Tag: Rain

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہونے کو ہے

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہونے کو ہے

    اسلام آباد: موسم سرما کی آمد کے بعد ملک بھر میں درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد شہر قائد میں بھی بارش کی نوید سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، بابو سر ٹاپ میں درجہ حرارت منفی 8 اور فیئری میڈوز میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

    استور میں منفی 4، گوپس میں منفی 3 اور ہنزہ میں منفی 2 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں علی الصبح شہر کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کا مطلع آج جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شہر میں آج رات یا کل صبح سے ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

    گلگت بلتستان اور کراچی کے علاوہ بھی محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ سندھ کے بعض اضلاع، شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی پیشنگوئی کی ہے۔

  • مانچسٹر میں شدید بارشیں : نظام زندگی درہم برہم، کئی علاقے زیر آب

    مانچسٹر میں شدید بارشیں : نظام زندگی درہم برہم، کئی علاقے زیر آب

    مانچسٹر: برطانیہ کے شمال مغربی شہر مانچسٹر کو بھی شدید بارشوں نے لپیٹ میں لے لیا ہے، شہر میں بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر مانچسٹر میں گزشتہ روز سے اب تک 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد شہر سیلابی صورت حال کی زد پر ہے، بارشوں کے باعث مانچسٹر اور لیڈزمیں ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔

    اس کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں شاہراہیں بند کردی گئیں۔ ریلوے لائن زیر آب آنے سے مانچسٹر اور لیڈز میں ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل ہو گئی ہے۔

    موٹر وے اور مرکزی شاہراہوں پر بھی پانی جمع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ بارش کے باعث بہت سارے گھر اور کاروباری مراکز پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

    دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو سفر سے اجتناب کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ شیفیلڈ میں شاپنگ سینٹر کے اطراف پانی جمع ہونے سے اندر موجود افراد محصور ہوگئے۔

    مانچسٹر پولیس اور ایمرجنسی سروسز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، اور لوگوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، یہ بھی کہا گیا ہے کہ طوفان برق و باراں سے مسائل شدید ہو سکتے ہیں۔

  • ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند

    ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری، شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند

    چلاس / مانسہرہ: گلگت بلتستان اور خیبرپختونخواہ کے پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، انتظامیہ نے پھسلن کی وجہ سے اہم شاہراؤں پر آمد و رفت بھی بند کردی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دیامر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، پہاڑی علاقوں میں ہونے والی برفباری سے بابوسر ٹاپ، بھٹوگاہ ٹاپ، نانگا پربت ، ناران شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں شہر اور اس کے گردونواح میں بونداباندی کے بعد موسم ابرآلود ہے جس کے باعث سری میں مزید اضافہ ہوگیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بابوسر شاہراہ نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی آمدورفت مکمل بند کردی گئی۔ اس کے علاوہ استور کے مضافاتی علاقے دوسائی کے مقام پر بھی برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے، ڈی سی دیامر نے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایات جاری کردی۔

    مانسہرہ میں برفباری کی وجہ سے بابوسرٹاپ ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، ترجمان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) کے مطابق بابوسر ٹاپ پر اب تک8انچ برف پڑچکی ہے، جس کے باعث گلگت کیلئے آمدورفت بند ہوگئی ہے۔

    مزید پڑھیں : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

    یاد رہے کہ دو روز قبل محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا زیادہ دباؤ یعنی پریشر گریڈینٹ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے، پریشر گریڈینٹ شمالی بلوچستان میں موجود ہے۔

  • کونگو میں سیلاب نے تباہی مچادی، 6 افراد ہلاک

    کونگو میں سیلاب نے تباہی مچادی، 6 افراد ہلاک

    کنشاسا: افریقی ملک کونگو میں موسلادھار بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کونگو کے دارالحکومت کنشاسا میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کنشاسا کے علاقے سلمباؤ میں سیلاب کے باعث تقریباً تیس رہائشی مکان منہدم ہوگئے جس کی زد میں آکر پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    دریں اثنا ضلع پلنڈی میں بارش کے بعد حادثہ پیش آیا جہاں ایک خاتون کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگئیں۔

    مقامی میئر اوگسٹن منکیسی کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات سے بچنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہرممکن اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    خیال رہے کہ کونگو میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اسی افریقی ملک میں بارش کے بعد لینڈسلائیدنگ سے 48 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

