Tag: Rajasthan

  • بھارت: علما نے مسلمانوں سے 15 فروری کو بچے اسکول نہ بھیجنے کی اپیل کر دی

    بھارت: علما نے مسلمانوں سے 15 فروری کو بچے اسکول نہ بھیجنے کی اپیل کر دی

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں علما نے مسلمانوں سے 15 فروری کو اپنے بچے اسکول نہ بھیجنے کی اپیل کر دی ہے، انھوں نے مقامی حکومت کے یوگا کے بہانے ’لازمی سوریہ نمسکار‘ کے احکامات کو مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں راجستھان حکومت نے اسکولوں میں ’سوریہ نمسکار‘ لازم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، 15 فروری کو تمام اسکولوں میں سوریہ سپتمی کے موقع پر یوگا لازمی طور پر کیا جائے گا، جس پر جمعیت علمائے راجستھان نے اپیل کی ہے کہ مسلمان طبقہ 15 فروری کو اپنے بچے اسکول نہ بھیجیں اور تقریب کا بائیکاٹ کریں۔

    جے پورمیں ہونے والے مجلس عاملہ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی، جس میں اسکولوں میں 15 فروری کو سوریہ سپتمی کے موقع پر طلبہ، والدین اور دیگر کے لیے اجتماعی ’سوریہ نمسکار‘ کے حکومتی حکم کی مذمت کی گئی، اور کہا گیا کہ یہ مذہبی معاملات میں کھلی مداخلت اور آئین میں دی گئی مذہبی آزادی کے خلاف ہے۔

    دوسری طرف جمعیت علمائے ہند سمیت دیگر مسلم تنظیموں نے راجستھان ہائی کورٹ میں ایک مشترکہ درخواست بھی دائر کی ہے، جس میں 15 فروری کے پروگرام اور اسکولوں میں لازمی سوریہ نمسکار کے فیصلے کو کالعدم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، عدالت نے اس درخواست کی سماعت کے لیے 14 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔

    مجلس عاملہ کے اجلاس میں علما نے واضح کیا کہ ہندو سماج میں سوریہ کو خدا/دیوتا کے طور پر پوجا جاتا ہے، اس عمل میں بولے جانے والے کلمات، اشلوک وغیرہ جیسی سرگرمیاں پوجا کی ایک شکل ہیں، جب کہ مسلمانوں کے لیے اللہ کے سوا کسی اور کی عبادت شرک ہے، اس لیے امت مسلمہ کسی بھی صورت میں اسے قبول نہیں کرے گی۔

    علما نے کہا کسی بھی جمہوری ملک میں یوگا کے بہانے کسی خاص مذہب کے عقائد کو دوسرے مذاہب کے لوگوں پر مسلط کرنا، بالخصوص بچوں کو مجبور کرنا آئینی اصولوں اور مذہبی آزادی نیز چائلڈ رائٹس کی کھلی خلاف ورزی اور ایک مذموم کوشش ہے۔

  • خاتون برہنہ پریڈ کیس میں سسرال کے ملوث ہونے کا انکشاف

    خاتون برہنہ پریڈ کیس میں سسرال کے ملوث ہونے کا انکشاف

    راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر پرتاب گڑھ میں ایک حاملہ خاتون کو شوہر نے برہنہ کر کے پریڈ کروایا، پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ واقعے میں سسرال والے بھی ملوث تھے، جس پر 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے شہر پرتاپ گڑھ میں 31 اگست کو خاندانی جھگڑے کے باعث سسرال والوں نے 21 سالہ حاملہ خاتون کو برہنہ کر کے راستے میں پریڈ کروایا جس کی دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

    واقعے پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے پولیس حکام کو سخت کارروائی کی ہدایت کی جس کے بعد پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ واقعے میں ملوث شوہر کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ یہ افسوس ناک واقعہ دریاواڑ تھانے کی حدود میں گاؤں نچل کوٹا میں پیش آیا، متاثرہ خاتون اور ملزم دونوں کا تعلق قبائلی برادری سے ہے، پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

