Tag: RAIN IN KARACHI

  • پیپلزپارٹی کراچی سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے، علی زیدی

    پیپلزپارٹی کراچی سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے، علی زیدی

    کراچی : وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں نالوں کی صفائی نہیں کی گئی اس لئےپانی جمع ہے، پیپلزپارٹی کراچی سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے بعد شہر کی سیلابی صورتحال پر اپنے رد عمل میں کہی، علی زیدی نے کہا کہ بارش میں نکاسی نہیں ہوگی تو پانی تو جمع ہوگا۔

    ہم نے گزشتہ سال کراچی میں سو سے زائد مقامات پر جمع ہونے والے پانی سے کچرا نکالا تھا، کراچی میں نالوں کی صفائی نہیں کی گئی اس لئے پانی جمع ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے حکومت سندھ کراچی کے لوگوں سے ووٹ نہ ملنے کا بدلہ لے رہی ہے، سوشل میڈیا پربارش کے بعد کی صورتحال سب کے سامنے ہے، کیا جھوٹ بولنے سے سڑکوں پر جمع پانی ختم ہوجائے گا؟

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے بہتری کی کوئی توقع نہیں، کام کرنا پڑے تو انہیں 18 ویں ترمیم یاد آجاتی ہے، کراچی کے مسائل کا حل لوکل گورنمنٹ کے مضبوط نظام میں ہی ہے۔

    مزید پڑھیں : علی زیدی جے آئی ٹی متنازع بنا کر ملزمان کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں، مراد علی شاہ

    علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں کراچی کی بہتری کے لئے بات کروں گا، سندھ حکومت کراچی کے ساتھ جان بوجھ کر بدلہ لے رہی ہے، سوشل میڈیا پر ویڈیوز ڈالی ہیں، سب کچھ لوگوں کو معلوم ہے۔

     

  • کراچی میں بارش : کئی علاقوں میں پانی اب بھی موجود

    کراچی میں بارش : کئی علاقوں میں پانی اب بھی موجود

    کراچی : شہر قائد میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش کے بعد کراچی میں ہرطرف پانی ہی پانی ہوگیا، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود متعدد علاقوں میں پانی تاحال موجود جبکہ کچھ مقامات پر پانی اتر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر کی اہم شاہراہوں پر گزشتہ روز بارش سے جمع پانی اترگیا جبکہ صدر کے علاقے موبائل مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ کے قریب برساتی پانی موجود ہے، ایم اےجناح روڈ، تبت سینٹر، برنس روڈ پر بھی بارش کا پانی جگہ جگہ کھڑا ہے۔

    اس کے علاوہ ملیر کالا بورڈ، یونیورسٹی روڈ، ناگن چورنگی پربارش کا پانی ( آخری اطلاعات تک )اب بھی موجود ہے، ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کاٹھور ندی میں طغیانی ختم ہونے کے بعد لنک روڈ پر ٹریفک کو بحال کردیا گیا ہے، رات گئے برساتی ریلا گزرنے کے باعث کاٹھور لنک روڈ بند کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب شارع فیصل پر مختلف مقامات پرموجود بارش کا پانی صاف کردیا گیا، عبداللہ ہارون روڈ، لکی اسٹار کے مقام پر بارش کا پانی نکال لیا گیا اور گورنرہاؤس سے متصل سڑک، زینب النسااسٹریٹ صدر سے بھی پانی صاف کردیا گیا ہے۔

    کراچی میں صبح کےوقت مطلع ابرآلود اور موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے آج مطلع ابرآلود رہنے اور بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے، کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں بارش، کرنٹ لگنے سے 4 افراد جاں بحق،1 زخمی

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے تیسرے اسپیل کے دوسرے روز شہر میں سب سے زیادہ بارش گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ میں 78.5 ملی میٹر اور سرجانی میں 68.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    یاد رہے کہ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے 23 جولائی کو کہا تھا کہ مون سون سیزن کے تیسرے سلسلے میں 26 اور 27 جولائی کو کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔

  • کراچی اور اندرون سندھ بارش، بجلی کی فراہمی پہلی بوند گرتے ہی بند

    کراچی اور اندرون سندھ بارش، بجلی کی فراہمی پہلی بوند گرتے ہی بند

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر ہلکی اور تیز بارش ہوئی، اندرون سندھ میں بھی بادل گرج چمک کے ساتھ برسے، بارش شروع ہوتے ہی کئی شہروں میں بجلی غائب ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں آج صبح سے بارش کاسلسلہ جاری ہے، اندرون سندھ اور کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ہلکی اور تیزبارش ہوئی۔

