Tag: raj kapoor

  • لیلیٰ زبیری نے راج کپور کے ساتھ فلم کی آفر کیوں ٹھکرائی؟ وجہ سامنے آگئی

    لیلیٰ زبیری نے راج کپور کے ساتھ فلم کی آفر کیوں ٹھکرائی؟ وجہ سامنے آگئی

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ لیلیٰ زبیری نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بالی ووڈ کے مقبول اداکار راج کپور نے اپنے ساتھ فلم میں کام کرنے کی پیش کش کی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

    حال ہی میں اداکارہ لیلیٰ زبیری نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

    انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے مختلف ڈراموں میں کام کیا جس کا ایک دلچسپ واقعہ بتایا کہ ماضی میں، میں نے ایک ڈرامے میں بے بس بیوی کا کردار ادا کیا تھا، جس میں میرا شوہر مجھ پر بدترین تشدد کرتا تھا اور اس کردار کو کافی پذیرائی ملی۔

    انہوں نے کہا کہ اسی وقت کراچی میں ایک ٹریفک سگنل پر بھیک مانگنے والی ایک خاتون آئیں اور انہوں نے مجھ سے بھیک مانگی لیکن جب فقیرنی کی نظر مجھ پر پڑی تو انہوں نے بھیک ہی نہیں مانگی۔

    اداکارہ نے بتایا کہ بھیک مانگنے والی خاتون نے مجھے دیکھ کر کہا کہ ارے یہ تو سارہ ہے، اسے کیا مانگنا، اس سے مانگنا نہیں بلکہ اسے دینا چاہیے۔

    شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ماضی میں مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی پیش کش ہوچکی ہے لیکن میں نے وہاں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی میں شارجہ میں کرکٹ کپ ہوا تو مجھے بھی مدعو کیا گیا تھا، اسی ایونٹ میں راج کپور بھی آئے تھے، جہاں میری ان سے ملاقات ہوئی۔

    لیلیٰ زبیری نے بتایا کہ کرکٹ میچ کے دوران میری اور راج کپور کی ملاقات کی تصاویر کھینچی گئیں تو راج کپور نے ان تصاویر پر مجھے اپنے دستخط کرنے کا کہا اور وہ دستخط شدہ تصاویر اپنے ساتھ لے گئے۔

    اداکارہ نے کہا کہ گفتگو کے دروان راج کپور نے مجھے بتایا کہ وہ اپنی اکیڈمی میں میرے ڈرامے دکھاتے ہیں اور شاگردوں کو میری اداکاری سے متعلق بتاتے اور پڑھاتے ہیں یہ سن کر مجھے بہت خوشی اور فخر محسوس ہوا۔

    لیلیٰ زبیری کے مطابق اسی دوران راج کپور نے مجھے اپنے ساتھ فلم میں کام کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہم دونوں ایک ساتھ فلم میں کام کریں لیکن میں نے انکار کردیا۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ راج کپور کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے انکار کی کوئی خاص وجہ نہیں تھی، بس میں نے ہمیشہ اپنے ملک میں ہی کام کرنے کو ترجیح دی۔

  • پشاور : دلیپ کمار اور راج کپور کے قدیم گھروں کا مستقبل کیا ہوگا؟ جانیے

    پشاور : دلیپ کمار اور راج کپور کے قدیم گھروں کا مستقبل کیا ہوگا؟ جانیے

    پشاور : خیبر پختونخوا میں بالی ووڈ کے ممتاز اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کو حکومت نے میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں ان دونوں لیجنڈ فنکاروں کے قدیمی مکانات کی سرکاری قیمتیں بھی مقرر کردی گئی ہیں اب ان کی خریداری کا عمل شروع کیا جائے گا۔

    لیجنڈری فنکاروں نے اپنی زندگی کا کچھ حصہ پشاور میں گزارا تھا اب یہ مکانات انتہائی خستہ حال ہیں، دونوں گھر اس وقت مقامی افراد کی ملکیت ہیں،اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ان گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔

    ڈھکی دالگراں میں واقع کپور حویلی اپنے دور کی ایک شاندار عمارت تھی، اس کا کل رقبہ لگ بھگ چھ مرلے سے کچھ زیادہ بتایا گیا ہے اور جس حصے پر عمارت کا ملبہ کھڑا ہے اس کا رقبہ 5184 مربع فٹ ہے۔

    اس حویلی کی زمین کی قیمت ایک کروڑ پندرہ لاکھ سے زیادہ مقرر کی گئی ہے جبکہ ملبے کی قیمت کا تخمینہ 34 لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ دلیپ کمار کے آبائی گھر کی قیمت 80 لاکھ 56 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ یہ مکان پشاور کے قصہ خوانی بازار میں محلہ خداداد میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ چار مرلے بتایا گیا ہے۔

    ان دونوں جائیدادوں کی کل قیمت 2 کروڑ 30 لاکھ اور 56 ہزار سے زائد مقرر کی گئی ہے اور حکومت اس بارے میں فنڈز جاری کرنے کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے۔

  • سلمان خان راج کپور کو خراج تحسین پیش کریں گے

    سلمان خان راج کپور کو خراج تحسین پیش کریں گے

    ممبئی: بالی وڈ اداکار دبنگ خان عید الفطر پر اپنی نئی آنے والی فلم ٹیوب لائٹ میں راج کپور کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

    ٹیوب لائٹ کے نئے ریلیز ہونے والے گانے ’سجن ریڈیو بجایو‘ میں سلمان راج کپور کے مشہور گانے آوارہ، اور سری 420، کی طرز پر خراج تحسین پیش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔


    سجن ریڈیو بجایو گانے میں کمال خان اور پریتم نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

    ٹیوب لائٹ کے ڈائریکٹر کبیر خان نے راج کپور کو خراج تحسین پیش کرنے کا ارادہ مشہور و معروف فلم بجرنگی بھائی جان میں کیا تھا تاہم اس وقت ایسا ممکن نہ ہوسکا، اب ٹیوب لائٹ کی ریلیز میں کبیر خان کی خواہش پر سلمان راج کپور کو خراج تحسین پیش کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ دبنگ خان کی فلم ٹیوب لائٹ، ہالی وڈ مشہور فلم لٹل بوائے کی نقل ہے ، ٹیوب لائٹ کی کہانی سن 1962ء میں ہونے والی انڈو چائنہ جنگ پر مبنی ہے۔ فلم کی زیادہ تر شوٹنگ لداخ اور منالی میں کی گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سلمان خان کی عید الفطر اسٹارر بجرنگی بھائی میں   ’منی کے مرکزی کردار‘ کی طرح ٹیوب لائٹ میں بھی ایک چائلڈ اداکار متین رائے کو کاسٹ کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ٹیوب لائٹ میں بالی وڈ کے سلطان کے چھوٹے بھائی سہیل خان اور بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان بھی دکھائی دیں گے۔