Tag: Rain

  • متحدہ عرب امارات: سیلاب میں تباہ کاروں کے مالکان کے لیے نئی سہولت

    متحدہ عرب امارات: سیلاب میں تباہ کاروں کے مالکان کے لیے نئی سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں سیلاب سے تباہ ہونے والی کاروں کے لیے انشورنس کلیم کی نئی ویب سائٹ لانچ کردی گئی، امارات میں اس دفعہ 27 سال کی ریکارڈ توڑ بارشیں ہوئی ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سیلاب کے نقصانات کے انشورنس کلیم کی نئی ویب سائٹ متعارف کروا دی گئی۔

    امارات میں غیر معمولی سیلاب کے صرف ایک ہفتے بعد وزارت داخلہ نے فجیرہ میں کار مالکان کے لیے اپنی تباہ شدہ گاڑیوں کے واقعے کی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے ایک ویب سائٹ شروع کی ہے۔

    وہ لوگ جن کی کاریں ریکارڈ توڑ بارشوں کے دوران آنے والے سیلاب کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں یا تباہ ہو چکی ہیں وہ اس رپورٹ کو انشورنس کا دعویٰ کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔

    تباہ شدہ کار کی تفصیلات، تصاویر اور رجسٹریشن کارڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنی ہوگی، جو انگریزی اور عربی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے، اس سروس کی فیس 20 درہم ہے جہاں گاڑی کی تفصیلات جمع ہونے کے بعد صارف کو ایک رجسٹریشن نمبر جاری کیا جاتا ہے۔

    انشورنس اہلکار کے مطابق ایک بار کار کے مالک کے پاس رپورٹ آنے کے بعد وہ اپنی کاروں کی مرمت کے لیے اپنی انشورنس کمپنی سے رجوع کر سکتے ہیں، رپورٹ جاری ہونے میں 2 سے 3 کاروباری دن لگ سکتے ہیں۔

    عام طور پر تو یہ ہوتا ہے کہ انشورنس کمپنی اس کے بعد ایک ریکوری گاڑی بھیجے گی اور کار کو منظور شدہ گیراج میں لے جائے گی جہاں سے مکینکس مشورہ دیں گے کہ آیا کار قابل مرمت ہے یا نہیں۔

    خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ ہفتے 27 سالوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں فجیرہ، شارجہ اور راس الخیمہ کے مختلف علاقوں میں سیلاب آگیا۔

    اس دوران مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک ہوئے جن میں 5 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، متعدد افراد بے گھر بھی ہوگئے ہیں۔

  • سکھر : بارشوں کے باعث کئی دیہات تباہ، گھر مسمار

    سکھر : بارشوں کے باعث کئی دیہات تباہ، گھر مسمار

    سکھر : حالیہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث سکھر کے تحصیل صالح پٹ کے کئی دیہات زیر آب آگئے۔ درجنوں گھرمسمار ہوگئے۔

    اپنے گھروں سے محرومی کے بعد علاقہ مکین سخت مشکلات شکار ہیں، بارش سے کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اسکولوں کی عمارتیں ڈوبنے سے تعلیمی ادارے بھی بری طرح متاثر ہیں۔

    ملک بھر کی طرح ضلع سکھر میں بھی حالیہ بارشوں نے جہاں تباہی مچا دی ہے وہاں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ،بارش کے پانی نے کئی دہات کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    متعدد گھر زمین بوس ہوگئے، لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے مشکلات سے گزر رہے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں، سڑکیں تا حال زیر آب ہونے کے باعث لوگوں کو آنے جانے میں دشواری کا سامنا ہے تو اسکولوں کی عمارتیں ڈوبنے سے طلبا کی تعلیم بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔

    صالح پٹ کے علاقے میں ہزاروں ایکڑ پر تیار فصلیں تباہ ہونے سے کاشتکاروں کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے تو انسانی زندگی خطرے میں ہونے کے ساتھ مویشی بھی مرنے لگے ہیں۔

    سرکاری مدد سے محروم بارش متاثرین اس وقت منتظر ہیں کہ کئی روز سے جمع پانی نکال کر انہیں مصیبت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔

  • کراچی اور کوئٹہ میں بارش : محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کردیا

    کراچی اور کوئٹہ میں بارش : محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کردیا

    کراچی / کوئٹہ : شہر قائد میں آج دن اوررات کے اوقات میں ہلکی بارش اوربوندا باندی کا امکان ہے جبکہ لورالائی، بارکھان، کوئٹہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

    اس حوالے سے موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج کراچی شہرکا موجودہ درجہ حرارت28.6ڈگری سینٹی گریڈ ہے، کم سے کم درجہ حرارت27.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں نمی کاتناسب83فیصد ہے، جنوب مغربی سمت سےچلنےوالی ہوا10نارٹیکل مائل ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم موطوب رہے گا، لورالائی،بارکھان،کوئٹہ میں گرج چمک کےساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

