Tag: rally

  • سانحہ کارساز: 16 اکتوبر کو سلام شہداء ریلی نکالی جائیگی، بلاول بھٹو زرداری

    سانحہ کارساز: 16 اکتوبر کو سلام شہداء ریلی نکالی جائیگی، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر دوہزار سات دنیا کی سیاسی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے، سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سولہ اکتوبرکو سلام شہداء ریلی لے کر کار ساز جاؤں گا۔

    یہ بات انہوں نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی ۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سولہ اکتوبر کے اس سفر میں آپ میرے ساتھ ہوں گے۔

    اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شہداءکربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی قربانیاں درس دیتی ہیں کہ آپ کم ہوں یا زیادہ ظلم، بربریت اور ناانصافی کے خلاف سانس کی آخری گھڑی تک لڑتے رہیں۔

    انہوں نے کہا کہ باطل پر فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔ شہداء کربلا کے حوصلے اور جدوجہد دنیا کی تاریخ کا بے مثال باب ہے۔

    انہوں نے کہا ہے کہ جہاں جہاں ظلم ہوگا وہاں وہاں کربلا ہوگا ۔ سانحہ کربلا حق اور باطل کے مابین مقابلہ تھا، شہداء کربلا نے معاشرے کی نا انصافیوں کے خلاف جانیں قربان کیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ باطل قوتوں کے پیروکار قوم کو فرقوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد ظلم کیخلاف اورجمہوریت کےحق میں ہے۔

     

  • انصاف ملے بغیر واپس نہیں جائیں گے، عمران خان، ریلی بتی چوک پہنچ گئی

    انصاف ملے بغیر واپس نہیں جائیں گے، عمران خان، ریلی بتی چوک پہنچ گئی

    لاہور: چیئرمین تحریک انصاف نے کہا ہے کہ آج عوامی طاقت دیکھ کر ایف بی آر نے شریف برادران کو نوٹس جاری کیے مگر ہم اب اپنے حقوق لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پہنچنے سے قبل بتی چوک پر تحریک احتساب کی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’آج اتنی بڑی تعداد دیکھ کر اندازہ ہوگیا کہ عوام حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے‘‘۔

    چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ’’پاناما لیکس کے معاملے کو آئے ہوئے پانچ ماہ گزر گئے مگر اداروں نے کوئی حرکت نہیں کی تاہم آج تحریک احتساب ریلی میں عوام کا سمندر دیکھ کر انہوں نے شریف خاندان کو نوٹس جاری کیے‘‘۔

    کپتان نے اپنے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم فجر کی نماز چیئرنگ کراس پر ادا کریں گے اور اپنے حقوق لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے ۔ ملک کے عوام کو حکمرانوں نے بھیڑ بکری سمجھا ہوا ہے مگر اب انصاف لینا کا وقت آگیا ہے‘‘۔

    عمران خان نے چیئرمین نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور آپ بھی سُن لیں کہ ہم آپ کے دروازے پر آرہے ہیں۔ عوام اب سڑکوں پر نکل آئے انصاف کے بغیر واپس نہیں جائیں گے‘‘۔

    تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’’عوام اداروں سے مایوس ہوچکے ہیں اور اب وہ انصاف کے لیے عدلیہ کی جانب دیکھ رہے ہیں‘‘۔

    4

    قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شاہدرہ کے مقام پر تحریک احتساب ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ اب عوام کو شعور آگیا ہے اور وہ ضرور نکلیں گے ۔”اللہ کے بعد لاہور کے لوگوں پر اعتماد ہے جو سیاسی شعور رکھتے ہیں “۔تحریک انصاف بدل گئی ہے اور اب کوئی بھی تشدد ہوا تو ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے تاہم اگر حکومت پر امن رہے گی تو ہم بھی پر امن رہیں گے۔

    3

    سربراہ تحریک پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے یہ ریلی بہت ضروری ہے کیونکہ حکمران ملک کا مستقبل تباہ کر رہے ہیں چھوٹے چوروں سے ملک تباہ نہیں ہوتا بلکہ جب وزیراعظم اور وزراء ہی چور ہوں تو ملک کا بیڑہ غرق ہو جاتا ہے۔

    2

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 5 ماہ سے وزیر اعظم سے جواب مانگ رہے ہیں جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے جب کہ ہمارے وزیراعظم جو وزیراعظم کم اوربادشاہ زیادہ ہیں خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں وہ اپمی مرضی کا قانون لاکر اپنی مرضی کا احتساب کریں گے۔

