Tag: rally

  • نوازشریف کی ریلی: موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے بزرگ شہری جاں بحق

    نوازشریف کی ریلی: موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے بزرگ شہری جاں بحق

    گجرات: نوازشریف کی ریلی میں شامل موٹر سائیکل سوار کی ٹکر سے ایک بزرگ شہری جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے علاقے چک پیرانہ کے مقام پر 55 سالہ خالد نامی شخص نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد گھر جا رہے تھے کہ اسی دوران وہاں سے نواز شریف کی ریلی گزر رہی تھی۔

    نااہلی کے خلاف نکالی جانے والی ریلی میں شامل موٹر سائیکل سوار نے بزرگ شہری کو ٹکر ماری جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے اور اسپتال پہنچنے تک جانبر نہ ہوسکے۔

    عینی شاہدین کے مطابق ریلی میں شریک موٹرسائیکل سوار شہری کو ٹکر مار کر فرار ہوگیا۔

    پڑھیں: جاں بحق بچہ جمہوریت کا پہلا شہید ہے، سعد رفیق، صفدر

    قبل ازیں گجرات کے علاقے لالہ موسیٰ میں نوازشریف کے پروٹوکول کی گاڑی کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، اہل خانہ اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریلی میں شریک ایمبولینس عملے نے بھی زخمی کو اسپتال لے جانے سے صاف انکار کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • عوام کے ووٹوں کی حرمت کے لیے باہر نکلا ہوں، جلد ایجنڈا دوں گا، نواز شریف

    عوام کے ووٹوں کی حرمت کے لیے باہر نکلا ہوں، جلد ایجنڈا دوں گا، نواز شریف

    راولپنڈی : سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کروڑوں ووٹوں سے منتخب ہوا،5 ججوں نے یک جنبش قلم مجھے باہر کردیا اب میں منتخب حکومتوں کو کچلنے کے عمل کے خلاف اور عوام کے ووٹوں کی حرمت کے لیے ایک ایجنڈے کا اعلان کروں گا اور اپنی جدو جہد کو مقصد کے حصول تک جاری رکھوں گا۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ اس سے قبل 2013 میں جہلم آیا تھا آج اس سے بھی زیادہ جوش و خروش ہے میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ ملک کے اندھیروں کو مٹاؤں گا اور تباہ حال معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ سال 2013 میں بجلی غائب تھی، سی این جی کے لیے گاڑیوں کی قطاریں لگی رہتی تھیں، کراچی کا امن تباہ تھا، بلوچستان میں انارکی تھی اور معیشت زبوں حالی کی جانب رواں تھی۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے آکر ملک کو اندھیروں سے نکالا، کراچی میں امن قائم کیا بلوچستان میں مخلوط حکومت قائم کر کے احساس محرومی کو ختم کیا، موٹر وے تعمیر کرائے اور معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔

    انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والے وزیراعظم کو یک جنبش قلم سے فارغ کردیا گیا، کیا یہ عوام کے ووٹوں کی توہین نہیں ہے ؟ کیا آپ لوگ اس پر آواز نہیں اٹھائیں گے؟ کیا آپ کے وزیراعظم نے کوئی غلط کام کیا تھا؟

    سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پانچوں ججوں نے کہا کہ کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی لیکن پھر بھی عوام کے ووٹوں کی توہین کی گئی کیا مجھے اس لیے ہٹایا گیا کہ ملک میں اندھیرے چھٹ رہے تھے؟ روزگارکے مواقع پیدا ہورہے تھے؟ اور سی پیک پر تیزی سے کام جا رہا تھا؟ کیا مجھے ان کاموں کی سزا دی گئی؟

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے لیے پریشان ہوں، آج ریلی میں نوجوانوں کی آنکھوں میں ایک چمک دیکھی ہے یہ نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں، میں نوجوانوں کو پیغام دیتا ہوں کہ مایوس نہیں ہونا پوری قوم اور نوازشریف کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

    نواز شریف نے کہا کہ 70 برس سے ملک میں یہی کھیل کھیلا جا رہا ہے کسی منتخب وزیراعظم کو مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، سازشیں کر کے عوام کے ووٹوں کی توہین کی گئی اور مینڈیٹ کو کچلا گیا آکر یہ کب تک چلتا رہے گا؟

    انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اپنے وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر آواز نہیں اُٹھائیں گے؟ آپ کو نکلنا ہوگا اور اپنے ووٹوں کی توہین کے خلاف آواز اُٹھانا ہو گی اور میرے شانہ بشانہ جدوجہد میں حصہ لینا ہوگا اور ووٹ کی پرچی کا تقدس بحال کرنا ہے۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر حکومت سے نکال دیا گیا بھلا کوئی باپ اپنے بیٹے سے تنخواہ لیتا ہے؟ ایسے حیلے بہانوں سے عوام کی آواز اور امنگوں کا گلا گھونٹا گیا اور کسی جمہوری حکومت کو مدت پوری نہیں کرنے دی گئی لیکن آمر دس دس سال تک حکومت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی ایسی عدالت ہے جو آئین توڑنے پر کسی آمر کو سزا دے سکے؟ آمر تو کمر درد کا بہانہ بنا کر ملک سے فرار ہو جاتے ہیں کیا کوئی عدالت کسی آمر کا احتساب بھی کر سکتی ہے ؟ یا صرف عوامی نمائندوں پر بس چلتا ہے؟

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومت کو چلنے نہیں دیا گیا اس لیے ملک کبھی اس سمت پر گامزن ہوا تو کبھی اس جانب رواں ہوا اور ایسی ڈانواں ڈول ہوتی ریاست کیسے ترقی کرے گی؟ کیا اس کا بھی حساب ہو گا؟

    انہوں نے کہ ایسے نظام کے لیے جدو جہد کرنی ہے جہاں عوام کے منتخب نمائندوں کو عوام کے ذریعے ہی ہٹایا جاسکے جس کے لیے آپ کو میرا ساتھ دینا ہے تو کیا اپ لوگ میرا ساتھ دیں گے؟ جس پر ریلی کے شرکاء نے نعروں کے ذریعے مثبت جواب دیا۔

    میاں نواز شریف نے کہا کہ جب عوام کی ترقی کے لیے کام شروع کیا تو کبھی گالم گوچ کرنے والے دھرنا لے کر آ جاتے ہیں تو کبھی ایک مولوی آ دھمکتا ہے جو رہتا تو کینیڈا میں ہے لیکن ہر سال دو سال بعد ملک میں انتشار پھیلانے آجاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں اپنے اقتدار کے لیے نہیں بلکہ آپ کے ووٹوں کی عزت اور حرمت کے لیے سڑکوں پر نکلا ہوں کیوں کہ آپ نے تو مجھے منتخب کر کے اسلام آباد بھیجا تھا لیکن اسلام آباد والوں نے مجھے دوبارہ گھر بھیجا کیا یہ آپ کے ووٹوں کی توہین نہیں؟

    اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ جلد ایک ایجنڈے کا اعلان کروں گا اور اس ایجنڈے پر آپ سب کو میرا ساتھ دینا ہے اور میری جدوجہد کا ہراول دستہ بننا ہے کیوں کہ یہ جدوجہد آپ کے ووٹوں کی حرمت کے لیے ہے میرے اقتدار کے لیے نہیں، جس پر ریلی کے شرکا نے زبردست جوش و خروش سے حمایت میں نعرے لگائے۔

    خیال رہے کہ قبل ازیں دینہ کے مقام پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’’آپ نے نوازشریف کو ووٹ دے کر وزیراعظم بنایا تھا، لیکن معزز ججوں نے نوازشریف کو گھر بھجوادیا، کیاآپ کو یہ منظور ہے؟‘‘۔

    انہوں نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے‘ میں آپ کے ساتھ  نااہلی کا مقدمہ لے کر نکلا ہوں اور عوام کے ووٹوں کی حرمت کو بحال کروں گا‘‘۔

    آخر میں مسلم لیگی رہنما اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اعلان کیا کہ نوازشریف آج شب پنجاب ہاؤس جہلم میں ہی قیام کریں گے اور کل صبح 10 بجے جہلم برج سے لاہور کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔


    راولپنڈی ’’ اُن ‘‘ کا نہیں نواز شریف اور ن لیگ کا شہر ہے، سابق وزیراعظم


    یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور کے لیے 9 اگست بدھ کی صبح ساڑھے 11 بجے روانہ ہوا تھا جو 6 گھنٹے بعد فیض آباد پہنچا جہاں کچھ دیر توقف کےبعد یہ قافلہ مری روڈ پر رواں دواں رہا جہاں کارکنان کی بڑی تعداد نے اپنے قائد کا استقبال کیا۔

