Tag: raiwand

  • غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی قتل، بھائی، والدین اور شوہر گرفتار

    غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی قتل، بھائی، والدین اور شوہر گرفتار

    رائے ونڈ / لاہور : غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کو قتل کر کے رات کی تاریکی میں اس کی تدفین کر دی گئی، لاہور میں20سالہ لڑکی پرسرار طور پر جاں بحق ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں غیرت کے نام پر شادی شدہ لڑکی کو قتل کر کے رات کی تاریکی میں اس کی تدفین کر دی گئی ،پولیس نے اطلاع ملنے پر لڑکی کے بھائی، والدین اور شوہر کو گرفتار کرلیا۔

    بتایا گیا ہے کہ رائے ونڈ کے محلہ برھان پورہ میں والدین، بھائی اورشوہر نے مبینہ طور پر پچیس سالہ وفا عرف طیبہ کو قتل کرنے کے بعد رات کی تاریکی میں مقامی قبرستان میں دفن کر دیا ۔

    پولیس نے ایمرجنسی سروس پر نامعلوم شخص کی کال موصول ہونے پر لڑکی کے والدین، بھائی اور شوہر کو حراست میں لے کر تحقیقات کی جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وفا کو بد چلنی کے شبے پر قتل کیا گیا۔

    علاوہ ازیں لاہور کے علاقے اسلام پورہ میں20سالہ لڑکی پرسرار طور پر جاں بحق ہوگئی پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کر دیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ بند روڈ کی رہائشی 20 سالہ مہوش کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔

    اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا، ڈاکٹروں کے مطابق مہوش کی موت زہریلی چیز کھانے سے واقع ہوئی ہے۔

  • پنجاب حکومت نے نوازشریف کی رہائش گاہ سے سیکیورٹی کیمرے اورلائٹیں ہٹا دیں

    پنجاب حکومت نے نوازشریف کی رہائش گاہ سے سیکیورٹی کیمرے اورلائٹیں ہٹا دیں

    لاہور : نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء کے قریب لگائے گئے سیکیورٹی کیمرے اور اضافی لائٹیں اتار لی گئیں، کروڑوں روپے مالیت کے یہ سی سی ٹی وی کیمرے پنجاب حکومت نے لگوائے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ رائیونڈ کے اطراف سے اچانک کروڑوں مالیت کے سی سی ٹی وی کیمرے اور اضافی لائٹس ہٹا دی گئیں ہیں، حکومت پنجاب نے سرکاری خزانے سے کروڑوں کے کیمرے لگائے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ اقدام کس کے کہنے پر اٹھایا گیا۔

    اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں چیف جسٹس کے سیکیورٹی سے متعلق احکامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے اور اس پر کاری ضرب لگانے والے وزیر اعظم کی سیکیورٹی چھین لو،خدانخواستہ اُسے کچھ ہوا تو ذمہ دار صرف آپ ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے والے وزیراعظم کی سیکیورٹی چھین لو،مریم نواز

    واضح رہے کہ دو روز قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملک بھر میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کے لیے تعینات پولیس نفری کو واپس بلانے کا حکم دیا تھا، لیکن اس میں سیکیورٹی کیمروں سے متعلق کوئی ہدایات نہیں دی گئی تھی۔

    علاوہ ازیں پنجاب میں دو ہزار سے زائد مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی و انتظامی شخصیات سے پولیس سیکورٹی واپس لیتے ہوئے پانچ ہزار سے زائد پولیس جوانوں کو واپس بلایا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • رائیونڈ : تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ ختم، ملکی سلامتی کیلیے دعائیں

    رائیونڈ : تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ ختم، ملکی سلامتی کیلیے دعائیں

