اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے الیکشن کے دن بارش کی نوید سنا دی، 25 جولائی کو ملک بھر میں بارش کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 کے روز 25 جولائی بروز بدھ کو پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل ملک بھر میں 21 جولائی سے شروع ہوگا اور 25 جولائی کے روز تیز بارشیں ہوں گی۔
جن شہروں میں بارشیں ہوں گی ان میں راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، سرگودھا گوجرانوالہ، میانوالی، اٹک، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
نئی دہلی: بھارت میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں نو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شمال مشرقی حصے میں مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کے باعث کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارت کی چھ ریاستوں میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور اب تک 55 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
شدید بارشوں نے جن ریاستوں میں تباہی مچائی ہے ان میں مہاراشٹرا، آسام، اترا کھنڈ، مغربی بنگال، گجرات اور منی پور شامل ہیں جبکہ حکومتی سطح پر حالات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ یکم جون سے نو جون تک شدید بارشوں کے باعث صرف مہاراشٹرا ریاست میں 62 افراد کی اموات ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ ریاست منی پور کے ایک ضلع میں ایسے ہی ایک واقعے میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک گاؤں کے متعدد مکانات مٹی کے پھسلتے ہوئے تودوں کی زد میں آ گئے تھے جس کے باعث ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔
یاد رہے کہ 5 جولائی کو بھارت کی شمال مشرق وسطی ریاست آسام میں تیز بارش سے سیلاب آگیا تھا، سیلاب سے 56 گاؤں کے 40 ہزار خاندان متاثر جبکہ 30 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔
کراچی: شہر قائد کے شہریوں کے لیے اچھی خبر سامنے آگئی، محکمہ موسمیات نے آج بارش کی نوید سنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے عوام جہاں بجلی اور پانی کو ترستے ہیں وہیں شہری ہمیشہ دعاگو رہتے ہیں کہ شہر میں باران رحمت برس جائے اور اچھی خبر یہ ہے کہ آج شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے، جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ میں بھی بادل برسیں گے۔
علاوہ ازیں ہزارہ، مالاکنڈ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی کے شہریوں کے چہرے بارش کی نوید سن کر کھل اٹھے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں تین گھنٹے کی موسلادھار بارش سے لاہور کی سڑکیں زیرِ آب، گلی محلے اور گھرتالاب بن گئے تھے جبکہ چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق اور چھ زخمی بھی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ تین گھنٹے کی مسلسل بارش نے ن لیگی حکومت کی کارکردگی کو ڈبو دیا، میٹرو کے شہر میں لوگوں کو آمد ورفت کے لیے کشتیوں کا سہارا لینا پڑا جبکہ گلبرگ جیسے پوش علاقے بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔
انقرہ : ترکی کے شمال مغربی صوبے میں مسافر ٹرین کے پٹری سے اترنے کے باعث حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک جبکہ 73 مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے صوبے تیکرداگ میں گذشتہ روز ٹرین کو حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 24 مسافر ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہیں، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ ٹرین کو تیز بارش کے باعث حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد ریل گاڑی کی 5 مسافر بردار بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں۔
ترکی کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرین ترکی کے شہر ایدرین سے محکمہ ریلوے کے 6 افراد سمیت 362 شہریوں کو لے کر استنبول کی جانب گامزن تھی۔
