Tag: ramzan ul mubarak

  • ماہ رمضان میں ڈائریا بے قابو، وبائی شکل اختیار کرلی

    ماہ رمضان میں ڈائریا بے قابو، وبائی شکل اختیار کرلی

    کراچی : سندھ میں ڈائریا اور ہیضے کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ماہ رمضان میں ڈائریا نے وبائی شکل اختیار کرلی صرف دو دن میں 500افراد اسپتال میں داخل ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انور خان کی رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت نے وبا کی بنیادی وجہ مضر صحت پانی ہے۔ اس کے علاوہ لوز موشن ڈائریا ٹائیفائیڈ کے مریضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پونے دو لاکھ سے زائد افراد ان امراض کے سبب اسپتال پہنچے اور مریضوں کی بہت بڑی تعداد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔

    ماہرین صحت نے ماہ رمضان میں شہریوں کو خصوصی احتیاط کرنے اور بچوں کو پانی ابال کر پلانے کا مشورہ دیا ہے۔

    بازار کی تلی ہوئی اشیاء کھانے سے پرہیز کرنے اور صفائی ستھرائی کا خیال رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

  • ماہ رمضان : کراچی کی لڑکیوں میں نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون

    ماہ رمضان : کراچی کی لڑکیوں میں نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون

    کراچی : ماہ رمضان میں شہر قائد کی سڑکوں اور محلّوں میں اکثر رات کے اوقات میں نوجوانوں کی ٹولیاں کرکٹ کھیلتے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔

    وقت گزرنے کے سارتھ ساتھ نائٹ کرکٹ کا جنون صرف میں ہی نہیں لڑکیوں میں بھی پایا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اب لڑکیوں نے بھی ماہ رمضان میں مکمل تیاری کے ساتھ نائٹ کرکٹ کھیلنا شروع کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن کی رپورٹ کے مطابق مقامی تنظیم کی جانب سے کراچی میں رمضان ویمنز نائٹ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں لڑکیوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔

    تنظیم کی عہدیدار حدیل عبید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اس ایونٹ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور فیملیز لڑکیوں کو بہت سپورٹ کررہی ہیں۔

    اے آر وائےی نیوز سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تو ٹیپ بال سے آغاز کیا ہے امید ہے ہارڈ بال سے بھی رمضان کے ایونٹ کرائیں گے۔

  • افطار میں ’چکن فروٹ سلاد ‘بنائیں، دسترخوان کی رونق بڑھائیں

    افطار میں ’چکن فروٹ سلاد ‘بنائیں، دسترخوان کی رونق بڑھائیں

    ماہ رمضان میں سحر و افطار کی بروقت تیاری خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ ہوتی ہے، ان کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ اہل خانہ کو وقت پر ہر چیز بنا کر پیش کردی جائے۔

    اس مقصد کیلئے ان چاہتی ہیں کہ کچھ ایسا بنایا جائے جو جلدی بن جائے اور ذائقہ دار بھی ہو، اسی لیے آج ہم آپ کیلئے بہت زبردست سی چیز لے آئے ہیں جسے چکن فروٹ سلاد کہتے ہیں۔

    اس کے اجزاء میں مرغی کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں (اُبلی ہوئی) 2 پیالی، کریم پنیر4کھانے کے چمچے، مایونیز آدھی پیالی، کریم(پھینٹی ہوئی)2کھانے کے چمچے، ملے جلے پھل ایک پیالی شامل ہے۔

    اس کے علاوہ سیب(چھوٹا کٹا ہوا)ایک عدد، کٹی ہوئی کالی مرچ آدھا چائے کا چمچہ، بادام(باریک کٹے ہوئے)4کھانے کے چمچے، چینی ایک کھانے کا چمچہ بھی لے لیں۔

    ترکیب :

    ایک صاف پیالے میں پنیر اور مایونیز یکجان کرلیں۔ اس میں باقی تمام درج بالا اجزاء اچھی طرح ملا کر فریج میں رکھ دیں پھر اسے ٹھنڈا کرکے دسترخوان پر سجائیں۔

  • ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش 25 فیصد سستی

    ماہ رمضان میں اشیائے خوردونوش 25 فیصد سستی

    لاہور کے وحدت روڈ ماڈل بازار میں حکومت پنجاب کی جانب سے سستے بازار کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں شہریوں کو مناسب دام میں مختلف اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بازار کے منیجر محمد عثمان نے بتایا کہ یہاں پر کسی بھی چیز کی قیمت بازار سے 15 سے 25 فیصد تک سستی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دس کلو آٹے کا تھیلا 40 روپے کم میں دستیاب ہے جبکہ گوشت کی قیمت 25 روپے کم رکھی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس ماڈل بازار میں غیر معیاری کوئی چیز موجود نہیں ہے اس کیلئے سخت نگرانی کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی شہری پیکج کے تحت 3ہزار روپے کی خریداری کرے گا تو اسے 500 روپے کا ڈسکاؤنٹ دیا جارہا ہے۔

  • ماہ رمضان : مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    ماہ رمضان : مہنگائی پر قابو پانے کیلئے سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ

    کراچی : ماہ رمضان میں مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے سندھ حکومت نے صوبائی وزراء کی ڈیوٹی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے تمام صوبائی وزراء کو بچت بازاروں کا دورہ کرکے سرکاری نرخ پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    جن وزراء کو کراچی کے بازاروں میں صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ان میں سردار شاہ، سعید غنی، ذوالفقار شاہ، اللہ ڈنو بھیو شامل ہیں جبکہ احسان مزاری اور نجمی عالم بھی کراچی ڈویژن میں دورے کریں گے۔

    اس کے علاوہ صوبائی وزیر ضیاء لنجار، علی حسن زرداری کو شہید بنظیر آباد ڈویژن میں مارکیٹوں کے دورے کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سید ناصر شاہ اور محمد بخش مہر سکھر اور لاڑکانہ میں رمضان بچت بازاروں میں قیمتوں کا جائزہ لیں گے۔

    علاوہ ازیں صوبائی وزیر جام خان شورو اور ضیاء الحسن لنجارحیدرآباد ، میرپورخاص میں بچت بازاروں کا جائزہ لیں گے۔

  • ماہ رمضان میں پیٹ کے امراض سے کیسے بچیں؟

    ماہ رمضان میں پیٹ کے امراض سے کیسے بچیں؟

    ماہ رمضان میں کھانے پینے میں بے احتیاطی کرنے سے سینکڑوں افراد گیسٹرو کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں جس کیلیے ضروری ہے کہ سحر و افطار میں زیادہ اور بے ترتیب کھانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

    افطاری ہو یا سحری کھانے پینے میں احتیاط نہ برتنے سے ڈائریا، گیسٹرو اور معدے کے دیگر امرض بڑھنے کا قوی امکان ہوجاتا ہے جس سے مریضوں کو شدید مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر، شوگر اور گردوں کے مریضوں کو پانی کا زیادہ استعمال اور سحری و افطاری میں تازہ پھل اور سبزیوں کے ساتھ دہی کا استعمال کرنا چاہئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ روزے کے دوران قبض، ہاضمے کی خرابی اور تیزابیت ہو جانا عام سی بات ہے۔ ان مسائل سے بچنے کے لیے یہ اہم ہے کہ جو لوگ کسی سنگین مرض کا شکار ہیں تو ماہ رمضان میں اپنے معالج سے غذا کا چارٹ اور طریقہ استعمال بنوائیں۔

    اس کے علاوہ ادویات سے متعلق خود سے کوئی فیصلہ نہ کریں اور اپنی ادویات کو معالج کے مشورے سے باقاعدہ استعمال کریں تاکہ بہترین طریقے سے رمضان کے روزے رکھ سکیں۔

  • ماہ رمضان میں کس وقت کون سی ورزش کرنی چاہیے

    ماہ رمضان میں کس وقت کون سی ورزش کرنی چاہیے

    ماہ رمضان میں ورزش کے حوالے سے لوگوں کے ذہن میں بے شمار سوالات آتے ہیں کہ روزہ رکھنے کے بعد ورزش کی جائے یا نہیں اگر کرنی ہو تو کون ساوقت بہتر ہوسکتا ہے؟

