Tag: ramzan ul mubarak

  • ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف : وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کردیں

    ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف : وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کردیں

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نےماہ رمضان کے دوران عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورد نوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں اور حکومتی رہنماؤں کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں ماہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کے حوالے سے اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔

    اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ کو ہدایت کی کہ عوام کو سستی اشیاء فراہم کریں۔

    شیخ رشید احمد نے بتایا کہ وزیراعظم نے رہنماؤں سے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں پر توجہ نہ دی جائے، اب اپوزیشن حکومت کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن کو منہ نہ لگایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی گئی کہ چینی، آٹا اور دالوں کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ حکومتی اقدامات اور کارکردگی کو بھرپور طریقےسے اجاگر کیا جائیگا۔

  • ماہ رمضان : عوام کی سہولت کیلئے یو اے ای حکومت کا مثالی اقدام

    ماہ رمضان : عوام کی سہولت کیلئے یو اے ای حکومت کا مثالی اقدام

    دبئی : ماہ رمضان کے دوران یو اے ای کے تمام جنرل اسٹوروں پر اشیائے خور د ونوش بہت سستے نرخ پر ملیں گی۔ اس کے علاوہ سبزی اور پھل وغیرہ پر بھی حکومت نے خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات بھر کے اسٹورز ماہ رمضان کے دوران چاول، گوشت اور چینی سمیت کھانے پینے کی اشیاء پر 25سے 75 فیصد رعایت دی جائے گی۔

    سرکاری نیوز ایجنسی نے اماراتی وزارت معیشت کے حوالے سے بتایا ہے کہ نئے قواعد پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے 420 معائنے کیے جائیں گے۔

    وزارت معیشت کے شعبہ کمپٹیشن اور کنزیومر پروٹیکشن کے ڈائریکٹر مروان السبوسی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اس حوالے سے وزارت کے حکام نے تاجروں سے ملاقات کی اور انہیں اشیا کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف تنبیہہ کی۔

    انہوں نے کہا کہ افسران نے ابو ظبی اور دبئی میں پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹوں کے نمائندوں سے ملاقات کی تاکہ رمضان میں اشیائے خور و نوش دستیاب رہیں۔

    ڈائریکٹرالسبوسی کے مطابق صارفین کے تحفظ کے لیے کئی اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ دبئی میں رمضان کے دوران روزانہ17 ہزار ٹن جبکہ ابو ظبی میں 5 ہزار ٹن سبزیاں اور پھل درآمد کیے جاتے ہیں جبکہ اس وقت ان کا دستیاب ذخیرہ تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار ٹن ہے۔

  • ماہ رمضان میں سستے بازار اور کسان مارکیٹوں کے قیام کا فیصلہ

    ماہ رمضان میں سستے بازار اور کسان مارکیٹوں کے قیام کا فیصلہ

    پشاور : وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں خودساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    یہ بات انہوں نے رمضان المبارک سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی، اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے رمضان اسٹریٹجی کی منظوری دی گئی۔

    ماہ رمضان میں عوام کو اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی مذکورہ کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خوراک اورآئی جی پولیس شامل ہیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں صوبے میں 83سستے بازار اور52کسان مارکیٹس قائم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ ماہ رمضان پلان پر عمل کی نگرانی کے لئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ رمضان اسٹریٹجی پرمن و عن عمل یقینی بنائیں، خودساختہ مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو اشیائے ضروریات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 11اپریل تک سستے بازاروں کے قیام کا عمل مکمل کیا جائے۔

  • ماہ رمضان آتے ہی مساجد کی رونقوں میں اضافہ، پہلی تراویح کی ادائیگی

    ماہ رمضان آتے ہی مساجد کی رونقوں میں اضافہ، پہلی تراویح کی ادائیگی

    کراچی :ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بڑھ گئیں، ملک بھر میں اہل ایمان نے ماہ مبارک کی پہلی تراویح ادا کی  جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کے بابرکت مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہوگیا ہے، یہ مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی مسجدوں کی رونق بڑھ گئی، ایمانی حرارت سے مامور اللہ کے بندوں نے اپنے پروردگار کی رضا کے لیے فرائض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خصوصی عبادات شروع کردیں۔

    ملک کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جہاں ہزاروں فررزندانِ توحید اپنے خالق حقیقی کے آگے سجدہ ریز ہوئے۔ کراچی میں میمن مسجد، ایم اے جناح روڈ، خالق دینا ہال میں تراویح کے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    لاہور کی مساجد میں بھی تراویح کی روح پرور اجتماعات ہوئے، جہاں پہلی نمازِ تراویح میں گنجائش سے زائد نمازیوں کی حاضری نے مسجد وں کی رونقیں دوبالا کر دیں، اس دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئےتھے۔

