لاہور/ رحیم یار خان /چلاس : پنجاب اور کے پی کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد،اور راو لپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے چلاس میں بھی بارش ہوئی جس کے باعث پنجاب اور کے پی کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں رات گئے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے بعد سڑکوں پر کھڑے پانی سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز کو واسا انتظامیہ سےرابطے میں رہنے کی ہدایت جاری کردی
اوکاڑہ اور گردونواح میں گرد آلود آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، حویلی لکھا اور گردو نواح میں آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، شیخوپورہ اورگردو نواح میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور میں نہر 3آر میں شگاف تاحال بند نہ کیا جاسکا، ذرائع محکمہ آبپاشی کے مطابق شگاف 100فٹ چوڑا ہوگیا،6گھنٹے گزرنے کے باوجود شگاف کو پُر نہ کیا جاسکا۔
پانی چک 28 عباسیہ میں داخل ہوگیا، جس کے باعث قریبی دیہات کے مکانات زیر آب آگئے پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سینکڑوں ایکڑ پرکھڑی کپاس، گنے اور چارے کی فصلیں تباہ ہوگئیں۔
فیروزوالا اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ، فاروق آباد اور گردونواح میں بھی تیزآندھی کے ساتھ ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، پھول نگر اور گردونواح میں ٹھنڈی ہواؤں کےساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔
خیبر پختونخوا میں چلاس کے علاقے دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جارہی ہے، بابوسر، بٹوگاہ سمیت دیگر مقامات پر بارش سے جل تھل ہوگیا۔
تھور میں بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے باعث تھور کا 1.6میگا واٹ پن بجلی گھر بند ہوگیا۔3.6میگا واٹ واپڈا ہائیڈرو پاور پلانٹ بھی بند کردیا گیا جبکہ تھک اور بٹوگاہ ہائیڈرو پاور پلانٹ پر معمول کا کام جاری ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