Tag: Rain

  • سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا، حلیم عادل شیخ

    سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا، حلیم عادل شیخ

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے، مرتضیٰ وہاب نے سندھ کے معاملات بھلا کر لاہور نامہ پڑھا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیاپر جاری ایک ویڈیو میں کیا، پی ٹی آئی رہنما نےبارشوں کی تباہ کاریوں پر اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بارشوں کے حوالے سے ایک بیان دیا۔

    جس میں انہوں نے سندھ کے معاملات کو بھلا کر لاہور نامہ پڑھا، اس بیان میں لاہور میں گدھے کے ڈوبنے کا غم تو کیا گیا لیکن کراچی میں شہری ڈوبتے رہے اس کی کسی کو پرواہ نہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ رات دیر تک ہم شہریوں کے ساتھ سڑکوں پرموجود رہے لیکن کراچی کی سڑکوں پر سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ نظر نہیں آیا، جب ہم متاثرہ علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں تو حکمران کیوں نہیں پہنچتے۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو سندھ حکومت نے لاوارث چھوڑدیا ہے، بارش کے دوران 7افراد جاں بحق ہوگئے کوئی ریسکیو ادارہ نہیں پہنچا، لیاری ندی میں نوجوان ڈوب گیا، سندھ کا کوئی ادارہ بچانے نہیں پہنچا۔

    پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو پانی سے نکالا، پی پی وزیرنے کہا کہ سپریم کورٹ نے نالے این ڈی ایم اے کے حوالے کئے۔

    انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 3نالے این ڈی این اے کو دیے ہیں، باقی35بڑے200چھوٹے نالے کون صاف کرے گا؟ سندھ حکومت اپنی ذمہ داری سے پیچھے بھاگتی ہے۔

     

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، موسم سہانا ہوگیا

    ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، موسم سہانا ہوگیا

    راولپنڈی / کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں رات گئے موسلادھاربارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت گردونواح کے علاقوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد ہلکی ہلکی ٹھنڈ نے موسم کو مزید سہانا کردیا۔

    لاہور میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ بارش کا پانی خوب برسا، ہری پور شہر او رگردونواح میں گرج چمک کی ساتھ بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

    لاہور میں آج صبح سویرے کالی گھٹاوں نے ڈیرے ڈال لیے، بدھ کی صبح شہر میں کالی گھٹاوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہرمریدکے، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سکھیکھی، سرائے عالمگیر، کالاباغ ، گجرات، قصور اور ساہیوال کے بعض علاقوں میں بارش ہوئی ان علاقوں مزید بارش کا امکان ہے۔

    راولپنڈی کے علاقوں سیدپور، بوکڑہ،پی ایم ڈی اور شمسی آ باد میں22 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں، یہاں پانی کی سطح کٹاریاں پر6فٹ، گوالمنڈی پل پر4 فٹ تک ہے، واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے

    دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ آج شہر قائد کراچی میں موسم ابر آلود رہےگا، ہلکی بارش کا بھی امکان ہے،
    صبح کے اوقات میں کراچی کا درجہ حرارت31ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب73فیصد،اور رفتار12کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ شیخوپورہ، گجرات اور فیروز والا میں بارش اور سانگلہ ہل اور اس کے گرد و نواح میں تیزآندھی کے ساتھ بوندا باندی ہوئی، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں آئندہ3روز تک مزید بارش کی پیشگوئی ہے۔

  • سندھ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    سندھ میں بارشوں سے کیا کیا نقصانات ہوئے؟ رپورٹ جاری

    کراچی: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل جاری کردی، بارشوں کے دوران 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سکھر میں 132 ایکڑ پر کھڑی فصل کو نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 اگست سے اب تک ہونے والی بارشوں سے سندھ میں نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق کراچی جنوبی اور کورنگی میں 3، 3 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ضلع غربی اور ملیر میں 1، 1 بچہ جاں بحق ہوا، ضلع خیرپور اور نوشہرو فیروز میں بھی 1، 1 ہلاکت ہوئی۔

    پی ڈی ایم کے مطابق جامشورو میں 3، کراچی میں 2، اور شہید بے نظیر آباد میں بارشوں کے دوران 1 شخص زخمی ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملیر اور نوشہرو فیروز میں 1، 1 گھر کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ نوشہرو فیروز میں ایک گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سکھر میں 132 ایکڑ پر فصل کو نقصان پہنچا۔

    ادھر صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر سوئپنگ کو لگاتار جاری رکھا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کا مستقل دورہ کریں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اضلاع کا بلدیاتی عملہ مزید بارشوں سے قبل نکاسی انتظامات کو یقینی بنائے، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔

  • صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ اداروں کو فعال رہنے کی ہدایت

    صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ اداروں کو فعال رہنے کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر سوئپنگ کو لگاتار جاری رکھا جائے، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں کا مستقل دورہ کریں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ واٹر بورڈ عملہ مستقل طور پر ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے، ضلعی چیئرمینز سے مستقل طور پر رابطہ ہے۔ اضلاع کا بلدیاتی عملہ مزید بارشوں سے قبل نکاسی انتظامات کو یقینی بنائے۔

    انہوں نے کہا کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام کیا جائے، اندرونی گلیوں کی صفائی پر ڈی ایم سیز کا عملہ تعینات ہے۔ میونسپل کمشنرز مستقل طور پر اپنے علاقوں میں فعال ہیں۔

    وزیر بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ نالوں کی مجموعی صورتحال پہلے سے بہتر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ 3 روز سے مون سون کا چوتھا اسپیل جاری ہے جس نے شہر میں جل تھل ایک کردیا ہے، 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 5 بچوں‌ سمیت 18 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

  • بلوچستان میں بارش، کئی دیہات زیر آب، لوگ درختوں پر چڑھ گئے

    بلوچستان میں بارش، کئی دیہات زیر آب، لوگ درختوں پر چڑھ گئے

    کراچی :  ملک کے مختلف شہروں  میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کراچی کے علاقے گلشن حدید اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کا موسم اپنے آب و تاب کے ساتھ جاری ہے، تیز اور موسلادھار بارشوں نے جل تھل ایک کردیا ہے، شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے تو دوسری طرف ندی میں طغیانی سے 50 سے زائد دیہات زیرآب آگئے۔

    ذرائع کے مطابق تحصیل جوہی کے کاچھو کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بلوچستان کے پہاڑی علاقے گاج ندی میں سیلابی پانی کئی دیہات اپنے ساتھ لے گیا، لوگ جانیں بچانے کے لیے درختوں پر چڑھ گئے۔

    اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما حلیم عادل شیخ نے متاثرین سے رابطہ کیا اور ان کی مشکلات معلوم کیں، ان کا کہنا تھا کہ کاچھو میں پانی کے ریلے نے تباہی مچادی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پہاڑی سلسلے سے اچانک پانی کاریلہ گاج ندی میں آیا، گاج ندی میں طغیانی سے 50 سے زائد دیہات زیرآب ہیں، متعدد افراد کے پانی میں بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔

    حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کاچھو میں سیلابی پانی سے200 دیہات ڈوبنے کی اطلاعات ہیں، انتظامیہ مکمل غائب ہے اور ایم این اے مری گھوم رہے ہیں، کاچھو میں اس وقت بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

    انہوں نےھ مزید کہا کہ کراچی میں تواین ڈی ایم اے نے صفائی کردی، نقصان سے بچ گئے، دوسرے اضلاع میں نمائندے ڈیڑھ فٹ پانی میں تصویریں بنارہے ہیں، سندھ حکومت فوری دادو پہنچے لوگوں کی مدد کرے۔

  • شہر کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا: سعید غنی کا دعویٰ

    شہر کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا: سعید غنی کا دعویٰ

    کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی کا دعویٰ ہے کہ شہر کے تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، تمام چوکنگ پوائنٹس کھول دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، صوبائی وزرا نے اورنگی ٹاؤن نالے کے اوور فلو ہونے کی خبروں پر فوری نوٹس لیتے ہوئے وہاں تمام مشینری پہنچانے کی ہدایات دیں۔

    صوبائی وزرا کے ہمراہ سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی مسعود عالم، ڈی سی ویسٹ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران بھی موجود ہیں۔

    وزرا نے اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں سمیت پاک کالونی اور ڈٹرکٹ ویسٹ کے اطراف کے علاقوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں بارشوں کے بعد جمع شدہ پانی کی نکاسی کے کام کا جائزہ لیا۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ شہر کے زیادہ تر علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جہاں پر پانی جمع ہے وہاں مشینری اور تمام عملہ کو متعین کردیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بارشوں کے بعد تمام علاقوں سے پانی کی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا تھا۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ آج ہونے والی بارشوں کے بعد اورنگی نالا اوور فلو ہوا ہے، جس پر وہاں تمام مشینری پہنچا دی گئی ہے۔ کچھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے وہاں کام جاری ہے، البتہ شہر بھر کے زیادہ تر علاقوں میں صورتحال بہتر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا گیا ہے اور یہ اگست کے آخر تک مکمل ہوں گے، البتہ تمام چوکنگ پوائنٹس کھول دیے گئے ہیں۔

  • بارش ہوتے ہی مٹی سے سوندھی سوندھی خوشبو کیوں اٹھنے لگتی ہے؟

    بارش ہوتے ہی مٹی سے سوندھی سوندھی خوشبو کیوں اٹھنے لگتی ہے؟

    بارشوں کے موسم میں پہلی بوند پڑتے ہی ماحول مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے جو ہر شخص کو مسحور کردیتا ہے، یہ خوشبو بارش کے آغاز سے قبل بھی آتی ہے جو بارش کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں بارشوں میں مٹی سے یہ خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارش کے موسم میں فضا میں پھیل جانے والی یہ سوندھی خوشبو جسے پیٹریکور کہا جاتا ہے، ایک بیکٹریا کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جسے ایکٹی نوموسیٹس کہا جاتا ہے۔

