Tag: rain-related incidents

  • خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک

    خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، 10 افراد ہلاک

    پشاور: خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ، اس دوران مختلف حادثات میں 10 افراد ہلاک جبکہ 10 افراد کے زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پراونشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بارشوں سے نقصانات کے حوالے سے رپورٹ جاری کی گئی ہے۔

    جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے 10 گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم تیمور خان نے بتایا کہ مختلف حادثات میں اب تک 10 افراد جانبحق ہوئے ہیں جانبحق ہونے والوں میں 3 بچے ایک خاتون اور 6 مرد شامل ہےجبکہ بارشوں سے 10 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

    تیمور خان کا کہنا تھا کہ  چیف سیکرٹری کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے اور سیکرٹری ریلیف نے حالیہ بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایبٹ آباد اور مانسہرہ کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کئے ہیں۔

    ترجمان پی ڈی ایم نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی نمبر 24 گھنٹے فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر کال کرکے دیں تاکہ انتظامیہ بروقت پہنچ کر متاثرہ افراد کی مدد کرسکے۔۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کل تک بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں  بحق

    گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق

    لاہور:گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش چار خواتین سمیت چھ افراد کی زندگیاں نگل گئی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرات میں بارش کے باعث حادثات میں اموات پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں طوفانی آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچادی ، مختلف علاقوں میں حادثات کے دوران 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا تھا کہ لاری اڈا کے قریب سائن بورڈ گرنے کے باعث 70 سالہ مہندی خان اور اس کی بیوی جانبحق ہوئے جبکہ سبزی منڈی کے قریب بزرگ شہری دیوار گرنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

    اسی طرح مدینہ سیداں میں گھر کی دیوار گرنے سے 2 بہنیں بیس سالہ سحر نور اور 15 سالہ مہتاب جاں بحق ہو گئیں جبکہ تھانہ سول لائنز کے علاقہ گرین ٹاؤن میں دیوار گرنے سے 4 بچوں کی ماں اس میں سمینہ رانی دم توڑ گئی۔

    شدید طوفانی بارش کے دوران پولیس اور ریسکیو کا عملہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرتا رہا، گجرات میں میں سائن بورڈ گرنے کے واقعات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے باوجود سائن بورڈ سڑکوں پر موجود ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گجرات میں بارش کےباعث حادثات میں اموات پراظہارافسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ زخمی افراد کوعلاج معالجےکی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

  • خیبرپختونخوا میں  بارشوں اور سیلاب سے تباہی ، مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق

    خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی ، مختلف حادثات میں 27 افراد جاں بحق

    سوات : خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی ، مختلف حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 27 ہو گئی، بارشوں سے 110 گھروں کو جزوی نقصان جبکہ 13گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہے ، مختلف حادثات کے دوران اب تک 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    صوابی میں رات گئے شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 3بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے ۔

    سوات میں طوفانی بارش کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث فضاگٹ روڈ مکمل طور بند ہوگیا ہے ، وزیراعلی خیبرپختونخوا آج سوات کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

    سوات میں اب تک بارشوں سے 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ صوابی میں پانچ،مانسہرہ میں نو ،بٹگرام میں 2 ،کوہستان میں 1 جبکہ شانگلہ میں 2 افراد مختلف حادثات کے دوران جان سے گئے اور 34 افراد زخمی ہیں۔

    دریائے سوات میں ڈوبنے والے تین افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے ،پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 110گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ 13گھر مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔

    شدید بارشوں سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ ملک بھر سے منقطع ہے ، دریائے سوات میں نچلے درجے کا سیلاب ہے، نشیبی علاقوں سے عوام کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بالائی علاقوں میں سیلاب کے تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے کام جاری ہے ، بارشوں کے وجہ سے اسمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