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں باڈی بلڈنگ چیمپئن اور فٹنس ٹرینر رمیض ابراہیم خان نے ماہ رمضان میں معمول اور فٹنس کے حوالے سے کچھ اہم باتیں بتائیں۔

    انہوں نے بتایا کہ روزہ رکھ کر ورزش کرنا مکمل طور پر محفوظ ہے، لوگوں کو رمضان میں بھی ورزش کے سلسلے کو جاری رکھنا چاہیے کیوں کہ یہ جسم کو پُھرتیلا اور توانا رکھتی ہے۔

    رمیض ابراہیم خان نے کہا کہ بہت سے افراد رمضان میں ورزش کرنے کے اوقات کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہوتے ہیں اس لیے میرا کہنا یہ ہے کہ اگر آپ موٹاپے چھٹکارا چاہتے ہیں یا اپنی صحت مزید بہتر کرنی ہو تو نماز عصر سے مغرب کے درمیان ورزش کرنا بے حد مفید ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ روزے کے حالت میں صبح ہی ورزش کرلیں گے تو یہ آپ کی صحت کے لیے ایک اچھا فیصلہ ثابت نہیں ہو گا، کیوں کہ صبح ورزش کرنے کے بعد آپ کے جسم میں پورا دن گزارنے کے لیے توانائی باقی نہیں رہے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ جو لوگ عصر سے مغرب تک ورزش نہیں کرپاتے ان کیلئے تراویح کے بعد کا وقت بہت مناسب ہے، اس سے ایک گھنٹہ پہلے تھوڑا بہت کچھ کھا بھی سکتے ہیں۔

  • ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    ماہ رمضان میں صحت بخش مشروبات کون سے ہیں؟

    روزے کی حالت میں روزہ دار کو بھوک سے زیادہ پیاس کا احساس ہوتا ہے اور افطار کے وقت کوشش یہی ہوتی ہے کہ جلد سے جلد پانی یا شربت پیا جائے۔

    ماہ رمضان میں کولڈ ڈرنکس کا استعمال زیادہ بڑھ جاتا ہے جو انسانی صحت کیلیے کسی طور بھی درست نہیں خاص طور پر معدے کیلئے بہت نقصان دہ ہے۔

    اس حوالے سے حکماء نے ماہ رمضان میں کچھ ایسے مشروبات کو پینے کی ہدایات کی ہیں جو خصوصاً ماہ رمضان میں آپ کی صحت کیلئے بہترین ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہمیں ایسی غذاؤں اور مشروبات پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو ہمیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔

    طویل روزے رکھنے کی وجہ سے بہت سے روزہ دار بدہضمی یا قبض اور معدے اور بڑی آنت سے متعلق دیگر مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں لہٰذا صحت بخش خوراک اور مناسب مشروبات کا انتخاب ایک اہم ترین چیز ہے۔

    مندرجہ ذیل سطور میں ایسے مشروبات سے متعلق حکماء کے مشورے کی روشنی میں تفصیل سے آگاہی فراہم کی گئی ہے جنہیں غذائی ماہرین روزہ داروں کے لیے بہترین مشروبات کے طور پر تجویز کرتے ہیں۔

    مشروبات

    پانی

    یہ مشروبات کا بادشاہ ہے کیونکہ یہ جسم کو ہائیڈریشن فراہم کرتا ہے، توانائی فراہم کرتا ہے اور ہاضمے میں مدد کرتا ہے۔

    کھجور اور دودھ

    یہ ان بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جس کا استعمال افطار کے لیے یقینی بنانا چاہیے۔ ہم چند کھجوروں کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ سکتے ہیں، پھر اس فائدہ مند اور بھرپور مشروب سے افطار شروع کریں، جو ہمیں توانائی دیتا ہے اور بلڈ شوگر کی معتدل سطح کو برقرار رکھتا ہے، جو عام طور پر روزے کے اوقات میں کم ہو جاتی ہے۔

