Tag: Rain

  • سعودی عرب : آج کا موسم کیسا رہے گا؟ متعدد علاقوں میں بارش

    سعودی عرب : آج کا موسم کیسا رہے گا؟ متعدد علاقوں میں بارش

    ریاض : سعودی ماہر موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں دن میں گرمی رات میں سردی رہے گی، آج بارش کا بھی امکان ہے۔

    ماہر موسمیات عبد العزیز الحسینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ 36 گھنٹوں میں درجہ حرارت میں مرحلہ وار اضافہ ہوتا رہے گا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں آج جمعہ کو دن کے وقت گرمی اور رات کو موسم سردی مائل ہوگا۔

    یہ کیفیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ہوگی تاہم مغربی اور جنوبی بالائی علاقوں میں دن کے وقت موسم خوشگوار جبکہ رات کے وقت سرد ہوگا۔

    ماہر موسمیات نے بتایا کہ آج جمعہ کو متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں کے علاوہ الجوف، حائل، قصیم، باحہ، عسیر، مکہ کا مشرقی علاقہ، ریاض کا شمالی علاقہ اور مشرقی ریجن کے بعض علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

  • پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

    پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

    اوکاڑہ : پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ برسنے والی بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے دو روز قبل ہی پیشگوئی کردی گئی تھی کہ اتوار سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگا جو منگل تک بارش برسانے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اوکاڑہ شہر اور گردونواح میں تیز ہواوٗں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ساہیوال شہر اور مضافات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

    محکمے کے مطابق جھنگ، خانیوال اور ٹبہ سلطان پور میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ جھنگ میں بارش شروع ہوتے ہی فیسکو کے 35 فیڈرز ٹرپ کرگئے تاحال بجلی کی سپلائی معطل ہے۔

  • ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے، کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں چل پڑیں

    ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لیے، کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں چل پڑیں

    کراچی / لاہور/ پشاور : ملک بھر میں سردی نے اپنا زور دکھانا شروع کردیا، پنجاب میں دھند اور خیبر پختونخوا میں بارشیں جبکہ کراچی میں سائبیریا کی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں۔

    ملک بھر میں سردی کا راج ہے کراچی میں سائبرین ہواؤں نے سردی کی شدت بڑھادی، بالائی علاقوں میں بارشوں سے ٹھنڈ بڑھ گئی شہری کپکپا اٹھے۔

    موسم کا حال سنانے والوں نے اہلیان کراچی کو مزید سردی کی نوید سنادی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر تیس نومبر تک جاری رہنے کا قوی امکان ہے۔

    لاہورمیں رات گئے بونداباندی سے موسم سرد ہوگیا اور پارہ گیارہ ڈگری تک گرگیا۔ قومی شاہراہ پر لاہورسے ساہیوال تک دھند کا راج ہے، حد نگاہ ساٹھ سے ایک سو بیس میٹر تک رہ گئی۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، ساہیوال، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ کالام ، مالم جبہ، بالاکوٹ، پشاور اور چترال سمیت خیبر پختونخوا میں بھی بادل جم کر برسے۔

    مانسہرہ میں تین دن بعد بارش کاسلسلہ تھم گیا۔ بجلی بحال نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں بلوچستان، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے چند علاقوں میں بارش نے سردی بڑھادی کالام اور مالم جبہ میں دس انچ برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

  • سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    سندھ میں بارشوں سے متاثرہ افراد کے لیے معاوضے کی منظوری

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رواں برس ہونے والی بارشوں کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت رواں سال بارشوں کے نقصانات پر اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رواں برس بارشوں میں 17 سو 52 دیہات ڈوب گئے۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ بارشوں میں 22 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے تھے، 1.49 ملین ایکڑ فصلیں اور 29 لاکھ گھر تباہ ہوئے، گھر گرنے کے سبب 12 لاکھ 90 ہزار افراد متاثر ہوئے۔

    بریفنگ کے مطابق بارشوں میں 149 افراد جاں بحق اور 103 زخمی ہوئے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے سوشل پروٹیکشن کے تحت متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دے دی، انہوں نے کہا کہ معاوضے کی رقم کی منظوری کابینہ دے گی۔

    اجلاس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ غریب اور متاثر شدہ لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔

    انہوں نے متاثرین کا ڈیٹا ایک بار پھر ویریفائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ فرد کا شناختی کارڈ دیکھ کر رقم ٹرانسفر کی جائے گی۔

  • بلوچستان میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں: ترجمان

    بلوچستان میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں: ترجمان

    کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے 13 اموات ہوئیں، حکومت ریلیف و ریسکیو اور بحالی کا کام کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں میں صوبے میں 13 اموات ہوئیں، حکومت نے ریلیف اور ریسکیو کا کام تندہی سے کیا۔

    لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سے حالیہ بارشوں میں جانی نقصان نہیں ہوا، ناڑی بینک میں سیلابی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹا گیا۔ ایم 8 خضدار رتو ڈیرو شاہراہ پر کافی نقصان ہوا جہاں بحالی کا کام جاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں 3 ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کی تجویز پر کام کر رہے ہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایک ہفتہ قبل ایک بچی ریلوے کالونی سے اغوا ہوئی، سی سی ٹی وی کیمروں میں ایک شخص کو بچی لے جاتے دیکھا گیا، واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کی تحقیق اور بچی کی بازیابی کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنادی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ بلوچستان میں اگست کے پورے مہینے بارشیں جاری رہیں جن میں خاصا نقصان ہوا، بلوچستان کے بعض اضلاع میں 278 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