ٹرین حادثے کی متاثرہ خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ’میں بھی حادثے کا شکار ہونے والے بوگیوں میں موجود تھی لیکن خوش قسمتی سے بچ گئی، خوفناک حادثے میں متعدد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہیں، جن میں کئی کی ٹانگیں کٹ چکی ہیں‘۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ترکی کے صوبے تیکرداگ گورنر کا کہنا تھا کہ مذکورہ علاقے میں تیز بارش کے باعث راستے خراب تھے اس لیے حادثہ پیش آیا، تاہم حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اہلکاروں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردی تھی جس میں فوج اور ہیلی کاپٹر ایمبولینس نے بھی حصّہ لیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ المناک حادثے میں متاثر ہونے والے افراد سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ترکی کے صدر طیب اردوگان نے حکومت اراکین کو امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سنہ 2008 جنوری میں بھی ٹرین کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 9 شہریوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا تھا، جبکہ سنہ 2004 میں ترک ریک پٹری سے اترنے کے باعث 41 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں
لاہور : تین گھنٹے کی موسلادھار بارش سے لاہور کی سڑکیں زیرِآب، گلی محلے اور گھرتالاب بن گئے، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے چھ افراد جاں بحق چھ زخمی ہوگئے، بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بارش نے سابق خادم اعلیٰ کی اعلیٰ کارکردگی کا پول کھول دیا، پورا شہربارش کے پانی میں ڈوب گیا، سڑکیں ندی نالوں اورمحلے تالابوں کا منظر پیش کرنےلگے، سڑکیں بنانے والوں کے شہر کی سب سے بڑی اور اہم شاہراہ مال روڈ پر کئی فٹ گہرا شگاف پڑگیا۔
تین گھنٹےمیں مسلسل بارش نے ن لیگی حکومت کی کارکردگی کو ڈبو دیا، میٹرو کے شہر میں لوگوں کوآمد ورفت کے لیے کشتیوں کا سہارا لینا پڑا، گلبرگ جیسے پوش علاقے بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئے۔ گھروں میں پانی گھس گیا، گھروں میں موجود قیمتی سامان تباہ ہوکر رہ گیا۔
لاہور میں آندھی کے ساتھ موسلادھاربارش نے تباہی مچادی، تین گھنٹےمیں 238 ملی میٹربارش کے بعد نالےاورمحلےتالاب بننے سے پیرس بنانے کے دعوے پانی میں غرق ہو گئے
مختلف علاقوں ریواز گارڈن اور قرطبہ چوک میں گھروں کی چھتیں گرنے کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں کی بازی ہار گئے جبکہ دس افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا ۔
لاہور ہی کےعلاقے جوہرٹاؤن میں مکان کی چھت گرنے سے ماں او دو بچے زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
موسلادھار بارش سے شہر کے مختلف علاقوں میں دو سو سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، شادمان، مسلم ٹاؤن، ہربنس پورہ سمیت متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہے، بارش کا سلسلہ تھم جانے کے بعد بھی پانی کی سطح میں کمی نہیں آسکی۔
دوسری جانب واسا نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے نشیبی علاقوں سے پانی کو فوری طور پرنکالنے کی ہدایت جاری کردی، واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جانے رہنے کا امکان ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
کراچی : شہر قائد پر کالی گھٹاؤں کا راج ہے، کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ بارش کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا اور مختلف علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کردیا اور شہریوں کی بڑی تعداد موسم کا لطف اٹھانے کے لیے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچ گئی۔
ناظم آباد ،سپرہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر،سچل گوٹھ میں تیز بارش ہوئی جبکہ صفورا، ملیر، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
اس کے علاوہ شارع فیصل پر بھی بوندا باندی ہوئی، مختلف علاقوں میں بھی بارش پھسلن کی وجہ سے موٹر سائیکل سلپ ہونے کے مختلف واقعات میں تین افراد افراد زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ آج شام اور کل گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ کراچی کےشہری بارش میں احتیاط کریں، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں اور شہری برقی آلات کا استعمال گیلے ہاتھوں کے ساتھ نہ کریں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔
اسلام آباد/ راولپنڈی / لاہور/ : پنجاب کے کئی شہروں میں آندھی نے تباہی مچا دی۔ چھت گرنے سے فیروز والا میں ایک شخص جاں بحق اور چھتیں اوردیواریں گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، کئی درخت اکھڑ گئے۔ بجلی کانظام بھی معطل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق شدید گرمی کے بعد اسلام آباد راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ لاہوراور اس کے گرد و نواح میں میں تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارش نے نظام زندگی بھی جل تھل ہوگیا۔