    بعد ازاں میاں نواز شریف نے کمیٹی چوک پر رات ساڑھے 12 بجے عوام کی کثیر تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ راولپنڈی والے انقلاب کا نمونہ پیش کر رہے ہیں، عوام کی آج جیسی محبت پہلے نہیں دیکھی، لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ راولپنڈی ان کا شہر ہے لیکن دراصل یہ مسلم لیگ ن کا شہر ہے۔

    نوازشریف کا کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کروڑوں لوگ وزیراعظم منتخب کرتے ہیں اور چند لوگ ختم کردیتے ہیں، مجھے تیسری بار حکومت سے نکالا گیا اور اس بار تو اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے فارغ کر دیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کسی وزیر اعظم کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے نہیں دی گئی، ایک وزیر اعظم کو پھانسی دی گئی، ایک کو جلا وطن کردیا گیا ایسا کب تک چلے گا؟ کیا ملک میں جمہوریت کو چلنے دیا جائے گا؟

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد سابق وزیراعظم نے اسلام آباد سے اپنے آبائی علاقے لاہور کے لیے سیکیورٹی رسک ہونے کے باوجود ریلی کی صورت میں بہ ذریعہ جی ٹی روڈ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • دل سے بولا اور چھا گیا، مریم نواز

    دل سے بولا اور چھا گیا، مریم نواز

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ دل سے بولا چھا گیا، عوام کی عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نااہل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کمیٹی چوک پر تقریر کے بعد ان کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’دل سے بولا ،چھا گیا‘۔ عوام کی عدالت نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    مریم نواز نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ تقریر بہترین تقاریر میں سے ایک تھی، وہ ایک حقیقی لیڈر کی طرح گرجے، ماشااللہ!

    وزیراعظم کی صاحبزادی کا مزید کہنا تھا کہ والد نے کہا اپنی سیاسی زندگی میں ایساجوش و جذبہ نہیں دیکھا، شرکاء کا ایسا جذبہ ناقابل یقین ہیں۔

    گذشتہ روز نواز شریف کی ریلی کے موقع پر مریم نواز نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہم نے سوچا تھا آج جہلم پہنچ جائیں گے، اس لئےوہاں پہلااسٹاپ بنایا، ریلی چند گھنٹوں سے مری روڈ پر پھنسی ہوئی ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، وزیراعظم

    نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو پٹری سے اتارنے کی کوشش سازش کہلاتی ہے، نوازشریف کا اسلام آباد سے لاہورجانا احتجاج نہیں، عوام ان سےاظہار یکجہتی کرنا چاہتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ 2018میں انتخابات وقت پرہوں گے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ہی کامیابی حاصل کریگی کیونکہ ن لیگ اپنے عزم پرثابت قدم رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظام کو پٹری سے اتارنے کی کوشش سازش کہلاتی ہے، عوامی فلاح کے اقدام کرنیوالے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانا سازش ہے، جس معاملے سےملک کو نقصان ہو اسے سازش ہی کہیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ آرٹیکل 62ون ایف کےخاتمے کیلئے آئینی ترمیم لائیں گے،پارٹی میں وزارت عظمیٰ کاکوئی امیدوار نہیں تھا، 45دن کیلئے وزیراعظم ہوں یا10مہینے کیلئے اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کاسیاسی نظام پختگی کی جانب بڑھ رہا ہے، مسلم لیگ ن سے ایک بھی رکن اسمبلی کہیں نہیں گیا، جمہوری نظام بھی مناسب اندازمیں آگےبڑھ رہاہے، پارٹیاں بدلنے والے سیاستدانوں کا اب کوئی مستقبل نہیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کا وفاقی حکومت چلانےکا30سال کا تجربہ ہے، سفارتی امور کیلئے نواز شریف سے بہترکوئی شخص نہیں دیکھا، نوازحکومت نے جتنے ترقیاتی کام کرائے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کامیاب ترین وزیرخارجہ ثابت ہوں گے، تمام ملکوں سےتعلقات بہتر بنانا ہمارا ہدف ہے، چین سےحالیہ تعلقات کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، روس سےتعلقات کی بحالی اہم کامیابی ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات کوبہتربناناملک کےحق میں ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ منصوبہ بندی وترقی کی وزارت وزیراعظم کے زیرنگرانی ہی رہےگی، سی پیک منصوبوں کا وزیراعظم کی زیرنگرانی رہنابہتر ہوگا۔

