Tag: Rampur

  • دلہن کے گاؤں پہنچتے ہی دلہا کار سے اتر کر بھاگ گیا، باراتی بھی چھپ گئے

    دلہن کے گاؤں پہنچتے ہی دلہا کار سے اتر کر بھاگ گیا، باراتی بھی چھپ گئے

    اترپردیش: بھارت میں ایک بارات کے ساتھ ناخوش گوار واقعہ پیش آنے پر خوشی کی تقریب غمی میں بدلتے بدلتے رہ گئی، جب دلہن کے گاؤں کے قریب پہنچتے ہی دلہا کار سے اتر کر بھاگ گیا، اور باراتی بھی بھاگ کر چھپ گئے۔

    یہ واقعہ بدھ کو ریاست اترپردیش کے شہر رام پور میں پیش آیا، جب گاؤں رسول پور میں اسرار سلمانی نامی شہری کی بیٹی کے لیے گاؤں جالف نگلا سے بارات آ رہی تھی، اور وہ سب بارات کے منتظر تھے۔

    بارات ابھی دلہن کے گاؤں کے قریب ہی پہنچی تھی کہ لوگوں نے عجیب واقعہ دیکھا، لوگوں نے دیکھا کہ دلہے کی کار سے اچانک دلہا نکلا اور بھاگ کھڑا ہوا، دلہے کو بھاگتے دیکھ کر باراتی بھی ڈر کے مارے بھاگے اور کہیں چھپ گئے۔

    ہنگامہ تھمنے کے بعد معلوم ہوا کہ گاؤں کے قریب آ کر سڑک پر دلہے کی کار کی زد میں ایک 5 سالہ بچہ آ کر مر گیا تھا، جس پر دلہا کار سے نکلا اور بھاگ کر ایک گھر میں جا کر چھپ گیا، یہ دیکھ کر باراتی بھی فوراً گاڑیوں سے اتر کر ادھر ادھر چھپ گئے۔

    بارات میں یہ افراتفری دیکھ کر دلہن والے پہلے تو حیران ہو گئے، اور پھر پریشانی میں معاملہ سنبھالنے لگ گئے، گاؤں والوں نے کافی دیر تک تلاش کیا تب جا کر سبھی باہر آئے۔

    واقعے کے فوراً بعد پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا، بعد ازاں دلہن والوں نے فریقین کے درمیان سمجھوتا کرایا، جس کے بعد ہی آخر کار دلہا دلہن کا نکاح ہو سکا۔

  • بھارت: لاک ڈاؤن میں گھر سے لاکھوں کی چوری

    بھارت: لاک ڈاؤن میں گھر سے لاکھوں کی چوری

    رامپور: بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں لاک ڈاؤن کے دوران چوروں نے ایک گھر کا صفایا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق رامپور کے علاقے تھانہ کنڈہ میں واقع ایک گھر سے چوروں نے لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں کی چوری کر لی۔

    اتوار کے روز کرونا کرفیو کے دوران چوروں نے ایک بند مکان کے تالے توڑے، اور تقریباً 13 تولہ سونا، 30 ہزار روپے نقدی اور اور دیگر سامان اٹھا کر لے گئے، واردات کی ایف آئی آر تھانہ کوتوالی میں درج کرائی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق چوروں نے واردات اس وقت کی جب اتوار کے روز کرفیو کے دوران سڑکوں اور گلی محلوں میں سناٹا چھایا ہوا تھا، متاثرہ کنبے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کے تمام افراد عید کے موقع پر اپنے رشتہ داروں کے گھر دہلی گئے ہوئے تھے۔

    متاثرہ گھرانے کا کہنا تھا کہ جب دہلی سے واپس اپنے گھر لوٹے تو گھر کا تالا ٹوٹا ہوا ملا، اور گھر کے اندر تمام سامان بکھرا پڑا تھا، جب انھوں نے الماری کا لاکر چیک کیا تو اس میں رکھے تقریباً 13 تولہ سونے کے زیورات، اور 30 ہزار نقدی اور دیگر کئی اہم سامان غائب تھا۔

    افضال حسین کی اہلیہ زاہدہ انجم نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی چور چوری کر کے لے گئے۔

  • بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    بھارتی پولیس کی مسلمان دشمنی، مسلمان ملزم نہ ملنے پر حاملہ اہلیہ کو گرفتار کرلیا

