Tag: Rain

  • کراچی میں تھوڑی دیر کی بارش نے پھر حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا: خرم شیرزمان

    کراچی میں تھوڑی دیر کی بارش نے پھر حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا: خرم شیرزمان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے میٹروپولیٹن سٹی کو موئن جودڑو بنا دیا ہے۔

    خرم شیرزمان نے کراچی میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں تھوڑی دیر کی بارش نے پھر حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا۔

    انہوں نے کہا کہ مزید بارشوں سے نمٹنے کیلئے حکومت سندھ کے پاس کوئی پلان نہیں ہے، حالیہ بارشوں سے جنم لینے والی صورت حال سندھ حکومت پر سوالیہ نشان ہے۔

    بارشوں کا چوتھا اسپیل، کراچی میں شدید ٹریفک جام، مزید بارشوں کی پیش گوئی

    خرم شیرزمان کا مزید کہنا تھا کہ یہی حال رہا تو آئندہ بارشوں میں بھاری نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے۔

    خیا رہے کہ شہر قائد میں بارشوں کا چوتھا اسپیل شروع ہو چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید ترین مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    گذشتہ روز محکمہ موسمیات نے صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کا بارش کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی میں 18 ملی میٹر، اولڈ ایئر پورٹ پر 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    موسمیات کے مطابق فیصل بیس پر 13 ملی میٹر، جناح ٹرمینل میں 6.8 ملی میٹر جب کہ یونی ورسٹی روڈ پر 6.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • کراچی میں بادل آج بھی رنگ جمائیں گے

    کراچی میں بادل آج بھی رنگ جمائیں گے

    کراچی: محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گذشتہ روز ہونے والی بارش سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا، جبکہ یہ سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔

    موسم کا حال بتانے والوں نے شہر میں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے، شہرقائد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے منگل کی دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    انتظامیہ نے ناگہانی آفات سے بچنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کی ہدایت کی ہے، کئی علاقوں میں تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا جس سے شہری حکومت کی کارکردگی کھل کر سامنے آچکی ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، احتیاط ضروری ہے، کے الیکٹرک

    دوسری جانب بارش میں کرنٹ سے بچاؤ کے لیے کے الیکٹرک کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہری ٹوٹے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور کے پی ایم ٹیز سے دور رہیں، بارش میں بچوں کا خاص خیال رکھیں اور احتیاط برتیں۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ برقی آلات کے ننگے پاؤں یا گیلے ہاتھ کے ساتھ نہ چھوئیں، غیرقانونی ذرائع سے ہر گز بجلی حاصل نہ کریں، کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔

  • بارش کا پانی آپ کے بالوں کے لیے فائدہ مند

    بارش کا پانی آپ کے بالوں کے لیے فائدہ مند

    خوبصورت اور چمکدار زلفیں ہر انسان کو پسند ہوتی ہیں خصوصاً خواتین اپنے بالوں کو چمکدار اور صحت مند بنانے کے لیے ہر طرح کے جتن اور ٹوٹکے کرتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں بارش کا پانی ان تمام ٹوٹکوں پر حاوی ہے؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش میں نہانے سے ہمارے بال چمکدار اور نرم و ملائم ہوجاتے ہیں، اس کے لیے صرف بارش میں نہانا ہی ضروری نہیں بلکہ آپ بارش کے پانی کو محفوظ کر کے بعد میں بھی اس سے نہا سکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کا پانی عام پانی سے مختلف ہوتا ہے، بارش کے پانی کو سافٹ واٹر جبکہ عام پانی کو ہارڈ واٹر کہا جاتا ہے کیوں کے بارش کا پانی نمک اور دیگر معدنیات سے پاک و صاف ہوتا ہے۔

    گو کہ اس پانی میں بھی کچھ کیمیکلز موجود ہوسکتے ہیں تاہم ان کی مقدار اور شدت عام پانی سے کم ہوتی ہے۔

    البتہ اگر آپ بارش کے پانی کو اپنے بالوں کے لیے آزمانا چاہتے ہیں تو خیال رکھیں کہ پہلی بارش میں نہانے سے گریز کریں۔ پہلی بارش فضا میں موجود زہریلی اور مضر گیسوں اور اجزا کو ساتھ لے کر آتی ہے۔