    حاملہ بیوی کو برہنہ کر کے سرِ عام پریڈ کروانے والا شوہر گرفتار

    ریاستی حکومت اس کیس کو سنجیدگی سے لے رہی ہے، وزیر اعلیٰ گہلوت کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ فاسٹ ٹریک کورٹ میں چلایا جائے گا۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں آئے دن خواتین کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کے اسی طرح کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، پرتاپ گڑھ کے اس واقعے پر وومین کمیشن نے بھی سخت نوٹس لیا ہے۔

  • بھارت: ماں دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے کود گئی

    بھارت: ماں دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے کود گئی

    راجستھان: بھارتی ریاست راجستھان کے ایک علاقے میں ایک ماں اپنے دو بچوں کے ساتھ ریل کے سامنے کود گئی، جس سے تینوں ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کے ضلع الور میں دانتیا ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون نے اپنے دو بچوں سمیت ٹرین کے آگے کود کر خود کشی کر لی۔

    پولیس حکام کے مطابق مرنے والوں میں 30 سالہ پنکی جاٹ اور ان کا 13 سالہ بیٹا پرشانت اور 11 سالہ بیٹی ہیما شامل ہیں۔ خاتون کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کمزور تھی۔

    رپورٹس کے مطابق خاتون کے شوہر رام ویر چودھری کھیتی باڑی کرتا ہے، جمعہ کی شام جب وہ گھر پہنچے تو معلوم ہوا کہ بیوی بچوں سمیت غائب ہے، خاندان اور گاؤں والوں نے جب اس کی تلاش شروع کی تو رات دیر گئے خبر ملی کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک خاتون اور دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔

    شوہر نے اپنی بیوی اور بچوں کی لاشوں کی تصدیق کر دی، علاقے کے لوگوں کے بیانات کے مطابق خاتون نے اپنے دو بچوں کے ساتھ وہاں کے چکر لگائے اور پھر وہاں سے تقریباً آدھا کلومیٹر دور جانے کے بعد شام سوا چار بجے بچوں کے ساتھ ٹرین کے سامنے کود کر خود کشی کر لی۔

  • اسلاموفوبیا: ایک اور بھارتی پروفیسر کی کلاس میں توہین آمیز باتیں، طالبہ کی ویڈیو وائرل

    اسلاموفوبیا: ایک اور بھارتی پروفیسر کی کلاس میں توہین آمیز باتیں، طالبہ کی ویڈیو وائرل

    بلوترا: بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بلوترا میں ایک کالج کے پروفیسر نے اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کر کے مسلم طلبہ کو ہراساں کیا، تاہم ان کے خلاف تاحال کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی۔

    سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو کے مطابق بھارت میں ایک اور ’ٹیچر‘ اسلاموفوبیا کا شکار ہو کر مسلم طلبہ کو ہراساں کرنے لگے ہیں، تازہ واقعہ ریاست راجستھان میں پیش آیا ہے۔

    بلوترا میں واقع مول چند بھگوان داس رنگ والا کالج میں ایک ہندو انتہا پسند پروفیسر پدم سنگھ نے ہسٹری کی کلاس کے دوران اسلام کے بارے میں توہین آمیز باتیں کیں اور مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دے ڈالا۔

    ویڈیو: ہندو پروفیسر کو بھری کلاس میں مسلم طالب علم سے معافی مانگنی پڑ گئی

    مسلمان طالبہ حسینہ بانو نے شکایت بھی درج کروائی لیکن پروفیسر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ حسینہ بانو کو دھمکیاں دی گئیں کہ اگر تھانے گئیں تو تمھارا حشر نشر کر دیں گے۔

    اس سلسلے میں بی اے فرسٹ ایئر کی طالبہ حسینہ بانو ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ ہسٹری کی کلاس چل رہی تھی اور وہاں تقریباً 150-200 طلبہ بیٹھے تھے اور گوتم بدھ بحث کا موضوع تھے، ٹیچر نے اچانک کہا کیا آپ سب جانتے ہیں کہ آفتاب نے شردھا واکر کے 35 ٹکڑے کر دیے ہیں اور اسے رحم بھی نہیں آیا، مسلمان کتنے بے رحم ہیں۔