    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں‌ پیش کی جائے، عمران خان، سرگودھا جلسہ

    ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں‌ پیش کی جائے، عمران خان، سرگودھا جلسہ

    سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے، فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے لیکن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، عالمی سازش کے تحت فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، فوج مجبور ہے کیوں کہ نوازشریف کے ماتحت ہے۔

    معصوم کشمیری بچیاں بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں

    عمران خان نے کہا کہ کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیر میں معصوم بچیاں آزادی کے لیے بھارتی فوج کے سامنے کھڑی ہیں، وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے لوگوں کو آزاد ہوتے دیکھیں گے کیوں کہ کشمیر باشندے طویل عرصے سے قربانیاں دے رہے ہیں۔

    شہباز شریف کا نام ڈرامہ شریف رکھ دیا

    عمران خان نے لوڈ شیڈنگ پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور شہباز شریف کا نیا نام ڈرامہ شریف رکھ دیا۔

    وزیر اعظم کہتے ہیں ان کے جلسے کا شامیانہ ایک میل لمبا ہے

    انہوں نے کہا کہ قائد اعظم جب تقریر کرتے تو لوگ کہتے جو وہ آپ کہہ رہے ہیں سچ ہے لیکن آپ کا وزیر اعظم آپ سےجھوٹ بول رہا ہے،لیہ میں شامیانے میں جلسہ ہوا تو وزیر اعظم کہتے ہیں شامیانہ ایک میل لمبا ہے، آئین میں لکھا ہےکہ لیڈر کو صادق اور امین ہونا چاہیے لیکن آپ کا وزیراعظم آپ کے سامنے ہی جھوٹ بول رہا ہے۔

    آٹھ برس بعد سعودی شہزادے نے وہ معاہدہ دکھایا جو نواز شریف نے کیا

    عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 8سال تک قوم کو دھوکا دیتے رہےکہ کوئی معاہدہ نہیں کیا اور 8سال بعد سعودی شہزادے نے معاہدے سے پردہ اٹھایا،شہزادے نے وہ معاہدہ دکھایا جس میں نواز شریف دستخط کرکے سعودی عرب گئے۔

    مے فیئر فلیٹس کے ثبوت اب تک نہ ملے

    انہوں نے کہا کہ مے فیئر میں نواز شریف اور بچوں کے فلیٹس کا پوری دنیا کو علم ہوگیا،پانامالیکس کیس میں کسی جج نے بھی قطری خط قبول نہیں کیا،قطری خط قبول نہ کرنے کا مطلب یہ ہے کہ وزیر اعظم جھوٹے ہیں، مے فیئر کے فلیٹ کیسے خریدے گئے ثبوت نہیں دیے گئے۔

    تو پھر گیلانی سے کیوں استعفیٰ مانگا؟

    انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کا کیس شروع ہوا تو ان سے کیوں استعفیٰ مانگا؟قطری خط فراڈ نکلا،جےآئی ٹی بھی سماعت کررہی ہے،آپ بھی استعفیٰ دیں، میاں صاحب آپ سے گریڈ 17 کا افسر تفتیش کرے گا،مستعفی ہوجائیں۔

    عالمی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے

    ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردی ہوتی ہے تو الزام پاک فوج پر لگایا جاتا ہے،بھارت میں کچھ بھی ہوجائے پاک فوج پر الزام لگتا ہے ،کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ چکی ہے،اس کا الزام بھی پاک فوج پر لگایا جارہا ہے، عالمی سازش کے تحت پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے،کشمیریوں کی تحریک سے توجہ ہٹانے کے لیے پاک فوج کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے لیکن ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی

    عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں اہم اجلاس ہوتا ہے اور اگلے دن خبر چھپ جاتی ہے،اس خبر میں بھی پاک فوج کے خلاف زہر اگلا جاتا ہے، فوج کے خلاف خبر چھپتی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی، ایسی خبر کسی اور ملک میں چھپی ہوتی تو ذمہ دار پھانسی پر لٹکائے جاتے۔

    پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے

    انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس سیاست نہیں بلکہ قومی مسئلہ ہے،پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،جو لوگ کہتے ہیں کہ فوج پیچھے ہٹ گئی ان کو جواب دینا چاہتا ہوں کہ پاک فوج ہر محاذ پر لڑ رہی ہے اور اس کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،آپ بتائیں فوج کیا کرتی؟ کیا فوج مارشل لا لگا دیتی؟

