Tag: Ramazan 2023

  • رمضان المبارک کے دوران عمرہ کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد

    رمضان المبارک کے دوران عمرہ کرنے والوں کی ریکارڈ تعداد

    ریاض: سعودی عرب کے جدہ ایئر پورٹ پر رمضان اور عید کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ افراد کو سفر کی سہولیات فراہم کی گئیں، صرف یکم اپریل کو ڈیڑھ لاکھ افراد نے سفر کیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مطارات جدہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سال عمرہ سیزن کا آپریشنل پلان کامیاب رہا ہے، 44 لاکھ افراد کو رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات میں سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔

    مطارات جدہ کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین ایمن ابو عباۃ کا کہنا ہے کہ رواں عمرہ سیزن میں کئی نئے اقدامات کیے گئے، عمرہ زائرین کی تمام کارروائی تیزی سے نمٹانے اور امیگریشن اینڈ کسٹم زون میں انتظار کا دورانیہ کم کرنے میں مدد ملی ہے۔

    ایمن ابو عباۃ کا کہنا تھا کہ جدہ ایئرپورٹ پر رمضان اور عید الفطر کی تعطیلات کے دوران 44 لاکھ سے زیادہ افراد کو آمد ورفت کی سہولت فراہم کی گئی، 28 ہزار پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں، 79 لاکھ بیگ منتقل کیے گئے، ایئر کارگو کا مجموعی حجم اس دوران 30 ہزار ٹن تک پہنچ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ جدہ ایئرپورٹ نے بہترین آپریشنل نمبر ریکارڈ کروائے ہیں، سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً 11 ملین افراد نے سفر کیا جو 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً 99 فیصد زیادہ ہے، 2022 کی پہلی سہ ماہی میں 5.6 ملین افراد نے سفر کیا تھا۔

    ان کے مطابق 10 رمضان یکم اپریل 2023 کو جدہ ایئرپورٹ سے 1 لاکھ 43 ہزار افراد نے سفر کیا جو ایک ریکارڈ ہے۔

    مطارات جدہ کمپنی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ 27 سے زیادہ سرکاری و نجی اداروں کے نمائندہ، 20 ہزار اہلکاروں نے زائرین کو سہولتیں فراہم کیں، ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز پر مطلوبہ انتظامات کیے گئے تھے۔

  • رمضان المبارک: عمرہ زائرین کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی

    رمضان المبارک: عمرہ زائرین کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی

    ریاض: رمضان المبارک کے دوران سعودی عرب کے مقامات مقدسہ پر 12 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو عمرہ کرنے والے زائرین کو بہترین سہولیات و خدمات فراہم کریں گے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران زائرین کی خدمت کے لیے 12 ہزار تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے ہیں۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں 10 ہزار سے زائد شعبوں میں 8 ہزار سے زیادہ اہلکار رمضان کے دوران زائرین کو 2 لاکھ سے زیادہ گھنٹے رضا کارانہ طور پر خدمات فراہم کریں گے۔

    معمر افراد اور معذوروں کو رمضان کے دوران تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، 10 ہزار وہیل چیئرز 24 گھنٹے مہیا ہوں گی۔ مسجد الحرام پہنچنے سے قبل وہیل چیئرز بک کروائی جا سکیں گی۔ انتظامیہ نے تتقل ایپ کے ذریعے بکنگ کی سہولت مہیا کی ہے۔

    خیال رہے کہ ادارہ امور حرمین نے رمضان کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کیا ہے۔

    کرونا وبا کے بعد اس سال رمضان کے دوران نہ صرف مملکت بلکہ دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مملکت آئیں گے جس کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ زائرین کی آمد و رفت کو منظم کیا جائے۔

    رمضان کے دوران صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے مخصوص ہوگا جبکہ طواف کے لیے بالائی منازل کومخصوص کیا گیا ہے، سنت طواف ادا کرنے کے لیے مقامات مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ طواف کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔

    زائرین کی سہولت اورکراؤڈ کنٹرولنگ کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے، اسی طرح زائرین کی آمد و رفت کے مقامات پررہنما گائیڈز بھی فراہم کیے ہیں۔