    1

    عمران خان نے خواجہ آصف کا ذکرکرتے ہوئے کہا تھا کہ خواجہ آصف میاں صاحب کو کہتے ہیں لوگ پاناما لیکس بھول جائیں گے لیکن خواجہ آصف یاد رکھیں نہ عوام بھولیں نہ عمران خان بھولے گا اور نہ ہی خواجہ آصف تمہیں بھولنے دیں گے۔

  • کشمیر میں مظالم، دفاع پاکستان کونسل کاریلی نکالنے کا اعلان

    کشمیر میں مظالم، دفاع پاکستان کونسل کاریلی نکالنے کا اعلان

    ایبٹ آباد: دفاع پاکستان کونسل نے مقبو ضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور کوئٹہ میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے 14 اگست کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔

    ایبٹ آباد میں حاجی ایاز خان جدون کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے ممبر اوراہل سنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی، بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے را کی پاکستان میں موجودگی کے بیان کے باوجود حکومت خاموش ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی مثال نہیں ملتی جس میں آئین کا تحفظ کرنے والے وکلا کو بڑی تعداد میں شہید کیا گیا۔

    مولانا محمد احمد لدھیانوی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بے قصور افراد کو پکڑنے کے بجائے پاکستان کو عدم استحکام کانشانہ بنانے والے عناصر کا خاتمہ کرے۔

  • ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا

    ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا

    کراچی / لاہور / نواب شاہ : ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا، اس حوالے سے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم القدس رمضان کے آخری جمعے کو منایا جاتا ہے، کراچی میں مجلس وحدت المسلیمن کی جانب سے نمائش چورنگی سے ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ ریلی تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔

    لاہور میں بھی القدس ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

    فیصل آباد میں بھی یوم القدس کی ریلی نکالی گئی ۔ریلی امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔

    سانگھڑمیں یوم القدس کے موقع پر شاه پورچاکر میں ریلی نکالی گئی شرکاء نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگاۓ۔

    نواب شاہ میں مرتضوی امام بارگاہ موہنی بازار سے پریس کلب تک یوم القدس ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

     

  • پی ٹی آئی کی سندھ میں کرپشن مٹاؤ،ملک بچاؤ تحریک آج سے شروع ہوگی

    پی ٹی آئی کی سندھ میں کرپشن مٹاؤ،ملک بچاؤ تحریک آج سے شروع ہوگی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف سندھ میں آج سے کرپشن مٹاؤ،ملک بچاؤ ،تحریک کا آغاز کررہی ہے۔ اس سلسلے میں ریلی کا آغاز کراچی سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں کرپشن کے ناسور کے خلاف پاکستان تحریک انصاف میدان میں آگئی، کرپشن مٹاؤ،ملک بچاؤ تحریک آج کراچی سے شروع ہوگی۔

    پارٹی ذرائع کے مطابق وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت کرپشن کیخلاف سفر کا آغاز کراچی سے ہوگا، ٹھٹہ ،بدین اور سجاول کے بعد ستائیس اپریل کو ریلی میرپور خاص ،سانگھڑاور شہداد کوٹ پہنچے گی۔

    اٹھائیس اپریل کو نواب شاہ، نوشہرو فیروز اورخیر پور کا رخ کیا جائے گا، انتیس اپریل کو لاڑکانہ ،قمبر ،شہداد کوٹ شکار پور اور سکھر کی عوام تک کرپشن کے خلاف پارٹی کا پیغام پہنچایا جائے گا۔

    چیئرمین تحریک انصاف عمران خان تیس اپریل کو سکھر پہنچیں گے، عمران خان پنوں عاقل،گھوٹکی اور قموں شہید کے عوام سے خطاب کریں گے۔

     

  • مصطفٰی کمال کے الزامات، ایم کیوایم کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے

    مصطفٰی کمال کے الزامات، ایم کیوایم کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی / حیدرآباد/ میرپور خاص/ لاہور / پشاور : متحدہ قومی مومنٹ کے زیر اہتمام ملک کے مختلف شہروں میں ایم کیو ایم کے قائد کی حمایت میں مظاہرے اورریلیاں نکالی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد پر الزامات کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