    خوبانی کا رس

    یہ ان مشہور رسوں میں سے ایک ہے جس کا نام رمضان کے مہینے سے جڑا ہوا ہے۔ عرب ممالک میں اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے سال بہ سال رمضان کا انتظار کرتے ہیں۔ خوبانی فائبر اور وٹامن اے سے بھرپور ہوتی ہے۔ خوبانی میں ریٹینول بھی ہوتا ہے جو کہ جسم میں آسانی سے جذب ہونے والا مادہ ہے اور ہاضمے کے عمل کو بڑھاتا ہے۔

    پودینہ لیمونیڈ

    لیموں، پانی اور پودینے کے پتوں سے بنا یہ ایک بہت مفید مشروب ہے جسے افطار کے دوران پیا جا سکتا ہے۔ یہ وٹامن سی اور فائبر سے بھرپور مشروب ہے اور آپ اس مرکب میں ایک چمچ شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس مشروب کا ایک گلاس دن بھر کے روزے کے بعد آپ کو صحت یابی اور توانائی دینے کے لیے کافی ہے۔

    کیلے کا ملک شیک

    کیلے پوٹاشیم، فائبر اور وٹامن سی اور بی 6 سے بھرپور ہوتے ہیں۔ آپ ایک کپ سکم دودھ کے ساتھ ایک سے دو کیلے ملا کر ناشتے کے دوران اس مزیدار شیک کا ایک گلاس پی سکتے ہیں، یہ آپ کو زبردست توانائی دے گا اور اگلے دن روزہ رکھنے میں آپ کی مدد کرے گا۔

    بادام کا ملک شیک

    اس مشروب کو تیار کرنے کے لیے آپ 10 سے 12 بادام کو ایک کپ پانی میں رات بھر بھگو دیں، پھر بادام کو چھیل لیں۔ اس کے بعد ہم ایک کپ سکمڈ دودھ کو بھگوئے ہوئے بادام، ایک چمچ شہد، اور الائچی کے ساتھ شیک کر لیں۔ یہ مشروب غذائی فوائد سے بھرپور ہے جو آپ کو اگلے دن روزہ رکھنے کے لیے درکار توانائی فراہم کرتا ہے۔

    ٹماٹر اور سیب کا جوس

    یہ مشروب وٹامنز، آئرن اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے۔ آپ چھلے ہوئے سیب کو ٹماٹر کے ساتھ ملا کر اس میں تھوڑا سا پانی، کچھ لیموں کے قطرے اور ایک چمچ شہد شامل کر سکتے ہیں۔ غذائی فوائد سے بھرپور مشروب حاصل کرنے کے لیے اچھی طرح شیک کریں اور افطار میں پیش کریں۔

  • ماہ رمضان میں نظام ہاضمہ کی خرابی کا آسان حل

    ماہ رمضان میں نظام ہاضمہ کی خرابی کا آسان حل

    رمضان کا بابرکت مہینہ شروع ہوچکا ہے اس میں زیادہ تر لوگوں کو اکثر نظامِ ہاضمہ کے مسائل کا سامنا رہتا ہے جبکہ افطاری اور سحری میں پراٹھے اور تلی ہوئی اشیاء کھانے سے بھی معدے میں تیزابیت اور جلن کی سی کیفیت رہتی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر ڈاکٹر زاہد اعظم نے ناظرین کو افطار تا سحری کھانے پینے سے متعلق اہم مشورے دیئے۔

    انہوں نے کہا کہ معدے کی مثال ایک گرینڈر جیسی ہے اگر اس میں زیادہ غذا ڈال دی تو یقیناً اس پر بوجھ پڑے گا لہٰذا متوازن اور صحت مند غذا ہماری صحت اور معدے کی بہتری کے لئے بہت اہم ہوتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان میں بہت سے لوگوں کو ہاضمے کا مسئلہ ہوجاتا ہے اس کی وجہ معدے کو خوراک کو ہضم کرنے کے لئے انرجی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسی غذائیں جو ہضم ہونے میں مشکل پیدا کرے اس کا استعمال ترک کردینا چاہیئے تاکہ ہم اپنے ہاضمے کو تندرست بنا سکیں۔

    انہوں نے بتایا کہ معدے کی تیزابیت دور کرنے کے لیے افطار میں تربوز، خربوزہ، پپیتہ اور گرما زیادہ کھائیں، ان سے معدے اور آنتوں کی صفائی ہوتی ہے۔

