Tag: Raja Parveez Ahsraf

  • نندی پور ریفرنس : راجہ پرویز اشرف دیگر کی بریت کی درخواستیں مسترد

    نندی پور ریفرنس : راجہ پرویز اشرف دیگر کی بریت کی درخواستیں مسترد

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے نندی پور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کردیں،عدالت نے قرار دیا کہ ملزمان نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریلیف کے مستحق نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے نندی پور ریفرنس کے ملزمان راجا پرویز اشرف، شمائلہ  محمود، ریاض کیانی اور مسعود چشتی کی نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے سابق وزیراعظم سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نندی پور ریفرنس کا ٹرائل جاری رکھنے کا فیصلہ دیا۔ نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت راجہ پرویز اشرف نے نندی پور ریفرنس سے بری کرنے کی استدعا کی تھی۔

    فیصلے میں قرار دیا گیا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر ملزمان ریلیف کے مستحق نہیں۔ نیب نے ملزمان کو نیب ترمیمی آرڈی نینس کے تحت بری کرنے کی مخالفت کی تھی۔

    سابق وفاقی وزیر بابر اعوان کی درخواست بریت ترمیمی آرڈی نینس سے قبل منظور کی جاچکی ہے، نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو جعلی بھرتیوں کے کیس میں بری کر دیا تھا، نیب نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے کرپشن ریفرنس  میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد کر رکھا تھا۔

  • ہم نے کبھی عدالتوں پرحملہ نہیں کیا، راجہ پرویزاشرف

    ہم نے کبھی عدالتوں پرحملہ نہیں کیا، راجہ پرویزاشرف

    لاہور : سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حسن اور حسین نواز آسمان سے نہیں اترے، ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیر سمیت کئی لیڈر عدالتوں میں پیش ہو چکے ہیں۔ ہم نے کبھی عدالتوں پر حملہ نہیں کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے احتساب عدالت میں گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کے حوالے سے ریفرنس کی سماعت کے بعد سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عدلیہ کا احترام کرنے والی جماعت ہے اور کبھی عدالتوں پر حملہ نہیں کیا، ہم اپنی بے گناہی عدالت میں ہی ثابت کرتے ہیں۔

    راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ شریف برادران کے خلاف بھی نیب میں کیسز ہیں، ان کے متعلق نیب کیا کارروائی کر رہی ہے، کیا ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیے قانون الگ الگ ہے؟

    پانامہ کیس کی جے آئی ٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیٹے کی پیشی پرواویلا مچایا جارہا ہے، شہید بینظیر اورذوالفقار علی بھٹو عدالت میں آسکتے ہیں تو وزیر اعظم کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز آسمان سے نہیں اترے اگر وہ عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں تو کون سی انوکھی بات ہے؟

    راجہ پرویز اشرف نے خارجہ پالیسی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ناکام ترین خارجہ پالیسی اختیار کی ہے اب مغربی ممالک ہمارے وزیراعظم کو تقریر تک نہیں کرنے دیتے۔

  • راجہ پرویزاشرف کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر

    راجہ پرویزاشرف کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کے خلاف ایک اوریفرنس دائر، عدالت نے فریقین کو آٹھ فروری کے لئے نوٹسز جاری کر دیئے.

    تفصیلات کے مطابق، احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف کے خلاف ایک اوریفرنس دائرکردیا گیا ہے‘ ریفرنس گلف رینٹل پاورمیں کرپشن پردائر کیا گیا ہے.

    ریفرنس میں سابق وزیراعظم کے علاوہ دیگر7افراد کے نام بھی شامل ہیں،احتساب عدالت نے فریقین کو آٹھ فروری کے لئے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں‌.واضح رہے،راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر افراد پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

    یہاں پڑھیں:رینٹل کیس:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد

    یاد رہے، 2014 میں احتساب عدالت نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ سابق وزیراعظم اوردیگر نے جرم کی صحت سے انکار کیا تھا.

    علاوہ ازیں گذشتہ سال دسمبر میں ڈی جی نیب نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل کرلی گئیں ہیں‘ اس ضمن میں جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

    یہاں پڑھیں:راجہ پرویز اشرف کے خلاف جلد ریفرنس دائر کیا جائے گا، ڈی جی نیب

    خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر رینٹل پاؤر میں بے ضابطگیوں اور کرپشن کے حوالے سے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کی گئیں تھیں۔اس دوران انہیں عدالت میں بھی طلب کیا تھا، راجہ پرویز اشرف بطور وزیر اعظم بھی متعدد بارعدالت میں پیش ہوچکے ہیں.