ٹرین متعارف کروادی جو راولپنڈی سے کراچی تک چلائی جائے گی۔

    محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایکسپریس کی افتتاحی تقریب کل منعقد کی جائے جس کا افتتاح وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کریں گے۔

    ریلوے کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز کے نام سے چلائی جانے والی ٹرین راولپنڈی سے براستہ فیصل آباد اور کراچی کے لیے چلائی جائے گی، راولپنڈی سے کراچی تک کا سفر 1400 روپے ہوگا۔

    پڑھیں: ’’ کراچی : 10 ٹرینوں کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ ‘‘

    ترجمان ریلوے کے مطابق محمکہ نئے سنگِ میل عبور کررہا ہے اور مسافروں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید کام کیے جارہے ہیں، ٹرینوں کی پاور سپلائی 110 سے 220 میگا واٹ کردی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’ رہائشی عمارت کے اندر سے گزرنے والی ٹرین ‘‘

    یاد رہے 2013 کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ ن نے ریلوے کی وزارت خواجہ سعد رفیق کے ذمہ سونپی تاہم انہیں مخالف جماعتوں کی وجہ سے اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے کراچی سے لاہور بذریعہ ٹرین سفر کیا اور اس میں ہونے والی تبدیلیوں کی تعریف بھی کی تھی۔