    بھارت میں ایک اور مسلمان پر جنونیوں کا بہیمانہ تشدد، ویڈیو وائرل

    حسینہ بانو کے مطابق، ٹیچر نے پوچھا یہاں مسلمان کون ہے؟ کیا یہاں کوئی مسلمان ہے؟ کسی نے جواب نہیں دیا تو اس نے کہا ’’کیا تم جانتے ہو کہ مسلمان کہتے ہیں کہ ایک ہندو کو مارو تو حج کرنے کے برابر ہے اور دو ہندوؤں کو مارو تو جنت میں داخل ہو جاؤ گے، وہ ہمیں (ہندو) کافر کہتے ہیں، وہ دہشت گرد اور پاکستانی ہیں، وہ ہمارے خلاف ہیں اور ان سے دور رہیں۔‘‘

    حسینہ بانو نے کہا ’’وہ وہاں سے اٹھی تو ٹیچر نے مجھ سے پوچھا تم کہاں جا رہی ہو؟ میں نے کہا آپ ایسی باتیں کیسے کہہ سکتے ہو؟ کیا اس کا تعلق بحث کے موضوع سے ہے؟ ٹیچر نے کہا نہیں۔ پھر میں نے کہا کہ آپ یہ کیسے کہہ رہے ہیں؟ ٹیچر نے جواب دیا، یہ قرآن میں لکھا ہے۔ میں نے کہا میں نے قرآن پڑھا ہے، بتاؤ کہاں لکھا ہے؟ ٹیچر نے کہا کہ وہ لا کر دکھا دے گا۔‘‘

    حسینہ بانو کے مطابق اس کے بعد وہ کلاس سے چلی گئی اور دفتر گئی اور ٹیچر کے خلاف شکایت کی لیکن ملوث ٹیچر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ حسینہ بانو کے مطابق یہ واقعہ 21 نومبر کو پیش آیا اور رپورٹ 27 نومبر کو لکھی گئی۔

  • بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

    بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

    جے پور: بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ مِگ 21 تربیتی پرواز کے دوران راجستھان میں گر کر تباہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ایئر فورس کا ایک جنگی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ایئر فورس کا لڑاکا طیارہ مگ ٹوئنٹی ون راجستھان کے ضلع برمیر میں جمعرات کی شب حادثے کا شکار ہوا۔

    طیارے نے راجستھان کی اترلئی ایئر بیس سے رات 9 بج کر 10 منٹ پر تربیتی پرواز کا آغاز کیا اور کچھ ہی دیر بعد ضلع برمیر کے بیمدا گاؤں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

    مگ ٹوئنٹی ون کے زمین سے ٹکراتے ہی زور دار دھماکا ہوا اور طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ویڈیو: بھارتی خاتون پائلٹ کا طیارہ گر کر تباہ

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہل کاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا، دوسری جانب بھارتی فضائیہ نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سڑک کنارے کھڑے افراد کے ساتھ اچانک دل دہلا دینے والا واقعہ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    سڑک کنارے کھڑے افراد کے ساتھ اچانک دل دہلا دینے والا واقعہ (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    جے پور: بھارتی ریاست راجستھان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جو ایک ہولناک منظر پر مبنی ہے۔

    راجستھان کی ایک غیر معمولی ویڈیو کو جب انٹرنیٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا تو وہ خوف زدہ ہو گئے، 5 افراد ایک دکان کے باہر موجود تھے کہ اچانک وہ کچھ ہو گیا جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مکینک کی دکان کے باہر کچھ لوگ کھڑے ہیں اور آپس میں باتیں کر رہے ہیں، کہ اچانک ان کے پیروں تلے سے زمین سچ مچ میں کھسک گئی۔

    ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ کھڑے افراد کے قدموں کے نیچے زمین اتنی اچانک دھنس گئی کہ دیکھنے والوں کو بھی جھٹکا لگ جاتا ہے۔