    یہ بیکٹریا اس وقت مٹی میں نمو پاتا ہے جب اسے نمی اور حرارت ملتی ہے۔ جب زمین کی مٹی خشک ہوتی ہے تب یہ غیر فعال ہوتے ہیں اور اس وقت انہیں اسپورز کہا جاتا ہے۔

    بارشوں کے موسم میں ان کی ہلکی جسامت کی وجہ سے ہوا اور بارش کا پانی انہیں باآسانی فضا میں اچھال دیتا ہے۔ اس کے بعد یہ پوری فضا میں پھیل جاتے ہیں اور نم ہوا کی وجہ سے ان کی میٹھی خوشبو ہمیں بھی محسوس ہوتی ہے۔

    یہ عمل چونکہ بارشوں میں ہی انجام پاتا ہے لہٰذا اس وقت اس خوشبو کو ہم بارش سے منسوب کرتے ہیں۔

    اب یقیناً آپ کو علم ہوگیا ہوگا کہ بارشوں کی یہ مخصوص خوشبو دراصل مٹی سے نہیں اٹھتی بلکہ بیکٹریا کی وجہ سے پھیلتی ہے۔

  • محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، موسم تبدیل ہونا شروع

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی، موسم تبدیل ہونا شروع

    کراچی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد سندھ میں موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، ہوا کا کم دباؤ مشرقی سندھ میں اثر انداز ہونے کا آغاز ہو گیا۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مشرقی سندھ میں ہوا کا کم دباؤ اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں بارش شروع ہو گئی۔

    انھوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں آج شام سے بارش کا آغاز ہوگا، شہر میں بارش سے قبل گرد آلود آندھی چلے گی، آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

    سردار سرفراز نے بتایا کہ بارش کا سلسلہ پرسوں صبح تک جاری رہے گا، کراچی میں 50 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، تاہم گرمی کی شدت میں کمی بدھ کی شام سے ہوگی، بدھ کی شام کو ہوا کا کم دباؤ ختم ہونے سے سمندری ہوائیں بحال ہو جائیں گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ شام سے شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے، گزشتہ شام شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی بھی ہوئی۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

    شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

  • آج کے موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

    آج کے موسم سے متعلق اہم پیش گوئی

    کراچی: شہر قائد میں آسمان پر بادلوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، مون سون سسٹم نے مضبوطی حاصل کر لی ہے، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 8 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، گزشتہ شام سے شہر میں تیز ہواؤں کے بعد بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

    شہر میں آج دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شام میں مون سون سسٹم سے آندھی اور بارش کا امکان ہے، سمندر میں موجود ہوا کے کم دباؤ سے سمندری ہوائیں معطل ہیں، شمال مغربی ہوائیں 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آج درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 58 فی صد ہے۔

    کراچی میں بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے تاہم دوسری طرف حکومتی انتظامات ناکافی نظر آ رہے ہیں، رین ایمرجنسی کے نفاذ کے اعلان کے باوجود شہر میں بیش تر نالوں کی صفائی نہ ہو سکی، کراچی میں گجرنالہ، لیاری ندی، تین ہٹی ندی سے متصل آبادی تاحال موجود ہے۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق گزشتہ شام سے سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، حیدر آباد، سانگھڑ اور دادو میں گرد کا طوفان اور موسلا دھار بارش ہوئی، جیکب آباد اور دادو میں گرج چمک کے ساتھ لیکن ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا، سکھر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    بارش اور آندھی کے باعث سیپکو کے 70 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے، سکھر کے بیش تر اور ارگرد کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، متاثرہ علاقوں میں سکھر، روہڑی، نوشہروفیروز، دادو، شکارپور شامل تھے، بجلی کی بحالی کے لیے سیپکو کا عملہ مستعد رہا۔

    سانگھڑ اور گرد و نواح میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، گھروں میں بارش کا پانی داخل ہو گیا، بارش سے قبل آندھی اور مٹی کا طوفان بھی آیا۔

  • کراچی میں آج بارش کی پیشگوئی، لاہور میں رم جھم برسات کا سماں

    کراچی میں آج بارش کی پیشگوئی، لاہور میں رم جھم برسات کا سماں

    کراچی : محکمہ موسمیات نے آج رات کراچی میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی ہے اور کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کانظام بارش کا سبب بن سکتا ہے، لاہور میں بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مغربی نظام کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں آج رات بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

    آج رات اور کل صبح بونداباندی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت37ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب50فیصد ہے۔

    علاوہ ازیں پنجاب کے شہر لاہور اور ساہیوال کے گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، لوگ موسم سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ڈی جی خان ، ژوب، قلات ڈویژن چند مقامات پرتیز ہواوٗں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