    بارش کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، پہلوان گوٹھ، بھٹائی آباد،صفورا گوٹھ اور اطراف میں بجلی کی فراہمی بند کردی گئی۔

    بلدیہ اتحاد ٹاؤن،قائم خانی کالونی، گلشن غازی،اطراف میں بھی بجلی غائب رہی، اس کے علاوہ ملیر پاک کوثرٹاؤن اور اطراف کےعلاقوں میں بھی بجلی کا نظام معطل ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق شکارپور، سکھر، جیکب آباد اور اس کے گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، کئی نشیبی علاقےزیرآب آگئے۔

    بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، پانی کی بوندیں گرتے ہی سیپکو نے بجلی کی فراہمی معطل کردی، سکھر میں بارش کے باعث45فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

  • بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ، مکینوں کی شکایات کا ازالہ

    بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ، مکینوں کی شکایات کا ازالہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شہر میں حالیہ بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پہنچے، علاقہ مکینوں نے کچرا کی بہتات پر شکایات کے انبار لگا دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صوبائی وزرا کے ہمراہ گارڈن پہنچے۔

    اس موقع پر گارڈن ایسٹ کے مکینوں نے شکایات کے انبار لگادیئے ، مکینون نے ان سے ایک خالی پلاٹ پر کئی سالوں سے کچرے کی موجودگی کا شکوہ کیا۔

    علاقہ مکینوں نے شکایت کی کہ کچرے کی وجہ سے علاقے میں بدبو، مچھر اور موذی بیماریاں پھیل رہی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ نے مکینوں کی شکایات کو غور سے سنا اور ڈی سی کو فوری طور پر مذکورہ مقام سے کچرا اٹھوانے کی ہدایت دی۔

    اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین دن سے کچرا اٹھا رہے ہیں لیکن کچرا کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔

    علاقہ مکینوں نے خالی پلاٹ کو کچرا کنڈی بنایا ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے علاقہ مکینوں کو مناسب جگہ پر کچرا کنڈی بنا کر دینے کی ہدایت بھی دی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ دیگر افسران کے ساتھ ضلع ایسٹ کی جانب روانہ ہوگئے۔

    واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کراچی میں30روزہ صفائی مہم کی نگرانی کیلئے18 رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم کردی ہے، کابینہ ارکان پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی صفائی مہم کی نگرانی کرے گی۔

  • کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ  بارش، ٹھنڈی ہوا چلنے لگی

    کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، ٹھنڈی ہوا چلنے لگی

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں نہایت مختصر وقت کے لیے تیز بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، پہلی بوند پڑتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقوں صفورہ، ملیر، ایئر پورٹ، ماڈل کالونی، شارع فیصل، اسٹار گیٹ اور نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ہوئی، بارش کے بعد ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ تاحال برقرار ہے۔
    بارش کے بعد گرمی کے ستائے کراچی کے شہریوں کے چہرے خوشی کھل اٹھے، ٹھنڈی ہواؤں اور خوشگوار موسم دیکھ کر لوگ بارش کا مزہ لینے گھروں سے باہر نکل آئے ۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش بنانے والا سسٹم اب بھی شہر میں موجود ہے، وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔

    دوسری جانب  کراچی میں بارش کی پہلی بوند پڑتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، ملیر، گلستان جوہر، لیاری،نارتھ کراچی میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، اس کے علاوہ لیاقت آباد، سائٹ ایریا، سہراب گوٹھ، نارتھ ناظم آباد، پہلوان گوٹھ، گلزارہجری ودگر علاقوں میں میں اندھیرا چھا گیا۔

    کراچی کے علاوہ بھی ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ایران سے بلوچستان میں داخل ہوچکا ہے اور سرحدی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔

  • اندرون سندھ  اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری

    اندرون سندھ اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری

    کراچی : اندرون سندھ کے مختلف شہروں اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، بوندا باندی سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت مکران ڈویژن، تربت اور دادو میں بونداباندی کا سلسلہ جاری ہے، بوندا باندی سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

    مری، نتھیا گلی، دیر، چترال، چلاس، سوات، گلگت، کاغان اورمظفرآباد میں برفباری کی پیشگوئی ہے، پنجاب کےمیدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کےاوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی سولہ ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، جس کے سبب سڑکوں پر جگہ جگہ بارش کا پانی کھڑا ہوگیا تھا۔

