Tag: Rain

  • زمین پر موسموں کا نظام نہایت پیچیدہ اور نازک ہوتا ہے، جانیے کیسے؟

    زمین پر موسموں کا نظام نہایت پیچیدہ اور نازک ہوتا ہے، جانیے کیسے؟

    آئیے یہ اہم بات جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ بارش کا عمل، سمندری ہوائیں، نمی اور ہوا کا دباؤ کیا ہوتا ہے؟

    ہمارے سیارے زمین کا موسم سب مقامات پر یکساں ہر گز نہیں ہوتا۔ سمندر، ریگستان، پہاڑ اور ہموار سطح پر موسموں کے مختلف پیٹرنز بنتے ہیں۔ زمین پر موسموں کا نظام نہایت پیچیدہ اور نازک ہے، جہاں ہوا کا دباؤ، درجہ حرارت، نمی اور سمندری ہوائیں ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ ان تمام عناصر کا بارش، گرمی اور ہوا کے نظام سے گہرا تعلق ہے۔

    بارش کے بننے کا عمل


    بارش کا عمل ایک خاص قسم کے فضائی دباؤ، جسے ’’Low Pressure‘‘ (کم دباؤ) کہا جاتا ہے، سے ہوتا ہے۔ جب کسی علاقے میں ہوا گرم ہو کر ہلکی ہو جاتی ہے، تو وہ اوپر اٹھتی ہے۔ یہ اُٹھتی ہوئی ہوا ساتھ میں نمی بھی لے جاتی ہے۔ جیسے جیسے یہ ہوا بلندی پر پہنچتی ہے، وہ ٹھنڈی ہونے لگتی ہے، اور اس میں موجود بخارات پانی کے قطروں میں بدل جاتے ہیں۔ یہی قطرے مل کر بادل بناتے ہیں، اور جب بادل بھاری ہو جاتے ہیں تو بارش کا سبب بنتے ہیں۔

    ہائی پریشر زون


    زیادہ دباؤ ’’High Pressure‘‘ والے علاقوں میں ہوا اوپر سے نیچے کی طرف آتی ہے اور یہ عام طور پر خشک ہوتی ہے۔ اس عمل میں بخارات اوپر نہیں جا پاتے جس کی وجہ سے بادل نہیں بنتے۔ لیکن اگر فضا میں پہلے سے نمی موجود ہو (خاص طور پر ساحلی علاقوں میں) تو وہ نمی زمین کے قریب جمع ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے گھٹن اور حبس زیادہ محسوس ہوتا ہے۔

    سمندری ہوائیں اور بادل


    زمین اور سمندر کے درجہ حرارت کے فرق سے ہوا کا رخ بنتا ہے۔ گرمیوں میں دن کے وقت زمین کی سطح جلد گرم ہو جاتی ہے، جب کہ سمندر کی سطح نسبتاً ٹھنڈی رہتی ہے۔ گرم ہوا ہلکی ہو کر زمین سے اوپر اٹھتی ہے جب کہ سمندر سے ٹھنڈی اور مرطوب ہوا زمین کی طرف چلتی ہے، جسے Sea Breezes (سمندری ہوائیں) کہتے ہیں۔ یہ ہوائیں نمی لے کر آتی ہیں اور جب یہ خشکی پر آ کر گرم فضا سے ملتی ہیں تو بادل بنتے ہیں اور بارش ہوتی ہے۔

    گرمیوں میں رات کے وقت زمین کی سطح جلد ٹھنڈی ہو جاتی ہے، جب کہ سمندر آہستہ ٹھنڈا ہوتا ہے۔ لہٰذا، گرم ہوا سمندر سے اوپر اٹھتی ہے اور زمین کی طرف سے ٹھنڈی ہوا سمندر کی طرف سفر کرتی ہے، جسے Land Breezes (زمینی ہوائیں) کہتے ہیں۔

    ہواؤں کا رک جانا اور نمی کا بڑھ جانا


    کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ سب ٹراپیکل رج (Subtropical Ridge) (ہائی پریشر زون) کی وجہ سے مون سون ہوائیں رک جاتی ہیں، بادل بننا بند ہو جاتے ہیں اور درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ نمی بھی بڑھنے لگتی ہے، جو سمندری ہواؤں کو روک دیتی ہے۔ اس دوران زمین کی سطح گرم رہتی ہے، لیکن بارش نہ ہونے کی وجہ سے ماحول مرطوب اور گھٹن زدہ ہو جاتا ہے۔

  • کراچی میں اس مہینے بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی میں اس مہینے بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق نئی پیش گوئی کر دی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار رہے گی، آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ پارہ 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد میں ماہ جون بھی شدید گرم رہے گا اور جون کے مہینے میں بھی بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی سمت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد سے کم ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی گرم جبکہ سندھ اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق نواب شاہ میں درجۂ حرارت 47، سکھر میں 45، حیدر آباد میں 44 اور کراچی میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    لاہور میں درجہ حرارت 41، پشاور میں 39، ملتان میں 43 جبکہ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-weather-will-remain-hot-today/

