Tag: Rain

  • کراچی میں دس منٹ کی بارش میں کیا ہوا؟

    کراچی میں دس منٹ کی بارش میں کیا ہوا؟

    کراچی: شہر قائد میں تمام تر پیش گوئیوں کے بر عکس صرف دس منٹ کی بارش برسی، اس نے بھی شہریوں کو مزید پریشان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل میں گزشتہ روز صرف دس منٹ تک تیز بارش برسی، تاہم اس میں بھی کے الیکٹرک کا کمزور ٹرانسمیشن سسٹم شدید طور پر متاثر ہو گیا۔

    شہر میں تیز بارش کے بعد کے الیکٹرک کے 400 فیڈرز ٹرپ کر گئے، اور مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی، تیز ہوا کی وجہ سے کے الیکٹرک کے بیش تر مقامات پر کمزور اوور ہیڈ تار ٹوٹ کر گر گئے۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے پیغام جاری کیا کہ شہر کے بیش تر علاقوں میں بارشوں اور تیز ہوا کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، اور اس وقت شہر کو 1650 سے زائد فیڈرز سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

    بارش سے جو علاقے بجلی سے محروم ہوئے، ان میں ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، نارتھ کراچی، پہاڑ گنج، اورنگی، قصبہ کالونی، لانڈھی، بلدیہ، اتحاد ٹاؤن، گلشن ظہور، لائنز ایریا، گلشن معمار، کورنگی، نصرت بھٹو کالونی، شاہنواز بھٹو کالونی شامل ہیں۔

    سرجانی، تیسر ٹاؤن، لیاقت آباد، موسیٰ کالونی، غیب آباد، روئداد نگر، پاپوش نگر، ناظم آباد، اورنگ آباد، منگھوپیر، اسکیم 33، ملیر، ماڈل کالونی، ڈی ایچ اے، پنجاب کالونی، پی ای سی ایچ ایس، اختر کالونی، منظور کالونی، عزیز آباد، ثمن آباد، ایف بی ایریا، رزاق آباد، اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید، ناگوری سوسائٹی سپر ہائی وے، احسن آباد، گارڈن، جمشید روڈ، پاپوش، شاہ فیصل، کھوکھرا پار اور قائد آباد میں بھی بجلی غائب ہو گئی۔

  • کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش

    کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسم ابر آلود، ہلکی بارش

    کراچی: شہر قائد سمیت ملک کے کئی شہروں میں فضا ابر آلود ہونے اور ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی، جس سے موسم خوش گوار ہو گیا۔

    لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت مری، گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی، لاہور میں مطلع ابر آلود ہونے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، راولپنڈی اسلام آباد کے گرد و نواح میں بھی بارش ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، آج بھی شہر میں بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ کل رات سے شہر میں تیز بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔

    کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، دن میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا اور ہوائیں 38 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت سے سسٹم آج رات پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جب کہ سندھ میں کل سے یہ سسٹم فعال ہو جائے گا، جو کراچی میں بھی اثر انداز ہوگا، جس سے کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان اور اربن فلڈ کا خدشہ ہے۔

    یہ سسٹم 3 جولائی کو تھرپارکر، اندرون سندھ تیز بارش کا سبب بنے گا، جب کہ کراچی میں بارش کا ہیوی اسپیل 3 جولائی کی صبح شروع ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں بوندا باندی لاہور میں بارش : محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی

    کراچی میں بوندا باندی لاہور میں بارش : محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی

    لاہور/ کراچی : شہر کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی، موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج دونوں شہروں میں مطلع ابرآلود رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور شہر میں 3اسپیل کےدوران کہیں تیزاور کہیں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بادل برسنے کے بعد اب تک تینوں اسپیل میں جیل روڈ پر52.2 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

    علامہ اقبال ایئرپورٹ میں سب سے زیادہ111.6ملی میٹر، واسا ہیڈ آفس گلبرگ49 ملی میٹر اور لکشمی چوک44 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    اس کے علاوہ اپرمال21ملی میٹر، مغل پورہ میں31ملی میٹر جبکہ تاج پورہ31.5، نشتر ٹاؤن43، چوک ناخدا میں35ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق پانی والا تالاب26،فرخ آباد23،گلشن راوی میں42 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن29،سمن آباد43.5اور جوہر ٹاؤن میں 49ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی جس کے سبب آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، اولڈ سٹی ایریا میں سڑکوں پر پیدا ہونے والی پھسلن کی وجہ متعدد موٹرسائیکل سوار سلپ ہوگئے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم آج ابر آلود رہےگا، دن میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق20کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوائیں چل رہی ہیں، دن میں درجہ حرارت 33سے35ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔ شہرقائد میں آج دن میں 35کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔

  • بحیرۂ عرب سے ہوائیں، آج رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا

    بحیرۂ عرب سے ہوائیں، آج رات سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا

    کراچی: بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں آج بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، اور ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں آج شام یا رات سے مزید پری مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا، خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں 22 جون تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی ہے۔

    جمعرات سے منگل کے دوران راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب میں بارش کا امکان ہے، جب کہ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی 16 سے 21 جون کے دوران بارش کی پیش گوئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موسلا دھار بارش سے راولپنڈی، لاہور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    آج شام، رات سے 23 جون تک کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، بلوچستان کے مشرقی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش متوقع ہے، پری مون سون بارشوں سے حالیہ گرمی کی لہر میں کمی آ سکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب و خیبر پختون خوا، اور گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج بارش کا امکان ہے، سندھ اور بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور خشک رہےگا۔

    محکمہ موسمیات نے پشاور، ایبٹ آباد اور چترال میں بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، لاہور، اٹک، جہلم اور مری میں بھی گرج چمک کے ساتھ مینہ برسنے کا امکان ہے، مظفر آباد، سری نگر، گلگت اور ہنزہ میں بھی بارش متوقع ہے۔

  • غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    غیر معمولی بارشوں کا امکان: وزیر اعظم نے فوری اقدامات کی ہدایت کردی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے غیر معمولی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی ہے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

    وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں انتظامات یقینی بنائے جائیں، حفاظتی انتظامات اور امدادی ساز و سامان کی دستیابی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر اعظم نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے، فصلوں اور مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے۔

    انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نکاسی آب، نالوں اور آبی گزر گاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔

  • سعودی عرب : مکہ مکرمہ اور دیگر شہروں میں تیز بارش کی پیش گوئی

    سعودی عرب : مکہ مکرمہ اور دیگر شہروں میں تیز بارش کی پیش گوئی

    ریاض : سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ اور اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں اس ہفتے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

    محمکہ موسمیات کے قومی مرکز نے ٹوئٹر پر جای ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس ہفتے مکہ مکرمہ، عسیر، جازان اور باحہ کے بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    قومی مرکز کے مطابق تبوک، الجوف، حدود شمالیہ اور حائل ریجن جمعرات اور جمعے کو گرد آلود تیز ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ آج پیر اور منگل کو مشرقی ریجن اور ریاض ریجن کے مشرقی مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ ان کا رخ شمال کی جانب ہوگا۔

    قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا کہ جمعہ اور ہفتے کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اندرونی علاقوں اور مشرقی ریجن کے شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت 48 سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔

    محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق آئندہ بدھ کو اس سال حقیقی موسم گرما کا پہلا دن ہوگا۔ اس روز مملکت کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہوگا۔

  • سعودی عرب: عید الفطر کے دنوں میں بارش کا امکان

    سعودی عرب: عید الفطر کے دنوں میں بارش کا امکان

    ریاض: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں عید الفطر کے دنوں میں بارش کا امکان ہے، قومی مرکز برائے موسمیات نے سیلاب کی وارننگ بھی دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ماہر عقیل العقیل کا کہنا ہے کہ مملکت کے متعدد علاقوں میں عید الفطر اور اس کے بعد تک بارش کا ماحول جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت کے جنوبی اور جنوب مغربی بالائی مقامات پر عید الفطر کے ابتدائی ایام میں بارش کا امکان ہے۔

    اس سے قبل موسمیات کے قومی مرکز نے عسیر، باحہ، نجران، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، ریاض، الشرقیہ، حائل، الجوف اور حدود شمالیہ ریجنز میں بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ موسلا دھار بارشں سے سیلاب بھی آسکتا ہے۔

    پیر کو نجران ریجن میں بارش اور ژالہ باری کی اطلاعات ہیں، اس سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں چلتی رہیں۔ بارش کے بعد علاقے میں سیلاب کی صورتحال ہے۔

