Tag: ramadan-package

  • رمضان پیکج، یوٹیلیٹی اسٹورز کے  4 زونز ہدف حاصل کرنے میں ناکام

    رمضان پیکج، یوٹیلیٹی اسٹورز کے 4 زونز ہدف حاصل کرنے میں ناکام

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کے 9 میں سے 4 زونز رمضان پیکج کے تحت سیل ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ایبٹ آباد زونز کے یوٹیلیٹی اسٹورز رمضان پیکج کے تحت مقررہ سیل اہداف حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

    کراچی زون کی سیل 3 ارب 20 کروڑ ہدف کے مقابلے 3 ارب 18 کروڑ رہی، کوئٹہ زون کی سیل ایک ارب 40 کروڑ ہدف کے مقابلے ایک ارب 32 کروڑ رہی، پشاور زون کی سیل 6 ارب 12 کروڑ ہدف کے مقابلے 5 ارب 73 کروڑ ریکارڈ کی گئی، اور ایبٹ آباد زون کی سیل 4 ارب 80 کروڑ ہدف کے مقابلے 4 ارب 51 کروڑ سے زائد رہی۔

    ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کو رمضان پیکج کے تحت مجموعی سیل ہدف حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے، اور سیل 40 ارب کے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 44 ارب رہی، اسلام آباد کی سیل 30 فی صد زیادہ، فیصل آباد زون کی سیل ہدف سے 18 فی صد زائد رہی، لاہور 17، ملتان 13، اور سکھر زون کی سیل مقررہ ہدف سے 10 فی صد زیادہ رہی، جب کہ اسلام آباد زون کی سیل سب سے زیادہ 7 ارب 98 کروڑ ریکارڈ کی گئی۔

  • بڑے پیکج کا اعلان، رمضان میں 60 فی صد آبادی کو 5000 روپے نقد ملیں گے

    بڑے پیکج کا اعلان، رمضان میں 60 فی صد آبادی کو 5000 روپے نقد ملیں گے

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 22.5 ارب روپے رمضان پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت رمضان میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں میئر کراچی، چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری، آئی جی پولیس و دیگر افسران نے شرکت کی، مراد علی شاہ صوبے کی 60 فی صد آبادی کو رمضان میں 5000 روپے نقد دینے کی منظوری دی۔

    اجلاس میں سندھ میں ماہانہ 34 ہزار روپے آمدن تک والے 4.5 ملین خاندانوں کو رمضان میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا، یہ خاندان صوبے کی آبادی کا 60 فی صد بنتے ہیں، ہر خاندان کو رمضان کے مہینے میں 5000 روپے بینک کے ذریعے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر پرائس لسٹ جاری، کیا عمل درآمد ہو سکے گا؟

    اجلاس میں آج سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے کہا ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کراچی میں آج ہی سے کریک ڈاؤن شروع کیا جائے، سندھ کے باقی ڈویژنز میں بھی کمشنرز متعلقہ اضلاع میں کریک ڈاؤن شروع کریں۔

    وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اشیا کی نوٹیفائیڈ قیمتوں کو مارکیٹ میں یقینی بنائے، میں خود بھی اچانک پرائس چیک کرنے کے لیے نکلوں گا، انھوں نے کہا صوبے بھر میں سحر و افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے، رمضان میں کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو اپنے متعلقہ علاقوں میں بجلی کا نظام بہتر رکھیں۔

  • رمضان پیکج سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کا عوام کے لیے ریلیف کا اعلان

    رمضان پیکج سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کا عوام کے لیے ریلیف کا اعلان

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان پیکج سے قبل عوام کے لیے ایک اور ریلیف کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان پیکج سے قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کاپوریشن نے مختلف اشیا کی قیمتوں میں کمی کر دی، مختلف برانڈز کے گھی، کوکنگ آئل، چائے، صابن، واشنگ پاوڈر کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔

    گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 4 روپے سے 100 روپے فی کلو کی کمی کی گئی ہے، برانڈڈ چائے کی قیمتوں میں بھی 100 روپے تک کمی کر دی گئی۔

    رمضان سے قبل کروڑوں روپے کا مضر صحت چنا امپورٹ کر لیا گیا

    واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اگلے مہینے سے رمضان ریلیف پیکج کا بھی آغاز کر رہا ہے، رمضان پیکج سے اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔

    رمضان پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 19 بنیادی اشیا پر ریلیف ملے گا، ذرائع کے مطابق رمضان پیکج کے تحت 7 ارب 49 کروڑ سے زائد پیکج دیا جائے گا، پیکج کا اطلاق 4 مارچ سے کرنے کی تجویز ہے۔

  • رمضان پیکج کا اعلان : عوام کو  کن اشیاء پر ریلیف ملے گا؟

    رمضان پیکج کا اعلان : عوام کو کن اشیاء پر ریلیف ملے گا؟

    اسلام آباد : یوٹیلٹی اسٹورز پر رمضان پیکج کا اعلان کردیا گیا، ریلیف پیکج 10 اپریل سے ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے رمضان پیکج کا اعلان کردیا ، جس پر 10 اپریل سے عمل درآمد ہوگا، رمضان پیکج میں چینی، آٹا،دالیں،بیسن اوربرانڈ مصنوعات سستی کردی گئیں ہیں جبکہ دالوں، مشروبات، چائے سمیت مختلف اشیا پر بھی رعایت دی گئی ہے۔

    چکی بیسن 20 روپے سستا کرکے 140روپےکلومقررکیا گیا جبکہ کھجوریں بیس روپے ریلیف کیساتھ 160 روپے، کلودال ماش دھلی 10 روپے کمی سے 255 روپے، دال مونگ دس روپے کمی کرکے 240 روپے کلو کر دی گئی۔

    اسی طرح سفید سرخ مرچ دو سوگرام پیک پر بیس روپے ریلیف کے ساتھ قیمت 180 روپے کردی گئی جبکہ دھنیا پاؤڈر دوسوگرام نو روپے سستا کرکے 81 روپے میں ملے گا۔

    رمضان پیکج کے تحت گرم مصالحہ، چائے کی پتی، مختلف کمپنیوں کے مشروبات، مختلف کمپنیوں کا ڈبہ پیک دودھ، پیک کریم کی قیمتوں میں ریلیف دیا گیا ہے۔

    گرم مصالحہ مکس 50گرام 6 روپے سستا کر کے 59روپے ، گرم مصالحہ پاؤڈر 7 روپے سستا کر کے 60 روپے اور برانڈ کمپنیوں کی چائے کی پتی 47 روپےتک سستی کرکے 869 روپے کردی ہے۔

    مختلف کمپنیوں کے مشروبات پر20سے45 روپےتک رعایت دی گئی ہے جبکہ ڈبہ پیک دودھ 20 روپے سستا کرکے 134 روپےفی لیٹر مقرر کیا گیا اور ڈبہ پیک کریم 10روپے تک سستی کرکے 55 روپے کردی گئی ہے۔

    یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ رمضان ریلیف پیکج 10 اپریل سے ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب ہوگا۔