Tag: Rain Situation

  • صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ اداروں کو فعال رہنے کی ہدایت

    صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ اداروں کو فعال رہنے کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر سوئپنگ کو لگاتار جاری رکھا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کا مستقل دورہ کریں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ عملہ مستقل طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے، ضلعی چیئرمینز سے مستقل طور پر رابطہ ہے۔ اضلاع کا بلدیاتی عملہ مزید بارشوں سے قبل نکاسی انتظامات کو یقینی بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، اندرونی گلیوں کی صفائی پر ڈی ایم سیز کا عملہ تعینات ہے۔ میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال ہیں۔

    وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ نالوں کی مجموعی صورتحال پہلے سے بہتر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ 3 روز سے مون سون کا چوتھا اسپیل جاری ہے جس نے شہر میں جل تھل ایک کردیا ہے، 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 5 بچوں‌ سمیت 18 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بار پھر متوقع بارشوں کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں تجاوزات اور بارش کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے متوقع بارشوں کے پیش نظر ہدایت کی کہ تمام ادارے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز بارش کی تیاری کر لیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیادہ جذبے اور محنت کی ضرورت ہے، آج حیدر آباد کا دورہ کروں گا، انتظامیہ کو ضروری ہدایات دوں گا۔ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بلدیاتی اداروں اور ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کریں۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے لیے واسا، ایچ ڈی اے اور ایچ ایم سی کو بے حد محنت کرنی ہوگی۔ سندھ حکومت نے کمپری ہینسو کراچی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ بنایا۔ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جمعے کی رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے ہفتے اور اتوار کو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ’ویدر وارننگ‘ میں کہا گیا ہے کہ شمالی خلیج بنگال میں مون سون کا کم دب پیدا ہوا ہے، مون سون سسٹم 9 اگست کی صبح بھارتی گجرات پہنچ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 9 سے 12 اگست تک کراچی، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، حیدر آباد اور شہید بینظیر آباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔ کراچی اور حیدر آباد میں ہفتے اور اتوار کو اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے، متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا گیا ہے۔