    صومالیہ میں طوفان نےتباہی مچادی‘ 50 سے زائد افراد ہلاک

    گزشتہ سال مئی میں شمالی افریقہ کے ملک صومالیہ میں طوفان بادوباراں کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • کراچی والے ہوشیار! شہر میں اگلے 3 دن تک پھر بارشوں کا امکان

    کراچی والے ہوشیار! شہر میں اگلے 3 دن تک پھر بارشوں کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج سہ پہر کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں اگلے 3 روز تک ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر محمکہ موسمیات نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ایران کے راستے صوبہ بلوچستان میں داخل ہوا۔

    اس کے باعث پہلے گوادر میں بارش ہوئی، اس کے بعد سینٹرل بلوچستان، مشرقی بلوچستان اور بالائی سندھ کے کچھ علاقوں لاڑکانہ، جیکب آباد اور موہنجو دڑو میں ہلکی بارش ہوئی۔

    ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی رات گئے بارش ہوئی، سب سے زیادہ 10ملی میٹر بارش مسرور بیس میں ریکارڈ کی گئی۔

    ان کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سسٹم 2 سے 3 روز تک ان علاقوں میں فعال رہے گا، اس دوران کراچی سمیت بالائی اور زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش کہیں ہلکی، کہیں ذرا سی تیز، اور کہیں پر گرج چمک کے ساتھ ہوگی، تیز ہونے والی بارش کا دورانیہ مختصر وقت کے لیے ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے 3 روز یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار تک جاری رہے گا۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

    لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، یونیورسٹی روڈ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    بارش سے موسم پھر سہانا ہوگیا، تاہم کراچی میں نکاس آب کے بہتر انتظامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کو خدشہ ہے کہ سڑکیں تالاب نہ بن جائیں۔

    کراچی بارش، نشیبی علاقوں کی بجلی 36 گھنٹوں سے غائب

    دوسری جانب حیدرآباد میں جمعرات کو شام میں بارش ہوئی جس کے بعد زیادہ تر علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے، واسا کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔

    حیدرآباد میں جمعرات کو شام سوا چار بجے کے قریب کالی گھٹاں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ درمیانی بارش ہوئی، بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں بجلی بند ہوگئی اور رات تک بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے۔

    بارش کی وجہ سے حیدرآباد شہر لطیف آباد اور قاسم آباد میں کچی آبادیاں اور نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جس سے کچرے کے ڈھیروں اور گٹر ابلنے کے نتیجے میں بنے ہوئے جوہڑوں کی وجہ سے تعفن میں اضافہ ہوگیا۔

  • کراچی میں آج پھر بارش کا امکان

    کراچی میں آج پھر بارش کا امکان

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج بھی بارش کا امکان ہے، لگاتار کئی دنوں کی بارش نے شہر کی سڑکوں کا برا حشر کردیا ہے اور سندھ حکومت کی نااہلی کے سبب ابر رحمت شہریوں کے لیے زحمت بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں روز کی طرح آج بھی نصف دن تک موسم مرطوب رہے گا، تاہم دوپہر ڈھلے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج موسم دن میں گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، بھارتی گجرات میں ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھی موجود ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی روز سے گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں ہورہی ہیں، مسلسل بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔

    بارشوں سے درخت اور پول گرنے کے واقعات بھی ہوئے ہیں، بارشیں شروع ہوتے ہی بجلی بھی غائب ہے، متعدد علاقوں میں کے الیکٹرک کے ٹرانسفارمرز خرابی کا شکار ہوگئے۔

    بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے 5 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

  • کراچی میں کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا ،چیف میٹرولوجسٹ

    کراچی میں کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا ،چیف میٹرولوجسٹ

    کراچی : چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں حالیہ سسٹم سے بارش کا آج آخری روز ہے ، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا جبکہ مختلف علاقوں میں بارش4 بجے تک جاری رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے کہا ہے کہ م دباؤ بھارتی گجرات اور راجستھان میں موجودہے، نظام کا پھیلاؤ ہمارے علاقے تک پہنچ رہا ہے،آج بھی بارش کا امکان ہے تاہم کم دباؤ کے نتیجے میں سمندری ہوائیں بند ہیں۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں یہ مون سون کا پانچواں اسپیل ہے، 23ستمبر سے شروع ہونے والے سلسلے کا آج آخری دن ہے ، کل سے بارش کا سلسلہ تھم جائے گا اور مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ 4 بجے تک جاری رہے گا۔