    کراچی کےنامزد میئر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ یہ ٹیسٹ ٹیوب بی بی تین مہینے میں ختم ہوجائے گی۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے مختلف مقامات پر مظاہرے کئے۔

    انہوں نے پوسٹر اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگارہے تھے۔ مظاہرین سے خطاب میں کراچی کے نامزد میئر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ یہ ٹیسٹ ٹیوب بی بی ہے جو صرف تین ماہ کیلئے ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھاکہ اس قسم کی الزام تراشیاں ایم کیو ایم کیلئے نئی نہیں ہیں۔ کراچی سمیت حیدرآباد، میرپور خاص، لاہور اور پشاور میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

     

  • متحدہ اپوزیشن کی اورنج لائن منصوبے کے خلاف احتجاجی ریلی

    متحدہ اپوزیشن کی اورنج لائن منصوبے کے خلاف احتجاجی ریلی

    لاہور: حکومت پنجاب کے اورنج لائن منصوبے کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی ۔

    احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیش لیڈر محمود الرشید نے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور کی تاریخ کی شناخت ختم کردے گا۔

    جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی ریلی میں پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کے رہنماؤں نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔

    ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ لاہور کی صرف دو فیصد آبادی کیلئے یہ ٹرین منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوبرجی، شالامار باغ، لکشمی چوک سمیت تمام تاریخی عمارتوں کو ٹرین منصوبہ سے بچایا جائے۔

    ڈاکٹر وسیم اختر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ کیلئے تمام سرکاری محکموں کے فنڈز اس میں جھونک دیئے گئے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما ثمینہ کالد گھرکی نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہےپیپلز پارٹی اورنج لائن ٹرین منصوبے کی بھرپور مخالفت کرے گی۔

  • نئے ٹیکسز کیخلاف پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی کی احتجاجی ریلی

    نئے ٹیکسز کیخلاف پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی کی احتجاجی ریلی

    لاہور : چالیس ارب کے حکومتی منی بجٹ کیخلاف تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور کے باہر احتجاجی دھرنا دیا،اور حکومتی پالیسیوں کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

    تفصیلات کے مطابق نئے ٹیکس کیخلاف قائد حزب اختلاف کی زیرقیادت پی ٹی آئی اراکین کی احتجاجی ریلی پنجاب اسمبلی سے وزیراعلیٰ ہاؤس تک نکالی گئی جس میں تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شریک ہوئے۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی ٹیکسوں میں نچوڑنا چاہتی ہے۔

    احتجاج میں شریک اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیکسوں پر بحث کیلئے اسمبلی اجلاس نہیں بلانا چاہتی،اس لئے مجبوراً سڑکوں پر آنا پڑا۔

    ریلی کے بعد احتجاجی ایم پی ایز نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر کچھ دیر دھرنا بھی دیا، ریلی میں میاں اسلم اقبال، شنیلہ روتھ۔ اور دیگر بھی موجود تھے.

  • پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس، کراچی میں ریلی

    پیپلز پارٹی کا یومِ تاسیس، کراچی میں ریلی

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے یومِ تاسیس کے سلسلے میں ریلی نکالی ہے جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔

    پاکستان پیپلز پارٹی 30 نومبر کو اپنا اڑتالیس واں یومِ تاسیس منائے گی جس کی تقریبات آج ہی سے شروع ہوگئیں ہیں اوراسی سلسلے میں کراچی سے ریلی نکالی گئی۔

    پیپلزپارٹی کی ریلی کی قیادت شیری رحمان سمیت دیگرسینئررہنما کررہے ہیں۔

    ریلی کا آغاز پیپلز پارٹی کے سیاسی مرکز بلاول ہاوٗس سے ہوا ہے جو کہ کیماڑی سے ہوتی ہوئی سپارکو چورنگی پر اختتام پذیرہوگی۔

    ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہے اوران کا جوش خروش دیدنی ہے ، پارٹی پرچم اٹھائے کارکنان قائدین کی قیادت میں سپارکو چورنگی کی جانب رواں دواں ہیں۔

    پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے ریلی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی بلدیاتی انتخابات کی تشہیری مہم نہیں بلکہ یومِ تاسیس کے سلسلے میں نکالی جارہی ہے۔

     شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کبھی دہشتگردوں سے اتحاد نہیں کیا، بلاول بھٹو کی قیادت میں جمہوریت کا علم  لے کر چل رہے ہیں۔

