Tag: Rain

  • بلوچستان، کوہستان پہاڑی سلسلوں میں بارش سے 30 سے زائد چھوٹے بڑے ڈیم بھرنے لگے

    بلوچستان، کوہستان پہاڑی سلسلوں میں بارش سے 30 سے زائد چھوٹے بڑے ڈیم بھرنے لگے

    کوئٹہ: بلوچستان اور کوہستان کے پہاڑی سلسلوں میں بارش سے 30 سے زائد چھوٹے بڑے ڈیم پانی سے بھرنے لگے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور کوہستان کے پہاڑی سلسلوں میں بارش سے کئی گاؤں کے زمینی راستے منقطع ہو گئے، تاہم پہاڑی علاقوں سے آنے والے پانی سے مول کار، حب، اور ملیر سمیت دیگر ندیاں بہنے لگی ہیں۔

    پہاڑوں پر بارش سے جامشورو، بلوچستان، گڈاپ سے مول ندی کے ذریعے تھڈو ڈیم اور حب ڈیم سمیت 30 سے زائد چھوٹے بڑے ڈیم بھرنے لگے ہیں، تاہم دوسری طرف ندیوں پرپل نہ ہونے سے وان کنڈ، موئی داد، کاٹھور سمیت دیگر علاقوں سے زمینی راستے منقطع ہونے لگے ہیں۔

    کئی علاقوں سے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا بھی شروع کر دیا۔

    ادھر این ایچ اے کا کہنا ہے کہ بولان میں پنجرہ پل کے مقام پر کوئٹہ سندھ این 65 شاہراہ تاحال بند ہے، شاہراہ پر پنجرہ پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ تاحال زیادہ ہے، مشینری اور عملہ پنجرہ پل کے مقام پر موجود ہے، پانی کا بہاؤ کم ہوتے ہی ٹریفک روانہ کر دی جائے گی۔

  • اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی کی سطح بڑھنے پر خطرے کے سائرن

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی کی سطح بڑھنے پر خطرے کے سائرن

    راولپنڈی: جڑواں شہروں میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے، بارش کے باعث نالہ لئی بپھر گیا ہے اور انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے، اب تک 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ گئی اور خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

    ایم ڈی واسا کے مطابق رواں سیزن میں ہونے والی بارشوں میں سب سے یہ بڑا اسپیل ہے، شمس آباد میں 165 ملی میٹر، بوکڑہ میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ، گوالمنڈی پل پر 18 فٹ ہے۔

    ایم ڈی واسا نے کہا کہ عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہے، اسلام آباد راولپنڈی میں بارش کے بعد ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ریسکیو اہلکار نالہ لئی کے اطراف تعینات کر دیے گئے ہیں۔

    انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسکیو کی ٹیمیں کٹاریاں، گوالمنڈی، سواں پل اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کی گئی ہیں، ریسکیو 1122 کسی بھی قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اس لیے کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔

  • مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق

    مون سون: 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق

    کراچی: مون سون بارشوں میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں میں ہونے والے جانی اورمالی نقصان پر این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختون خوا میں 2، پنجاب میں 5 افراد بارشوں کے سبب مختلف واقعات میں جاں بحق ہوئے، 8 افراد زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں میں 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 76 افراد جان سے گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 15 خواتین اور 31 بچے شامل ہیں۔

    سب سے زیادہ 48 اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں، خیبر پختون خوا 20 اور بلوچستان میں 5 اموات رپورٹ ہوئیں، آزاد کشمیر سے 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 135 افراد زخمی ہوئے، ملک میں بارشوں سے 78 گھروں کو نقصان پہنچا۔

    این ڈی ایم اے نے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔

    ادھر پنجاب کے مختلف شہروں مون سون کا دھواں دھار اسپیل جاری ہے، وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش برس رہی ہے، لاہور کی سڑکیں سوئمنگ پول میں تبدیل ہو چکی ہیں، گاڑیاں پانی میں تیرنے لگی ہیں، قذافی اسٹیڈیم کے باہر کی سڑک تالاب بن گئی۔

    کراچی پر بھی گہرے بادل جم کے برس پڑے، ایئر پورٹ،م لیر، شاہ فیصل، نارتھ کراچی اور سہراب گوٹھ میں تیز بارش نے رنگ جما دیا، بچے ناچتے گاتے بارش کے مزے لینے نکل آئے، کلفٹن، بوٹ بیسن کے اطراف بھی بارش برسی، صدر، اولڈ ایریا، شارع فیصل، گلشن، جوہر، معمار، سرجانی، عائشہ منزل، لیاقت آباد، ناظم آباد، لانڈھی سمیت کئی علاقوں میں بھی کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم شہر میں مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے، اور چوبیس گھنٹوں میں چالیس سے پچاس ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