  • کراچی والے ہوجائیں تیار! محکمہ موسمیات کا بارش سے متعلق اہم بیان

    کراچی والے ہوجائیں تیار! محکمہ موسمیات کا بارش سے متعلق اہم بیان

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں 5 مئی سے بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ 5 مئی کی شام کو کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارش کا سلسلہ ایک سے دو روز تک جاری رہے گا۔

    قبل ازیں محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں آج آندھی، ژالہ باری اور تیز بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ بالائی سندھ اور بلوچستان میں شام کے وقت آندھی اور بادل برسنے کا امکان ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بادل برسنے کیلئے تیار ہیں، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران،کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت بیشتر علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ اسلام آباد،خطہ پوٹھوہار،پنجاب،خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے جبکہ بالائی سندھ اور بلوچستان میں شام کے وقت آندھی اور بادل برسنے کا امکان ہے۔

    لاہور میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب بادل برسنے کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

    گذشتہ روز پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا، ترجمان نے کہا کہ پنجاب میں گرج چمک کیساتھ طوفانی بارش کاامکان ہے، بارشوں کا سلسلہ 4 مئی تک جاری رہیگا۔

    الرٹ میں کہا گیا تھا کہ 3 روزمیں آسمانی بجلی گرنے کے خدشات ہیں، گزشتہ شب آندھی،طوفان اوربادل برسنے سے2 افراد جاں بحق، 24زخمی ہوئے، طوفان کے باعث 9 عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

    کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟

    پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا تھا کہ مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے، انتظامیہ الرٹ رہے۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ ملک کے پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد، مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ سیالکوٹ، ناروال، گوجرنوالہ، جہلم، لاہور، فیصل آباد میں ہلکی دھند متوقع ہے۔

    ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر میں دُھند اور ہلکی اسموگ رہنے کی توقع ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

    چترال، دیر، سوات، کرم اور گردونواح میں بارش، پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ سکھر، شکارپور، کشمور، خیرپور اور گردو نواح میں ہلکی دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

    بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، میدانی اضلاع میں جھکڑ اور تیزہوا ئیں چلنے کا امکان ہے۔

    لاہور : موٹر وے ایک بار پھر بند کردی گئی

    کشمیر میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود، پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔

  • عمرہ زائرین کی مسجد الحرام میں بارش کے دوران نماز عصر کی ادائیگی

    عمرہ زائرین کی مسجد الحرام میں بارش کے دوران نماز عصر کی ادائیگی

    سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین نے موسلا دھار بارش کے دوران نماز عصر کی ادائیگی کی۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمرہ زائرین نے مسجد الحرام میں بارش کے دوران نماز عصر ادا کی، زائرین اس دوران طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مکہ مکرمہ، جدہ، اللیث اور القنفذہ میں کہیں تیز اور کہیں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہرکیا گیا تھا۔

    سعودی محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ ریجن کے لیے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

    بیان کے مطابق ’موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صورتحال کا بھی امکان ہے، جبکہ غیر یقینی موسمی صورتحال سے مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جدہ، شعیبہ، جموم اور بحرہ سب سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔‘

    حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی سکیموں پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ انتظامیہ اس حوالے سے پر عزم ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔

    مسجد نبویؐ روضہ شریفہ میں رواں سال دس ملین زائرین کی حاضری

    مسجد الحرام میں بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات، داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

  • سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟ ماہر ماحولیات نے بتادیا

    سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟ ماہر ماحولیات نے بتادیا

    موسم کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کو بڑے سیلاب اور اس وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں کا سامنا ہے، ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے سیلابوں سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹس باعث تشویش ہیں۔

    پاکستان بننے کے بعد دریائے سندھ میں پہلا سیلاب 1956 میں آیا، پھر 1976، 1986اور 1992 میں سیلاب آئے مگر ان میں بھی کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر پانی کا اخراج نو لاکھ کیوسک سے زیادہ نہیں بڑھا تھا۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں ماہر ماحولیات عباد الرحمان نے سیلاب کی وجوہات اور اس سے ہونے والے نقصانات سے بچاؤ کی تدابیر پر روشنی ڈالی۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے حکومت وقت کو فوری نوعیت کے اقدامات کرنا چاہئیں تاکہ مستقبل میں بھی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات سے بچنے کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی سیلاب آتے ہیں لیکن بہترین انفرااسٹرکچر اور حکمت عملی کے سبب اس کے اثرات اور نقصانات پر کافی حد تک قابو پالیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پرانی کہاوت ہے کہ پانی اپنا راستہ کبھی نہیں چھوڑتا چاہے سو سال بعد بھی آئے لیکن آتا ضرور ہے، لیکن ہوتا یہ ہے کہ ہم کسی نہ کسی صورت میں اس کے راستے میں آجاتے ہیں۔

    عباد الرحمان نے بتایا کہ بدقسمتی سے ہمارے یہاں جنگلات کی شدید کمی ہے اور جنگلات کی موجودگی سیلاب کی تباہ کاریوں کو روکنے کا بہت بڑا ذریعہ ہوتی ہے۔