    کوئٹہ میں زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت32ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پسنی اور جیونی میں31،گوادر اور اوڑمارہ میں30ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار میں زیادہ سے زیادہ 33جبکہ لسبیلہ میں32ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نوکنڈی اور دالبندین میںز یادہ سے زیادہ 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ژوب میں زیادہ سے زیادہ33جبکہ بارکھان میں32ڈگری سینٹی گریڈ، پنجگوراور تربت میں زیادہ سے زیادہ32ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ سبی میں زیادہ سےزیادہ 34ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

  • سعودی عرب : بارش کے دوران خوفناک حادثہ، لڑکی جان سے گئی

    سعودی عرب : بارش کے دوران خوفناک حادثہ، لڑکی جان سے گئی

    جازان : سعودی عرب میں بارشوں کے دوران ایک خوفناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک لڑکی آسمانی بجلی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔

    مون سون کے موسم میں ہونے والی بارشوں اور موسم کی سختیوں نے جہاں لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیری ہیں تو کچھ لوگوں کیلئے یہ موسم اداسی کے لمحات بھی لے کر آیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ ک مطابق سعودی عرب کے جازان ریجن کی مشرقی کمشنری’العیدابی‘میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک لڑکی ہلاک جبکہ ان کی بہن زخمی ہوگئیں۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے سربراہ نے بتایا کہ جمعے کے روز ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری تھا کہ اسی اثنا میں انتہائی خوفناک انداز میں بجلی گرنے کی آواز سنائی دی۔

    شہری نے مزید بتایا کہ آسمانی بجلی اس کے گھر پر گری جس سے اس کی دو بیٹیاں متاثر ہوئیں۔

    بڑی بیٹی جن کی عمر 27 برس تھی بجلی گرتے ہی بے ہوش ہوگئی جبکہ دوسری بیٹی جو ان کے ساتھ ہی تھی وہ بھی متاثر ہوئیں۔

    متاثرہ شخص کا مزید کہنا تھا کہ بیٹیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں پہنچ کر معلوم ہوا کہ بڑی بیٹی ہلاک ہوچکی تھیں جبکہ دوسری بیٹی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جس کے بعد ان کی حالت بہتر ہوگئی۔

  • بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی

    کوئٹہ: مون سون کی طوفانی بارشوں نے صوبہ بلوچستان میں تباہی مچادی ہے، بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کو سندھ سے ملانے والی دوسری سڑک بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئی، ڈپٹی کمشنر الیاس کبزئی کا کہنا ہے کہ بھلونک میں ایم 8 روڈ بھی سیلاب سے تباہ ہوگئی۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوچکا ہے، سڑک کو بحال کرنے میں ایک ہفتے سے زیادہ وقت درکار ہوگا۔

    انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے لوگ ایم 8 روڈ پر سفر نہ کریں۔

    خیال رہے کہ طوفانی بارشوں نے صوبہ بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، بارش سے 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں مکانات منہدم اور سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں۔

  • ملک بھر میں تیز بارشیں: وزیر اعظم کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    ملک بھر میں تیز بارشیں: وزیر اعظم کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بارشوں کے پیش نظر تمام وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور معاونت کرے، نشیبی علاقوں کے عوام کی جان اور مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مشکل صورتحال میں وفاق سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، منتخب نمائندے متعلقہ اداروں کے ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کی مؤثر نگرانی کریں۔

  • بلوچستان میں طوفانی بارشیں: درجنوں افراد جاں بحق، ہزاروں مکان منہدم

    بلوچستان میں طوفانی بارشیں: درجنوں افراد جاں بحق، ہزاروں مکان منہدم

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، ساڑھے 6 ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلوچستان میں بارشوں سے جانی و مالی نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 100 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثات کا شکار ہو کر 57 افراد زخمی ہوئے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے مجموعی طور پر صوبے بھر میں 6 ہزار 63 مکانات منہدم ہوئے، بارشوں سے 550 کلو میٹر مشتمل مختلف 4 شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔

  • بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، موسلا دھار بارش متوقع

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں اور بلوچستان کے کچھ شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب پر ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر گیا، کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین اور میرپور خاص میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، شہید بے نظیر آباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں جبکہ بلوچستان کے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر، جیوانی اور تربت میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ماہر ماحولیات نے بارش کے پانی کو محفوظ کر کے استعمال کرنے کے حوالے سے اہم بات بتا دی

    ماہر ماحولیات نے بارش کے پانی کو محفوظ کر کے استعمال کرنے کے حوالے سے اہم بات بتا دی

    ایک طرف جہاں کراچی سمیت سندھ میں پانی کی قلت کے مسئلے سے شہری جھوجھ رہے ہیں، وہاں یہ اہم سوالات بھی اٹھ کھڑے ہوتے ہیں کہ صاف پانی کا حصول کیسے ممکن ہو؟ اور بارش کے پانی کو محفوظ کر کے کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے؟

