Tag: Rain

  • ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    ملک کے مختلف شہروں میں بارش اوربرفباری کی پیش گوئی

    کوئٹہ : آئندہ ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، آئندہ 24 گھنٹے میں بلوچستان کے اکثرمقامات پر بارش کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے ملک کے مختلف شہروں کوئٹہ ،ژوب اور قلات میں پہاڑوں پربرفباری ہو گی جبکہ منگل اوربدھ کو سندھ میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، گلگت اور فاٹا میں بھی بیشتر مقامات پر بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    بدھ اور جمعرات کو کشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے اکثرمقامات پربارش کا امکان ہے۔

    فاٹا، خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ علاوہ ازیں راولپنڈی، سرگودھا میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

  • عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، مرادعلی شاہ

    عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، مرادعلی شاہ

    کراچی : وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے کہیں کہیں غیر ضروری کھدائی بھی ہوئی ہے تاہم سڑکوں کی درستگی کے لیے یہ لازمی امر تھا، عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں موسلا دھاربارش کے دوران شہر کا جائزہ لیتے ہوئی کہی، انہوں نے کہا کہ بارش رحمت کے بجائے زحمت نہ بن جائے اس لیے شہر کا دورہ کر کے موقع پر ہی ہدایات جاری کر رہا ہوں۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مشترکہ دورے کے لیے میئر کراچی سے بھی رابطہ کیا تھا تاہم وسیم اختر بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں عوامی خدمت میں مصروف ہیں، ہم سب مل کرشہر کراچی کی بہتری اور ایک ہی مقصد کے لیے کام کررہے ہیں۔

    شہر بھرمیں ہونے والی کھدائی سے بارش کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلٰیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سڑکیں ٹھیک کررہے ہیں جس کے سبب غیرضروری کھدائی بھی ہوئی ہے تاہم سڑکیں کھدیں گی تو روڈ بنیں گے۔

    واضح رہے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ آج پورا دن بغیر پروٹوکول کے ہی کراچی کی شاہراہوں کا دورہ کرتے رہے اس موقع پروزیر بلدیات بھی ان کے ہمرا موجود تھے جو وزیراعلیٰ کی گاڑی چلارہے تھے اور ساتھ ساتھ ہدایات بھی لیتے جا رہے تھے۔

    یاد رہے کہ مراد علی شاہ ایک متحرک وزیراعلی ہیں جومنصب سنبھالتے ہی صوبے کی خدمت میں پیش پیش نظرآ رہے ہیں اور گذشتہ ماہ انہوں نے سکھر سے کراچی کا سفر بذریعہ ریل کیا تھا۔

  • بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی

    بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری، سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی

    کراچی: ملک میں برفباری اور بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ برفباری کےباعث بند کی جانے والی لواری ٹنل کھول دی گئی اور چترال کا ملک سے زمینی رابطہ بحال ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں سمیت شمالی علاقہ جات میں سردی نے ڈیرے جمالئے ہیں، لاہور اور اسلام آباد میں ٹھنڈی ٹھار ہواوں نے سردی کا مزہ دوبالا کردیا ہے۔

    بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں برفباری کے بعد درجہ حرارت منفی چار ہوگیا جبکہ بلوچستان کے شمالی علاقوں نے بھی برف کی چادر اوڑھ لی، جس کے باعث ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی اور کوئٹہ سمیت متعدد اضلاع میں بجلی بند ہوگئی۔

    قلات اور لاڑکانہ میں بھی بارش کاسلسلہ جاری ہے، چمن میں بارش برسانے والی ہواوں نے ڈیرہ ڈال لیا، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، زیارت سمیت مختلف علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، بیشتر علاقوں درجہ حرارت صفر پر پہنج گیا ہے۔

    اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں برفباری نے سیاحوں کی موجیں کرادیں، برف سے ڈھکے پہاڑ وں نے منظر اور دلکش بنادیے، کالام میں کئی انچ برف پڑ چکی ہے ، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں بلوچستان میں اکثر مقامات پر جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    بلوچستان میں آج (ہفتہ) سے اتوار کے دوران اکثر مقامات پر، سندھ میں آج ہفتہ کے روز چند مقامات پر، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں اتوار سے بدھ کے دوران کہیں کہیں، جنوبی پنجاب میں بھی ہفتہ اور اتوار کے روز چند مقامات پر، جبکہ خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں ہفتہ سے بدھ کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    برفباری کے باعث چترال، سوات ، گللت ، لواری ٹنل سمیت ملک کے دیگر سیر و تفتریح کے مقامات بند ہوگئے.۔سیکڑوں گاڑیاں برف سے ڈھکی سٹرکوں میں پھنس گئیں. جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی ہے۔

    یہاں پڑھیں: ذرا سی بارش: کراچی میں بجلی غائب، سڑکوں‌ پر پانی، ٹریفک جام

    دوسری جانب کراچی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہےگا، شہرقائد میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

    تاہم ہلکی بارش نے کراچی انتظامیہ کا پول کھول دیا ہے. کراچی موسم سرما کی پہلی برسات برداشت نہ کرسکا۔ انتظامی بدنظمی کے شکار کراچی کی گلیاں، محلے ندی نالوں کا منظرپیش کر رہے۔

    بارش سے کےالیکٹرک کی کاردگی بھی دھل گئی، متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، جس کے باعث کئی علاقوں میں شہری بجلی سے محروم رہے۔

  • سردیوں کی پہلی بارش‘ ٹویٹر کراچی کی تصویروں سے سج گیا

    سردیوں کی پہلی بارش‘ ٹویٹر کراچی کی تصویروں سے سج گیا

    کراچی: شہرِقائد کے مختلف علاقوں موسم سرما کی پہلی بارشہوئی ‘ بارش کے ہوتے ہی موسم خوشگوارہوگیا‘ واضح رہے کہ کراچی میں موسمِ سرما میں بہت کم بارش ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم سرما پہلا مینہ برسا . ابر رحمت کے برستے ہی شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اُٹھے. .موسم سرما کی پہلی بارش ناظم آباد ، نارتھ کراچی اورصدر سمیت مختلف علاقوں میں ہوئی جس کے سبب شہرکا ۔موسم سرد اور ٹھنڈا ہو گیا۔ ہلکی بارش کا یہ سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے

    بارش ہوتے ہی شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی خوشی کا اظہار کرنا شروع کردیا اور بارش کا ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا۔

    دوسری جانب معمولی بارش ہوتے ہی کراچی میں کے الیکٹرک کے کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث گلشن اقبال، گلستان جوہر ،لیاری، بلدیہ ٹاؤن ، ماڑی پور،لانڈھی،کورنگی،نارتھ ناظم آباد ، لائنز ایریا،گارڈن اور جمشید روٍڈ کے ایریا میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہلکی بارش کا یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ اس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

    علاوہ ازیں میٹرول اور سائٹ ایریا سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں ٹریفک بھی جام ہوگیا۔

  • میلبرن ٹیسٹ: پہلے دن ہی بارش ، پاکستان کے چار وکٹوں پر 142 رنز

    میلبرن ٹیسٹ: پہلے دن ہی بارش ، پاکستان کے چار وکٹوں پر 142 رنز

    میلبرن: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی سیریزکے دوسرے میلبرن ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے پہلی اننگز میں چار وکٹوں پر ایک سو بیالیس رنزبنالئے۔ میلبرن ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر ہوا۔ مصباح الحق اور یونس خان کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں اس بار پھر ناکام رہے۔

    تفصیلات کے مطابق میلبرن میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کامیاب ثابت نہ ہوا اور بیٹنگ ایک بار پھر آزمائش بن گئی۔ پاکستانی ٹیم میں راحت علی کی جگہ سہیل خان کو شامل کیا گیا جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

