Tag: rains

  • بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

    بارشوں کا نیا سلسلہ، اگلے ایک ہفتے کے لیے سیاحوں کو اہم ہدایت جاری

    پشاور: خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں کل شام سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کے پی کے میں کل شام سے بارشوں کے نئے سلسلے کا امکان ظاہر کیا ہے، پی ڈی ایم اے خیبر پختون خوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے موسم کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ہدایت جاری کی ہے کہ وہ دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور موسمی صورت حال سے خود کو باخبر رکھیں۔

    رپورٹ کے مطابق کل سے کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، دیر، چترال، پشاور، کوہاٹ اور وزیرستان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے تیز بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے، محکمے کا کہنا ہے کہ پشاور سمیت خیبر پختون خوا کے بعض اضلاع میں گزشتہ کچھ دنوں سے سخت گرمی پڑ رہی ہے۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔

  • بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کی بہتری کے لیے کے الیکٹرک کا نیا منصوبہ

    بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کی بہتری کے لیے کے الیکٹرک کا نیا منصوبہ

    کراچی: شہر قائد کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے بارشوں کے دوران بجلی فراہمی کے سسٹم کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے منصوبے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک کی جانب سے مون سون بارشوں کے باعث پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو لاحق خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔

    منصوبے کے تحت کراچی شہر کے مختلف مقامات میں ایریل بنڈلڈ کیبلنگ کی تنصیب، سب اسٹیشنز کی سطح میں بہتری اور دیگر تکنیکی کام سر انجام دیے جارہے ہیں۔

    کے الیکٹرک کے منصوبے کے تحت 9 ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی تاہم پہلے مرحلے میں سسٹم میں بہتری کے حوالے سے ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

    پروجیکٹ کی شروعات میں کورنگی انڈسٹریل ایریا، ڈیفنس فیز 8، خیابان اقبال اور قاسم کے مختلف مقامات پر کام شروع کردیا گیا ہے جس سے بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔

  • وہ سیارہ جہاں دھاتیں پگھل کر ہوا میں اڑ جاتی ہیں

    وہ سیارہ جہاں دھاتیں پگھل کر ہوا میں اڑ جاتی ہیں

    سوئٹزرلینڈ کے ماہرین نے ایسا سیارہ دریافت کرلیا ہے جہاں پر لوہے کے قطروں کی بارش ہوتی ہے اور اس کا درجہ حرارت4 ہزار 400 فارن ہائیٹ ہے۔

    حال ہی میں دریافت کیا گیا یہ سیارہ زمین سے 640 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور اس کا نام واسپ ۔ 76 بی رکھا گیا ہے۔

    اس سیارے کو سوئٹزرلینڈ کی جنیوا یونیورسٹی کے محققین نے دریافت کیا ہے جنہوں نے چلی میں نصب یورپی سدرن اوبزرویٹری کی ٹیلی اسکوپ کے ذریعے اس کا مشاہدہ کیا۔

    جنیوا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈیوڈ کے مطابق دن میں اس سیارے کا درجہ حرارت 4 ہزار 400 فارن ہائیٹ (2 ہزار 426 سینٹی گریڈ) رہتا ہے جبکہ شام کے وقت یہاں بارش ہونے لگتی ہے، یہ الگ بات ہے کہ وہ بارش دھاتی ہوتی ہے۔

    تصوراتی خاکہ

    سیارہ دن اور رات میں انتہائی موسموں کا حامل ہے۔ یہ سیارہ اس رخ پر گردش کرتا رہتا ہے کہ اس کا ایک حصہ مستقل طور پر اپنے سورج کے سامنے رہتا ہے  نتیجتاً اس حصے پر قیامت خیز گرمی ہوتی ہے جو دھاتوں کو پگھلا دیتی ہے۔

    اس کے بعد ان پگھلی ہوئی دھاتوں کے قطرے اڑ کر سیارے کے دیگر نسبتاً ٹھنڈے حصوں پر گرتے ہیں۔

    دن کے وقت دھاتوں کے بخارات کی طرح اڑ جانے کے بعد شام کے وقت گرمی کم ہونے پر ان کے بادل بن جاتے ہیں اور پھر اس میں سے دھاتوں کے قطروں کی بارش ہونے لگتی ہے۔

    یہاں چلنے والی ہوا کی رفتار 11 ہزار 784 میل فی گھنٹہ ہے۔ رات کے وقت یہاں کا درجہ حرارت 18 سو فارن ہائیٹ (982 سینٹی گریڈ) ہوجاتا ہے۔

    سائنسدانوں کے مطابق یہاں دن اور رات کا صرف موسم ہی الگ نہیں بلکہ کیمسٹری بھی الگ ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کے سیاروں کی دریافت سے ہمیں اپنی کائنات میں پائے جانے والے مختلف موسموں کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی۔

  • محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    محکمہ موسمیات نے کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں مزید بارش کی نوید سنا دی

    کوئٹہ : محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے کا نیا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا ہے، 24 گھنٹوں کے دوران مکران، قلات ڈویژن مزید بارشوں کا امکان ہے جبکہ کوئٹہ،زوب، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان ڈویژن میں بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئتہ میں مطلع ابر آلود رہے گا اور آج مزید بارش کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : بلوچستان میں سیلاب، سیکڑوں ہندو یاتری پھنس گئے، 2 ہلاک

    یاد رہے کہ  بلوچستان کے علاقے بولان سوکلیجی میں واقع مندر جانے والے ہندو یاتری سیلابی ریلے میں پھنس گئے جبکہ ریلے میں بہنے والی دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ وزیرستان میں باراتیوں کی بس سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اطلاعات کے مطابق ہندو یاتری اونٹوں پر اپنے مذہبی مقام تک پہنچے جہاں بارشوں کے بعد اچانک سیلاب آگیا، پانی کے تیز بھاؤ میں بہنے والے 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جن میں سے ایک یاتری کی ہے۔

  • سمندری طوفان پاکستانی ساحل کےقدرے دور سے گذرے گا، محکمہ موسمیات

    سمندری طوفان پاکستانی ساحل کےقدرے دور سے گذرے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ سمندری طوفان  نیلوفراس وقت شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

     چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے مطابق عمان کے ساحل سے ٹکرانے سے قبل ہی طوفان کا رخ تبدیل ہوجائے گا، سمندری طوفان ساحل سے ٹکرانے سے قبل اپنا رخ تبدیل کرتے ہوئے شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔

     محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان پاکستان کے ساحلی علاقوں سے قدرے دور سے گذرے گا،یہ طوفان بھارتی گجرات میں جاکر ٹکرائے گا ، آئندہ دو روز میں کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا، اورسمندری طوفان سے ننگرپارکر، شورکوٹ، عمرکوٹ، چھاچھرو، سمیت ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارشیں ہونگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اور 31 اکتوبر کو طوفان کے اثرات بارش کی صورت میں کراچی میں ظاہرہوں گے ،بادلوں کا پھیلاؤ پچاس سے 70 کلومیٹر تک ہوگا، جو بارش کا سبب بنے گا۔

  • دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ساحلِ سمندر میں نہانے پرپابندی

    دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ساحلِ سمندر میں نہانے پرپابندی

    کراچی: دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت سمندرمیں نہانے پرپابندی لگادی گئی ،کمشنرکراچی نے  پابندی پرسختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہےساحلوں پرتفریح کیلئے جانے والے لوگ طوفان کے خدشات کے پیش نظرسمندرمیں نہانے سے گریز کریں۔

     کمشنرکراچی نے متعلقہ محکموں کوہدایت کی ہے کہ سمندرمیں نہانے پرعائد پابندی پرسختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ ریسکیو 1299 کے ذریعے سمندرمیں موجود ماہی گیروں کو ساحل کی جانب واپس بھیجنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

  • سمندری طوفان کی پیش گوئی، کراچی میں تیز بارشوں کا امکان

    سمندری طوفان کی پیش گوئی، کراچی میں تیز بارشوں کا امکان

    کراچی: پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق بحیتہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان نیلوفر کے باعث کراچی میں تیز بارشوں کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ بحیرہ عرب میں اٹھنے والا طاقتور طوفان نیلوفر آئندہ چند روز میں پاکستان سے ٹکرائےگا۔ طوفان کے باعث کراچی اور ساحلی علاقوں میںتیس اور اکتیس اکتوبرکو تیز بارش ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں اٹھنے والا طاقتور سمندری طوفان نیلوفر آئندہ چند روز میں پاکستان، بھارت اور عمان سے ٹکرانے کا خطرہ ہے۔ سمندری طوفان نیلوفر کے دوران ایک سو پچھترسے دو سو دس ناٹیکل میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے بھارت میں یہ طوفان گجرات سے ٹکرائے گا۔

    محکمہ موسیات کے مطابق بحیرہ عرب میں پیدا ہو نے والا یہ طاقتور طوفان پاکستانی ساحلوں تک پہنچتے پہنچتے اپنا زور توڑ دے گا تاہم اس طوفان کے باعث کراچی سمیت سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ کراچی میں چوبیس سے اڑتالیس گھنٹوں کے دوران بارشیں شروع ہو سکتی ہے جبکہ ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارش کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اور ہوائوں کے باعث کشتیاں الٹ سکتی ہیں جس کے باعث اٹھائیس سے اکتیس اکتوبر کے دوران ماہی گیروں کو سمندر میں جانےسے روک دیا گیا ہے۔