    سحری اور افطار میں انجیر کا استعمال کریں، دہی یا دودھ میں پانی ملا کر استعمال کرنے سے بھی تیزابیت دور ہوتی ہے۔

    سالن میں لیموں ڈال کر کھائیں یہ بھی ہاضمے کے لیے بہترین ہے۔ تیزابیت دور کرنے کے لیے ایک کپ دودھ میں چار کپ پانی ملا کر وقفے وقفے سے استعمال کریں۔

  • روزے کی حالت میں تھکاوٹ اور سُستی کیسے دور کی جائے؟

    روزے کی حالت میں تھکاوٹ اور سُستی کیسے دور کی جائے؟

    ماہ رمضان میں روزہ داروں کو اکثر غنودگی تھکاوٹ اور سستی کا احساس رہتا ہے، جس کے نتیجے میں جسم کی توانائی میں مزید کمی ہوجاتی ہے۔

    یہ بات یاد رکھیں کہ انسانی جسم کے لیے ضروری ہے کہ وہ اچھا کھانا، پانی پینا اور نیند پوری کرے، ہم جو کھائیں گے اسی کے اثرات ہمارے جسم میں ظاہر ہوں گے، ان تینوں میں کمی کی وجہ سے جسم میں تھکاوٹ، غنودگی اور چڑچڑا پن پیدا ہوسکتا ہے۔

    رمضان المبارک کے دوران دن میں 2 بار کھانا کھانے (سحری اور افطاری) اور وقت کے ردو بدل کے باعث نیند، غذائی شیڈول اور دیگر سرگرمیوں پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

    ہمارا جسم اچانک آنے والی ان تبدیلیوں کے لیے تیار نہیں ہوتا اور ان سے مطابقت کے لیے جسمانی گھڑی کو خود کو بدلنا پڑتا ہے، ایسے میں مختلف امراض جیسے بے خوابی، اعصاب کی کمزوری اور شوگر جیسے مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

    sleep

    یہی وجہ ہے کہ رمضان کے دوران لوگوں کو سستی، تھکاوٹ اور جسمانی توانائی میں کمی کے احساسات کا زیادہ سامنا ہوتا ہے۔

    تاہم اچھی بات یہ ہے کہ نیند اور تھکاوٹ کے احساس سے بچنازیادہ مشکل نہیں ہے، آپ کچھ آسان کام کرکے اس کیفیت سے بچ سکتے ہیں۔

    اس سے بچنے کیلئے کچھ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا تاکہ ہمارا روزہ اور ذمہ داریاں متاثر نہ ہوں، اور صحت کے معاملات بھی بہتر انداز میں چلتے رہیں۔

    طبی ماہرین کے مطابق کسی بھی عام انسان کو کم سے کم 8 گھنٹے کی نیند ضرور پوری کرنی چاہیے، ماہ رمضان میں نیند کام دورانیہ کم ہوجاتا ہے اگر دوپہر کو 20 سے 30 منٹ کیلیے سو لیای جائے تو یہ مختصر سی نیند رات کو ہونے والی نیند کی کمی کو کسی حد تک پورا کرنے میں مدد دیتی ہے۔

    سستی

    سحری روزے کے معمولات کا سب سے اہم حصہ ہے۔ سحری میں صحت بخش غذائیں کھانے سے تھکاوٹ محسوس کیے بغیر دن بھر توانائی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

    روزے کی حالت میں پانی کی کمی سے بچنا بہت ضروری ہے، کیونکہ پانی کی کمی سر درد، سستی اور تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ افطار سے سحری تک مناسب مقدار میں پانی پینے کی عادت ڈالیں۔

    دن بھر خوراک اور پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کچھ لوگ ناشتہ زیادہ کرتے ہیں جس سے سستی، پیٹ خراب اور ہاضمے کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

    اس لیے ضروری ہے کہ ناشتے میں کھانے کی مقدار پر نظر رکھی جائے اور ایسی غذاؤں کا انتخاب کیا جائے جو ہضم ہونے میں زیادہ وقت لے تاکہ جسم کو توانائی کی فراہمی جاری رہے اور تھکاوٹ محسوس نہ ہو۔