  • کراچی: پھر طوفانی بارش، دو جاں‌ بحق، آدھا شہر بجلی سے محروم

    کراچی: پھر طوفانی بارش، دو جاں‌ بحق، آدھا شہر بجلی سے محروم

    کراچی : شہر قائد میں آج دوسرے روز بھی طوفانی بارشوں کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، بجلی غائب ہو گئی، کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، ملیر، ایئرپورٹ، شارع فیصل، گلشن حدید، سپر ہائی وے، طارق روڈ، صدر، کلفٹن اور یونیورسٹی روڈ پر تیز ہواؤں اور بادلوں کی گھن گھرج کے ساتھ بارش ہوئی۔

    دو افراد جاں بحق

    بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شہر بھر میں 300 مقامات پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گر پڑے جب کہ نیو کراچی اور بلدیہ کے علاقے میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    آدھے شہر میں اندھیرا، 400 فیڈر ٹرپ، 300 جگہ تار ٹوٹ گئے

    حسب معمول بارش کی پہلی بوند گرتے ہی کےالیکٹرک کے دعووں کی قلعی کھل گئی، 405 فیڈرز ٹرپ ہوگئے اور 300 جگہوں سے بجلی کے تار ٹوٹ گئے جس کے باعث آدھے شہر میں اندھیرا چھا گیا اور ٹریفک سگنل بھی بند ہیں جب کہ جگہ جگہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    ذرائع کے مطابق اولڈ سٹی ایریا، رنچھوڑ لائن، گارڈن، میٹھادر، بہارکالونی، پی ای سی ایچ ایس، نیوٹاؤن، صدر، خدادا کالونی ، لانڈھی، ملیر، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن اور نارتھ ناظم میں بجلی غائب ہوگئی۔

    یاد رہے کہ پیر کو بھی طوفانی بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

    طوفانی بارش جمعرات تک جاری رہنے کی پیش گوئی

    محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں ہونے والے بارشوں سے پیش گوئی کی ہے کہ آج ہونے والی بارش مزید 4 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے بعد بارش کی شدت میں کمی واقع ہوجائے گی۔

    محمکہ موسمیات کے مطابق کل یعنی بدھ سے بارش کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگا اور کل پورا دن وقفے وقفے سے بارش  جاری رہے گی تاہم یہ بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    شہری احتیاط کریں

    ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلاضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں،  بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، گھروں کے باہر لگی ڈور بیل نہ بجائیں کیوں کہ عموما بارش کے پانی کی وجہ سے اس میں کرنٹ آجاتا ہے، اسی طرح شہری سائن بورڈ یا درخت کے نیچے کھڑے نہ ہوں کیوں کہ ان کے گرنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

    فضائی آپریشن معطل، پروازوں کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا

    موسم کی خرابی کے سبب پروازوں کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 312 کو ٹیک آف کرنے سے روک دیا گیا، اسی طرح غیر ملکی ایئر لائن کی دوحہ جانے والی فلائٹ بھی بارش کے سبب اڑان بھرنے سے روک دی گئی۔

  • کراچی میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب

    کراچی میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب

    کراچی : شہر قائد کے بیشترعلاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے موسم کوخوشگوار بنادیا۔ بارش کے باعث درجنوں فیڈر ٹرپ ہوگئے، شہر کے بیشتر علاقوں میں اندھیرا چھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں باران رحمت کے باعث شہریوں کےچہرے کھل اٹھے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی۔

    شہر قائد  کے مختلف علاقوں میں بادل گرجے، بجلی چمکی ،برکھا برسی گلشن حدید، گڈاپ، کاٹھوڑ، رزاق آباد، گھگھرپھاٹک، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد،ایف بی ایریا، لیاقت آباد، گلشن اقبال اورسرجانی ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

    بارش شروع ہوتے ہی کےالیکٹرک کی نااہلی بھی سامنے آگئی ، شہر کے ایک سونو فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس کی وجہ سے ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لیاقت آباد، ڈیفنس، بلدیہ، نیوکراچی، سرجانی ٹاؤن، خدا کی بستی، دہلی کالونی اور دیگر علاقے بارش ہوتے ہی اندھیرے میں ڈوب گئے، شہر کے بیشتر سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔


    مزید پڑھیں: بارش: دو دن میں نکاسی آب کا کام نہ ہوسکا، جگہ جگہ کیچڑ


    یاد رہے کہ کراچی میں بلدیاتی اداروں کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کو کئی دن گزرنے کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا کام نہیں کیا جاسکا، قیوم آباد سمیت دیگر علاقے جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔


    مزید پڑھیں: ترقیاتی کام نامکمل، بارشیں شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئیں


     شہری انتظامیہ کی نااہلی اورغفلت کے باعث باران رحمت شہریوں کیلئے اذیت بن گئی، شہر کے بیشتر مقامات پر سیوریج کی لائنیں تباہ حالی کا شکار ہیں۔ بارش کے پہلے قطرے کے ساتھ ہی گٹر اور نالے ابل پڑے تھے۔

  • کراچی بارش: دو دن میں نکاسی آب کا کام نہ ہوسکا، جگہ جگہ کیچڑ

    کراچی بارش: دو دن میں نکاسی آب کا کام نہ ہوسکا، جگہ جگہ کیچڑ

    کراچی : بلدیاتی اداروں کی غفلت اورلاپرواہی کے باعث بارش کو دو دن گزرنے کے باوجود شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا کام نہیں کیا جاسکا، قیوم آباد سمیت دیگرعلاقے جھیل کا منظر پیش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق باران رحمت شہری انتظامیہ کی نااہلی اورغفلت کے باعث باران زحمت اوراذیت بن گئی، شہر کے بیشتر مقامات میں سیوریج کی لائنیں تباہ حالی کا شکار ہیں۔ بارش کے پہلے قطرے کے ساتھ ہی گٹر اور نالے ابل پڑے۔

    موسلا دھار بارش کے باعث گھروں میں گندہ پانی داخل ہوگیا، ندی نادلوں میں طغیانی کے باعث کراچی کے علاقے ایف بی ایریا رحمان آباد میں سیوریج کا پانی گھروں اور مسجد میں داخل ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا رہا۔

    ڈپٹی کمشنرکی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنرضلع وسطی مسجد پہنچ گئیں مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی شروع کردی، مکینوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا۔

    دوسری جانب شہر کی مختلف شاہراہوں پرکھلے مین ہولز اور سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے شہریوں کیلئے خوف کی علامت بن گئے، گرومندر سے نمائش جانیوالی روڈ پر مین ہولز اورگڑھوں سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہے۔

  • کراچی: بارشوں سے 7 افراد جاں‌ بحق، 90 فیصد بازار بند

    کراچی: بارشوں سے 7 افراد جاں‌ بحق، 90 فیصد بازار بند

    کراچی: شہر قائد میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے، چھت گرنے اور حادثات میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، سڑکوں پر پانی بھرنے سے نوے فیصد بازار بند رہے، تاجروں نے واٹر بورڈ کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

    امدادی ادارے کے ذرائع کے مطابق ایف سی ایریا بلاک3 میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، کشمیر روڈ پر موٹر سائیکل سلپ ہونے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    اسی طرح کورنگی میں بجلی کا تار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے،بفرزون میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، کلفٹن میں گھر کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے، اردو بازار کے قریب حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ریلوے سٹی کالونی میں کرنٹ لگنے سے8 سال کابچہ جاں بحق ہوا،کورنگی پی اینڈ ٹی کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے7 افراد زخمی ہوئے۔

    دوسری طرف کراچی میں بارش کے باعث 90 فیصد تجارتی مراکز بند پڑے ہیں، سڑکوں پر پانی جمع ہونے پر تاجروں نے احتجاج کا اعلان کردیا۔

    اطلاعات کے مطابق بارش کے باعث کھجور بازار، اردو بازار، لائٹ ہاؤس، میڈیسن مارکیٹ، لنڈا بازار،لیاری،چپل بازار، جھٹ پٹ مارکیٹ،جونا مارکیٹ بند ہیں۔

    اولڈ سٹی ایریاز کی مارکیٹوں میں پانی جمع ہونے سے دکانوں میں بھی داخل ہوگیا جس پر سامان خراب ہونے سے تاجروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

     

    دکانوں میں پانی بھرنے کے خلاف کراچی تاجر اتحاد نے آئندہ ہفتے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ نکاسی آب کے ادارے ذمے داریوں کی ادائیگی میں ناکام ہیں۔

    کراچی کا موسم انتہائی سرد ہوگیا، کل بھی بارش جاری رہنے کی پیش گوئی

    کراچی میں دوسرے روز بھی بارش جاری رہی، ہوا چلنے اور بارش کے سبب کراچی میں موسم انتہائی سرد ہوگیا، گرم مشروبات اور گرم کپڑوں کی مانگ میں انتہائی اضافہ ہوگیا، بازار بند ہونے کے سبب شہریوں نے علاقوں میں لگے ٹھیلوں سے گرم کپڑے خریدے۔ محکمہ موسمیات نے تیسرے روز بھی بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