    اسلام آباد کی فیصل مسجد میں بھی ہزاروں افراد رمضان کی پہلی تراویح مذہبی جوش وجذبے سے ادا کی، پشاور کی سنہری مسجد میں نماز تراویح کے دوران غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ جہاں بڑی تعداد میں بچوں نے بھی بڑوں کے ساتھ نماز تراویح ادا کیں، اس دوران چھوٹے بچوں کا جذبہ بھی دیدنی تھا۔

    اس کے علاوہ ملک بھرکے چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات میں پہلے روزے کے لیے نمازتراویح کے روح پرور اجتماعات ہوئے، بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوگئے، جہاں خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عشاء کے بعد امت مسلمہ اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔

    نماز تراویح کے بعد سحری کے لیے خصوصی اہتمام شروع کر دیا گیا، گھروں میں خصوصی پکوانوں کی تیاری کی گئی، کراچی سمیت کئی شہروں کے ہوٹلوں پر بھی سحری کے لیے مزے مزے کے پکوان بنائے گئے،رات بھرکھلنے والے ہوٹلوں پر پراٹھوں کی تیاری کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

  • ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا

    ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا

    کراچی : رمضان المباک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار پانچ مئی کو ہوگا، مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس5مئی کو ہوگا، جبکہ صوبائی اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں ہوں گے، جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کردیے گئے ہیں۔

    رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کی شام بعد نماز مغرب مفتی منیب الرحمان اجلاس کی زیرصدارت میٹ کمپلیکس میں ہوگا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس روز چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

    اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں منعقد ہوں گے، جس کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے ملنے والی شرعی شہادتوں کی بنیاد پر رمضان کے چاند کا فیصلہ کیا جائے گا۔

    اجلاس میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں مطلع صاف ہونے کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات ہیں۔

  • ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    کراچی : رمضان کی آمد سے پہلے ہی مہنگائی نےعوام کی چیخیں نکال دیں، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئیں، انتظامیہ گراں فروشوں کے آگے بے بس نظر آتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان المبارک سے پہلے ہی مہنگائی کا جن بےقابو ہوگیا، عوام گراں فروشوں کے رحم و کرم پر ہیں، گوشت، سبزیاں، پھل، چینی سب کے دام مہنگے ہوگئے، کراچی میں چینی ستر روپے فی کلو ہوگئی۔

    ایک ہفتے میں ریٹ پانچ روپے بڑھ گئے، اس کے علاوہ پیاز ساٹھ روپے، آلو پینتیس، ٹماٹر اسی سے سو روپے، ادرک ڈھائی سو اور لہسن دو سو روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

    مرغی کے فی کلو قیمت تین سو چالیس روپے فی کلو تک پہنچ گئی، پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، رواں ہفتے کے دوران زندہ مرغی، آلو، کیلے، ویجی ٹیبل گھی، دال ماش، دال مسور، سرخ مرچ، گڑ، ایل پی جی بیف، مٹن، باسمتی چاول، خوردنی تیل، کپڑے، چائے، سمیت15اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کی شرح پانچ سال کی بلند ترین سطح پرآگئی ہے، اس سال رمضان میں مزید مہنگائی متوقع ہے۔

  • وزیراعظم کی ماہ رمضان میں عوام کو سستی اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری

    وزیراعظم کی ماہ رمضان میں عوام کو سستی اورمعیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے ہدایات جاری

    اسلام آباد : حکومت نے ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے وزارت داخلہ کو ہدایت جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے وزرات داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو ماہ رمضان میں سیکیورٹی، پرائس کنٹرول اور عوام کو اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے سلسلے میں مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان کوآرڈی نیشن میٹنگز یقینی بنائی جائیں۔

    تمام صوبوں میں نچلی سطح تک پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر متعلقہ افسران کی منڈیوں میں موجودگی یقینی بنائی جائے، جن اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کا احتمال ہے اس میں متبادل پلان تیار رکھا جائے۔

    مراسلہ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اوربلیک مارکیٹ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، ہرضلع میں اہم مارکٹیوں کیلئے افسران کا ڈیوٹی روسٹر بنایا جائے اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والےاداروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے جائیں۔

    مراسلہ کے مطابق کنٹرول پرائس کمیٹی کے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے، کنٹرول پرائس افسران موقع پر ہی گراں فروشوں کےخلاف کارروائی کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ سستے بازاروں کے قیام کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم آفس سے جاری کردہ مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ ماہ رمضان میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، تراویح کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، صوبائی سطح کے افسران ضلعوں میں اچانک دورے کریں۔

    مراسلہ میں مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صوبوں سے روزانہ کی بنیاد پر طے شدہ فارمیٹ پر رپورٹ حاصل کی جائے، سحری اور افطاری کے اوقات میں بلاتعطل بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مراسلے میں وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو انتظامات کی گائیڈ لائن جاری کرنے کی ہدایت بھی دی ۔