    لاہور : تین روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ رائیونڈ میں اختتام پذیر ہوگیا، اتحاد امت اور ملکی سلامتی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اپنی زندگیاں دین کے لیے وقف کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ پورے سال کے لیے تبلیغی جماعتیں تشکیل دے دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ رائیونڈ میں اختتام پذیر ہوگیا، اس موقع پر مبلغین نے اپنے وعظ میں پاکستان میں امن اور ملکی سلامتی کےلئے خصوصی دعائیں کیں۔

    تبلیغی جماعت کے اجتماع میں تین دن تک فرزندان توحید کی تربیت کا اہتمام رہا، احکامات خداوندی اور سنت رسول کی پیروی کی خصوصی تلقین کی گئی۔

    تبلیغی اجتماع میں پاکستانی علماء کے علاوہ ہندوستان اور دیگر ممالک سے بھی تبلیغ دین کے لیے آنے والے رہنماؤں نے شرکاء کو اتحاد امت کا درس اور تفرقہ بازی سے دور رہنے کا درس دیا ۔

    راویتی طور پر اجتماع کے اختتام پر اجتماعی دعا میں امت اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اللہ تعالی التجا بھی کی گئی۔ اس موقع پر رقت انگیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، شرکاء رب ذوالجلال سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے رہے۔

    تبلیغی اجتماع کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس ہونے موقع ملا ہے، آئندہ بھی اس بابرکت اجتماع میں شریک ہونگے۔ بعد ازاں تبلیغی جماعتوں کے وفود کوملک کے مختلف علاقوں کے لیے اللہ کی راہ میں روانہ کیا گیا۔

  • پاکستان بھر سے لوگ 30 ستمبر کو رائے ونڈ پہنچیں، عمران خان

    پاکستان بھر سے لوگ 30 ستمبر کو رائے ونڈ پہنچیں، عمران خان

    اسلام آباد : سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان بھر کے عوام سے رائے ونڈ پہنچنے کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام سے 30ستمبر کو رائے ونڈ پہنچنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔

     چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ رائیونڈ مارچ کے لیے مزدوروں، کسانوں سے رابطے کریں، یہ مارچ عمران خان کے لیے نہیں بلکہ ہر اُس محکوم کے لیے ہے جو حکمرانوں کی کرپشن کی زد میں ہے۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’یہ سلسلہ رائیونڈ مارچ پر ختم نہیں ہوگا اگر حکومت نے رائیونڈ مارچ برداشت کرلیا تو ہم آئندہ کی حکمتِ عملی تیار کریں گے، یہ وقت اداروں میں کرپٹ افسران جو قوم کے لیے نہیں بلکہ حکمرانوں کے لیے کام کرتے ہیں اُن کے خلاف جہاد کا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر ن لیگ کے چند مسٹنڈوں کو دیکھا جو ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کو قیمے والے نان کھلائے گئے تھے وہ تو اپنے ہوش میں ہی نہیں تھے۔

    مجھے یہ سین دیکھ کر وہ رنگ باز یاد آگئے جو میرے ساتھ میچ شروع ہونے پر کہتے تھے کہ میں متھا رنگ دونگا میں اکیلا ہی کافی ہوں لیکن جب میچ شروع ہوتا تھا تو سب سے پہلے یہ رنگ باز ہی بھاگتے تھے۔

    ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ان سے یہ سوال کرتا ہوں کہ جب مشرف نے دھکے مار کر واپس بھیجا تھا تو یہ رنگ باز کہاں تھے۔ سب اپنی دمیں دبا کر اپنے بلوں میں گھس گئے تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف باہر چلا گیا ہے اور شہزادی نے ایک بار پھر وزیراعظم ہاؤس سنبھال لیا۔ مریم نواز تو ٹی وی پر جھوٹ بولتے پکڑی گئی۔ حمزہ شہباز پنجاب میں قاتلوں کی سرپرستی کر رہا ہے وہ اپنے باپ کی غیر موجودگی میں وزیراعلیٰ بن جاتا ہے۔

  • وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی پرشانداراستقبال کی تیاریاں

    وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی پرشانداراستقبال کی تیاریاں

