Tag: raja-riaz

  • زرداری اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا، یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں: راجہ ریاض کا تہلکہ خیز انٹرویو

    زرداری اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا، یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں: راجہ ریاض کا تہلکہ خیز انٹرویو

    سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ آصف زرداری  اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا ہے یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے اے آر وائی نیوز کو خصوسی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی کمیٹیوں کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں یہ صرف کارڈز کھیل رہے ہیں، آصف زرداری  اور شہبازشریف کے درمیان سب کچھ طے ہوچکا ہے۔

    راجہ ریاض نے انکشاف کیا کہ ساری گیم پیچھے بیٹھے آصف زرداری نے کرنی ہے اور وہ کچھ نہیں بولے، ان کی صرف تصویر چل رہی ہیں ان کا اب تک کوئی بیان نہیں آیا، ن لیگ اور پی پی کے درمیان یہ سب  ان کی حالیہ میٹنگ سے پہلے کا طے ہے صرف فائنل اب ہورہا ہے۔

    راجہ ریاض نے کہا کہ کچھ دنوں میں ان سب کو وزارتوں کے حلف اٹھاتے دیکھیں گے اور پھر سندھ بھی تو لینا ہے، اگر پی پی نہیں مانے گی تو سندھ واپس بھی لیا جاسکتا ہے کیوںکہ  جو دیتے ہیں وہ واپس بھی لے لیتے ہیں۔

    ن لیگی رہنما نے کہا کہ مارشل لا نہیں لگے گا، یہ لولی لنگڑی حکومت اللہ کرے مضبوط ترین حکومت ہو، انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتا ہوں اور جیتنے والے کو مبارک دیتا ہوں، مجموعی طور پر پورے ملک میں الیکشن  متنازع ہوگئے ہیں، مولاناکے ساتھ زیادتی ہوئی ان کی پکی سیٹیں ہروادی گئیں۔

    راجہ ریاض نے کہا کہ بہت سی جگہوں پر 100 فیصد جیتے ہوئے لوگ ہروادیئے گئے، رانا ثنا سمیت ہمارے بڑے ناموں کو فیصل آباد سے ہرا دیا گیا، اپنی ہارتو مان سکتا ہوں لیکن رانا ثنا کسی صورت الیکشن نہیں ہار سکتے، ن کے جو بڑے نام ہروائے گئے یہ ترازو کو برابر کرنے کے لیے جواز بنایا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ بڑے پن کا مظاہرہ کررہی ہے اور ملک کو ڈی ریل ہونے سے بچا رہی ہے، بعض اضلاع میں پی ٹی آئی، کچھ میں ن لیگ جیتی، یہ پالیسی خطرناک ہوگی۔

    ان لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان عدم اعتماد سے 20 روز پہلے میرے پاس آئے اور کہا آپ مجاہد ہیں، مولانانے کہا گھبرائیں نہیں عدم اعتماد میں ہمیں بہت سی جگہوں سے سپورٹ ہے اور مولانا اب بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں قمرباجوہ  کی سپورٹ حاصل تھی، مولانا سچ بول رہے ہیں اور انہیں ضرور کسی نے کہا ہوگا۔

    سینئر لیگی رہنما راجہ ریاض نے مزید کہا کہ سپورٹ کے بغیر عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی حلف دینے کو تیار ہوں ہماری حد تک براہ راست قمرباجوہ نے کچھ نہیں کہا، مجھے شہباز شریف نے کہا تھا عدم اعتماد کا پروگرام ہے میں نے کہا آپ کے ساتھ ہیں، اس میں کوئی شک نہیں لوگ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ  تھے۔

  • عدم اعتماد سے 2 ماہ پہلے ن لیگ سے ہمارے مذاکرات میں سب کچھ طے ہوا: راجہ ریاض

    عدم اعتماد سے 2 ماہ پہلے ن لیگ سے ہمارے مذاکرات میں سب کچھ طے ہوا: راجہ ریاض

    اسلام آباد: سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے کہا ہے کہ عدم اعتماد سے 2 ماہ پہلے ن لیگ سے ہمارے مذاکرات میں سب کچھ طے ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق اپوزیشن لیڈر اور ن لیگ کے رہنما راجہ ریاض نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ عدم اعتماد سے 2 ماہ پہلے ن لیگ سے ہمارے مذاکرات میں سب کچھ طے ہوا، ہماری بات شہباز شریف اور رانا ثنااللہ سے ہوتی تھی پھر شہباز شریف فون پر نواز شریف کو بتاتے تھے، عدم اعتماد سے پہلے جو طے ہوا اس پر ہم اور وہ قائم ہیں۔

