Tag: Rain Emergency

  • کراچی میں موسلادھاربارش کی  پیشگوئی، رین  ایمرجنسی نافذ

    کراچی میں موسلادھاربارش کی پیشگوئی، رین ایمرجنسی نافذ

    کراچی : محکمہ موسمیات کی کل سے  کراچی میں موسلادھاربارش کی پیشگوئی پر رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی  اور متعلقہ حکام اور ملازمین 24 گھنٹے  ڈیوٹی پر موجود رہنے جبکہ تمام اسپتالوں میں انتظامی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں موسلادھاربارش کی پیشگوئی کے پیش نظر میئر کراچی وسیم اختر نے بلدیہ عظمی میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور متعلقہ حکام اور ملازمین 24گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت بھی کی۔

    میئر کراچی کا کہنا ہے کہ افسران و ملازمین ضروری مشینری کے ساتھ سڑکوں پر موجود رہیں۔

    سینئر ڈائریکٹر اینڈ ہیلتھ سروسز نے بھی رین ایمرجنسی ہائی الرٹ جاری کردیا، بلدیہ عظمیٰ کے تمام اسپتالوں میں انتظامی اقدامات کی ہدایت کردی۔

    دوسری جانب موسلادھاربارش کی پیشگوئی کے باوجود کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام مکمل نہیں کیا جاسکا جبکہ مضافاتی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام پہلے ہی مفلوج ہے۔

    مزید پڑھیں : بارشوں سے کراچی میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ، الرٹ جاری

    ملیر، لانڈھی ،کورنگی ، شاہ فیصل کالونی ، ماڈل کالونی ، نیو کراچی، محمود آباد، اختر کالونی قیوم کالونی ، ناظم آباد میں کچرےکےڈھیر پڑے  ہیں، جبکہ نارتھ ناظم آباد ،گلشن اقبال، گلستان جوہر میں صفائی کاناقص انتظام ہے، کچر اکنڈیوں سےہزاروں ٹن کچرے کو تاحال ٹھکانے نہیں لگایا جا سکا۔

    یاد رہے محکمہ موسمیات نے کراچی میں پیرسے موسلادھاربارش کی پیش گوئی کردی، ڈائریکٹرمیٹ سردار سرفراز نے بتایا انتیس، تیس اور اکتیس جولائی کو کراچی سمیت زیریں سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 سے 30جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ اور میرپور ، خاص میں بارش کا امکان ہے، بارشوں سےکراچی میں اربن فلڈ کی صورتحال بھی پیداہوسکتی ہے۔

  • وزیر بلدیات سندھ کا شاہراہوں‌ کا دورہ، پانی کی نکاسی کی نگرانی

    وزیر بلدیات سندھ کا شاہراہوں‌ کا دورہ، پانی کی نکاسی کی نگرانی

    وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا کہ وہ گذشتہ رات سے اب تک ہونے والی بارشوں کے بعد نکاسی آب کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں اور بلدیاتی اداروں میں اس حوالے سے غفلت کے مرتکب افسران سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سیز کے اشتہاری بل بورڈز ہٹا دیئے گئے ہیں تاہم کچھ مقامات پر کنٹونمنٹ بورڈ اور پرائیویٹ اداروں کی جانب سے اپنی عمارتوں پر ہورڈنگز لگائے گئے ہیں جنہیں فوری ہٹانے کے لیے درخواست کی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اور کے ڈی اے کے درمیان کوئی تنازع نہیں ،یہ دونوں ادارے وزارت بلدیات کے تحت ہیں اور سب مل کر کام کر رہے ہیں اگر کوئی معمولی مسائل ہیں بھی تو انہیں جلد حل کرلیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ تیز بارش کے باوجود شہر میں مرکزی شاہراہوں اور کوریڈورز پر ٹریفک رواں دواں ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے ۔ وزیر بلدیات نے مختلف برساتی نالوں کا بھی دورہ کیا اور گجر نالہ ، اورنگی نالہ، پی ای سی ایچ ایس نالہ سمیت دیگر نالوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ جہاں جہاں برساتی نالوں میں رکاوٹیں حائل ہیں انہیں فوری دور کیا جائے۔

    صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے بتایا کہ اس بار شہر میں معمول سے زیادہ مون سون کی بارشیں متوقع ہیں لہٰذا کوشش کی جا رہی ہے کہ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے ہرممکن بہتر اور زیادہ انتظامات کیے جائیں،رمضان المبارک میں شہریوں کی رہنمائی اور ٹریفک کنٹرول میں مدد کے لیے 650 سٹی وارڈنز کو شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے

    ایڈمسنٹریٹر نے بتایا کہ وہ مون سون کی بارشوں کے دوران خدمات انجام دیتے رہیں گے جبکہ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کو بھی فعال رکھا گیا ہے اور پارکس اور محکمہ انجینئرنگ کے ایمرجنسی سینٹرز 24 گھنٹے فعال رکھے جا رہے ہیں جہاں ہمہ وقت عملہ اور ضروری مشینری موجود ہے،بارشوں کے حوالے سے شہری اپنی شکایات کمپلین نمبر 1339 پر 24 گھنٹے درج کراسکتے ہیں جس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ منگل اور بدھ کے روز بارش کے بعد برساتی پانی کی نکاسی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے شارع فیصل پر نرسری مارکیٹ، لال کوٹھی، پوسٹ آفس اور ٹیپو سلطان روڈ سمیت کارساز موڑ پر جہاں جہاں بارش کا پانی جمع ہوا اسے فوری طور پر نکالنے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ ایکسپریس وے شہید ملت روڈ، شاہراہ قائدین اور یونیورسٹی روڈ پر بھی برساتی پانی جمع ہونے کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی جس سے ان تمام مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مدد ملی۔