    اٹھارہ رنز پر سمیع اسلم نے ساتھ چھوڑدیا۔ رنز بننا شروع ہوئے تو بابر اعظم کو 23 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین کا پروانہ مل گیا۔ یونس خان صرف اکیس رنزبنا کر بولڈ ہوگئے۔ کپتان مصباح الحق نے چھکا لگا کر اننگز کا آغاز کیا لیکن نو رنز بنا کر وہ بھی ہمت ہارگئے۔

    اظہرعلی نے مزاحمت جاری رکھتے ہوئے نصف سینچری بنائی۔ بارش کے باعث چائے کا وقفہ وقت سے پہلے دیا گیا لیکن پھر کھیل شروع نہ ہوسکا۔ ابتدائی روز پچاس اعشاریہ پانچ اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔

    پاکستان نے پہلے روز کے اختتام تک چار وکٹوں پر ایک سو بیالیس رنزبنالئےہیں۔ اظہر علی چھیاسٹھ اور اسد چار رنزبناکر وکٹ پرموجود ہیں۔

  • قوم بارشوں کے لیے نماز استسقا ادا کرے، صدر ممنون حسین

    قوم بارشوں کے لیے نماز استسقا ادا کرے، صدر ممنون حسین

    اسلام آباد: صدر مملکت پاکستان صدر ممنون حسین نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ملک میں بارش کے لیے کل پوری قوم نمازِ استسقا ادا کرتے ہوئے بارگاہ الہیٰ میں بارش کے لیے خصوصی دعا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان صدر ممنون حسین نے رواس سال ملک میں بارش نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل نماز استسقا ادا کریں اور اللہ کے حضور بارش کے لیے دعا کریں۔

    صدر ممنون حسین نے علمائے کرام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے طول و عرض میں نماز استسقا کے اجتماعات منعقد کروائیں اور خشک سالی کے خاتمے کے لیے اللہ سے ابررحمت طلب کریں۔

    انہوں نے کہا کہ کل بعد نماز ظہر اسلام آباد میں نماز استسقا کی ادائیگی کے لیے اجتماع منعقد کیا گیا ہے جس میں وہ خود بھی شریک ہوں گے اور انہوں نے وفاقی دارلحکومت کے مکینوں ، سرکاری افسران و دیگر افراد سے اپیل کی کہ وہ بھی اس میں لازمی شرکت کریں۔

  • بھارت نے دریائے چناب میں 70 ہزار کیوسک پانی چھوڑدیا

    بھارت نے دریائے چناب میں 70 ہزار کیوسک پانی چھوڑدیا

    سیالکوٹ : بھارت نے دریائے چناب میں 70 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا جس سے ہیڈ مرالہ ، خانکی اور قادر آباد بیراج کےمقام پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کے سبب بھارتی کی جانب سے دریائے چناب میں 70 ہزار کیوسک پانی چھوڑ دیا گیا، جس کے بعد ہیڈمرالہ، خانکی اور قادرآباد بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔

    بیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ گزشتہ روز 73 ہزار کیوسک تھا جو آج 1 لاکھ 43 ہزار 900 کیوسک تک پہنچ گیا جس کے نتیجے میں آبی علاقے زیر آب آگئے اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو پنجاب کے دیگر علاقوں سیالکوٹ ، کوجرانوالہ، حافظ آباد ، چینوٹ اور جھنگ کے علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں :  ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب کا خطرہ

    دوسری جانب سیالکوٹ کے ایک نالے میں شگاف پڑنے سے اونچے درجے کا سیلاب آگیا ہے، بند ٹوٹنے سے سیلانی ریلہ شہری علاقوں میں داخل ہوگیا ہے ، جس کے باعث چٹی شیخاں کے مقام پر نالہ پلکھو میں بھی طغیانی آنے سے نیکا پورہ، پظام پورہ، پسرور روڈ، میانی گوپالپور، جودھے والی رائے پور، اور سیدنوالی کے متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں۔ سیلانی ریلے کا پانی متاثرین کے لیے بنائے جانے والے فلڈ کیمپ میں داخل ہوگیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں : آئندہ مون سون میں بارشوں سے کراچی میں سیلاب کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات

    متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ پاک فوج کے اہلکار بھی فلاحی کاموں میں مصروف ہیں اور نقل مکانی کرنے والے لوگوں کی مددکررہے ہیں۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

  • اسلام آباد، لاہوراورپشاور میں بارش، موسم خوشگوار

    اسلام آباد، لاہوراورپشاور میں بارش، موسم خوشگوار

    اسلام آباد،لاہور، پشاور : جڑواں شہروں راولپنڈی ، اسلام آباد ، لاہور، پشاور اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا محکمہ موسمیات نے وقفے وقفے سے مزید بارش جاری رہنے کی نوید سنادی۔

    Rain1

    تفصیلات کے مطابق لاہور،پشاور سمیت پنجاب اور خیبر پختون خوا کےشہروں میں بادل چھم چھم برسے تو پھول بوٹے کھل اٹھے موسم خوشگوار ہوگیا، شدید گرمی کا زور ٹوٹا تو شہریوں کے چہروں پر بھی رونق لوٹ آئی۔

    Rain2

    محکمہ موسمیات نے پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں چند مقامات پرمزید بارشوں کی خوشخبری دی ہے ساتھ ہی انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کی ہے کہ موسلادھاربارشوں کے لیے پیشگی انتظامات کرلیں۔

    Rain3

    آسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی موسم مہربان ہوا۔ صبح سویرے سورج کو بادلوں نے گھیر لیا، بارش سے موسم سہانا ہوگیا۔

    Rain4

    اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں بھی کہیں کہیں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    Rain5

    Rain6

    Rain7

  • کراچی اور اندرون سندھ میں آج سے تیز بارشوں کا امکان

    کراچی اور اندرون سندھ میں آج سے تیز بارشوں کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق 11 جولائی سے کراچی سمیت سندھ میں تیز بارشوں کا امکان ہے لیکن ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پیش گوئی کی ہے کہ بارشیں کم ہوں گی۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب ،کشمیر سمیت ملک کے کئی شہروں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے موسم کے بارے میں ڈائریکٹر جنرل میٹ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ بارہ اور تیرہ جولائی کو تیز بارش کا امکان ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سلمان شاہ کے مطابق بارشوں سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں تاہم آئندہ دو سے تین روز میں زیادہ بارشوں کا امکان نہیں۔

    کراچی میں آئندہ چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں میں بارشیں تیز ہوں گی یا نہیں یہ تو وقت ہی بتائے گا تاہم انتظامیہ کی جانب سے مون سون کے سلسلے میں ابھی تک برساتی نالوں کی صفائی نہیں ہوسکی ہے۔

  • راولپنڈی ودیگر شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

    راولپنڈی ودیگر شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار

    اسلام آباد / راولپنڈی : اسلام آباد میں بارش کے بعد راولپنڈی میں بھی تیز آندھی کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

    ٹھنڈی ہواؤں سے روزہ داروں کے چہرے کھل اُٹھے۔ بیشترعلاقوں میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوائیں چلیں اور سیاہ بادل چھا گئے جو جم کر برسے۔

    راولپنڈی میں 93 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی۔ مری، جھنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، نارووال، ہنگو، باغ میں بھی بادل برسے۔ کرک میں موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

    لاہور میں سارا دن قہر کی گرمی کے بعد سہ پہر کو ہلکے بادل چھا گئے اور 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی گرد آلود ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

    بارش کی وجہ سے شہر میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے ۔ادھر راولپنڈی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں ۔

    فلائٹ انکوائری کا کہنا ہے کہ پی کے 653اور پی کے 655خراب موسم کے باعث کچھ دیر تاخیر سے لاہور کے لیے پرواز کریں گی۔