    رواں برس اب تک کی شدید بارشوں سے حب ڈیم بھی بھر گیا ہے، دیکھا جائے تو پانی کا مسئلہ تین سال کے لیے ختم ہو گیا ہے لیکن ہم جانتے ہیں کہ اس کے باوجود کراچی کے شہریوں کو پانی ٹینکرز مافیا کے ذریعے ہی ملتا رہے گا۔

    بارش کے پانی کے حوالے سے ایکولوجسٹ رفیع الحق نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں اہم باتیں بتائیں، انھوں نے ایک بات تو یہ بتائی کہ بارش کا پانی پینے کے لائق نہیں ہوتا، اور دوم یہ کہ بارش کے پانی کو فلٹر کرنے کے لیے کسی اسٹینڈرڈ طریقہ کار کا ہونا ضروری ہے۔

    رفیع الحق نے بتایا کہ ایک چھوٹی مثال ہے، آپ کے گھر کی چھت پر کوئی کبوتر یا کوا بیٹھا ہوا ہے، اس نے بیٹ کی ہے اور بارش میں وہ دھل گیا سب، تو سوال یہ ہے کہ کیا آپ اس پانی کو پئیں گے؟

    ایکولوجسٹ کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ جاننا ضروری ہے کہ بارش کے پانی میں بہت سارے بیکٹیریا اور وائرس ہوتے ہیں، اور یہ پانی پینے کے لیے نہیں ہوتا، البتہ اس میں نہایا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا جہاں تک بات فلٹریشن کی ہے تو اس کے لیے ایک اسٹینڈرڈ طریقہ کار ہونا چاہیے، ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے کہ ایک صاحب نے 2 ہزار گیلن بارش کا پانی واٹر ٹینک میں محفوظ کر لیا، لیکن تھوڑے دن بعد جب گرمی ہوگی تو آپ نگلیریا کے کیسز دیکھ رہے ہوں گے، کسی کو پیٹ کی خرابی کی شکایات ہونے لگیں گی، قے کی شکایت سامنے آئے گی۔

    رفیع الحق نے کہا کہ بارش رحمت برساتی ہے، اس کا پہلا کام دھونا ہوتا ہے، یہ ہر طرح کی دھول کو دھو کر صاف کر دیتی ہے، تاہم بد انتظامی کی وجہ سے نکاسی میں رکاوٹ ہوتی ہے، جس سے عوام تکلیف میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے جو 14 بڑے نالے ہیں، لوگوں کا خیال ہے کہ بارش کا پانی ان کے کچرے کو لے جا کر سمندر کو آلودہ کرتا ہے، حالاں کہ بارش کا یہ پانی ان نالوں کے آلودہ پانی کی شدت کو کم کر دیتا ہے۔

    انھوں ںے کہا ایکولوجی میں ایک اصطلاح استعمال کی جاتی ہے ای فلو، اس کا مطلب ہے کہ آپ کسی بھی واٹر باڈی کی بنیادی خصوصیت کو تبدیل نہ کریں، یعنی اگر بہتی ہوئی کوئی ندی ہے، تو اس پر کوئی باغ نہ لگائیں، اگر جھیل ہے کوئی تو اسے بہتا ہوا دریا نہ بنائیں۔

    ماہر ماحولیات نے دریا کے پانی کے حوالے سے بھی اہم بات بتاتے ہوئے کہا کچھ لوگ سمجھتے ہیں کے دریا کا پانی سمندر میں جا کر ضائع ہو رہا ہے، لیکن یہ ضائع نہیں ہوتا، کیوں کہ ہمارا دریائے سندھ ہائی پروڈکٹیو زون ہے، جب ڈیلٹا میں بہار آتی ہے، اس زمانے میں مینگروز میں شگوفے پھوٹتے ہیں، جب یہ پانی سمندر میں جاتا ہے تو اس کی کڑواہٹ کم ہو جاتی ہے اور مچھلیاں تب انڈے دیتی ہے، تو یہ ایک ایکو سسٹم ہے جو ضروری ہے۔

  • خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    خیر پور: بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان

    کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع خیر پور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا، پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع خیرپور میں حالیہ بارشوں سے کھجور کے باغات کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

    محکمہ زراعت سندھ کی ریسرچ ٹیمز سروے کرنے کے لیے ضلع خیر پور پہنچ گئیں، افسران سروے کر کے رپورٹ مشیر زراعت منظور وسان کے حوالے کریں گے۔

    منظور وسان کا کہنا ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد خیر پور کے کاشت کاروں کی مدد کی جائے گی، خیر پور میں کھجور کے باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے، حکومت سندھ ازالہ کرے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان کھجور کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے، خیرپور کو کھجور کی پیداوار کے حوالے سے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔

    پاکستان میں تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ پر کھجور کے باغات موجود ہیں جن میں سے ایک لاکھ ایکڑ پر صرف خیر پور میں موجود ہیں۔