    پہلی بارش کے بعد فضا صاف اور نکھر جاتی ہے جس کے بعد ہونے والی بارشوں کا پانی صاف ہوتا ہے اور یہی پانی آپ کے بالوں کے لیے نہایت فائدہ مند ہوتا ہے۔

  • کراچی میں مون مون کا سسٹم داخل ، مختلف علاقوں میں تیز بارش

    کراچی میں مون مون کا سسٹم داخل ، مختلف علاقوں میں تیز بارش

    کراچی : شہر قائد میں مون سون کے تیسرے اسپیل کے آثار نظر آنے لگے ، مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ سسٹم چند ہفتے قبل بارش برسانے والے سسٹم سے کمزور ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں بارش برسانے والے بادل داخل ہوگئے ہیں ، آج شام یارات میں گرج چمک کےساتھ بارش کاامکان ہے، شہر اور مضافات میں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے، موجودہ سسٹم چند ہفتے قبل بارش برسانے والے سسٹم سے کمزور ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نظام آج رات سےجمعے کی صبح تک وقفے وقفے سےبرسے گا ، کراچی میں 15 سے 20 ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی ہیں۔

    مون سون سسٹم داخل ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جن میں ایف بی ایریا،گلشن معمار،گلستان جوہر، تیسر ٹاؤن ، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نیو کراچی، سرجانی نارتھ ناظم آباد شامل ہیں۔

    دوسری جانب حیدرآباد، ٹھٹھہ ،میرپورخاص اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، ڈی جی ہیلتھ سندھ نے اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ہیں۔

    محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا، مالاکنڈ، ہزارہ، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، قلات ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔

  • کراچی میں پھر تیز بارش، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک کا بجلی بند رکھنے کا عندیہ

    کراچی میں پھر تیز بارش، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک کا بجلی بند رکھنے کا عندیہ

    کراچی: شہر قائد میں پھر موسلا دھار بارش شروع ہوگئی، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے.

    تفصیلات کے مطابق جمعے کی رات شہر میں داخل ہونے والا سسٹم ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ برسا، بارش سے بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی۔

    کراچی میں ہفتے کی رات مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جس سے برساتی نالے اور گٹر ابل پڑے، سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا اور  نشیبی سڑکیں زیر آب آگئیں.

    ہفتے کی رات صدرایم اےجناح روڈ، گلشن حدید، ایف بی ایریا، سچل، لیاری، سائٹ ایریا، ناظم آباد اوراطراف میں بارش ہوئی.

    ملیر، گلستان جوہر، شارع فیصل، کاٹھور، گڈاپ، گلشن معمار، نوری آباد میں بھی تیز بارش ہوئی. دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    کے الیکٹرک کا اہم اعلان

    حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک نے بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں بجلی بند کرنے کا اعلان کر دیا.

    کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق کراچی کا ہرعلاقہ نشیبی ہے، شہر کا 60 فیصد سے زائد علاقہ متاثر ہوگا، کراچی کا 60 فی صدحصہ بجلی سےمحروم ہوسکتا ہے.

  • اسلام آباد: موسلادھار بارش کے باعث حادثے میں 6 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: موسلادھار بارش کے باعث حادثے میں 6 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے۔

    تفصیلات کےمطابق راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں مون سون کی موسلادھار بارش کے باعث نالے کے کنارے پر بنے مکان میں سوئے 6 افراد عمارت منہدم ہونے سے برساتی پانی میں بہہ گئے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے نکال لیں گئیں جبکہ 2 افراد کو سرچ آپریشن کے بعد بچا لیا گیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی نے تصدیق کی کہ شدید بارش کے نتیجے میں مورگاہ میں واقع نالے کے کنارے پر بنا مکان منہدم ہوا اور عمارت میں سوئے 6 افراد برساتی نالے میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 4 افراد کی لاشیں تلاش کرکے پانی سے نکالی جاچکی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ نالے میں بہہ جانے والے 4 افراد میں ایک عورت مسرت بی بی، نو سالہ بچہ ظہیر، 21 سالہ عنایت شاہ اور 10 سالہ وہاب شامل ہیں، اس کے علاوہ ایک ماں اور بچے کو سرچ آپریشن کرکے زندہ بچا لیا گیا۔

    بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے بارش کا نیا سسٹم ملک میں داخل، اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    دوسری جانب خرم کالونی کا رہائشی گاڑی سمیت پانی میں بہہ گیا، 32 سالہ محسن بیگ کی لاش راوت کے قریب سے ملی، محسن رات کو دوست کو چھوڑنے ڈی ایچ اے گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق ڈھوک سیداں کے علاقے میں پانی میں بہہ جانے والا بچہ بھی جاں بحق ہوگیا اور اس طرح ورگاہ میں عمارت بہہ جانے کے واقعہ سمیت بارشی پانی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھے ہو گئی۔

    دوسری جانب ترجمان ضلعی حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے لگا جبکہ راولپنڈی کٹاریاں میں ساڑھے گیارہ فٹ اور گوالمنڈی میں پانی 8 فٹ تک بلند ہو چکا۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایک بار پھر متوقع بارشوں کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام اداروں کو تیاری کرنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی میں تجاوزات اور بارش کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے متوقع بارشوں کے پیش نظر ہدایت کی کہ تمام ادارے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز بارش کی تیاری کر لیں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیادہ جذبے اور محنت کی ضرورت ہے، آج حیدر آباد کا دورہ کروں گا، انتظامیہ کو ضروری ہدایات دوں گا۔ حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بلدیاتی اداروں اور ڈپٹی کمشنرز کو متحرک کریں۔

    انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کے لیے واسا، ایچ ڈی اے اور ایچ ایم سی کو بے حد محنت کرنی ہوگی۔ سندھ حکومت نے کمپری ہینسو کراچی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ بنایا۔ مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جمعے کی رات سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے ہفتے اور اتوار کو اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ’ویدر وارننگ‘ میں کہا گیا ہے کہ شمالی خلیج بنگال میں مون سون کا کم دب پیدا ہوا ہے، مون سون سسٹم 9 اگست کی صبح بھارتی گجرات پہنچ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ 9 سے 12 اگست تک کراچی، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، حیدر آباد اور شہید بینظیر آباد میں تیز بارش کا امکان ہے۔ کراچی اور حیدر آباد میں ہفتے اور اتوار کو اربن فلڈنگ کاخدشہ ہے، متعلقہ حکام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا گیا ہے۔

  • بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے بارش کا نیا سسٹم ملک میں داخل، اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے بارش کا نیا سسٹم ملک میں داخل، اسلام آباد میں موسلادھار بارش

    اسلام آباد: بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا، اسلام آباد اور راولپنڈی کے گردونواح میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں۔

    مری، گلیات، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ اور مردان میں بھی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، بارشوں سے برساتی اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ لینڈسلائیڈنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔

    اٹک، جہلم، سیالکوٹ، گجرنوالہ، گجرات اور چکوال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہورہی ہے، راولا کوٹ باغ، کوٹلی، میرپور، منگلا سمیت آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اگلے دوروز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مزیدبارش کی پیشگوئی کردی، ہزارہ، پشاور، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں اور کشمیر میں بھی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

    کراچی بارش، نشیبی علاقوں کی بجلی 36 گھنٹوں سے غائب

    ادھر کراچی میں ہونے والی موسلاھار بارشوں کے بعد نکاسی آب کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، سندھ کے دیگر شہروں سمیت حیدرآباد میں 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • کراچی میں سیلابی صورتحال، اپنی ذمہ داری تسلیم کرتے ہیں: سعید غنی