  • موسمیاتی مانیٹرنگ کے لیے عالمی و علاقائی موسمیاتی ماڈلز کا استعمال

    موسمیاتی مانیٹرنگ کے لیے عالمی و علاقائی موسمیاتی ماڈلز کا استعمال

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے موسمیاتی مانیٹرنگ کے لیے عالمی و علاقائی موسمیاتی ماڈلز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی اور علاقائی موسمیاتی ماڈلز کے ذریعے بارشوں کی پیش رفت سے متعلق مانیٹرنگ جاری ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں دریائے ستلج، راوی، اور چناب کے بالائی علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے 17 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، بارشوں سے خیبر پختون خوا میں 8، پنجاب میں 9ا فراد کی اموات ہوئیں، 38 افراد زخمی ہوئے، اور 15 گھروں کو نقصان پہنچا۔

    کیا آج کراچی میں بارش ہوگی؟

    این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔ جب کہ آج اور کل کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

  • ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات نے آج ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج پیر کو ملک میں کہیں ہلکی تو کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، دوسری طرف پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے قیامت ڈھا دی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، زیارت، ژوب، بارکھان، کوہلو، قلات، خضدار، لاہور، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، حافظ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، کشمیر اور گلگت بلستان میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے، جب کہ کراچی کے ساحلی علاقوں میں بوندا باندی متوقع ہے۔

    ادھر پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارشوں نے قیامت ڈھا دی ہے، شیخوپورہ، نارووال، پسرور اور ڈسکہ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 13 افراد جاں بحق، 2 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے ہیں، بلوچستان کےعلاقے دُکی میں بھی ایک بچہ چل بسا۔

    لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، قلات، بارکھان اور کوہلو میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے، زیارت میں ژالہ باری ہو رہی ہے۔

    مظفر آباد شہر اور گرد و نواح میں ہلکی بارش ہوئی، پشاور، بنوں اور کرک میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، موسمیات نے 30 جون تک ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

  • پشاور میں طوفانی بارشوں سے تباہی، گھروں کی چھتیں منہدم

    پشاور میں طوفانی بارشوں سے تباہی، گھروں کی چھتیں منہدم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارشوں سے متعدد گھروں کی چھت منہدم ہوگئی، جبکہ چترال میں بھی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، تیز بارش سے متعدد گھروں کی چھتیں منہدم ہوگئیں۔

    ریسکیو 1122 اور چترال لیویز کی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

    بارش سے چترال گول میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے جبکہ چترال شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، چترال میں گندم کی فصل اور باغات بھی تباہ ہوگئے۔

    خیال رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ صوبے میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے اب تک 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں جبکہ درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

  • پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے درجنوں ہلاکتیں

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے اب تک 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو زخمی ہوگئے ہیں، درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان تیمور علی کا کہنا ہے کہ صوبے میں ہفتے کے روز آنے والی آندھی سے نقصانات ہوئے۔ نقصانات بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور کرک میں ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ حادثات میں 28 افراد جاں بحق اور ڈیڑھ سو کے قریب زخمی ہوئے۔

    آندھی سے 158 گھروں کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم اے نے 4 کروڑ روپے جاری کیے ہیں جو بنوں کے متاثرین میں تقسیم ہوں گے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پی ایم پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جاں بحق افراد کے ورثا اور زخمیوں کو امداد فراہم کی جائے گی۔

  • پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پنجاب میں بارشوں سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    لاہور: صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے بارش سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، پنجاب میں مجموعی طور پر 10 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مختلف حادثات میں 3 بچیوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، مختلف حادثات میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث دیوار گرنے سے 2 جانور بھی ہلاک ہوئے۔

  • کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی میں طوفانی بارشوں کا خدشہ، نالوں کی صفائی شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سمندری طوفان کے سبب طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرو پولیشن کارپوریشن (کے ایم سی) نے شہر میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر نالوں کی صفائی شروع کردی۔

    شہر میں عدالتی احکامات کے باوجود نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، نیو کراچی، شیر شاہ، کورنگی اور پاک کالونی سمیت بیشتر نالوں پر تجاوزات قائم ہیں۔

    نیو کراچی، سائٹ ایریا اور اورنگی ٹاؤن میں چھوٹے نالے کچرے سے بھرے ہوئے ہیں۔ بارشوں کی صورت میں نالے اوور فلو ہو جانے کے باعث مختلف علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

    خیال رہے کہ بحیرہ عرب میں بپر جوائے تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے نتیے میں کراچی میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    کراچی میں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

  • خیبر پختونخواہ میں ایک بار پھر طوفانی بارشیں، کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    خیبر پختونخواہ میں ایک بار پھر طوفانی بارشیں، کتنی ہلاکتیں ہوئیں؟

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے اب تک 27 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں سے لکی مروت، کرک اور بنوں میں 27 افراد جاں بحق اور 146 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کی بھرپور امداد کے لیے کوشاں ہے، ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے۔

    ترجمان اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے بنوں کے متاثرین کے لیے 4 کروڑ روپے جاری کردیے، متاثرین کو حکومتی پالیسی کے مطابق ریلیف فراہم کیا جائے گا۔