    نئی دہلی: بھارت میں پولیس نے اخلاقیات کی حدیں پار کردیں، ایک مقدمے میں نامزد مسلمان ملزم جب ہاتھ نہیں آیا تو اس کی حاملہ بیوی کو گرفتار کر کے جیل لے جایا گیا جہاں وہ اگلے دو روز تک بند رہی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر رامپور میں پیش آیا، نامزد ملزم کے بھائی دین محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھائی کو کسی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    دین محمد کے مطابق گزشتہ روز پولیس جب اس کے بھائی کو گرفتار کرنے اس کے گھر پہنچی تو وہ موجود نہیں تھا جس کے بعد رامپور پولیس اس کی 7 ماہ کی حاملہ بھابھی آسیہ کو حراست میں لے کر تھانے پہنچ گئی۔

    معاملے کی خبریں میڈیا پر آئیں تو مقامی سیاسی رہنماؤں نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا، عام آدمی پارٹی کے صوبائی نائب صدر فیصل خاں لالہ کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے اس قسم کا رویہ قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا کہ رامپور پولیس بتائے کہ وہ کس قانون کی بنیاد پر ملزم نہ ملنے پر اس کی اہلیہ کو گرفتار کر سکتی ہے۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسیہ 7 ماہ کی حاملہ ہے اور پولیس اس کو گزشتہ شب سے اپنی حراست میں رکھے ہوئے ہے، وہ اس معاملے کو لے کر اعلیٰ افسران کے پاس جا رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رامپور میں پولیس کی جانب سے مسلمان خاتون کی اس قسم کی گرفتاری کا ایک ہفتے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    کچھ دن قبل رامپور کے علاقے ڈونگر پور میں بھی پولیس جب ملزم کو پکڑنے میں ناکام رہی تو پولیس ٹیم ملزم کی اہلیہ اور اس کی 3 ماہ کی معصوم بیٹی کو اپنے ساتھ تھانے لے آئی اور دونوں کو رات بھر تھانے میں رکھا۔

  • جیا پرادا خود کو جنسی ہراساں کرنے والے سیاستدان سے ہار گئیں

    جیا پرادا خود کو جنسی ہراساں کرنے والے سیاستدان سے ہار گئیں

    نئی دہلی : بھارتی انتخابات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر کی شہرت بھی انہیں الیکشن میں کامیابی سے ہمکنار نہ کروا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے انتخابات کے نتائج نے کئی افراد کو حیران کردیا، کیوں کہ اس بار کئی نامور سیاستدان اور شخصیات کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    بھارتی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ لوک سبھا انتخابات میں جہاں سابق ٹی وی اداکارہ سمرتی ایرانی نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو شکست دی، وہیں اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر کو بھی اپنی شہرت کام نہ آئی اور وہ حریف سے پیچھے رہیں۔

    اسی طرح ریاست اترپردیش کے شہر رامپور سے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ٹکٹ سے خود کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے سیاستدان اعظم خان کے خلاف الیکشن لڑنے والی سابق اداکارہ جیا پرادا کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    ابتدائی طور پر یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ جیا پرادا خود کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کے خلاف الیکشن جیت جائیں گی لیکن انتخابی نتائج نے جہاں تجزیہ نگاروں کے اندازوں کو غلط ثابت کیا، وہیں جیا پرادا کی امیدوں پر بھی پانی پھیر دیا۔

    واضح رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے 17ویں انتخابات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری حاصل کررہی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی اتحاد کو 342 نشستوں پر  برتری حاصل ہوگئی جس کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔

    مزید پڑھیں : ایک بار پھر مودی سرکار، بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی واضح برتری

    اگر صرف بی جے پی کی بات کی جائے تو گزشتہ انتخابات کی نسبت انہوں نے 222 کے مقابلے میں 224 یعنی دو نشستیں زیادہ حاصل کیں، اسی طرح عام آدمی پارٹی کا بھی صفایا ہوگیا۔

    لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ڈالے جانے والے ووٹ کی گنتی کا عمل بھی مکمل ہوگیا، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں بتایا گیا کہ مودی اتحاد این ڈی اے کو 342 نشستوں پر برتری مل گئی جبکہ وزاعظم لانے کے لیے 272 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