اسلام آباد راولپنڈی میں بارش سے جل تھل ہوگیا، مری میں تیز بارش کےساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، سوات، مانسہرہ، کوہاٹ اور مظفرآباد میں بھی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔
دوسری جانب لاہور شہر میں 3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہورمیں38 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چل رہی ہیں، صبح 7بجے تک مزید بارش کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق لاہور میں آندھی اور بارش سے ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کارخ دیگرشہروں کی طرف موڑ دیا گیا ہے، بارش کے باعث مسافر اور عملہ ایئرپورٹ کی عمارت میں محصور ہوگیا۔
آندھی اوربارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، لاہور ایئرپورٹ سمیت شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی کاسلسلہ بھی جاری ہے مختلف علاقوں میں300سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بعض مقامات پر بجلی کی تاروں پر درخت گرگئے، لیسکو ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش تھم جانے کے بعد ہی بجلی کی بحالی کا کام شروع کیا جائیگا۔
پنجاب میں مٹی کے طوفان اور بارش نے تباہی مچا دی۔ فیروزوالا میں گھر کی چھت گر گئی۔ ریسکیو کا کہنا ہے ایک شخص کی جان چلی گئی اور کئی افراد دزخمی ہوئے، گوجرانوالہ میں جھکڑ چلے، درخت بجلی کے تاروں پر گرے، جہلم میں آندھی اور بارش سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
نارووال میں مٹی کے طوفان اور بارش سے بجلی کانظام بیٹھ گیا۔ شہراور دو سو سے زیادہ دیہات میں بجلی بند ہو گئی۔ حافظ آباد، گجرات ،ڈسکہ ، ساہیوال، چیچہ وطنی تیز ہواؤں کے بعد بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے نجی ایئرلائن کی دبئی سے آنے والی پرواز این ایل 767 منسوخ کردی، اس کے علاوہ جدہ سے لاہورآنے والی نجی ایئرلائن کی پروازاین ایل 730 اور ریاض سے آنے والی پرواز پی اے 475 بھی منسوخ کردی گئی ہے جبکہ جدہ سے آنے والی پرواز این ایل 718تاخیر کا شکار ہے۔
پی آئی اے ترجمان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ طوفان کے باعث لاہور ایئرپورٹ پرپی آئی اے کے دو طیاروں کو نقصان پہنچاہے،
ایک سو پندرہ کلومیٹرفی گھنٹہ رفتار سے چلنے والی ہوا سے دو ٹرالیاں طیاروں سے ٹکرائیں، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر دونوں طیارے عارضی طور پرگراؤنڈ کردیئے گئے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد سے سیالکوٹ جانے والی پروازپی کے 654 لاہور پر اتارلی گئی اور دمام سے سیالکوٹ آنے والی پروازپی کے 244 بھی لاہوراتار لی گئی تھی۔
علاوہ ازیں بارشیں پہاڑی علاقے والوں کے لیے باران رحمت ثابت ہوئیں، سخت گرمی کا زور ٹوٹ گیا ملکہ کوہسار مری میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، مری کی گلیوں میں پانی ایسے بہنے لگا جیسے کوئی برساتی نالہ بہہ رہا ہو۔
اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، تیزہوائیں چلنے لگیں، کالی گھٹائیں چھا گئیں،روزے داروں کی دعائیں قبول ہوگئیں ۔
سوات میں بھی بارش نے موسم خوشگوار کردیا، کوہاٹ میں بھی باراں رحمت برس پڑی، مانسہرہ میں بارش سے پھول پودے نکھر گئے، آزاد کشمیر کےدارالحکومت مظفرآباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
واشنگٹن: امریکا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جبکہ دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں اور ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک جانب امریکی ریاست میری لینڈ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے تو دوسری طرف برطانیہ کے شہر برمنگھم میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال ہے اور شخص ہلاک بھی ہوچکا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست میری لینڈ میں طوفانی بارشوں کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہے، جبکہ ایلوٹ شہر میں درجنوں گھر اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور ایک شہری لاپتہ ہوگیا ہے جس کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
