بھارت کے سپر اسٹار رجنی کانت سے حیرت انگیز مشابہت رکھنے والے پاکستانی شہری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
رجنی کانت کا شمار بھارت کے کامیاب اور مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، انھوں نے تامل، ہندی، تیلگو، کنڑ، بنگالی اور ملیالم فلمی صنعتوں میں 160 سے زیادہ فلموں میں کام کیا، اور بے پناہ شہرت حاصل کی۔
شیوا جی رائے گائیکواڈ المعروف رجنی کانت کے مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ترستے رہتے ہیں، پاکستان میں بھی ان کے مداح ہیں تاہم پاکستان میں اب ان کے ایک ایسے ہم شکل کی تصاویر وائرل ہو رہی ہیں، جنھیں دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
یہ ہیں رحمت گشکوری جن کا تعلق بلوچستان کے شہر سبی سے ہے، انھوں نے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے یہ دل چسپ بات کہی کہ انھیں خود ہم شکل ہونے کا احساس نہیں تھا بلکہ دوستوں نے اس طرف توجہ دلائی۔
رحمت گشکوری نے کہا کہ انھیں مشہور ہونے کا کوئی شوق نہیں تھا لیکن پھر کچھ عرصے بعد انھیں اس میں لطف آنے لگا۔ گشکوری نے خواہش ظاہر کی کہ کاش وہ ساؤتھ انڈین اسٹار سے کبھی مل سکیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کئی بین الاقوامی سپر اسٹارز کے ہم شکل پائے گئے ہیں، اسرار خان نامی پاکستانی شہری کو دیکھ کر بھی لوگ حیران رہ جاتے ہیں کیوں کہ ان کی شکل نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے مرکزی کردار ’پروفیسر‘ سے ہو بہو ملتی ہے، اس مشابہت کی وجہ سے انھوں نے بھی شہرت حاصل کی۔

آپ کو ایک اور مشہور ترین سیریز ’گیم آف تھرونز‘ کا بونا کردار ٹائرین لینسٹر یاد ہوگا، یہ کردار پیٹر ڈنکلیج نے ادا کیا تھا، ویٹر کے طور پر کام کرنے والا پاکستان شہری روزی خان حیرت انگیز طور پر ان کا ہم شکل ہے۔