Tag: Rain

  • محکمہ موسمیات نے روزے داروں کو خوشخبری سنادی

    محکمہ موسمیات نے روزے داروں کو خوشخبری سنادی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے مئی کے پہلے ہفتے میں پھر بارش کی پیش گوئی کردی، بارش سے جہاں مزید چند روزے ٹھنڈے گزریں گے، وہیں کسانوں کو خبردارکیا گیا ہے کہ گندم کسی صورت کھلی نہ چھوڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 3 سے 6 مئی تک لاہور سمیت وسطی پنجاب میں بارشوں کی پیش گوئی کر دی، بارشوں کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے گندم کے کاشتکاروں کے لئے ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ صاحب زادخان نے کہا ہے کہ کسان آنے والے چند دنوں میں محکمہ موسمیات سے مسلسل رابطہ میں رہیں اور کاشتکار کٹائی کےبعدکسی صورت گندم کھلی نہ چھوڑیں۔

    دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں، محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی ،کوئٹہ، لاہور،اسلام آباد،پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تاہم کشمیرمیں گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔

  • پنجاب میں بارشیں : موسم خوشگوار ہوگیا، اندرون سندھ گرمی کا زور

    پنجاب میں بارشیں : موسم خوشگوار ہوگیا، اندرون سندھ گرمی کا زور

    لاہور/ فیصل آباد / ڈیرہ اسماعیل خان / پشاور : ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جنوبی پنجاب میں بارش اورژالہ باری سے گندم کی تیارفصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے موسم کو سہانا بنادیا، شہری لاک ڈاؤن کے باوجود موسم کے مزے لینے گھروں سے باہر آگئے، ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    لاہور میں صبح سویرے ٹھنڈی ہوائوں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، فیصل آباد، میاں چنوں،پتوکی، پیرمحل،شاہ کوٹ، حویلی لکھا، فیروز والا میں رم جھم نے موسم سہانا بنادیا۔

    جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کرک،مالاکنڈ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی قدرت مہربان رہی۔

    جنوبی پنجاب میں بارش اورژالہ باری سے گندم کی تیارفصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔ اندرون سندھ گرمی زور دکھانے لگی۔ مٹھی 43،حیدرآباد، چھور اور شہید بینظیر آباد میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مخلتف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔ سندھ میں سورج کا مزاج بدستور گرم ہے،  جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر میں درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچ گیا۔

  • بارشوں کا نیا سلسلہ :  آج سے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

    بارشوں کا نیا سلسلہ : آج سے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

    اسلام آباد / کوئٹہ / پشاور / لاہور : محکمہ موسمیات نے آج سے تین دن کیلئے ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے، چاروں صو بوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں کا نیا مرحلہ شروع ہونے کو ہے، محکمہ موسمیات نے آج سے بدھ تک ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

    بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ ،اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سبی ، تربت، کوئٹہ، پارا چنار اور ڈی آئی خان میں بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

  • کشمیر میں تباہ کن سردی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی، کئی علاقے آفت زدہ قرار

    کشمیر میں تباہ کن سردی، بارش اور برفباری کی پیشگوئی، کئی علاقے آفت زدہ قرار

    اسلام آباد / لاہور/ کوئٹہ : ملک بھرمیں خون جما دینے والی سردی اور برفباری نے سب پر کپکپی طاری کردی، محکمہ موسمیات کی کشمیر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے، پنجاب میں موٹر وے کی بندش روز کا معمول بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    ضلع نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دیدیا گیا ہے۔ وادی میں برفبانی تودوں تلے دب کر جاں بحق افراد کی تعداد اناسی ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور ریسکیو ٹیموں کا امدادی کام بدستورجاری ہے۔

    برفباری اورشدید سردی نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔ متعدد علاقوں کا زمینی رابطہ بدستور منقطع ہے۔

    اسکردو میں درجہ حرارت منفی اکیس تک گر گیا، اسکردو ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن بحال کردیا گیا ہے۔
    بلوچستان میں بھی موسم شدید سرد ہے۔

    کوئٹہ سمیت بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی سے نظام زندگی متاثر ہوگیا، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی آٹھ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات، زیارت، قلعہ سیف اللہ،چمن، مستونگ میں شدید سردی سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔

    اس کے علاوہ پنجاب بدستور دھند کی لپیٹ میں ہے۔ موٹر وے کی بندش روز کا معمول بن گیا۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے رات اور صبح کو دھند میں گم ہونے سے موٹرویز کے کئی سیکشنز بند کرنے پڑے، بہاولنگر، حبیب آباد، رینالہ خورد، اوکاڑہ، ساہیوال،ہڑپہ میں دھند نے آمدورفت مشکل کردی۔

  • ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے جبکہ مختلف مقامات پر 35 گھر تباہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بارش اور برفباری سے نقصانات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے رپورٹ جاری کردی۔ ملک بھر میں بارشوں اور برفباری سے 75 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 35 گھر تباہ ہوئے، 72 گھنٹے میں صرف بلوچستان میں 20 اموات اور 23 افراد زخمی ہوئے۔ خیبر پختونخواہ میں 3 افراد زخمی اور 5 گھر تباہ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 55 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔ سورنگن گاؤں میں 19 افراد برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہوئے۔ واقعے کے 10 افراد تاحال لا پتہ ہیں جبکہ 4 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق زخمی افراد کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ برف میں پھنسے افراد کو بذریعہ ہیلی کاپٹر نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ آزاد کشمیر میں برفباری سے 30 گھر بھی تباہ ہوئے۔

    اسی طرح گلگت بلتستان میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کوئٹہ سے خانوزئی جانے والے 300 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، چاغی اور مند میں پھنسے لوگوں کو 2 ہیلی کاپٹروں کی مدد سے نکالا گیا۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق 72 گھنٹے میں سب سے زیادہ 66.25 ملی میٹر بارش بانڈی عباس پور میں ہوئی، دارالحکومت اسلام آباد میں 31.75 ملی میٹر بارش ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ چکوٹی کے مقام پر 49.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، کراچی میں بھی برسات کا امکان

    ملک کے مختلف شہروں میں بارشیں، کراچی میں بھی برسات کا امکان

    چاغی / پنجگور/ کراچی : دالبندین، نوکنڈی، ماشکیل، تفتان میں دوسرے روز بھی بارش کے باعث ندی، نالوں میں طغیانی ہوگئی، ماشکیل کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، پاک ایران شاہراہ بھی بند کردی گئی، کراچی میں آج بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے بیشتر شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، چاغی کے بیشتر علاقوں دالبندین، نوکنڈی، ماشکیل، تفتان میں دوسرے روز بھی ابر کرم ٹوٹ کر برسا۔

    جس کے باعث ندی، نالوں میں پانی کی رفتار میں اضافہ ہوا، ماشکیل کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، پاک ایران شاہراہ پر ہیوی ٹریفک کوروک دیا گیا۔

    بارش کی وجہ سے پاک ایران ریلوے لائن اور آر سی ڈی شاہراہ بھی متاثر ہوئی، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے کچے مکانات کو خطرہ لاحق ہوگیا۔

    ضلعی انتظامیہ نے حالات کو قابو کرنے کیلئے ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کردیا، امدادی کاموں کیلئے لیویز فورس متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی۔

    اس کے علاوہ پنجگور میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ شہریوں کیلئے رابطہ سیل قائم کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر پنجگور نے بارشوں کے پیش نظرلوگوں کو سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

    کراچی :

    دریں اثناء محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے اوربارش کا امکان ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا۔

    کراچی میں سائیبیرین ہواؤں کا راج ہے۔ شہر میں25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں۔ یخ بستہ ہواؤں کے باعث سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی کا مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ دوپہر میں شروع ہونے کی توقع ہے اور رات گئے تک جاری رہ سکتا ہے۔

  • مختلف شہروں میں بارش، سردی میں مزید اضافہ، بالائی علاقوں میں برفباری

    مختلف شہروں میں بارش، سردی میں مزید اضافہ، بالائی علاقوں میں برفباری

    ایبٹ آباد / راولپنڈی / لاہور / صادق آباد : ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم انتہائی سرد اور راستے بند ہوگئے، امدادی ٹیموں کے رضا کار اور انتظامیہ سڑکوں پر پڑی برف ہٹانے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، کئی علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، ملک کے بالائی علاقوں میں روئی کے گالوں کی برسات کی وجہ سے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔

    ایبٹ آباد، نتھیاگلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں برفباری جاری ہے، برف باری کے باعث لنک روڈ بند ہوگیا جس کے باعث مقامی افراد کو مشکلات کرنا پڑا، خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مری روڈ سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔

    اس کے علاوہ ملاکنڈ کے ضلع بھر میں بارش کاسلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بونیر کے ضلع بھر میں گزشتہ دو دنوں سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ اور بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی شہر اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،لاہور اور گرد و نواح میں گزشتہ دو روز سے جاری بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، آئندہ24گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، گجرات، منچن آباد، پھالیہ، صادق آباد میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا۔

    اس کے علاوہ بٹگرام میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری کی وجہ سے شاہراہ ریشم چتھر کے مقام پر بند ہوگئی، کنڈ بنہ روڈ ،آلائی روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا کہنا ہے کہ سڑکیں کھولنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بارش کا امکان

    ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بارش کا امکان

    لاہور / گلگت،بلتستان : ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا،پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے اور ملک کے جنوبی حصوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کےبالائی علاقوں گلگت،بلتستان اورملحقہ علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہےگا،پوٹھو ہار میں کہیں کہیں ہلکے بادل چھائے رہیں گے۔

    پنجاب کے شہروں لاہور، ملتان، فیصل آباد رحیم یار خان میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بعض علاقوں میں صبح کے وقت دھند کا امکان ہے۔

    بالائی سندھ کے شہر سکھر، لاڑکانہ ، نواب شاہ میں دھند کاامکان ہے جبکہ حیدر آباد اور کراچی میں مطلع صاف اور موسم خشک رہے گا۔

    اس کے علاوہ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کی آمد کی وجہ سے موسم میں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی حصوں میں معمول سے کم جبکہ شمالی اور مغربی علاقوں میں زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں۔

  • مختلف شہروں میں بارشیں اور برفباری، معمولات زندگی معطل

    مختلف شہروں میں بارشیں اور برفباری، معمولات زندگی معطل

    اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم مزید سرد اور معمولات زندگی معطل ہوگئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ مردان، نوشہرہ، سوات، مالا کنڈ، لکی مروت اور ڈیر اسمعٰیل خان میں موسلا دھار بارش ہوئی۔

    مالا کنڈ میں موسلا دھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ کوہاٹ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارشوں سے معمولات زندگی سخت متاثر ہیں جبکہ بجلی کا نظام بھی معطل ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب بٹو گاہ ٹاپ، بابوسر ٹاپ اور دیگر علاقوں میں برفباری جاری ہے، 2 فٹ سے زائد برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہیں۔

    پاک افغان سرحدی علاقے دیر بالا میں 30 انچ تک برف باری ہوئی، بٹگرام میں تین دن سے بارش اور برفباری جاری ہے۔

    صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ندی اور نالوں میں پانی کی سطح 24 گھنٹے مانیٹر کی جائے۔ برفباری والے علاقوں میں ذرائع آمد و رفت کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

    ادھر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بارش کا سلسلہ ختم ہوگیا تاہم بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں، کوئٹہ میں درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ صوبے کے شمال مشرقی کچھ اضلاع میں بارش کا امکان بھی ہے۔

    فی الوقت زیارت میں درجہ حرارت 0، قلات میں 5 اور دالبندین میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    صوبہ پنجاب کے شہروں راولپنڈی اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے بارش اور اوکاڑہ، عارف والا اور پتوکی میں بوندا باندی ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔

    شہر میں ہوا کی رفتار 14 کلو میٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

    ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش

    کراچی: صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی نوید سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت مختلف شہروں میں ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا، گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں کورنگی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گولیمار، سائٹ ایریا، شارع فیصل اور بلوچ کالونی میں بارش ہوئی۔

    علی الصبح دادو، نوشہرو فیروز اور گرد و نواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    نوابشاہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ سکھر میں تیز بارش کے بعد بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم ابر آلود ہے اور مزید ہلکی بارش کا امکان ہے۔ تھر پارکر، سکھر اور بلوچستان میں کل تیز بارش ریکارڈ ہوئی۔ ایران سے داخل ہونے والا سسٹم بارش کی وجہ بنا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے ایک سسٹم نے شدت پیدا کی ہے، کل صبح کے بعد سسٹم سندھ اور بلوچستان سے نکل جائے گا۔

    دوسری طرف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی بوندا باندی ہوئی جس سے موسم سرد ہوگیا۔

    ادھر بالائی علاقوں میں بھی بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بٹگرام، دیر بالا اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی۔

    وادی کمراٹ میں موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہوگئی، برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا میں اکثر مقامات پر جبکہ پنجاب، زیریں خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