    پاک فوج وزیراعظم کے ماتحت ہے اور  مجبور ہے

    عمران خان نے کہا کہ پاک فوج وزیراعظم کے ماتحت ہے وہ مجبور ہے،جو بھی نواز شریف کے خلاف کھڑا ہوتا ہے یہ اس کو خرید لیتا ہے اور نواز شریف جس کو خرید نہیں سکتا اس کے خلاف کیسز کرتا ہے، نواز شریف نے نے مجھے بھی خریدنےکی کوشش کی،مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے۔

    پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر ٹھیک نہیں کیا جاتا

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی طرح پورے ملک کی پولیس بہتر ہوسکتی ہے،یہ لوگ جان بوجھ کر پنجاب کی پولیس ٹھیک نہیں کرنا چاہتے،پولیس اس لیے ٹھیک نہیں کرتے کیونکہ ان کی سیاست ختم ہوجائے گی،پولیس ٹھیک ہوگئی تو ان کی تھانہ کچہری سیاست ختم ہوجائے گی۔

    نواز شریف کے وکیل بیرون ملک پاکستانیوں کو محب وطن نہیں سمجھتے

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے تمام اداروں میں اپنے لوگوں کو بٹھا دیا ہے، نواز شریف کسی ادارے میں میرٹ پر لوگوں کو نہیں لائے،ان کے وکیل بیرون ملک پاکستانیوں کو محب وطن نہیں سمجھتے،آئی پی پیز کو دی گئی رقم میں 62 ارب روپے کرپشن کا انکشاف ہوا،ہم جانتے ہیں کہ ان آئی پی پیز میں وہ لوگ تھے جنہوں نے آپ کو پیسہ دیا۔

    اطلاعات کے مطابق سرگودھا میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھی جنہوں نے قومی اور پارٹی پرچم بلند کررکھے تھے ساتھ ہی خواتین کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پی ٹی آئی جہانگیر ترین،شاہ محمود قریشی اور دیگر جلسہ گاہ کے اسٹیج پر موجود تھے۔

    شاہینوں کے شہر پر گدھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، شیخ رشید

    قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہینوں کے شہر پر گدھوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، نواز شریف بھی کلبھوشن  کو پھانسی سے نہیں بچا سکتے۔

    نواز شریف کو پاک فوج کا امیج خراب کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے

    انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں  اصل مجرموں کو بچا لیا گیا، آپ نےجمہوری اداروں کو قومی سلامتی کے اوپر مسلط کردیا، نواز شریف کو پاک فوج کا امیج خراب کرنے کا ٹاسک ملا ہوا ہے لکن نواز شریف جان لیں ساری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ان لوگوں نے نندی پور اور قائد اعظم سولر پلانٹ بیچ دیا

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے نواز شریف کے لیے منی لانڈرنگ کا بیان دیا،ان لوگوں نے نندی پور اور قائد اعظم سولر پلانٹ بیچ دیا،نواز شریف کے ہوتے ہوئے بجلی کبھی نہیں آئےگی، نواز شریف نے جس دن سچ بول دیا ان کی سیاست کا آخری دن ہوگا۔

    دریں اثنا شیخ رشید نے جلسہ گاہ میں گو نواز گو کے نعرے لگوادیے ۔

    پاک فوج کے ساتھ قوم بھی سپاہی کے طور پر کھڑی ہوگی، شاہ محمود قریشی

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کےساتھ ہے، جارحیت کی کوشش کی تو چپے چپے کا دفاع کریں گے، پاک فوج کے ساتھ قوم بھی سپاہی کے طور پر کھڑی ہوگی۔

    ڈان لیکس کی رپورٹ پر سوال کرنا ہمارا حق ہے، قریشی

    انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس میں خبر کیا پی ٹی آئی نے چھپوائی تھی؟ ڈان لیکس میں جو کچھ ہوا اس پر  ہم سوال کرنے کا حق رکھتے ہیں، حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ پبلک کرے۔

    رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کی جائے

    انہوں نے کہا کہ  ڈان لیکس پر آپ کی رپورٹ کو صحیح تسلیم کرتاہوں لیکن  ڈان لیکس پر آپ کی رپورٹ کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔

    جندال پاکستان کیوں آیا تھا؟ اب واضح ہورہا ہے

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جندال پاکستان کیوں آیا تھا صورتحال اب واضح ہورہی ہے، ایک طرف پیغامات آرہے ہیں تو دوسری طرف بھارت عالمی عدالت جارہا ہے، سجن جندال نواز شریف کے پاس کون ساپیغام لے کر آیا تھا؟

    جندال یہ کہنے آیا تھا کہ بھارت عالمی عدالت جارہا ہے

    کیا سجن جندال یہ کہنے آیا تھا کہ بھارت عالمی عدالت میں جارہا ہے؟ سجن جندال کہیں بھارتی جاسوس کلبھوشن کو بچانے تو نہیں آیا تھا؟

  • پاکستان کے فلاحی ریاست بننے کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، عمران، نوشہرہ جلسہ

    پاکستان کے فلاحی ریاست بننے کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، عمران، نوشہرہ جلسہ

    نوشہرہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ذاتی دشمنی نہیں، نواز شریف کرپٹ نہ ہوتے تو ان سے اچھی دوستی ہوتی، میرا خواب ہے کہ پاکستانی اسلامی فلاحی ریاست بنے لیکن اس کی راہ میں نواز شریف رکاوٹ ہیں، جب تک نواز شریف جیسے سیاست دان موجود ہیں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    یہ بات انہوں نے خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے میں رہنماؤں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بھی خطاب کیا۔

    عمران خان نے کہا کہ جس انسان کا خواب بڑا ہوتا ہے وہ بڑے کام کرتا ہے،میرا خواب تھا پاکستان کو کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بناؤں اور بنایا،ایسا اسپتال چاہتا تھا جہاں کسی کو فکر نہ ہو کہ اس کے پاس پیسے نہیں اور میرا خواب تھا پاکستان اسلامی فلاحی ریاست بنے۔

    نواز شریف جیسے سیاستدان کے ہوتے ہوئے یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا

    انہوں نے کہا کہ اقبال اور قائدا عظم کے پاکستان کے لیے جدوجہد کررہا ہوں،میری جدوجہد وزیراعظم بننے کے لیے نہیں اور نواز شریف سے میری کوئی ذاتی دشمنی نہیں، جب تک نواز شریف جیسے سیاستدان موجود ہیں یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان چین جیسا تب بنے گا جب ملک سے کرپشن ختم ہوگی،میرا خواب ہے پاکستان میں ایسا دن آئے جب زکوة لینے والا کوئی نہ ملےلیکن نواز شریف میرے خواب کی تعبیر میں رکاوٹ ہے۔

    عمران کا کہنا تھا کہ ایسا ملک چاہتے ہیں کہ ہمارے پاسپورٹ کی دنیا بھر میں عزت ہو،کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے،سن لو پاکستانیو! بھیک مانگنے والوں کی عزت نہیں ہوتی،ملک سے پیسہ چوری ہو کر باہر جاتا ہے، قوم کو قرضے لینے پڑتے ہیں،  10 ارب کی پاکستان میں روز منی لانڈرنگ ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر کرپٹ نہ ہوتے تو ان سے اچھی دوستی ہوتی،جب تک زندہ ہوں کرپشن کے خلاف جدوجہد جاری رکھوں گا،جو صادق اور امین نہ ہو  وہ ملک کا سربراہ نہیں ہوسکتا،مغربی ممالک میں معمولی سے جھوٹ پر بھی استعفیٰ لیا جاتا ہے۔

    نواز شریف آکر دیکھیں جلسہ ہے یا جلسی؟ شیخ رشید

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نےکہا کہ  نواز شریف آکر دیکھیں یہ جلسی ہے یا جلسہ؟نواز شریف صاحب آپ کے ہاں جلسیاں ہوتی ہیں یہاں تو جلسے ہیں، نواز شریف ہم تو جلسہ کرتے ہیں وہ دھرنا بن جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف نوشہرہ میں اعلان کرتا ہوں کہ آپ جارہے ہو اور ہم آرہے ہیں، عمران خان آرہا ہے۔

    عمران خان اور نواز شریف کا چہرہ دیکھ لیں کیس کا فیصلہ سمجھ میں آجائے گا

    پاناما کیس پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ہم قبول کریں گے، عمران خان اور نواز شریف کا چہرہ دیکھ لیں کیس کا فیصلہ سمجھ میں آجائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 92 ممالک میں 6 ہزار لوگوں پر پاناما لیکس کا کیس چل رہا ہے۔