    ماہر ماحولیات کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ ہم مستقبل میں اس طرح کی تباہی کا سامنا کرنے سے بچنے کے لئے ابھی سے کام شروع کردیں تاکہ دہائیوں سے جاری سیلاب کی تباہ کاریوں سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان سے بچنے کا مستقل حل تلاش کیا جا سکے۔

  • کراچی والے ہوجائیں تیار! محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی والے ہوجائیں تیار! محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مطلع ابرآلود،حبس کی صورتحال برقرار ہے، جبکہ آج شہر میں کہیں موسلا دھار،کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    ہوامیں نمی کا تناسب 88 فیصد ہے، مغربی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے شہر میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ بارش 33.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، مسرور بیس میں 10، اورنگی ٹاؤن میں 7، قائدآباد میں 1.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

    گزشتہ رات کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال، گلستان جوہر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، کریم آباد، نارتھ ناظم آباد میں تیز بارش ہوئی ہے۔ادھر لانڈھی، کورنگی، قائد آباد اور ملیر میں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    شاہراہ فیصل، گرومندر، سندھی مسلم سوسائٹی، جمشید کوارٹر میں بھی ہلکی بارش ہوئی جبکہ لیاری ایکسپریس وے پر موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ترجمان کے الیکٹرک

    کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں شہری برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے، شہری ٹی وی، انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں۔

    کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول، کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

    بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام کے لئے اچھی خبر

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے پر حفاظتی اقدام کے تحت عارضی طور پر بجلی بن کی جاسکتی ہے، صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور فیلڈ اسٹاف الرٹ ہے۔

  • ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، بالائی علاقوں میں برفباری

    ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جڑواں شہروں میں صبح سے کہیں ہلکی، کہیں تیزبارش کاسلسلہ جاری ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔

    ترجمان واسا کے مطابق بارشوں کی پیشگوئی پر واسا ہائی الرٹ ہے، رین ایمرجنسی نافذ ہے اور فیلڈ اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

    منیجنگ ڈائریکٹر واسا سلیم اشرف نے کہا ہے کہ شہر میں ہیوی مشینری و اسٹاف تعینات ہے، واسا کا عملہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب میں مصروف ہے۔

    شہداد کوٹ شہر اور گردو نواح میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہے، روجھان شہر اور گردو نواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    چنیوٹ شہر اور گردونواح میں بارش، سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ پھالیہ، گجرات، جھنگ، پنڈی بھٹیاں اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    کوہاٹ اور گردونواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، کرک ضلع بھر میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

    گوجرانوالہ، قادر پور راں اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سرگودھا شہر اور گردو نواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    مرید کے، قصور، اوکاڑہ چونیاں، ڈسکہ اور گردہ نواح میں ہلکی بارش کے باعث سردی بڑھ گئی، ٹبہ سلطان پور، مصطفی آباد، قائد آباد، وزیرآباد اور گردو نواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا

    کوہاٹ اور گردونواح میں بھی بارش سے جل تھل ہوگیا، جبکہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا، اس کے علاوہ کرک، ضلع مہمند میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

  • کراچی میں بارش کی پیش گوئی، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری

    کراچی میں بارش کی پیش گوئی، مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، جب کہ مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 90 فی صد ہے، شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، فضا میں آلودگی کے زرات کی مقدار 212 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے، اور ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج پانچویں نمبر پر ہے۔

    ادھر مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی ہے، جس سے ہر طرف سفیدی چھا گئی، اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج موسم سرد اور بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے، صبح کے اوقات میں خطۂ پوٹھوہار میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

    پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض میدانی علا قوں میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائی رہے گی، اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، خیبر پختون خوا کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد جب کہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالا کنڈ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، مانسہرہ، پشاور، باجوڑ اور کرم میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشنگوئی ہے، راولپنڈی، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور گرد و نواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے، بہاولپور، شیخوپورہ، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غا زی خان اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد رہے گا، جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، زیارت، چمن اور گرد و نواح میں ہلکی بارش جب کہ پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو سکتی ہے۔ اس دوران مکران کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔

    سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، خیرپور، کشمور اور پڈعیدن میں ہلکی سے درمیانی دھند اور اسموگ چھائی رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم سرد

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش، موسم سرد

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں بھی چل پڑی ہیں اور موسم سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات گئے تک گرج چمک کے ساتھ بارش برسنے کے بعد شہر کا موسم سرد ہو گیا، ملیر، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، قائد آباد، اورنگی، کلفٹن، صدر، اولڈ سٹی ایریا اور اطراف میں بادل جم کر برسے۔

    بلدیہ، سائٹ ایریا، ناظم آباد، لیاقت آباد، نیو کراچی، سہراب گوٹھ، اور سپر ہائی وے پر بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج شام اور رات میں بھی بارش کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، 18 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    سندھ کے دیگر شہروں ٹھٹہ، جامشورو، کوٹری، سیہون اور گرد نواح میں بھی بارش سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    بلوچستان کے علاقے گوادر، تربت، کیچ اور پسنی میں بادل خوب برسے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی ایک تک گر گیا ہے۔