    شدید بارشوں سے 300 گاؤں زیر آب آگئے جبکہ گیس لائن بھی متاثر ہوئی جس سے صوبے کے کئی شہروں میں گیس منقطع ہوگئی۔ صوبے میں بحالی کے کاموں میں پاک فوج نے بھی حصہ لیا۔

  • خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟

    خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشوں سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ بونیر، شانگلہ، کرک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں گھروں کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں بارشوں سے 2 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچوں کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 7 گھروں کو جزوی اور ایک کو مکمل نقصان پہنچا، صوبے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ بونیر، شانگلہ، کرک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بند سڑکیں کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ بحالی کے کاموں کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے ہیں۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ بالائی اضلاع میں بارش سے دریاؤں اور ندی نالوں کی سطح بڑھ گئی ہیں، چکدرہ، خوازخیلہ اور دریائے پانچکوڑہ کے قریب رہنے والے احتیاط کریں۔

    دوسری جانب پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کا کہنا ہے کہ بارشوں کی وجہ سے صوبے بھر میں 204 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

    پیسکو کے مطابق پشاور اور بنوں میں 52، خیبر میں 40، سوات میں 25، مردان اور ہزار ہون میں 15 اور صوابی میں 25 فیڈرز خرابی کا شکار ہیں جن کی بحالی کے لیے ٹیمیں کام میں مصروف ہیں۔

  • سوات : ندی میں طغیانی سے کئی مکانات بہہ گئے ایک خاتون جاں بحق

    سوات : ندی میں طغیانی سے کئی مکانات بہہ گئے ایک خاتون جاں بحق

    سوات : ملک بھر کی طرح سوات میں بھی بارش نے تباہی مچادی جہاں 12 افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔ شدید یطغیانی کے باعث چھ مکانات بہہ گئے، ایک خاتون ڈوب کر ہلاک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے مدین کے شاہ گرام خوڑ میں طوفانی بارش سے طغیانی کے باعث چھ مکانات بہہ گئے ہیں اور رابطہ پلوں سمیت دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    سیلابی ریلے میں متعدد افراد کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک خاتون کی لاش نکال لی
    ڈوبنے والے3افراد کو مدین اسپتال منتقل کردیا گیا، ندی میں طغیانی کے باعث ڈوبنے والے12افراد بھی بہ گئے تھے جنہیں ریسکیو کرلیا گیا۔

  • حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع

    حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح بھی بلند ہونا شروع ہوگئی، پانی جلد ہی ڈیم کی گنجائش سے زیادہ بھر جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں موسلا دھار بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح 334 فٹ تک پہنچ گئی، حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے کی گنجائش 339 فٹ ہے۔

    ایکسین اری گیشن جبار زہری کا کہنا ہے کہ 339 فٹ کے بعد ڈیم کے اسپل وے کھولے جائیں گے، اسپل وے کھول کر حب ندی میں پانی کا اخراج کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز شہر میں ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے اور شہر میں اربن فلڈ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    مختلف علاقوں میں تاحال کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، سڑکیں تالاب بن چکی ہیں، شہر کے متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔

    بارش کے بعد ہاک فوج نے شہر میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملیر ندی سے پانی کا باہر بہاؤ روکنے کے لیے کام جاری ہے، آرمی انجینئرز مشینری اور ہیوی پلانٹ کے ذریعے ریلیف آپریشن کر رہے ہیں۔

    عالاوہ ازیں آرمی کی کشتیوں کے ذریعے متاثرہ افراد کو منتقل بھی کیا جا رہا ہے، متاثرہ افراد کو کھانا و دیگر ضروری اشیا کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔

  • کراچی: محکمہ موسميات نے بارش کے اعداد و شمار جاری کرديے

    کراچی: محکمہ موسميات نے بارش کے اعداد و شمار جاری کرديے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سب سے زیادہ بارش پی اے ايف فيصل بيس پر 118 ملی ميٹر اور سب سے کم پی اے ايف مسرور بيس پر 50 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسميات نے شہر قائد میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کرديے، محکمہ موسمیات کے مطابق صبح 8 سے دوپہر 2 بجے تک پی اے ايف فيصل بيس پر سب سے زیادہ 118 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صدر میں 77 ملی ميٹر بارش ہوئی، ناظم آباد میں 76.6 ملی ميٹر بارش ريکارڈ کی گئی۔ گلشن حديد میں 72، موسميات پر 71.2 اور لانڈھی میں 69.5 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

    اسی طرح يونيورسٹی روڈ پر 68.8، جناح ٹرمینل پر 57.2 اور پی اے ايف مسرور بيس پر 50 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

    شہر میں ہونے والی شدید بارش نے اربن فلڈ کی صورتحال پیدا کردی ہے اور مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، شہر کے متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔

  • کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟ اعداد و شمار جاری

    کراچی میں کہاں کتنی بارش ہوئی؟ اعداد و شمار جاری

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، سب سے زیادہ بارش گلشن حدید اور سب سے کم جناح ٹرمینل پر ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ ہوئی، گلشن حدید میں 105 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔

    کراچی کے علاقے لانڈھی میں 45.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پی اے ایف فیصل بیس میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جناح ٹرمنل پر 11 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    خیال رہے کہ آج صبح سے شہر قائد میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج موسلا دھار بارش برسانے والا سسٹم دوپہر کے بعد شہر میں داخل ہوگا۔

    بعض علاقوں میں 150 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ نے صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