امریکی ریاست میری لینڈ میں سیلاب کی وجہ سے شہروں کا نقشہ بدل گیا ہے، طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ایلوٹ شہر کی گلیوں کو دریا میں تبدیل کر دیا ہے، بپھرے پانی نے لوگوں کو گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں میں محصور کردیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، شہر برمنگھم میں مسلسل بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں، لندن کا اسٹینسڈ ائیرپورٹ بھی بارش اور آسمانی بجلی سے متاثرہوا جس کے بعد پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوچکا ہے۔
خیال ہے کہ بارشوں کے باعث سینکڑوں صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، محکمہ موسمیات کے مطابق چونسٹھ ہزار آسمانی بجلی کے کڑاکے ریکارڈ کیے گئے، علاوہ ازیں برطانوی شہر برمنگھم میں ایک 80 سالہ شہری ڈوب کر ہلاک ہوچکا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے کیمپوں میں مقیم لاکھوں روہنگیا پناہ گزینوں کو شدید بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان کا خطرہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی ایشیا میں مون سون کا سیزن جلد متوقع ہے جس کے باعث شدید بارشوں اور سمندری طوفان کی بھی صورت حال پیدا ہوسکتی جس کی وجہ سے لاکھوں روہنگیا پناہ گزینوں کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، کمزور کیمپس بازشوں کی شدت سے اکھڑ سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں جلد متوقع مون سون کی بارشوں اور سمندری طوفانوں کے سبب بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مہاجرین کے کیمپوں کو شدید خطرات درپیش ہو سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ مون سون کے حوالے سے ہمیں کافی زیادہ تحفظات ہیں، ہم روہنگیاں مہاجرین کو زیادہ خطرناک علاقوں سے نسبتاﹰ محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے میں لگے ہوئے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ جس قدر جلد ہو یہ کام مکمل کر لیا جائے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش حکام کی جانب سے روہنگیا پناہ گزینوں کو بارشوں سے لاحق خطرات کے پیش نظر سینکڑوں ایکڑ زمین بھی دی گئی ہے کہ وہ اس محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں تاہم 7 لاکھ سے زائد مہاجرین کی تعداد ہونے کے باعث یہ جگہ بھی چھوٹی پڑ گئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے وفد نے بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور کیمپوں میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں سے ملاقات بھی کی تھی، اس دوران عالمی رہنماؤں نے مسائل کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، تاہم اب تک عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
کولمبو: سری لنکا میں شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک جبکہ ہزاروں کی تعداد میں شہری بے گھر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا اس وقت شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے، جبکہ آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں سات شہری زندگی کی بازی ہار گئے، تاہم ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پولیس ’روان گونیسکارا‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے سری لنکا میں بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے 7 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ ایک شخص کی ہلاکت مٹی کے تودے تلے دب جانے کی باعث ہوئی، حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق ملک بھر ميں مختلف مقامات پر شديد بارشوں کے سبب اب تک ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہيں، سری لنکا ميں شدید بارشوں کا سلسلہ اتوار سے جاری ہے اور اگلے چوبيس گھنٹوں کے دوران بھی شدید بارشیں جاری رہنے کی پيش گوئی ہے۔
قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کا مزید کہنا تھا کہ تقریبا 1024 افراد کو سری لنکا کے 20 مختلف مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں روز مرہ کی ضروریات سمیت دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ اس وقت سری لنکن آرمی کے 100 جوان بھی ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں، علاوہ ازیں شدید بارشوں کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوچکی اور شہروں کو شدید مشکلات سامنا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