    لئیق احمد نے مزید بتایا کہ ایف ٹی سی اور لیاقت آباد انڈر پاس پر بھی ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے پانی نکالا گیا۔ بارش شروع ہوتے ہی محکمہ میونسپل سروسز کے سیکڑوں اہلکار شہر کی مختلف سڑکوں پر موجود تھے اور نکاسی آب کا کام تیزی سے شروع کردیا گیا تھا جو بدھ کے روز ہونے والی بارش کے بعد بھی جاری رہا اور جہاں جہاں سے پانی کھڑا ہونے کی شکایات ملی تھیں وہاں فوری طور پر عملہ اور مشینری روانہ کردی گئی۔

  • کراچی،رین ایمرجنسی کے دعوے دھرے کےدھرے، سڑکیں تالاب بن گئیں

    کراچی،رین ایمرجنسی کے دعوے دھرے کےدھرے، سڑکیں تالاب بن گئیں

    کراچی: شہر قائد میں موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار کردیا تو وہیں کے الیکٹرک کا نظام بھی جواب دے گیا، جس کے ایک سو ساٹھ سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے۔

    اہلیان کراچی کا انتظار ختم ہوا، کراچی کے مختلف علاقوں میں باران رحمت جم کر برسی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

    شہر میں بارش شروع ہوتے ہی منچلے بارش کوانجوائے کرنے گھروں سے نکل آئے،بارش نے شہر کے موسم سہانا بنادیا۔

     باران رحمت کے برستے ہی کےالیکٹرک کا نظام بھی جواب دے گیا اور ایک سو ساٹھ سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے جس کے باعث روشنیوں کا شہر اندھیروں کی آماجگاہ بن گیا۔

    کراچی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش نے بلدیاتی اداروں کے دعوؤں کی بھی قلعی کھول دی، اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا اور کمشنر کراچی کے رین ایمرجنسی کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے۔

    شہر کے تمام انڈر پاسز پانی سے بھر گئے اور رین ایمرجنسی کا عملہ بھی غائب ہے۔

  • کراچی میں آج تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی

    کراچی میں آج تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کردی ہے جبکہ سمندر میں طغیانی سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشنگوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے تیزہواؤں اورگردوغبار سے حد نگاہ کم ہوسکتی ہے جبکہ تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ پانچ گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے۔

    دوسری جانب میری ٹائم سیکیورٹی نے بھی سمندرمیں طغیانی سے متعلق الر ٹ جاری کردیا ہے ،میری ٹائم سیکیورٹی کا کہنا ہے کہ ماہی گیراڑتالیس گھنٹوں تک گہرے سمندر میں جانے سے گریزکریں۔

    کراچی میں گرد آلود ہواؤں اوربارش کے امکان کے باعث رین ایمرجنسی نافذکردی گئی، صوبائی وزیرِ بلدیات شرجیل میمن نے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں ۔

    صوبائی وزیرِ شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں محکمہ موسمیات کی کراچی میں بارش اورتیزہواؤں کی پیشگوئی کے بعد صوبے بھر میں فوری طور پر رین ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

    صوبائی وزیر نے صوبے بھر کی تمام ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نبردآزما ہونے کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی جائیں اور خصوصاً سندھ کی ساحلی پٹی اور کراچی کی انتظامیہ تمام تر حفاظتی اقدامات کو بروئے کار لائے۔

    شرجیل میمن نے ہدایت دیں کہ تمام برساتی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام مکمل کیا جائے اور ایم ڈٰی واٹر بورڈ اور تمام اضلاع کے چیف انجنئیرز فوری طور پر نالوں کی صفائی اور سیوریج نظام کو مکمل طور پر درست کرلیں۔

  • کراچی میں بارش، نظامِ زندگی درہم برہم

    کراچی میں بارش، نظامِ زندگی درہم برہم

    کراچی: سمندری طوفان نیلوفر کے ہوا کے کم دباؤ کے طوفان میں تبدیل ہونے کے بعد کراچی سمندری طوفان سے تو محفوظ رہا تاہم شہر میں جمعے کی شب گرج چمک کے ساتھ ہلکی اورتیزبارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔

    بارش کے باعث اہم شاہراہوں پرپانی جمع ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، شہر میں ممکنہ طوفان کے باعث رین ایمرجنسی نافذ ہونے کے باوجود بلدیاتی ادارے سڑکوں سے غائب رہے اوربارش کی پیشگی اطلاع ہونے کے باوجود کے الیکٹرک بجلی کی بحالی میں ناکام رہا اوربارش کا پہلا چھینٹا پڑتے ہی شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

    کراچی میں ہونے والی بارش سے شہرکے بیشتر فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، شرجیل انعام میمن، گورنر سندھ عشرت العباد کا کے الیکٹرک حکام سے رابطہ، بجلی فوری بحال کرنے کی ہدایت، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی اظہار تشویش کر تے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کی پیشگوئی کےباوجودموثراقدامات نہ ہوناافسوسناک ہے۔