    کراچی میں سیلابی صورتحال، اپنی ذمہ داری تسلیم کرتے ہیں: سعید غنی

    کراچی: صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کسی پر ذمے داری نہیں ڈال رہا جو ہماری ذمے داری ہے تسلیم کرتے ہیں، ہر سال تقریباً 50، 50 کروڑ شہری حکومت کو نالوں کی صفائی کے لیے دیے جاتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ مختلف شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیا ہے، سارے کاموں میں ڈی ایم سی اور کے ایم سی کا عملہ موجود تھا، بارش سے کوئی بڑی شاہراہ مکمل طور پر بند نہیں ہوئی۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہر بڑی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی جاری تھی، شاہراہ فیصل پر 3 مقامات پر پانی کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوا، تمام اداروں نے اچھی کو آرڈینیشن کے ذریعے کام کیا۔ اس وقت ہمارا ٹارگٹ آبادیوں کا پانی نکالنا ہے، یوسف گوٹھ اور سعدی ٹاؤن گزشتہ بارشوں میں پورا ڈوب گیا تھا۔ ان دونوں علاقوں سے ابھی پانی نکالنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال پانی کو کنٹرول کیا گیا، آج صبح سویرے سعدی ٹاؤن میں پانی گیا ضرور ہے نقصان نہیں ہوا۔ پانی کے قدرتی بہاؤ کو آپ نہیں روک سکتے۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ سپر ہائی وے ایم نائن سے جو پانی کا فلو تھا اب وہ کم ہو گیا ہے، کراچی کی بہت ساری آبادیاں ہیں جہاں پانی کھڑا ہے۔ اب ان آبادیوں سے پانی نکالنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ ڈی ایم سی مشینیں لگائے اور پانی نکالے۔

    انہوں نے کہا کہ بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 20 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، گزشتہ روز 2 وفاقی وزرا کی باتیں سن کر افسوس ہوا۔ دھابیجی پمپنگ میں خرابی سے 400 ملین گیلن پانی نہیں دیا جا سکا۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ کسی پر ذمے داری نہیں ڈال رہا جو ہماری ذمے داری ہے تسلیم کرتے ہیں، 4 دن پہلے کمشنر آفس میں میٹنگ ہوئی وہاں میئر صاحب سے نالوں کی صفائی پر پوچھا۔ ہر ڈی ایم سی نے اپنے حدودمیں نالوں کا احوال بتایا۔ میئر صاحب باقائدہ تصاویر لے کر آئے کہ یہ نالے پہلے ایسے تھے اب صاف کر دیے گئے۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بڑے نالوں کی صفائی کے ایم سی اور چھوٹے نالوں کی ذمے دار ڈی ایم سی ہے۔ کہتے ہیں نالوں کی صفائی کے پیسے نہیں، ہم پیسے دیتے ہیں۔ ہم نے گزشتہ سال 50 کروڑ روپے دیے تھے۔ ڈی ایم سی نے بتایا مالی وسائل کم تھے کچھ نالے صاف ہوئے کچھ نہیں۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے کے فور کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا، میٹنگ میں کسی نے کوئی بات نہیں کی باہر نکل کر شروع ہو جاتے ہیں۔ یہ بات بہت بری لگتی ہے اپنی ذمے داری دوسروں پر ڈال دی جائے۔ لوگ تکلیف میں ہوتے ہیں، ہم ایک دوسرے پر الزامات لگانا شروع کر دیتے ہیں۔ کراچی کے 2 وفاقی وزرا اسلام آباد میں بیٹھ کر باتیں کر رہے ہیں، وفاقی حکومت چاہتی ہے کراچی کے مسائل پر کام ہو تو 162 ارب کہاں ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ ہر سال تقریباً 50، 50 کروڑ ان کو نالوں کی صفائی کے لیے دیے جاتے رہے، کے ایم سی 95 فیصد گرانٹ پر چلتی ہے۔ اس وقت کے ایم سی 5 فیصد ریونیو جنریٹ کر رہی ہے باقی ہم دیتے ہیں، جہاں ان کی اپنی ناکامی ہے اس کو بھی دیکھنا چاہیئے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، ٹھنڈی ہواؤں سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور شہری گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم سہانا ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ایف بی ایریا، نیوکراچی، کلفٹن، ڈیفنس، میٹھادر، کھارادر، ٹاور، صدر، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد اور 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں ابوالحسن اصفحانی روڈ کے قریب بھکرگوٹھ کے قریب چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسیکو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ادھر حیدرآباد شہر میں بارش کے باعث حیسکو ریجن کے 89 فیڈر مکمل طور پر بند ہوگئے، بجلی نہ ہونے کے باعث ایچ ڈی اے کو نکاسی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    کراچی، بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق، 6 افسران معطل

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے تھے اور رین ایمرجنسی میں غفلت برتنے پر 6 افسران کو معطل کردیا گیا۔