Tag: Rajgal Valley

  • خیبر ایجنسی: آرمی چیف وادی راجگال پہنچ گئے

    خیبر ایجنسی: آرمی چیف وادی راجگال پہنچ گئے

    خیبر ایجنسی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خیبر ایجنسی کی وادی راجگال پہنچ گئے جہاں انہیں آپریشن راجگال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خیبر ایجنسی کی وادی راجگال پہنچے۔

    اس موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی ایف سی میجر جنرل شاہین مظہر محمود بھی ان کے ساتھ تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو آپریشن راجگال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ راجگال کا 90 فیصد علاقہ کلیئر کر دیا گیا ہے۔

    اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ ریاست کی عملداری بحال ہو رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وادی راجگال میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی کو جلد دہشت گردوں سے پاک کروا دیں گے۔ ریاستی عملداری اور قانون کی بالا دستی پر کوئی دو رائے نہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پاک فوج قوم کی امیدوں پر پورا اتر رہی ہے۔ قوم کے تعاون سے شدت پسندی اور دہشت گردی ختم کردیں گے۔

    آرمی چیف نے نقل مکانی کرنے والے مقامی لوگوں کی واپسی کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آپریشن میں پاک فضائیہ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے تعاون سے دہشت گردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی کا راجگال کا علاقہ 12 سے 14 ہزار فٹ کی بلندی پر ہے اور یہ فاٹا کا مشکل علاقہ ہے۔ 250 کلو میٹر راجگال میں 8 گزر گاہیں ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق راجگال آپریشن زمینی حقائق کے تناظر میں مشکل ہے، اس کی سرحد افغانستان سے متصل ہے۔ آپریشن راجگال کا مقصد داعش کو پاکستان آنے سے روکنا ہے۔


  • خیبر ایجنسی آپریشن کامیابی سے جاری، 6 دہشت گرد ہلاک 2 ٹھکانے تباہ

    خیبر ایجنسی آپریشن کامیابی سے جاری، 6 دہشت گرد ہلاک 2 ٹھکانے تباہ

    خیبرایجنسی: پاک افغان سرحد کے قریب وادی رجگال، وادی نارے ناؤ اور ستار کلے میں پاک فوج کا زمینی اور فضائی آپریشن 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

    فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا خیبرایجنسی 3 کامیابی سے جاری ہے، پاک فوج کے جوانوں نے اتوار کے روز وادی رجگال، نارے ناؤ اور ستار کلے میں زمینی اور فضائی آپریشن کیا۔پاک فوج کی تازہ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے 2 ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے  6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

    پڑھیں: خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ

    واضح رہے پاک فوج کی جانب سے پاک افغان بارڈر سے متصل خیبر ایجنسی کی وادی رجگال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس میں اب تک دہشت گردوں کی کمین گاہیں اور خفیہ گزر گاہیں تباہ کی جاچکی ہے۔

    مزید پڑھیں:   دہشت گردوں کے سلیپر سیلز ختم کریں گے، آرمی چیف کا راجگال میں جوانوں سے خطاب

    آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعے کے روز وادی رجگال کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں سے ملاقات کرکے اُن کے عزم اور بلند حوصلے کی تعریف کی تھی، آرمی چیف نے فوجی جوانوں کی ماہرانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اس آپریشن سے  سرحد کے دونوں طرف دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے میں آسانی رہے گی‘‘۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کو ہدایت دی تھی کہ وہ چوکس رہیں اور دشمن پر نظر رکھیں، اُن کا مزید کہنا تھاکہ ’’ملک میں دہشت گردوں کا کوئی مقام نہیں چھوڑا جائے گا اور عوام کے تعاون سے ملک میں امن قائم کیا جائے گا‘‘۔

  • خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ

    خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی، شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ

    باجوڑ: خیبرایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب آرمی کے طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کی گزرگاہیں اور 9 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی میں افغان بارڈر پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بری اور فضائی آپریشن کیا گیا جس کے نتیجے میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے شدت پسندوں کے 9 ٹھکانے تباہ ہوگئے، آئی ایس پی آر سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’راجگال ویلی کے مقام پر سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے نتیجے میں شدت پسندوں کی 9 کمین گاہیں اور خفیہ گزگاہوں کو مکمل تباہ کردیا گیا ہے‘‘۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے پاک فوج کے اضافی دستے بلند پہاڑوں اور چوٹیوں پر تعینات کردیے گئے ہیں‘‘، تاہم غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق فضائی کارروائی میں 15 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

    پڑھیں :   کورکمانڈرز اپنے صوبوں میں بھرپور کومبنگ آپریشن کریں، راحیل شریف

    دوسری جانب حفیہ اداروں نے پشاور باچاخان روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے مبینہ خودکش حملہ آور کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاہے، گرفتار ملزم کا تعلق دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار سے بتایا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی سمیت ملک بھر میں کومبنگ آپریشن، سینکڑوں گرفتار

    علاوہ ازیں ہنگو میں مقامی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے جبکہ ایبٹ آبار میں کارروائی کرتےہوئے کالعدم تحریک طالبان کا کمانڈر قاری الطاف کو گرفتار کرلیا ہے، حساس اداروں نے تصدیق کی ہے کہ ملزم کا تعلق سوات سے ہے جو کئی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