Tag: Rain

  • پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے کا نظام درہم برہم

    پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے کا نظام درہم برہم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے نظام درہم برہم ہوگیا، درجنوں ٹرینیں منزل سے پہلے روک دی گئیں جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں موسلا دھار بارش سے ریلوے نظام درہم برہم ہوگیا، گجرات ریلوے اسٹیشن کے ٹریک پر پانی جمع ہونے سے ٹرینوں کی آمد و رفت بے حد متاثر ہوئی ہے۔

    خیبر پختونخواہ اور راولپنڈی سے آنے والی ٹرینوں کو گجرات سے پہلے روک دیا گیا، سندھ سے آنے والی ٹرینیں بھی رک گئیں۔

    ریل گاڑیوں کی آمد و رفت ڈھائی گھنٹے سے متاثر ہے، عوامی ایکسپریس، جعفر ایکسپریس، تیز گام اور ریل کار ڈھائی گھنٹے سے جہلم اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، پانی جمع ہونے کے باعث ٹرینیں ڈی ریل ہونے کا خدشہ ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر تمام ٹرینوں کو روکا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق ٹرینوں کی آمد و رفت کی بحالی سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، گجرات ریلوے اسٹیشن کے ٹریکس مکمل طور پر پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

  • کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    کراچی کی حالت زرداری اور اس کے خاندان کی 14 سالہ کرپشن کی مثال ہے: عمران خان

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کی ابتر حالت مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بارش نے پھر سندھ میں زرداری اور اس کے خاندان کی کرپٹ حکمرانی کو بے نقاب کردیا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ مثال ہے کہ کس طرح کرپشن گورننس کو برباد کر دیتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی رقم جعلی اکاؤنٹس میں گئی اور دبئی میں جائیدادوں کے لیے سرمایہ کاری میں لگی، برائی کے اس گٹھ جوڑ کا خاتمہ ہونا چاہیئے۔

  • مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    مزید بارشوں کی پیشگوئی: وزیر اعظم کی حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت

    اسلام آباد: صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں مون سون کی مزید بارشوں کی پیش گوئی کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام صوبائی و وفاقی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات سے مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی پر الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبائی محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں اقدامات کی نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔
    ت
    وزیر اعظم نے صوبائی اداروں کو معاونت فراہم کرنے پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو شاباشی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعاون، اشتراک عمل اور عوام کی خدمت کا بے لوث جذبہ ہی ہماری قوت ہے۔

    انہوں نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو بھی عوام کے تحفظ کے لیے خدمات فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کا جذبہ ہی دراصل سب سے عظیم جذبہ ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ عید تعطیلات میں عوامی خدمت کے شاندار جذبے کا مظاہرہ کرنے پر پولیس، میونسپل اور شہری انتظامات کے ذمہ دار ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔

  • محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

    محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی

    کراچی: صوبہ سندھ میں مون سون کی مزید بارشوں کا امکان ہے، نیا سسٹم 18 جولائی تک برقرار رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے مون سون بارشوں سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کردی، سندھ میں 14 سے 18 جولائی تک مون سون کی مزید بارشیں متوقع ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا ایک اور مضبوط ہوا کا کم دباؤ جمعرات کو سندھ میں پہنچنے کا امکان ہے، مون سون کا نیا سسٹم 18 جولائی تک برقرار رہے گا۔

    ایڈوائزری کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ مزید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ حکام سے الرٹ رہنے اور ضروری اقدامات کی درخواست ہے۔

  • طوفانی بارشیں اور سیلاب: کراچی تا خیبر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف

    طوفانی بارشیں اور سیلاب: کراچی تا خیبر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف

    کراچی / پشاور / کوئٹہ: ملک بھر میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کے جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے خیبر تک فوجی افسران و جوان طوفانی بارشوں میں ریلیف اور ریسکیو مشن پر مامور ہیں، پاک فوج کی جانب سے تمام کور ہیڈ کوارٹرز کو فوری ہدایات جاری کی گئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ بارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔

    ریسکیو اور ریلیف فراہم کرنے اور زیر آب علاقوں کو کلیئر کرنے کے لیے فوج کو انتظامیہ کی بھرپور مدد کی ہدایت کی گئی تھی۔

    کراچی میں پاک فوج کی 388 ڈی واٹرنگ ٹیمز مصروف عمل ہیں، پاک فوج، رینجرز سندھ، ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کی ٹیمیں انتظامیہ کی معاونت کر رہی ہیں۔

    راولپنڈی اور اسلام آباد میں راولپنڈی کور مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

    صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں ٹانک اور صوابی میں فلیش فلڈنگ کی صورتحال ہے، پشاورکور نے روڈ شندور چترال کو ٹریفک کے بہاؤ کے لیے کھولنے میں انتظامیہ کی مدد کی۔

    صوبہ بلوچستان کے شہر لسبیلہ میں 400 افراد کو سیلابی پانی سے ریسکیو کیا گیا، کوئٹہ کور نے ہر ضلع میں ایک رابطہ افسر مقرر کیا ہے۔ رابطہ افسر پی ڈی ایم اے اور سول انتظامیہ کے ساتھ آپریشن میں مصروف عمل ہے۔

    قراقرم ہائی وے، جگلوٹ اسکردو روڈ اور بابوسر شاہرائیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بلاک تھیں جنہیں ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے نے ٹریفک کے لیے بحال کر دیا ہے، ایف سی این اے ٹروپس ضلع غذر میں سول انتظامیہ کی مدد میں مصروف عمل ہیں۔

  • تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    تیز بارش میں کراچی کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا، انتظامیہ غائب، شہریوں کی نقل مکانی، 3 جاں بحق

    کراچی: رات سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارش نے بیش تر کراچی کو ڈبو دیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر سونے چلی گئی ہے اور شہری راہ تکتے رہ گئے، ضلع جنوبی میں سیلاب کے مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں، بعض علاقوں کے لوگوں کو نقل مکانی کرنی پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری ہے، شہر کا بیش تر علاقہ ڈوب گیا ہے، انتظامیہ رین ایمرجنسی لگا کر غائب ہو گئی ہے، 3 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق جب کہ دو افراد ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے ایک کو بچا لیا گیا اور دوسرے کی تلاش جاری ہے۔

    شہر میں سیوریج کا نظام بیٹھ گیا ہے، شاہراہوں پر آلائشیں تیر رہی ہیں، سندھ حکومت کے نکاسئ آب کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، انڈر پاسز پانی سے بھر چکے ہیں اور سڑکیں تالاب بن گئیں، جگہ جگہ گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔

    سپر ہائی وے اور کورنگی کاز وے زیر آب آ چکا، ایم نائن کے ایک ٹریک پر دو طرفہ ٹریفک چل رہی ہے، سندھ اسمبلی کے اطراف ندی کا منظر ہے جب صدر کی سڑکیں گھٹنوں گھٹنوں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، این آئی سی وی ڈی میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے۔

    نظر یار محمدگوٹھ، عباس ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کے مکینوں نے نقل مکانی کر لی ہے، قائد آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کے باعث مکینوں کی نقل مکانی کرنی پڑی۔

    کراچی میں دنبہ گوٹھ کے مقام پر 2 افراد ریلے میں بہہ گئے، ایک کو بچا لیا گیا، دوسرے کی تلاش جاری ہے، گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے دو افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے، شناخت آصف اور حسن کے نام سے ہوئی ہے، کورنگی بلال کالونی میں بھی ایک شخص کرنٹ لگنے سے چل بسا۔

    ایم نائن موٹر وے کراچی سے حیدر آباد جانے والا راستہ ٹھڈو ڈیم اوور فلو ہونے کے باعث بند ہو گیا ہے، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ اور عملہ سیکریٹری فنانس سید شجاعت حسین سمیت دیگر افسران امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موسلا دھار بارش کے باعث سب میرین انڈر پاس بند کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ انڈر پاس میں پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو بوٹ بسن کی طرف سے بولیورڈ کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔

    کے پی ٹی اندر پاس، تین تلوار، دو تلوار کو دونوں اطراف سے بند کر دیا گیا ہے، انڈر پاس میں بارش کا پانی جمع ہو جانے کے باعث بند کیا گیا، ٹریفک کو پل کے اوپر سے چلایا جا رہا ہے۔

    قائد آباد کے مقام پر ملیر ندی میں سکھن نالے کی جانب سے سیلابی ریلے کے پیش نظر یار محمد گوٹھ، عباس ٹاؤن و ملحقہ آبادیوں کے مکین اپنے گھروں سے نقل مکانی کر کے ملیر بند پر چڑھ گئے ہیں، مکینوں میں خواتین، بچے اور بوڑھے شامل ہیں۔

    سول سوسائٹی اور ریسکیو اداروں نے نقل مکانی کرنے والوں کو گورنمنٹ اسکول میں شفٹ کر دیا، دیگر افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے، رینجر ڈی ایم سی اور دیگر ریسکیو ادراے عوام کو محفوظ مقام پر پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • بارش کے دوران 16 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، متعدد زخمی

    بارش کے دوران 16 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، متعدد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں کل سے اب تک بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ بلوچستان میں7 افراد خالق حقیقی سے جاملے۔