    انہوں نے نام لئے بغیر تحریک انصاف کے لیاری میں ہونے والے جلسے میں حاضرین کی تعداد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیاری کے عوام نے آج اپنا فیصلہ سنادیا ہے، لیاری دوبارہ پیپلز پارٹی کا گڑھ بنے گا۔

    انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی یومِ تاسیس کے سلسلے میں کل بھی کراچی میں ریلی نکالے گی۔

  • ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، حیدرعباس رضوی

    ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی، حیدرعباس رضوی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں اور کارکنان کراچی میں رینجرزکے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جسے نمائش پرروک دیا گیا جہاں ریلی کے شرکا سےخطاب کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

    ایم کیو ایم رہنماوٗں کے پولیس حکام سے مذاکرات ہوئے جس کے بعد رہنماوٗں نے ریلی کے شرکا سے خطاب کیا جس کے بعد ڈاکٹرفاروق ستارکارکنان کو پر امن طور پر منتشر ہونے کی ہدایت کردی۔

     


    ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی

    حیدرعباس رضوی


     

    ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہ ایم کیوایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ بےگناہ کارکنان کودفاتر سے گرفتار کیا جارہا ہے جس کے سبب عوام میں خوف وہراس پھیل رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے کبھی بھی جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرنے سے کسی کو نہیں روکا۔


    ہمارا اتحاد کراچی کے عوام کے ساتھ ہے

    ڈاکٹر فاروق ستار


    ڈاکٹر فاروق ستار نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اوراحتجاج کے لئے ہم نے سیاسی طریقہ کار اپنایا ہے۔

    فاروق ستار نے جلسے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ ’’ہم پرامن لوگ ہیں اگر چاہتے تو تمام رکاوٹیں عبورکرکے رینجرزہیڈ کوارٹرپہنچ جاتے‘‘۔

    انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہم رینجرزہیڈکوارٹرجاکر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے پرامن احتجاج کرنا چاہتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری مخالف جماعتیں آپس میں اتحاد کرتی ہیں لیکن ہمارا اتحاد کراچی کے عوام کے ساتھ ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کی ریلی پانچ دمسبرکی فتح کےجشن کی ریہرسل ہے۔


     

    ایم کیوایم کی ریلی


    ایم کیوایم کے کارکنان کی ریلی لیاقت آباد نمبردس سے برآمد ہوئی جس کی منزل ڈاکٹرضیاالدین روڈ پرواقع رینجرزہیڈ کوارٹرہے۔

    اس وقت پولیس افسران اور ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار اور وسیم اختر کے درمیان ریلی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں۔

    ایم کیوایم کی ریلی کو پولیس کی جانب سے نمائش چورنگی پرروک دیا گیا ہے جس کے سبب شہرکی مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہورہی ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کو نمائش تک آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرمظاہرین نے آگے بڑھنے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں کو انہیں روکنے کے لئے کاروائی کرنا ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کے تحت کراچی کے ریڈ زون میں داخلے پرپابندی ہے اوررینجرزہیڈکوارٹر گورنرہاوٗس اور وزیراعلیٰ ہاوٗس کے قریب ہی واقع ہے جس کے سبب ایم کیوایم کے ارکان کو ریڈ زون میں داخلےکی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

    ڈی آئی جی ساوٗتھ کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو روکنے کے لئے واٹرکینن اور آنسو گیس شیلنگ کا انتظام موجود ہے لیکن یہ ذرائع استعمال نہیں کرسکتے ہیں۔

    ایم کیوایم کا موقف ہے کہ کراچی میں جاری رینجرزآپریشن کے دوران 5 دمسبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی کاروائیوں میں مصروف ان کے کارکنان کو بلاجوازگرفتارکیا گیا۔

    پارٹی کا موقف ہے کہ وہ رینجرزہیڈ کوارٹر کے سامنے پرامن احتجاج رجسٹر کرانا چاہتے ہیں اوران کے کارکنان کی جانب سے کسی بھی غیرسیاسی رویے کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا۔


    قانون شکنی نہیں چاہتے، عامرخان


    ایم کیوایم کے سینئرلیڈرعامر خان نے اے آروائی نیوز کے نمئاندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت قانون کی پاسداری کرے گی اورکسی بھی صورت شہرکاامن برخاست نہیں کیا جائے گا۔