    ساٹھ دن مکمل ہوتے ہی نواز شریف چلے جائیں گے، جہانگیر ترین

    پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ 21 سال کے طویل سفر کے بعد عمران خان کو کامیابی ملی، عمران خان کا پیغام لوگوں کے دلوں تک پہنچ گیا ہے، ملک اس وقت بنےگا جب لوٹ مار اور کرپشن ختم ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ آئے گی اور ہم اس کی نگرانی کریں گے، 60 دن مکمل ہوں گے تو نواز شریف چلے جائیں گے، 60 دن بعد گو نواز گو ہوگا۔

    تحریک انصاف سندھ اور بلوچستان میں داخل ہورہی ہے، شاہ محمود قریشی

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  تحریک انصاف سندھ اور بلوچستان میں داخل ہورہی ہے،خیبر پختونخوا حکومت کو ترقیاتی منصوبوں پر مبارک باد دیتا ہوں،خیبر پختونخوا میں تعلیم اور پولیس کا نظام مثالی ہے، قوم پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

    پی ٹی آئی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے لڑ رہی ہے،قریشی

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس  وکیل نے بیرون ملک پاکستانیوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا، بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں پی ٹی آئی بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے لیے لڑ رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گو نواز گو آج ملک کی باشعور جماعتوں کا بھی نعرہ بن چکا ہے، وکلا بھی نواز شریف کے جانے کے اشارے دے رہے ہیں، وکلا، دانش وروں سے اپیل کرتا ہوں  کہ ہمارے ساتھ چلیں۔

  • پی ٹی آئی کو سیالکوٹ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

    پی ٹی آئی کو سیالکوٹ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

    سیالکوٹ: پی ٹی آئی کو اتوار سات مئی کو سیالکوٹ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی تاہم انتظامیہ نے جلسہ گاہ کے اطراف سڑکیں کھود دیں، مٹی کے ڈھیر لگادیے اور تعاون سے گریز کرنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق شہری انتظامیہ کی جانب سے سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں کھود دی گئیں، ہیوی مشنری نے سڑکیں کھود کر مٹی کے ڈھیر لگادیے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ سیالکوٹ  عامر جاوید بٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 34 کنٹینر اسٹیج بنانے کے لیے پرسوں سے یہاں موجود ہیں، اسٹیج کا سارا سامان یہاں پڑا  ہے جس میں لائٹس اور دیگر اشیا شامل ہیں لیکن جگہ نہ ملنے کے سب اسٹیج نہیں بن پارہا اور انتظامیہ کسی بھی قسم کا کوئی تعاون نہیں کررہی۔

    ان کا کہنا تھاکہ سامان جناح اسٹیڈیم کے باہر پڑا ہے اور دروازوں کو تالے لگے ہوئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عثمان ڈار نے کہا ہے کہ انتظامیہ کا یہ خیال ہے کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے کے ذریعے سونامی کی راہیں بند کرے گی تو یہ اس کی بھول ہے۔

  • اقتدار میں بیٹھے لوگ کراچی کا پیسہ دبئی لے کر جارہے ہیں، عمران خان

    اقتدار میں بیٹھے لوگ کراچی کا پیسہ دبئی لے کر جارہے ہیں، عمران خان

    کراچی: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے مزار قائد تا جیل چورنگی حقوق ریلی  کی قیادت کے لیے کراچی پہنچ گئے ہیں‘ انکا کہنا تھا کہ نوازشریف نے عزت اور پیسے میں سے پیسہ بچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقتدار میں بیٹھے لوگ کراچی کا پیسہ دبئی لے کر جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، شہرسے پانی اوربجلی کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کرائیں گے۔ آج پانی کے مسئلے پر نکلوں گا۔

    عمران خان نے نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے جانے کا پتہ چلتے ہی ان کے اپنی ہی لوگ ان کے پیٹ میں چھرا گھونپیں گے، انہوں نے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ ملک کا پیسہ دبئی لے کر جارہے ہیں پہلے دبئی سے لوگ کراچی چھٹیاں منانے آتے تھے۔

    کپتان نے سندھ بھر میں مزید دورے کرنے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ ہم نے دادو میں بڑا جلسہ کیا تھا۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب تک لوگ اپنے حقوق کے لیے نہیں نکلیں گے تب تک کچھ نہیں ہوسکتا، آپ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو کراچی کے حقوق کے لیے سڑکوں پرنکلیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈان لیکس میں اصلی مہروں کو بچالیا گیا اور چھوٹوں کو قربان کردیا گیا ہے۔