    تفصیلات کے مطابق گارڈن شو مارکیٹ میں کرنٹ لگنے سے 20 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ منگھوپیر میں کرنٹ لگنے 23 سالہ رقیب جان کی بازی ہار گیا۔

    لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گھر میں کرنٹ لگنے سے 38 سالہ خاتون کی موت واقع ہوئی اور نارتھ کراچی ارسلان ہومز میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچے نے نوقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    اس کے علاوہ کورنگی 100 کواٹرز کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے عمر رسیدہ شخص جاں بحق ہوا اور محمد علی سوسائٹی میں پیٹرول پمپ کے قریب کرنٹ لگنے سے لڑکے کی موت واقع ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق گڈاپ کے نشیبی علاقے میں بارش کے بعد سیلابی ریلے میں باپ بیٹا بہہ گئے تھے، بیٹے کی لاش نکال لی گئی جبکہ باپ کی تلاش جاری ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان میں گزشتہ24گھنٹےکے دوران مزید 7 افراد بارش کی وجہ سے جاں بحق ہوئے، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم جون سےاب تک بلوچستان میں بارشوں سے56افرادجاں بحق ہوئے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 10مرد، 22خواتین اور24بچے شامل ہیں، بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 48 افراد زخمی ہوئے۔

    بارشوں سے 670 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، کوئٹہ، لورالائی، سبی، ہرنائی، دکی، کوہلو، بارکھان ، ژوب کے علاقے بارش سے زیادہ متاثر ہوئے۔

  • کراچی: بارش میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ٹریفک پولیس آگے آگئی

    کراچی: بارش میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ٹریفک پولیس آگے آگئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بارش میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے نمبر جاری کردیا گیا، راستے میں گاڑی یا موٹر سائیکل کا ٹائر پنکچر ہونے، خراب ہونے یا پیٹرول ختم ہونے کی صورت میں ٹریفک پولیس مدد کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے احسن قدم اٹھایا ہے۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بیچ راستے میں اگر گاڑی یا موٹر سائیکل کا پیٹرول ختم ہوجائے تو 1915 پر کال کریں، گاڑی یا موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈالوا دیا جائے گا۔

    گاڑی یا موٹر سائیکل خراب یا پنکچر ہونے کی صورت میں 1915 پر کال کرنے کا کہا گیا ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ خراب موٹر سائیکل یا گاڑی مکینک تک پہنچائی جائے گی۔

    ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑی یا موٹر سائیکل کا پنکچر ٹائر تبدیل کرنے میں بھی مدد کی جائے گی۔

  • ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    ملک بھر میں مزید بارشوں کا امکان، محکموں کو الرٹ کردیا گیا

    اسلام آباد / کراچی: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، کراچی میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مون سون کے موجودہ اسپیل میں توسیع کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا سلسلہ 24 سے 48 گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے، ہفتے کے آخر تک اس میں مزید شدت آسکتی ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں 7 جولائی تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی کے بعض علاقوں میں 50 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، شہر کے مختلف نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ دن بھر گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، 9 جولائی تک یہ سسٹم فعال ہے۔ اربن فلڈنگ کے حوالے سے متعلق اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔

  • سہ پہر سے رات دیر تک بارش ہوگی، موسمیات کی کراچی کے لیے نئی پیش گوئی

    سہ پہر سے رات دیر تک بارش ہوگی، موسمیات کی کراچی کے لیے نئی پیش گوئی

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سہ پہر سے رات دیر تک بارش کی نئی پیش گوئی سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کا موسم آج پیر کی صبح کو جزوی طور پر ابر آلود ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سسٹم اس وقت بھی سندھ میں موجود ہے، تاہم بارش برسانے والا نظام کمزور ہو چکا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے بیش تر علاقوں میں آج سہ پہر گرج چمک کے ساتھ تیز اور معتدل بارش متوقع ہے، شہر میں آج ، کل اور پرسوں تیز بارش ہو سکتی ہے، موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کا اسپیل رات دیر تک جاری رہے گا۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے ، اور کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے۔

    کراچی میں دس منٹ کی بارش میں کیا ہوا؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں تمام تر پیش گوئیوں کے بر عکس صرف دس منٹ کی بارش ہوئی تھی، جس نے شہریوں کو مزید پریشان کر دیا تھا، ذرا دیر کی بارش سے بھی کے الیکٹرک کا کمزور ٹرانسمیشن سسٹم شدید طور پر متاثر ہو گیا اور بیش تر علاقے بجلی سے کئی گھنٹوں کے لیے محروم ہو گئے۔