    سردارسرفراز نے کہا کل شام یاپرسوں تک سمندری ہوائیں بھی بحال ہوجائیں گی، سمندری ہوائیں بحال ہونے پر شہر کا موسم 5 ، 6 اکتوبر تک اچھا رہنے کا امکان ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 28 یا 29 کے بعد سے موسم جزوی ابرآلود رہے گا۔

    دوسری جانب کراچی میں لگاتار چوتھے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے ، نیشنل اسٹیڈیم، گلشن اقبال، حسن اسکوائر، کارساز ، سرجانی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیوکراچی، ملیرکھوکھراپار، کورنگی، سائٹ ایریا ،طارق روڈ،تیسرٹاؤن،نارتھ کراچی،یونیورسٹی روڈ ، ایف بی ایریا، کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے جبکہ ہوا 5 کلو میٹر کی رفتار سے چل رہی ہے۔

  • بارشوں میں 40 اموات ہوئیں، سسٹم ٹھیک نہیں کیا، تو لوگ یوں ہی مرتے رہیں گے: وسیم اختر

    بارشوں میں 40 اموات ہوئیں، سسٹم ٹھیک نہیں کیا، تو لوگ یوں ہی مرتے رہیں گے: وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے  کہ حالیہ بارشوں میں 40 افراد کی اموات ہوئیں، یہ نظام ٹھیک کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے خصوصی پریس کانفرنس میں کیا۔ میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہم  نے کوشش کی کہ ایف آئی آرز کٹوائیں اور ہم کامیاب ہوئے۔

    وسیم اختر کے مطابق درخشاں تھانے میں والدین نے ایف آئی آر درج کرائی، خوشی ہے کہ کم از کم نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کیں۔

     اجتماعی قتل کامقدمہ کھلی عدالت میں چلایا جائے، کسی کے خلاف نہیں، کراچی کا سسٹم ٹھیک کرنا چاہتا ہوں، جب تک نظام ٹھیک نہیں ہوگا، لوگ یوں ہی مرتے رہیں گے۔

    مزید پڑھیں: بارشوں سے سندھ میں 3 ہزار 871 ہیکٹر فصلیں تباہ

    میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بچے گٹر میں گر کرمر رہے ہیں، انفرااسٹرکچرتباہ ہوگیا ہے، لیکن کہیں سنوائی نہیں ہے۔

    وسیم اختر کے مطابق ہمیں کراچی کے لیے الزامات کی سیاست سے نکلنا ہوگا، عوام رل رہے ہیں، کراچی کو فنڈز کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ حالیہ بارشوں میں کراچی کے عوام کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ نشیبی علاقوں میں کئی کئی روز تک پانی بھرا رہا، عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی۔

  • بارشوں سے سندھ میں 3 ہزار 871 ہیکٹر فصلیں تباہ

    بارشوں سے سندھ میں 3 ہزار 871 ہیکٹر فصلیں تباہ

    کراچی: وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ بارشوں سے سندھ میں 3 ہزار 871 ہیکٹر پر موجود فصلیں تباہ ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں بارشوں کے دوران فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیل سندھ حکومت نے جاری کردی۔ کپاس، چاول، گنا اور مرچوں سمیت دیگر سبزیوں اور فروٹ کو نقصان پہنچا۔

    وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ 3 ہزار 871 ہیکٹر پر موجود فصلیں تباہ ہوئیں، کراچی میں 169 ہیکٹر پر سبزیوں اور کپاس کی فصل متاثر ہوئی۔

    وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ خیر پور میں کھجور کے 170 ہیکٹر پر فصل متاثر ہوئی، شہید بینظیر آباد میں 24 سو ہیکٹر پر کپاس اور گنے کی فصل کو نقصان ہوا۔ سانگھڑ میں کپاس اور سبزیوں کی 42 سو ہیکٹر فصل کو نقصان پہنچا۔

    انہوں نے بتایا کہ ٹھٹھہ اور سجاول کے 27 سو ہیکٹر پر چاول کی فصل کو نقصان ہوا جبکہ جامشورو میں 52 سو ہیکٹر پر فصل کو نقصان پہنچا۔