    رائیونڈ : وزیر اعظم نواز شریف کی لندن وطن کی واپسی کے حوالے سے رائیونڈ میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے انتطامات پر غورکیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف لندن میں اوپن ہارٹ سرجری کے بعد تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ شریف فیملی نے وزیر اعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے انتظامات شروع کردیئے ہیں۔

    استقبال کے حوالے سے ایک مشاورتی اجلاس وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی زیر صدارت ہوا جس میں استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے غور خوص کیا گیا۔

    وزیر اعظم کی وطن واپسی پر ان کا استقبال ترانوں سے کیا جائے گا، ترانے نواز شریف کے استقبال کے حوالے سے تیار کروائے گئے ہیں، مریم نواز کو پارٹی ترانوں کے ڈیمو پیش کئے گئے۔

    انہوں نے ایڈورٹائزنگ ایجنسیوں سے تیار کرائے گئے ترانے سنے، ذرائع کا کہنا ہے ان میں سے مریم نواز نے کچھ ترانے شارٹ لسٹ کر لیے ہیں حمتی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پارٹی ترانوں کی شاعری چند روز قبل اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں فائنل کی گئی تھی۔

     

  • عمران خان مرد بن کررائے ونڈ میں دھرنا دیں، رانا ثناءاللہ

    عمران خان مرد بن کررائے ونڈ میں دھرنا دیں، رانا ثناءاللہ

    لاہور : پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اپنی زبان پر قائم رہیں، مرد کے بچے بنیں اور چوبیس اپریل کو رائے ونڈ کا گھیراؤ کرکے دکھائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان کا پاناما لیکس کےمعاملے پر شور شرابا اپنی پارٹی میں ہونے والی خلفشارسے توجہ ہٹانےکیلئے ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سب کااحتساب ہوگا۔ اپنےکرتوت چھپاکر واویلا کرنےسےکچھ نہیں ہوگا۔ رانا ثناءاللہ دھیمے سروں میں بڑی بات کہہ گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جس دن رائے ونڈ کا گھیراؤ کیا اسی دن ان کی سیاست کا جنازہ نکل جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمران خان خودنمائی کے زعم میں مبتلا ہیں، وہ پنجاب کی روایات سے واقف نہیں ۔

    رانا ثناء اللہ خان نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اب مرد کے بچے بننا ، 24 تاریخ کو کوئی نیا ڈرامہ کرنے کی بجائے رائیونڈ میں دھرنا دینا۔

    عمران خان  نے میاں نواز شریف کے گھر کا گھیراؤ کا فیصلہ کیا ہے تو وہ اس سے فرار اختیار کرنے کی بجائے اس پر قائم بھی رہیں۔ ڈی چوک پر دھرنا دینا، مال روڈ اور سیاسی مخالفین کے گھر کے سامنے احتجاج کرنا مختلف باتیں ہیں۔

     

  • وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

    وزیراعظم کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

    رائیونڈ: جاتی عمرہ میں وزیر اعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر اعظم سے وزیر اعلی پنجاب کی رائیونڈ جاتی عمرہ میں ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت، پوری قوم اور تمام ادارے ایک پیج پرہیں۔

    ملاقات کے دوران فوجی عدالتوں کے قیام کی رفتار سمیت دیگراہم امورپربات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کا متحد ہونا خوش آئند ہے۔ وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئیں۔

  • وزیراعظم نواز شریف سےوزیراعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات

    وزیراعظم نواز شریف سےوزیراعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات

    لاہور: وزیراعظم نواز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملاقات کی اورانہیں لاہور احتجاج سے متعلق انتظامات پربریفنگ دی،شہباز شریف نے کہا کہ مظاہرین کو روکنے کے لیےطاقت کو آخری آپشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

    وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سےملاقات کی دونوں رہنماؤں کےدرمیان پی ٹی آئی کےلاہور احتجاج سے متعلق بات چیت ہوئی ۔وزیر اعلی پنجاب نے وزیر اعظم کو حکمت عملی کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ہڑتالیوں اور مظاہرین کو روکنے کے لیےطاقت کا استعمال آخری آپشن ہوگا،سانحہ فیصل آباد پر قائم تین رکنی حکومتی کمیشن کی رپورٹ سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا۔

  • حکومت معاملہ حل کرنے میں پہل ،کرے، زرداری کا نواز شریف کو مشورہ

    حکومت معاملہ حل کرنے میں پہل ،کرے، زرداری کا نواز شریف کو مشورہ

    رائیونڈ: وزیرِاعظم نوازشریف اورسابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال اور اسلام آباد میں دھرنوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق سابق صدرزرداری، خورشید شاہ، اعتزاز احسن، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور  سینیٹر رضا ربانی کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی سے لاہور پہنچے جہاں سے انہیں بذریعہ ہیلی کاپٹر رائے ونڈ پہنچایا گیا اور وزیراعظم نوازشریف نے بنفسِ نفیس ان کا استقبال کیا۔

    اس موقع پروزیرِاعظم نوازشریف کے ہمراہ وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حمزہ شہباز،  خواجہ آصف، عبدالقادر بلوچ  اور وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے۔

    سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم کو معاملات صبر و تحمل سے حل کرنے اور مستعفی نہ ہونے کا مشورہ دیا، رائے ونڈ میں ہونے والی اس ملاقات میں آصف زرداری نے حکومت اور احتجاج کرنے والوں کو لچک کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔

    سابق صدر نے نوازشریف کو مشورہ دیا کہ حکومت آگے بڑھ کر مسائل کے حل میں پہل کرے، ایسا رویہ اوراقدام اختیارکرنےسے گریز کیا جائے، جو جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہو۔

    ملاقات میں کسی بھی قسم کے غیر آئینی اقدام کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جمہوریت کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، سابق صدر نے جمہوریت کو بچانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

    آصف زرداری نے کہا انتخابی دھاندلیوں کے لئےاعلیٰ سطح کا کمیشن بنایا جائے، وزراء ایک دوسرے کے خلاف سخت زبان کے استعمال کرنے کے بجائے ماحول کو بہتر بنانےکی کوشش کریں۔

    آصف علی زرداری وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور چوہدری برادران سے بھی ملاقات کریں گے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کو رائیونڈ ہاؤس میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانے کی دعوت دی تھی، جیسے سابق صدرا ٓصف علی زرداری نے قبول کیا تھا۔،

  • وزیر اعظم نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات آج ہوگی

    وزیر اعظم نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات آج ہوگی

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات آج ہوگی، آصف زرداری امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور چوہدری برادران سے بھی ملاقات کریں گے۔

    ملک میں سیاسی بحران جاری ہیں، بلاول ہاؤس کے ذرائع کے سابق وزراعظم نوا ز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کو کل لاہور رائیونڈ ہاؤس میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانے کی دعوت دی ، جس کو سابق صدرا ٓصف علی زرداری نے قبول کیا، سیاسی حلقے موجودہ سیاسی بحران میں ان رہنماؤں کی ملاقات کوخصوصی اہمیت دے رہے ہیں،  سابق صدر کے ہمراہ ظہرانے کی محفل میں خورشید شاہ، اعتزاز احسن اور رضا ربانی شریک ہوں گے۔

    بعض مبصرین کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری سے مدد طلب کرلی ہے اور امکان ہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری اس بحران کے حل کیلئے اہم کردار ادا کرنے جارہے ہیں۔

     سابق صدر نے اپنی آمد کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیاں دکھانا شروع کردیں، زرداری آج چوہدری برادران اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے بھی ملاقات کریں گے ۔

    رحمان ملک بھی آصف زرداری کے ہمراہ ہونگے، اس سے قبل آصف زرداری نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ  کیا اور موجودہ سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا۔