Tag: Raja Azhar

  • لوڈ شیڈنگ قصداً کی جا رہی ہے، امتحانات دینے والے بچے مایوسی کا شکار ہیں، راجہ اظہر کا وزیر اعظم کو خط

    لوڈ شیڈنگ قصداً کی جا رہی ہے، امتحانات دینے والے بچے مایوسی کا شکار ہیں، راجہ اظہر کا وزیر اعظم کو خط

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر نے ایک خط میں صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو لوڈ شیڈنگ کی طرف متوجہ کرایا ہے، کہ کراچی میں بچوں کے امتحانات پھر شروع ہو گئے ہیں حکومت لوڈشیڈنگ کے عذاب سے امتحانی مراکز اور عوام کی جان چھڑائے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سی ای او کے الیکٹرک سید مونس عبداللہ علوی، اور وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کے نام لکھے گئے خط میں راجہ اظہر نے کہا لوڈ شیڈنگ قصداً کی جا رہی ہے، امتحانات دینے والے بچے سخت مایوسی کا شکار ہیں۔

    انھوں نے لکھا کراچی والوں کی زندگی کو مسلسل ڈراؤنے خواب اور اذیت میں بدل دیا گیا ہے، موجودہ حالات کی مکمل ناکامی وفاقی و صوبائی حکومت کے سر ہے، ہمارے بچوں کے تعلیمی مراکز اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں، علم کے یہ ننھے چراغ کیسے جلیں گے اگر ان کی اعصابی حالت ہی ٹھیک نہیں ہوگی۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ یہ رویہ غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہے، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا، عوام پہلے ہی احتجاج کر چکے ہیں لیکن کے الیکٹرک پر ہماری شکایتوں کا کوئی اثر نہیں ہو رہا، کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ یہ غفلت مجرمانہ ہے، ہمارے بچوں کے مستقبل اور تعلیم کو پامال کیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کراچی کے باسیوں کے حقوق کے وقار کو یہ براہ راست چیلنج ہے، کراچی کے عوام کے الیکٹرک کے خلاف بھرپور احتجاج کے لیے تیار ہیں، ہمارا مطالبہ کہ لوڈ شیڈنگ فوری طور پر ختم کی جائے ورنہ عوامی قوت کے ساتھ سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

  • پولیس نے سابق رکن اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری ظاہر کر دی

    پولیس نے سابق رکن اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری ظاہر کر دی

    کراچی: پولیس نے سابق رکن اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری ظاہر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایسٹ انویسٹی گیشن پولیس نے سابق رکن اسمبلی راجہ اظہر کی گرفتاری ظاہر کر دی، راجہ اظہر کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    ضلع شرقی پولیس کا کہنا ہے کہ راجہ اظہر پر 9 مئی کو شارع فیصل پر ہنگامہ آرائی کروانے کا الزام ہے، ان پر مختلف تھانوں میں رینجرز چوکی نذر آتش کرنے، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

    واضح رہے کہ راجہ اظہر کو اتوار اور پیر کی درمیانی شب قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے کراچی کے علاقے صدر سے حراست میں لیا تھا۔

  • کراچی: دن کے اوقات میں ٹینکرز کے سڑکوں پر آنے پر پابندی کا مطالبہ

    کراچی: دن کے اوقات میں ٹینکرز کے سڑکوں پر آنے پر پابندی کا مطالبہ

    کراچی: رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹینکرز کی وجہ سے کئی خطرناک ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں، ٹینکرز کو پابند کیا جائے کہ دن کے اوقات میں سڑکوں پر نہ آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی پی) ٹریفک کو خط لکھا ہے۔

    راجہ اظہر نے خط میں لکھا کہ شہر میں ٹینکرز ڈرائیورز کی تیز رفتاری سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    خط میں کہا گیا کہ ٹینکر پر سوار بیشتر ڈرائیور کم عمر یا غیر تربیت یافتہ ہوتے ہیں، بعض ڈرائیورز کے نشے میں ملوث ہونے کی شکایات بھی موصول ہوچکی ہیں۔

    راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ ٹینکرز کی وجہ سے کئی خطرناک ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں، ٹینکرز کو پابند کیا جائے کہ دن کے اوقات میں سڑکوں پر نہ آئیں۔