    باحہ ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، طائف میونسپلٹی نے بارش کے بعد پمپوں کی مدد سے سڑکوں سے پانی بھی صاف کروایا ہے۔

  • راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

    راولپنڈی ٹیسٹ ڈرا کی جانب گامزن

    راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنالیے، میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنالیے، آسٹریلیا کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 27 رنز درکار ہیں۔

    مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،

    اس سے قبل آسٹریلیا نے آج 2 وکٹوں پر 271 رنز کے ساتھ اننگز شروع کی تو لبوشین 90 اور اسمتھ 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گرین نے 48 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ساجد خان، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی تھی۔

    گذشتہ روز بھی تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی اور بارش کے باعث قبل از وقت ختم کردیا گیا تھا، بعد ازاں تیز بارش نے آج صبح پہلا سیشن نہ ہونے دیا، فیلڈ ایمپائر نے 12.30 بجے میدان کا معائنہ کیا اور کھیل شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز 67 اوورز کا کھیل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل قبل از وقت ختم

    گذشتہ روز تیسرے دن کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے پاکستان کی پہلی اننگز 476 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے تھے، آسٹریلیا کو پاکستان کی پہلی اننگ کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 205 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔

    آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے 97 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر نے 68 رنز اسکور کئے، پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

  • محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پھر غلط ثابت ،  کراچی میں تیز  بارش

    محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پھر غلط ثابت ، کراچی میں تیز بارش

    کراچی : شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے جاتی سردی لوٹ آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا، چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ آج شام تک مطلع صاف ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پھر غلط نکلی ، کراچی کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

    ڈیفنس،صدر، اولڈسٹی ایریا،لیاری،سائٹ ایریا، بلدیہ، اورنگی،صدر،ملیر،لیاقت آباد ، سہراب گوٹھ،نارتھ کراچی،بفرزون،سرجانی،نارتھ ناظم آباد گڈاپ اورگلشن معمار میں گھٹائیں خوب برسیں۔

    بارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی اور سڑکوں پر پھسلن سے متعدد موٹرسائیکلوں کو حادثہ پیش آیاجس سے کئی افراد زخمی ہوئے۔

    بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ، متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی،سر سید ٹاؤن ،بفرزون ،لیاقت آباد ، شاہ فیصل کالونی، جیکب لائنز، منگھو پیر، پاک کالونی ، ملیر،کورنگی،اورنگی ،لانڈھی اورسرجانی شامل ہیں۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش کاامکان ہے تاہم شام تک مطلع صاف ہوجائے گا۔

    سردار سرفراز نے بتایا صبح کےاوقات میں مختلف علاقوں میں بوندا باندی ریکارڈ ہوئی لیکن شہر میں تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔

  • کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

    کراچی میں تیز بارش، پرواز تاخیر کا شکار، جماعت اسلامی کا دھرنا جاری

    کراچی: شہر قائد میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کی وجہ سے کراچی ایئرپورٹ پر ایک پرواز تاخیر کا شکار ہو گئی، دوسری طرف بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صبح شروع ہونے والی ہلکی بارش رات میں تیز بارش میں بدل گئی ہے، نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، تیسر ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں تیز بارش شروع ہو گئی ہے۔

    منگھوپیر، گولیمار، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ، بفرزون، سرجانی، اورنگی، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے۔

    موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 208 ایک گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوئی۔

    شہر میں تیز بارش کے باوجود سندھ ترمیمی بلدیاتی بل کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا بدستور جاری ہے، جسے ایک ہفتہ ہو چکا ہے، خواتین بھی اس میں شرکت کر چکی ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے کارکنوں سے گفتگو میں کہا بارش رحمت ہے اسے انجوائے کریں، ہم کراچی کے مظلوم شہریوں کے حق کے لیے نکلے ہیں، اپنے عزم کو توانا رکھیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کل تیز بارش کا امکان ہے، بالائی وسطی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

    ادھر چمن کوژک ٹاپ پر برف باری ہو رہی ہے، کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث سیکڑوں مسافر گاڑیاں پھنس گئیں، ڈپٹی کمشنر کے مطابق پی ڈی ایم اے کی مشینری شاہراہ کھولنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں بھی برفباری جاری ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے، انھوں نے کہا پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