Tag: Rain

  • کیرالا میں سیلاب، بھارت نے قطری اور اماراتی امداد کو ٹھکرا دیا

    کیرالا میں سیلاب، بھارت نے قطری اور اماراتی امداد کو ٹھکرا دیا

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہے، جبکہ حکام نے قطری اور اماراتی امداد کو بھی ٹھکرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں سے سیلاب کے باعث تباہ کاریاں ہیں جبکہ امداد کی مد میں دی جانے والی قطری اور اماراتی رقم بھی حکام نے مسترد کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسی ہفتے متحدہ عراب امارات نے ایک سو ملین جب کہ قطر نے پانچ ملین ڈالر امداد کی پیشکش کی تھی جسے نئی دہلی حکام نے نہ لیتے ہوئے ٹھکرا دیا۔

    بھارتی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اور یہ مطالبہ بھی سامنے آیا ہے کہ جنوبی ریاست کیرالا کے عوام کو درپیش تکلیف دہ حالات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔

    بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب، 106 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر

    اپوزیشن کی جانب سے یہ بھی موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک جانب ریاست میں تباہ کاریاں ہیں تو دوسری جانب حکومت نے بیرونی امداد نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، حکام فوری طور پر حالات کو معمول پر لائے، اور جو مسائل ہیں اسے فوری طور پر حل کیے جائیں۔

    خیال رہے کہ بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر املاک کو بھی نقصان پہنچایا جب کہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ دو سو ارب روپے لگایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ حکام کی جانب سے سیلاب کے باعث 106 افراد کی ہلاکتوں سمیت لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کی بھی تصدیق کردی گئی ہے، انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی، موسم خوشگوار

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی، موسم خوشگوار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں رات گئے بوندا باندی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور ہلکی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی صبح سے قبل رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جس کے باعث شہر کا موسم کافی خوشگوار ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے، ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے چند مقامات پر رم جھم کاامکان ہے، پشاور، مردان، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں آج بارش کی پیشگوئی ہے۔

    کراچی میں بارش، موسم خوشگوار، بجلی غائب

    علاوہ ازیں راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا اور فیصل آباد میں بھی بادل برسیں گے، جبکہ پنجاب کے دیگر مقامات پر بھی رم جھم ہوگی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں علی الصباح شروع ہونے والی بونداباندی کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا تھا جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔

    واضح رہے کہ گارڈن، ایم اے جناح روڈ، صدر، لسبیلہ، شاہراہ فیصل، بہادر آباد، ڈیفنس اور نیوکراچی سمیت بیشتر علاقوں میں بوندا باندی کے ساتھ ہلکی بارش بھی دیکھنے میں آئی تھی۔

  • بارش میں مٹی کی سوندھی خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارش میں مٹی کی سوندھی خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارشوں کے موسم میں پہلی بوند پڑتے ہی ماحول مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو سے مہک اٹھتا ہے جو ہر شخص کو مسحور کردیتا ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں بارشوں میں مٹی سے یہ خوشبو کیوں آتی ہے؟

    بارش کے موسم میں فضا میں پھیل جانے والی یہ سوندھی خوشبو جسے پیٹریکور کہا جاتا ہے، ایک بیکٹریا کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے جسے ایکٹی نوموسیٹس کہا جاتا ہے۔

    یہ بیکٹریا اس وقت مٹی میں نمو پاتا ہے جب اسے نمی اور حرارت ملتی ہے۔ جب زمین کی مٹی خشک ہوتی ہے تب یہ غیر فعال ہوتے ہیں اور اس وقت انہیں اسپورز کہا جاتا ہے۔

    بارشوں کے موسم میں ان کی ہلکی جسامت کی وجہ سے ہوا اور بارش کا پانی انہیں باآسانی فضا میں اچھال دیتا ہے۔ اس کے بعد یہ پوری فضا میں پھیل جاتے ہیں اور نم ہوا کی وجہ سے ان کی میٹھی خوشبو ہمیں بھی محسوس ہوتی ہے۔

    یہ عمل چونکہ بارشوں میں ہی انجام پاتا ہے لہٰذا اس وقت اس خوشبو کو ہم بارش سے منسوب کرتے ہیں۔

    اب یقیناً آپ کو علم ہوگیا ہوگا کہ بارشوں کی یہ مخصوص خوشبو دراصل مٹی سے نہیں اٹھتی بلکہ بیکٹریا کی وجہ سے پھیلتی ہے۔


     

  • بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب، 106 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر

    بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب، 106 افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا میں مون سون کی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سنگین سیلابی صورت حال کے نتیجے میں 106 افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کیرالا میں اس وقت سنگین سیلابی صورت حال کا سامنا ہے جس کے باعث سینکڑوں ہلاکتیں ہوئیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور نظام زندگی بھی درہم برہم ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے 106 افراد کی ہلاکتوں سمیت لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کی بھی تصدیق کردی گئی ہے، انتظامیہ نے بھرپور اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    ریاست کیرالا میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں سبھی دریا، ندی اور نالے اُبل پڑے ہیں اور سیلابی ریلے تباہی و بربادی پھیلاتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔


    بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے


    دوسری جانب ریاستی انتظامیہ نے اب تک ایک لاکھ 47 ہزار افراد کو امدادی خیموں میں پناہ دی ہے، پوری ریاست میں تیرہ سو سے زائد بے گھر افراد کے عارضی کیمپ بنائے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں کئی شہروں، قصبوں اور دیہات میں چھتوں پر بیٹھے ہوئے بے گھر لوگ امداد کے منتظر ہیں، امدادی کارروائیوں میں بھارتی فوج بھی مدد فراہم کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے تھے، شدید بارشوں نے جن ریاستوں میں تباہی مچائی تھی ان میں مہاراشٹرا، آسام، اترا کھنڈ، مغربی بنگال، گجرات اور منی پور شامل تھے۔

  • اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش، خاتون سمیت دو بچے شدید زخمی

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش، خاتون سمیت دو بچے شدید زخمی

    اسلام آباد: ملک کے دارالحکومت اور راولپنڈی میں طوفانی بارش کے باعث خاتون سمیت دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش نے نظام زندگی متاثر کی، جبکہ ایک خاتون اور دو بچے شدید زخمی بھی ہوئے۔

    طوفانی بارش کے باعث مری روڈ پر درخت گھر کی چھت پر گرا، حادثے میں 2 بچے اور خاتون شدید زخمی ہوئے، جنہیں پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔


    راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں طوفانی بارش


    قبل ازیں اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخواہ میں گذشتہ ہفتے بھی شدید طوفانی بارشیں ہوئی تھیں، جس کے باعث راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی جبکہ پانی آبادیوں میں بھی داخل ہوگیا تھا۔

    خیال رہے کہ طوفانی بارش کے بعد پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا تھا تاہم پاک فوج کے دستوں نے ریسکیو آپریشن کے لیے پہنچ کر لوگوں کو ریسکیو کیا۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 206 ملی میٹر جبکہ سب سے کم سیدو شریف میں 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • بھارت: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 19 افراد ہلاک

    بھارت: شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ، 19 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں کے باعث گرنے والے مٹی کے تودے کی زد میں آ کر کم از کم انیس افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیرالا کے ضلع اڈوکی میں گیارہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ اسی ضلع میں واقع ایک ڈیم کے دروازے شدید سیلابی ریلے کی وجہ سے کھولنے پر قریبی بستیوں میں پانی بھر گیا۔

    کیرالا کا ایک اور ضلع وَایانند بارش سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بقیہ علاقوں سے رابطہ کٹ کر رہ گیا، اور ریاست کے مختلف علاقوں میں 8 افراد کی ہلاکتیں ہوئیں۔

    دوسری جانب ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کو طلب کر لیا ہے، اور لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔


    بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے


    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شمالی ریاست اترپردیش میں موسلا دھار بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابوں سے اٹھاون افراد کی موت ہوچکی ہے، جبکہ نظام زندگی بھی درہم برہم ہوا۔

    یاد رہے کہ بھارت میں رواں سال مئی کے ماہ سے اب تک مون سون بارشوں کی تباہ کاریوں سے ساڑھے پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شہری ان بارشوں سے کسی نہ کسی طور متاثر ہوئے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • پنجاب اور کے پی کے میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال، بند میں شگاف پڑگیا

    پنجاب اور کے پی کے میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال، بند میں شگاف پڑگیا

    لاہور/پشاور: خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، جبکہ نالہ ڈیک کے بند میں شگاف پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں رم جھم اور تیز بارشیں ہوئیں، جبکہ نالہ ڈیک میں سیلاب سے بند میں شگاف پڑگیا۔

    دوسری جانب مری میں شدید بارشوں کے باعث تین مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئیں، اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر دکھائی دی۔

    علاوہ ازیں خیبرپختونخواہ میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مانسہرہ میں دریائے کنہار میں سیلاب اور طغیانی کے باعث درخت اکھڑ گئے۔


    پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بارشیں اور آندھی، 7 افراد ہلاک


    قبل ازیں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دو ماہ قبل باشیں ہوئی تھیں جس کے باعث مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب میں دو روز سے مسلسل جاری رہنے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی تھی، مختلف حادثات و واقعات میں 15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوئے تھے۔

    مذکورہ بارش کے باعث شہر کی کئی اہم شاہراہیں اور گلیاں ندی نالوں کامنظر پیش کررہی تھیں، گھروں میں بھی تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا تھا اور نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں طوفانی بارش

    راولپنڈی، اسلام آباد اور پشاور میں طوفانی بارش

    اسلام آباد: صوبہ پنجاب، خیبر پختونخواہ کے مختلف شہروں اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش جاری ہے۔ راولپنڈی کے نالہ لئی میں طغیانی آگئی جبکہ پانی آبادیوں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مانسہرہ اور میرپور آزاد کشمیر میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

    راولپنڈی میں 215 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نالہ لئی بھی طغیانی کی زد میں ہے۔

    طوفانی بارش کے بعد پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے جس کے بعد پاک فوج کے دستے ریسکیو آپریشن کے لیے پہنچ گئے۔

    بارش کے بعد بیشتر علاقے کئی گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں 206 ملی میٹر جبکہ سب سے کم سیدو شریف میں 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روز بھی مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال، میر پور خاص، ٹھٹھہ، ژوب، قلات، اسلام آباد اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا مکان ہے۔

    علاوہ ازیں ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید مرطوب رہے گا۔


     

  • بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے

    بھارت میں حالیہ بارشوں نے تباہی مچادی، تقریباً 550 افراد ہلاک ہوئے

    نئی دہلی: بھارت میں حالیہ مون سون کی بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں تقریباً 550 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں مئی کے ماہ سے اب تک مون سون بارشوں کی تباہ کاریوں سے قریب ساڑھے پانچ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شہری ان بارشوں سے کسی نہ کسی طور متاثر ہوئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ان بارشوں کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جس میں سینکڑوں ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ حکام کی جانب سے متاثرہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے گئے۔

    دوسری جانب شمال مشرقی بھارت میں حکام کے مطابق مون سون بارشوں کے نتیجے میں حالیہ کچھ دنوں میں کم سے کم 80 افراد ہلاک ہوئے جبکہ یہاں بھی لوگ بڑی تعداد میں متاثر ہوئے۔


    بھارت میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، 9 افراد ہلاک


    بھارتی ریاست اتر پردیش میں قدرتی آفات کے انتظامی اُمور کے سربراہ سنجے کمار کا کہنا ہے کہ یہ اسّی افراد طوفانی بارشوں میں گھر گرنے یا دیواریں شکستہ ہونے کے باعث ہلاک ہوئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ واقعات کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی، اور لوگوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوئے تھے، شدید بارشوں نے جن ریاستوں میں تباہی مچائی تھی ان میں مہاراشٹرا، آسام، اترا کھنڈ، مغربی بنگال، گجرات اور منی پور شامل تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • برسات الیکشن والے روز کہاں‌کہاں‌ رخنہ ڈالے گی؟

    برسات الیکشن والے روز کہاں‌کہاں‌ رخنہ ڈالے گی؟

    کراچی: عام انتخابات میں پاکستان کے کروڑوں عوام حق رائے دہی استعمال کریں گے، البتہ کہیں کہیں بارش اس عمل میں رخنہ ڈال سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو منعقد ہونے والے انتخابات میں کئی شہروں میں بادل برسیں گے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔

    ژوب ڈویژن اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بنوں، ڈی آئی خان، ڈی جی خان میں بھی تیزہواؤں کےساتھ بارش کاامکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالا، لاہور، سرگودھا ڈویژن میں کہیں کہیں ہلکی اور تیز بارش متوقع ہے۔

    اسی طرح مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا۔

    یاد رہے کہ چند ہفتے قبل لاہورمیں طوفانی بارش ہوئی تھی، جس نے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا۔ البتہ الیکشن والے روز اس نوع کی بارش کی توقع نہیں۔

    سیاسی جماعتوں کے قائدین کا کہنا ہے کہ بارش رخنہ ضرور ڈالے گی، مگر ان کے ووٹرز ضرور پولنگ اسٹیشن تک آ کر ووٹ کاسٹ کریں گے۔


    ملک بھرکے ووٹر کل اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