    جیسے ہی زمین دھنس گئی چاروں افراد نیچے گر کر غائب ہو گئے اور پاس کھڑی موٹر سائیکل بھی کھسک کر زمین میں بننے والے گڑھے میں گر گئی۔

    پاس ہی ایک اور بندہ زمین پر بیٹھے کام میں مگن ہے، وہ بھی زمین میں نمودار ہونے والے خلا میں پھسل کر غائب ہو جاتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ ایک نالا تھا جس پر بنی چھت اچانک ڈھ گئی تھی، تاہم خوش قسمتی سے گرنے والے افراد کو کوئی شدید چوٹ نہیں آئی۔

  • بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر کو گولی مار دی

    جے پور: بھارتی ریاست راجھستان میں ایک بھارتی فوجی نے بیٹی کو ڈانٹنے پر ٹیچر پر گولی داغ دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے بھرت پور ضلع میں ایک ٹیچر کی جانب سے بیٹی کو تھپڑ پڑنے پر فوجی جوان نے اسکول کے ڈائریکٹر پر گولی چلا دی، لیکن بد قسمتی سے وہ گولی اس کی اپنی بیوی کو لگ گئی۔

    جے پور پولیس نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ سپاہی پپو گُرجر کنواڈا گاؤں میں واقع ایک نجی اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تھا، اس کی 12 سالہ بیٹی نے گھر میں شکایت کی تھی کہ اسے ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر ٹیچر نے تھپڑ مارا ہے۔

    اس معاملے پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد گرجر نے اسکول کے ڈائریکٹر پر سرکاری پستول تان لی، تاہم اس کی بیوی راج بالا درمیان میں آ گئی اور ایک گولی اس کے بازو کو چھو کر نکل گئی، پولیس کے مطابق فوجی کی بیوی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی ہیں۔

    دی انڈین ایکسپریس کے مطابق اسٹیشن ہاؤس آفیسر کاما دولت سنگھ نے بتایا کہ اس معاملے میں ایک کیس درج کیا گیا ہے، جب کہ واقعے کے بعد فوجی جوان موقع سے فرار ہوگیا اور اس کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ گُرجر چھٹی پر تھا اور جب وہ اسکول کے ڈائریکٹر سے ملنے گیا تو وہ اپنا سروس ریوالور اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راج بالا کی حالت بہتر تھی اور توقع ہے کہ انھیں آج منگل کو اسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا۔

  • ہوم ورک کیوں نہیں کیا؟ ٹیچر نے طالب علم کی جان لے لی

    ہوم ورک کیوں نہیں کیا؟ ٹیچر نے طالب علم کی جان لے لی

    نئی دہلی: بھارت میں انسانیت سوز واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر استاد نے بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے طالب علم کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ بھارتی ریاست راجھستان کے گاؤں کولاسر میں پیش آیا، جہاں ساتویں جماعت کے طالب علم کو محض ہوم ورک مکمل نہ ہونے پر کلاس ٹیچر نے بہیمانہ تشدد کیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

    اندوہناک واقعے پر مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی، جس میں بچے کے باپ اوم پرکاش نے پولیس کو بتایا کہ وقوعہ کے روز اسکول ٹیچر کا فون آیا اور اس نے گنیش کے ہوم ورک نہ کرنے کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس کی پٹائی لگائی ہے اور وہ بے ہوش ہوگیا ہے۔

    غم سے نڈھال والد نے پولیس کو بتایا کہ میں نے استفسار کیا کہ میرا بیٹا بے ہوش ہوا ہے یا مرگیا ہے؟ جس پر ٹیچر نے ڈھٹائی سے جواب دیا کہ وہ ‘ مرنے کا ڈرامہ’ کررہا ہے، بھاگم بھاگ اسکول پہنچا تو میری بیوی بھی اسکول میں موجود تھی جس نے بتایا کہ گنیش کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لے جایا گیا ہے۔