    عمران خان نے کراچی کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ پاناما کیس سے فارغ ہوکر آؤں گا

    تحریک انصاف آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرےگی


    تحریک انصاف آج کراچی کےمسائل کےحل کےلیےشہر میں مارچ کرےگی۔’حقوق کراچی مارچ‘ کی قیادت عمران خان کریں گے۔

    تفصیلات کےمطابق ’حقوق کراچی مارچ‘ کی قیادت عمران خان کریں گے،کھلاڑیوں نےتیاریاں مکمل کرلیں۔شہربھرمیں کیمپ لگ گئے،پارٹی کےجھنڈے سج گئے۔

    پی ٹی آئی کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی کیمپ لگائے گئےجہاں گزشتہ کئی روز سے پی ٹی آئی کے پارٹی نغمے اور عمران خان کی تقاریر کے حصے سنائے جاتے رہے۔

  • متحدہ پاکستان کا پی پی کے خلاف ریلی نکالنے کا اعلان

    متحدہ پاکستان کا پی پی کے خلاف ریلی نکالنے کا اعلان

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلز پارٹی کی مبینہ کرپشن، بدعنوانیوں اور بیڈ گورننس کے خلاف 23 اپریل کو ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی مبینہ کرپشن اور بیڈ گورننس کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان نے وائٹ پیپر جاری کرنے کے بعد اب احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا۔

    یہ اعلان متحدہ رابطہ کمیٹی پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عارضی مرکز پی آئی بی کالونی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آج سندھ صرف کرپشن میں آگے ہے، پیپلز پارٹی نے کوٹا سسٹم لاگو کرکے سندھ میں تعصب اور سندھ کے استحکام کو داؤ پر لگادیا۔

    سندھ میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آئین کو اپنا غلام سمجھتی ہے، معاملہ جب پیپلز پارٹی کی کرپشن پر اٹھتا ہے تو شور مچایا جاتا ہے،اختیارات کے معاملے کو فوری حل ہونا چاہیے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے دعویٰ کیا کہ ریلی ثابت کرے گی کہ سندھ کی عوام پیپلز پارٹی سے چھٹکارا چاہتی ہے۔

  • ریلی میں بھگدڑ، ڈونلڈ ٹرمپ پستول کا نام سن کر خوفزدہ ہوگئے

    ریلی میں بھگدڑ، ڈونلڈ ٹرمپ پستول کا نام سن کر خوفزدہ ہوگئے

    واشنگٹن : امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ریلی کے مجمعے سے لفظ ’’گن‘‘ کاشور سن کر خوفزدہ ہوگئے، سیکیورٹی گارڈز نے فوری طور پر ان کو اپنے گھیرے میں لے کر باہر نکال کرایک مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست نواڈا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ایک ریلی سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک مجمعے سے لفظ ’’گن‘‘ کاشور اُٹھا، جسے سنتے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے ہوش اڑ گئے۔

    trump-post-01

    اس دوران ٹرمپ کے ایک مخالف شخص نے اسٹیج کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔ تقریب میں موجود لوگوں میں بھی بھگدڑ مچ گئی۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے فوراً ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے لیا اور اسٹیج سے لے گئے اورگڑبڑ کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    آسٹن نامی مشکوک شخص کی تلاشی لینے پر اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا، اس کا کہنا تھا کہ میرے پاس پستول نہیں تھی، صرف احتجاج کر رہاتھا۔

    trump-post-02

    مجمعے میں لوگوں نے شور مچایا اور مجھے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا، آسٹن نے کہا کہ میں یہ پیغام لے کر آیا تھا کہ ریپبلکن پارٹی کے لوگ ٹرمپ کے سپورٹر نہیں۔

    اس نے کہا کہ میں ریپبلکن کا سپورٹر ہوں ڈونلڈ ٹرمپ کا نہیں، مخالف شخص کی گرفتاری کے بعد جب حالات قابو میں آئے تو ڈونلڈ ٹرمپ تقریر کرنے واپس آئے۔

    انہوں نے بر وقت کارروائی کرنے پر سیکرٹ سروس کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں کہا کہ میری جدوجہد آسان ہے۔