    راجہ ریاض نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہوا تھا ہم نے پی ٹی آئی چیئرمین کو وزیراعظم نہیں رہنے دینا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین ہماری عزت نہیں کرتا تھا اور اسکا سیکرٹری ہمارا فون نہیں سنتا تھا، اعظم خان اب وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے وہ  پہلے فرعون بنا ہوا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی اتنی ہمت نہیں تھی کہ گھنٹی بجا کر اعظم خان کو میٹنگ میں بلا لے، اعظم خان تو پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو لفٹ نہیں کرواتا تھا، پتا نہیں پی ٹی آئی چیئرمین کی کیا مجبوری تھی۔

    سابق اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عدم اعتماد سے پہلے چیئرمین پی ٹی آئی کو سپورٹ نہیں تھی ان کے اوپر سے ہاتھ کھینچ لیا گیا تھا، ہمیں پتا چلا تھا کہ ایک جرنیل کے ذریعے ہمیں لاجز سے اٹھانے کی کوشش ہونی تھی، اس لئے سندھ ہاؤس چلے گئے۔

    ’’ پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ کرنے کو کہا تھا لیکن ہمیں نہیں اٹھایا گیا تو اسکا مطلب ہے ہاتھ کھینچ لیا گیا تھا، جب ہمیں نہیں اٹھانے دیا گیا تو اسکا مطلب تھا عدم اعتماد کامیاب ہوجائےگی‘‘۔

    راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہم نے تو کشتیاں جلا دی تھیں اور عدم اعتماد میں ووٹ ڈال کر نا اہل ہونے کو تیار تھے اس دن  ایوان میں بھی موجود تھا لیکن شہباز شریف نے ہمیں ووٹ دینے سے منع کر دیا۔

    ن لیگ رہنما راجا ریاض نے مزید کہا کہ شہبازشریف نے جس سے جو وعدہ کیا پورا کیا، میں ان کامشکور ہوں، لیکن ہمارے گروپ کے 8 لوگ ن لیگ کے علاوہ کہیں اور جانا چاہتے ہیں۔

  • راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے، درخواست دائر

    راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹایا جائے، درخواست دائر

    لاہور : قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو عہدے سے ہٹانے کے لئے لاہور ہاٸی کورٹ میں درخواست دائرکر دی گٸی۔

    درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ نےدائر کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے تمام پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کے استعفے منظور نہیں کئے۔

    راجہ ریاض کو پی ٹی آئی کی اجازت کے بغیر اپوزیشن لیڈر تعینات کیاگیا۔ اراکین کےاستعفے منظور نہ ہونے پر پی ٹی آئی کااکثریتی جماعت کاسٹیٹس موجود ہے۔

    راجہ ریاض کو حکومت اور موجود اپوزیشن کی ملی بھگت سے اپوزیشن لیڈر بنایا گیا، راجہ ریاض کی اہوزیشن لیڈر تعیناتی قوانین اور قواعد کے برعکس کی گئی۔

    ربڑ سٹیمپ اپوزیشن لیڈر کامقصد نیب، الیکشن کمیشن کی من پسند تعیناتیاں ہیں، استدعا ہے کہ عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر کےعہدے سے ہٹانے کے احکامات صادر کرے۔

  • قومی اسمبلی کی حالت مقبوضہ اسمبلی جیسی ہے، فواد چوہدری

    قومی اسمبلی کی حالت مقبوضہ اسمبلی جیسی ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کا سر ہے نا پیر، کوئی پی ٹی آئی ممبر اس اسمبلی میں جانے کو تیار نہیں۔

    اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اس اسمبلی کو کوئی بھی تسلیم کرنے کو تیار نہیں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عزت دار آدمی اس اسمبلی کے راجہ ریاض جیسے اپوزیشن لیڈر کی کمیٹی سے خود کو کیسے منتخب کراسکتا ہے؟

