Tag: RALLIES

  • یوم یکجہتی کشمیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    یوم یکجہتی کشمیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں ریلیاں، سمینارز اور خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

    کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر بھارتی مظالم کی مذمت کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

    پورے ملک اور آزاد کشمیر میں صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف خطاب کیا۔

    اس کے علاوہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کررہی ہیں جب کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بھی بنائی گی۔

    گزشتہ 78 سالوں سے بھارت کے ناجائز، غیر قانونی اور غاصبانہ قبضے سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرانے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دلوانے کے لے وطن عزیر پاکستان کے ہر گلی، ہر شہر اور کوچے سے صدائے آزادی کشمیر گزشتہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آج بھی بلند ہوں گی۔

    واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

    وفاقی حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا تھا، بی جے پی حکومت نے نہ صرف اسے ہٹا کر جموں و کشمیر کا خصوصی ریاست کا درجہ ختم کر دیا تھا بلکہ اسی دن جموں و کشمیر سے ریاستی درجہ بھی چھین لیا تھا۔

    واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے مفاد میں عالمی برادری کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی اجازت دے کیونکہ مقامی لوگوں کی حقیقی امنگوں کو دبا کر دیرپا امن حاصل نہیں کیا جا سکتا۔

    وزیر اعظم نے 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پیغام میں کہا کہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ پیش رفت نے واضح طور پر ظاہر کیا کہ دیرینہ تنازعات کو مزید بھڑکنے نہیں دینا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال ”یوم یکجہتی کشمیر“ مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کے لیے ان کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ”حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے۔ ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے،”۔

    صدر آصف علی زرداری

    یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن عالمی برادری کو مظلوم کشمیری عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں سے 78 سال قبل کیے گئے وعدوں کو پورا کرے اور ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرے۔

  • طالبان نے افغان صدارتی انتخابات روکنے کیلئے ’حملوں‘ کی دھمکی دے دی

    طالبان نے افغان صدارتی انتخابات روکنے کیلئے ’حملوں‘ کی دھمکی دے دی

    کابل :طالبان نے افغانستان میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات روکنے کے لیے ’حملوں‘ کی دھمکی دےدی۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے صدارتی انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجو انتخابات روکنے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں،طالبان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں اور ریلیوں سے دور رہیں کیونکہ انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ طالبان نے 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ غیرملکی طاقتیں افغان امن عمل پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔

    انہوں نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ مذکورہ انتخابات کا عمل عام لوگوں کو دھوکا دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں، انتخابات کا انعقاد محدود مگر بوگس سیاستدانوں کی اّنا کو تسکین دینے کے لیے ہے۔

    طالبان نے حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے، شہری کارنر میٹنگز اور ریلیز سے دور رہیں جن پر ہمارے جنگجو حملہ کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب افغانستان کے صدر اشرف غنی کے دفتر سے اعلامیہ جاری ہوا جس میں طالبان کی دھمکی کے تناظر میں کہا گیا کہ لوگوں کو اپنا لیڈر منتخب کرنے کا پورا حق ہے اور حکومت ملک بھر میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔

    افغان حکومت نے کہا کہ طالبان کو اپنے عمل سے امن کا اظہار کرنا چاہیے ناکہ لوگوں کو دھکمیاں دی جائیں۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں 17 سال سے زائد عرصے سے جاری طویل جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کوششوں میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں اس کے طالبان سے مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں،ان مذاکرات میں افغان حکومت کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ طالبان انہیں کٹھ پتلی حکومت کہتے ہیں اور وہ براہ راست امریکا سے مذاکرات کا مطالبہ کرتے آئے تھے۔

    چند روز قبل امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ غیر ملکی افواج کے انخلا کا نہیں امن کا معاہدہ چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں امریکا کی موجودگی مشروط ہے اور کوئی بھی انخلا مشروط ہوگا،بعدازاں 3 اگست کو طالبان کا موقف سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا سے 80 فیصد مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں تاہم اس میں امریکی فوج کے انخلا کے ٹائم فریم پر اب بھی بحث ہونا باقی ہے۔

  • فاروق اعظمؓ کے یوم شہادت پر سندھ میں عام تعطیل کا اعلان

    فاروق اعظمؓ کے یوم شہادت پر سندھ میں عام تعطیل کا اعلان

    کراچی: سندھ حکومت نے یکم محرم الحرام کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں یکم محرم الحرام کو یومِ فاروقؓ کے موقع پرعامِ تعطیل ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ترجمان کے مطابق علماء نے حضرت عمرؓ کے یومِ شہادت پرعام تعطیل کا مطالبہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھرخلیفہ دوئم سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کایوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سےمنایاجاتا ہے۔

    اس موقع پر حضرت عمرؓ کی شخصیت کی مناسبت سے سمینارز اورکانفرنس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالیں ہیں۔

    واضح رہے کہ حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت پر عام تعطیل کا مطالبہ طویل عرصے سے کیا جارہا تھا۔