  • تیونس فٹبال ٹیم کا روزے دار گول کیپر دوران میچ گر پڑا

    تیونس فٹبال ٹیم کا روزے دار گول کیپر دوران میچ گر پڑا

    جنیوا : تیونس فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے ماہ رمضان میں کھیلے جانے والے میچوں کے دوران بھی روزے نہیں چھوڑے، گول کیپر نڈھال ہو کر گر پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کے بابرکت مہینے میں تیونس کی فٹبال ٹیم بھی روزے رکھ رہی ہے، فٹبال ورلڈ کپ سے قبل کھیلے جانے والے وارم اپ میچز میں تیونس کے کھلاڑی روزے سے تھے۔

    تیونس کے فٹبالرز نے روزے کی حالت میں 29مئی کو پرتگال اور یکم جون کو ترکی کے خلاف میچ کھیلے، ترکی کے خلاف میچ کے دوران تیونس کے گول کیپر معیز حسین کی حالت پیاس اور تھکن کے باعث خراب ہوئی اور وہ زمین پر گرگئے۔

    ایسے میں ریفری نے میچ روک دیا اوراس وقفے کے دوران افطار کا وقت بھی ہوگیا، کھلاڑیوں نے کھجور کھانے اور پانی پینے کے بعد دوبارہ بقیہ میچ کا آغاز کردیا۔

    مزید پڑھیں: فٹبال کا جنون، سپرمارکیٹ میں بھی نظر آنے لگا، ویڈیو دیکھیں


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مکہ المکرمہ : ماہ رمضان کے آخری عشرے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    مکہ المکرمہ : ماہ رمضان کے آخری عشرے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

    مکہ المکرمہ : سعودی حکومت نے رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر مکہ المکرمہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں، مسجد الحرام اور اطراف کے علاقوں میں فضائی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔

     ماہ رمضان کے موقع پر دنیا بھر سے فرزندان توحید عمرہ ادائیگی کیلئے سعودی عرب آتے ہیں،  مسجد الحرام کے ارد گرد کے وسطی علاقے میں واقع تمام ہوٹل رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے ابھی سے فل ہوگئے ہیں، مکہ مکرمہ کے اس علاقے میں واقع ہوٹلوں کے 162000سے زیادہ کمرے ہیں۔

    اسی مناسبت سے سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ مکرمہ میں واقع مسجد الحرام میں بھی رمضان المبارک کے دوران تمام راستوں کی سکیورٹی اور نگرانی بڑھا دی گئی ہے، سکیورٹی فورسز کے ہیلی کاپٹر مسلسل فضا میں گشت کررہے ہیں۔

     ایوی ایشن سکیورٹی انچارج نے میڈیا کو بتایا کہ رمضان المبارک کے لیے سکیورٹی کے طے شدہ منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ مسجد الحرام میں آنے والے تمام زائرین پر نظر رکھی جارہی ہے, زائرین کی سیکیورٹی کے لئے کاؤنٹر ٹیررازم یونٹ، ٹریفک پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔

    مزید پڑھیں: اللہ کے مہمانوں کیلئے وسیع ترانتظامات کرلئے، گورنر مکہ المکرمہ

    پہلی مرتبہ زائرین کو منظم کرنے کے لیے ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، واضح رہے کہ مسجد الحرام میں لوگوں کی نقل وحرکت کی نگرانی کے لیے تقریباً 2500 کیمرے نصب ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا پہلا روزہ جمعرات کوہوگا، مفتی منیب الرحمان

    رمضان المبارک کا چاند نظرآگیا پہلا روزہ جمعرات کوہوگا، مفتی منیب الرحمان

    کراچی : مرکزی  رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ ماہ رمضان المبارک  کا چاند نظرآگیا ہے، جس کی تصدیق شہادتوں کے بعد کی گئی ہے، پہلا روزہ کل بروز جمعرات کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کراچی میں ہوا، جس میں کمیٹی اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے حکام بھی شریک ہوئے۔

    صوبائی اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں ہوئے، جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے۔

    اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی  مفتی منیب الرحمان  نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ چاند دیکھنے کے لیے جدید سائنسی ٹیلی اسکوپس سے مدد لی گئی اور ملک کے مختلف علاقوں میں بھی زونل کمیٹیوں نے اجلاس منعقد کیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ اپر دیر، کوئٹہ، نتھیاگلی، بونیر، ایبٹ آباد میں چاند نظر آگیا ہے اور تمام مصدقہ شہادتوں کی روشنی میں اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے لہٰذا پاکستان میں پہلاروزہ کل بروز جمعرات17مئی کو ہوگا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا اور جاپان میں رمضان المبارک ہجری کا چاند گزشتہ روز نظر نہیں آیا تھا لہٰذا دنیا بھر میں پہلا روزہ کل جمعرات ہوگا۔

    علاوہ ازیں ماہ رمضان کے چاند کے اعلان کے ساتھ ہی مساجد کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا اور ملک بھر میں تراویح کے اجتماعات کی تیاریاں مذہبی جوش و جذبے سے کی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں موسم کے گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: اس ماہ رمضان المبارک میں کریں منفرد نیکیاں

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان کے پہلے ہفتے میں شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم کراچی میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