    فواد چوہدری نے کہا کہ جو بےضمیر شخص لوٹوں کی سربراہی کرکے کمیٹی سے آتا ہےاس کا تو کردار ہی مشکوک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور منی لانڈرنگ کیس کا بڑا ملزم شہباز شریف ملک کا وزیراعظم ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس وقت قومی اسمبلی کی حالت مقبوضہ اسمبلی جیسی ہے، آپ کبھی مقبوضہ اسمبلی کا حصہ نہیں بنتے، میں نے اسمبلی سے استعفیٰ دینے کے فیصلے کودرست قرار دیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس قومی اسمبلی کا سر ہے نا پیر، کوئی پی ٹی آئی کا ممبر اس اسمبلی میں جانے کو بھی تیار نہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ اداروں کیلئے ہمارا دل سے احترام ہے توقع ہے وہ اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔

  • توہین عدالت : راجہ ریاض کیخلاف کی درخواست پر اہم پیش رفت

    توہین عدالت : راجہ ریاض کیخلاف کی درخواست پر اہم پیش رفت

    لاہور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس مزمل شبیر اختر نے درخواست پر سماعت کی، سماعت کے دوران عدالت نے راجہ ریاض کی اپوزیشن لیڈر تعیناتی کی مصدقہ کاپی پیش کرنے کا حکم دیا۔

    توہین آمیز بیان پر سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے حکم کی مصدقہ نقل طلب کی گئی، درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ راجہ ریاض نے سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے ججز کو تنقید کا نشانہ بنایا، راجہ ریاض نے ججز کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے۔

    درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت راجہ ریاض کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرتے ہوئے قرار واقعی سزا دے۔

  • پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجہ ریاض بڑی مشکل میں پھنس گئے

    پی ٹی آئی کے منحرف رکن راجہ ریاض بڑی مشکل میں پھنس گئے

    لاہور : اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گٸی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ رکن کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں مذکورہ درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ میں سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    مزید پڑھیں : راجہ ریاض قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    سوشل میڈیا پر راجہ ریاض نے ججز کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، ججز کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے سے ادارے کا سوسائٹی میں وقار اور عزت مجروح ہوٸی ہے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ قانون کے تحت راجہ ریاض کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جاٸے۔

  • راجہ ریاض قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    راجہ ریاض قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر

    ذرائع کے مطابق ایم این اے راجا ریاض کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر منظوری دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راجہ ریاض کو سولہ ارکان کی جانب سے حمایت حاصل ہے، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سےکچھ دیر بعد باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔

    ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر کیلئے حامی ارکان کے دستخطوں سے آج درخواستیں مانگی ہیں جن کی آج ہی اسکروٹنی کی گئی اور اکثریتی حمایت رکھنے والے کو رکن کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مبینہ امریکی دھکمیوں کے بعد قومی اسمبلی سے استعفی دئیے گئے تھے استعفے دینے کے اعلان کے بعد سے قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف کی نشست خالی تھی۔

     مجموعی طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے لیے چار امیدوار میدان میں تھے، جن میں نور عالم خان اور راجہ ریاض سمیت گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے غوث بخش مہر اور ق لیگ کے حسین الٰہی شامل تھے۔

    چاروں امیدواروں نے اپوزیشن لیڈر کے امیدوار کے طور پر اپنے حامی ارکان کے دستخط کے ساتھ درخواست اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے پاس جمع کروا گئی تھی۔

  • تحریک انصاف کے منحرف رہنما نے عمران خان کے بارے میں کیا کہا؟

    تحریک انصاف کے منحرف رہنما نے عمران خان کے بارے میں کیا کہا؟

    لاہور : تحریک انصاف کے منحرف رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ لوٹا صرف ایک ہے اور وہ عمران خان ہے، وہ خود بھی بھاگ گئے اور اپنی ٹیم بھی لے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن راجہ ریاض نے پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ استعفے نہیں دے رہے، ایوان میں رہ کر بھر پور کردار ادا کریں گے۔

    راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہمارا جو بھی کردار ہوگا وہ اسمبلی میں بیٹھ کر ادا کریں گے اور امید کرتے ہیں کہ حکومت درست سمت میں چلے گی۔

    عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے منحرف رکن نے کہا کہ لوٹا صرف ایک ہے اور وہ عمران خان ہے، وہ خود بھی بھاگ گئےاوراپنی ٹیم بھی لے گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ان کو چاہیے تھا اپوزیشن میں بیٹھتے اورحکومت کاڈٹ کر مقابلہ کرتے ، ہم پی ٹی آئی میں ہے اور اس کا حصہ ہیں، جوبھگوڑے ہیں وہ بھاگ گئے۔

  • تحریک انصاف کے منحرف رہنما کا بڑا اعلان

    تحریک انصاف کے منحرف رہنما کا بڑا اعلان

    فیصل آباد : تحریک انصاف کے منحرف رہنما راجہ ریاض نے آئندہ الیکشن این اے 110 سے ن لیگ کی ٹکٹ سے لڑنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن راجہ ریاض نے آئندہ الیکشن این اے110 ن لیگ کی ٹکٹ سے لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا اس وقت سب کی نظریں سپریم کورٹ کےفیصلے پرلگی ہیں۔

    راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین 10 اپریل کو واپس آرہے ہیں ، نوازشریف ڈاکٹرکی اجازت ملتےہی واپس آجائیں گے۔

    واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد سے قبل سندھ ہاؤس میں چھپے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی سامنے آگئے جن میں خواتین بھی شامل ہیں، راجا ریاض، نواب شیرو سیر، نور عالم خان، باسط بخاری سمیت 27 ارکان کی جانب سے سندھ ہاؤس میں پناہ لی گئی تھی۔

    راجہ ریاض نے کہا تھا کہ میرا عمران خان، جہانگیر ترین سے ڈھائی سال سے اختلاف تھا، صحیح وقت کا انتظار کررہا تھا، الیکشن آنے پر مسلم لیگ ن سے ٹکٹ لوں گا۔

    تحریک انصاف کے ناراض رکن کا کہنا تھا کہ ہم ووٹ ڈال کر استعفیٰ دیں گے اور دوبارہ الیکشن لڑیں گے۔

  • فیصل آباد کے عوام کا احتجاج ،  منحرف رہنما راجہ ریاض کی تصویریں اور پوسٹر جلادیئے

    فیصل آباد کے عوام کا احتجاج ، منحرف رہنما راجہ ریاض کی تصویریں اور پوسٹر جلادیئے

    فیصل آباد : عوام نے پی ٹی آئی کے منحرف رہنما راجہ ریاض کے خلاف پوسٹرز اور بینرز آویزاں کرکے احتجاج کیا جبکہ راجہ ریاض کے تصویری پوسٹر جلا ڈالے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے منحرف رہنما راجہ ریاض کے خلاف ان کے حلقے کےعوام نے پوسٹرز لگا دئیے، پوسٹرز پر ’ووٹ فروش‘ اور ’تم کتنی پارٹیاں بدلوگے‘ کے نعرے تحریر ہیں۔

    ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے اطراف میں بھی پوسٹرز اور بینرز آویزاں کیے گئے، جن میں ’پی ٹی آئی کے ووٹوں سے جیتنے والے استعفیٰ دو‘ کے مطالبات درج ہیں۔

    اس سے قبل ضلع کونسل چوک پر مظاہرین نے راجہ ریاض کی تصاویر اور پوسٹروں کو نذر آتش کیا اور راجہ ریاض کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

    گذشتہ روز سندھ ہاؤس میں چھپے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی منظرعام پر آئے تھے اور راجا ریاض، نواب شیرو سیر، نور عالم خان، باسط بخاری سمیت 27 ارکان کی جانب سے سندھ ہاؤس میں پناہ لی۔

    راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ سیاست میں سب جائزہے، پی ٹی آئی کےٹکٹ پرلوگوں کاسامنانہیں کرسکتے، ابھی اتنا ٹائم نہیں، عدم اعتمادمیں ووٹ ڈال کر استعفی دیں گے، اسپیکرکی ہمیں کوئی ضرورت نہیں،اس سے جو ہوتا ہے کرلے۔

    منحرف رہنما نے مزید کہا تھا کہ ہمیں نا اہل کیا توتیار ہیں، الیکشن لڑ کر واپس آئیں گے ، الیکشن آنے پر مسلم لیگ نون سے ٹکٹ لوں گا، میرا عمران خان، جہانگیر ترین سے ڈھائی سال سے اختلاف تھا، میں صحیح وقت کا انتظار کررہاتھا۔