    دوسری جانب گنیش کی موت پر اسکول بچوں نے بتایا کہ ملزم منوج نے اسے بے رحمی سے لاتوں اور گھونسوں سے مارا اور زمین پر پٹخ پٹخ کر پٹائی، اس بدترین تشدد کے باعث وہ بُری طرح زخمی ہوا، بعد ازاں اسے پرائیوٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے بچے کو مردہ قرار دے دیا۔

    پولیس کے مطابق ٹیچر منوج کمار کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیاہے جبکہ میڈیکل ٹیم نے بچے کی موت کی وجوہات جاننے کے لئے اس کا پوسٹ مارٹم بھی کیا ہے۔

  • گھوڑا دولہے کو لے کر بھاگ کھڑا ہوا، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    گھوڑا دولہے کو لے کر بھاگ کھڑا ہوا، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    آپ نے سوشل میڈیا پر ایسی کئی ویڈیوز دیکھی ہوں گی جس میں شادی کے دوران دلہا گھوڑے سے نیچے گر جاتا ہے یا پھر کسی وجہ سے باراتی کسی مصیبت میں پڑ جاتے ہیں۔

    لیکن آج ہم آپ کو ایک ایسی ویڈیو دکھا رہے ہیں جس میں ایک شادی کی تقریب میں گھوڑا دولہا کو ہی لے کر فرار ہوگیا اور باراتی منہ دیکھتے رہ گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے اجمیر کے قریب رام پورہ گاؤں میں دولہے کو ساتھ لے جانے والے گھوڑے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    دولہا بڑی شان سے گھوڑے پر بیٹھ کر بارات دلہن کے گھر لایا اس موقع پردولہا کے دوستوں نے آتش بازی کا اہتمام بھی کر رکھا تھا، سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا کہ کسی نے گھوڑے کے پاس ہی ایک پٹاخہ چلا دیا۔

    بس پھر کیا تھا گھوڑا اس پٹاخے کی زوردار آواز برداشت نہ کرسکا اور ایک دم بدک گیا اور گھبراہٹ کے عالم میں بھاگ کھڑا ہوا اور یہ بھی نہ سوچا کہ دولہا اس کی پیٹھ پر سوار ہے۔

    گھوڑے کو شادی میں پٹاخے جلانا ایک آنکھ نہ بھایا، تقریب میں موجود کسی بھی شخص کی پرواہ کیے بغیر یہ جا اور وہ جا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بے چارا دولہا بھی بے بسی کے عالم میں بیٹھا رہا۔

    اس موقع پر دولہا نے گھوڑے سے اترنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا، وہاں موجود باراتی اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر گھوڑے کے  پیچھے دوڑ پڑےاور چار کلو میٹر دور جاکر گھوڑے کو قابو کیا اور دلہا کو واپس سسرال لے آئے۔

    خوش قسمتی سے اس سارے واقعے میں دولہا زخمی نہیں ہوا یہ مضحکہ خیز ویڈیو گذشتہ کچھ ہفتوں سے سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے اور صارفین اس پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

  • بھارت میں آسمانی بجلی نے قہر ڈھادیا، 61 افراد ہلاک

    بھارت میں آسمانی بجلی نے قہر ڈھادیا، 61 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارت میں مون سون بارشوں کے دوران آسمانی بجلی کے قہر سے ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسل جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ اتر پردیش اور راجستھان میں آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں سات بچوں سمیت ساٹھ افراد ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اکتالیس ہلاکتیں اترپردیش میں ہوئی ، صرف پریاگ راج میں آسمانی بجلی گرنے سے گیارہ افراد لقمہ اجل بنے جبکہ سیکڑوں مویشی بھی مارے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی پر آسمانی بجلی گر پڑی

    جے پور میں بارش میں سیلفیاں بنانے کے دوران بارہ افراد جان سے گئے۔

    شدید بارشوں کے باعث کیرالہ میں سیلابی صورت حال پیدا ہوچکی ہے، مقامی انتظامیہ نے سیلاب کی وارننگ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر محفوظ علاقوں کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