Tag: ramzan ul mubarak

  • شب قدر: اللہ پاک کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت

    شب قدر: اللہ پاک کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت

    رمضان کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے کوئی ایک رات شب قدر ہے۔ اس رات کو پروردگارِ عالم نے انسان پر اپنی بے شمار نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت قرار دیتے ہوئے اسے تلاش کرنے کا حکم دیا ہے، احادیث سے مروی ہے کہ جو شخص زندگی میں ایک بار اس رات کو اس حالت میں حاصل کرلے کہ اپنے رب کی عبادت میں محو استغراق ہو تو اس کے عمر بھر کے گناہ زائل ہوجاتے ہیں اس رات کی بے شمار فضیلتوں میں سے چند فضیلتیں مندرجہ ذیل ہیں

    قرآن کا نزول

    پروردگار عالم کی سب سے باعظمت جامع و کامل کتاب قرآن کریم جسے ہمیشہ باقی رہنا ہے وہ اسی شب میں نازل ہوئی جیسا کہ قرآن گواہی دیتا ہے: ” شہر رمضان الذی انزل فیہہ القرآن ” (ماہ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا ) لیکن رمضان کی کس شب میں قرآن نازل ہوا ؟ اس کا بیان دوسری آیت میں ہے ” انا انزلناہ فی لیلۃ مبارکۃ ” ( بیشک! ہم نے قرآن کو بابرکت رات میں نازل کیا ) اور سورۃ قدر میں اس بابرکت رات کو اس طرح بیان کیا ” انا انزلناہ فی لیلۃ القدر ” (بیشک! ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں نازل کیا ) لہٰذا یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ قرآن کے نزول نے بھی اس شب کی عظمت میں اضافہ کیا ہے۔

    تقدیر کا معین کرنا

    اس شب کو لیلۃ القدر کہنے کی وجہ کے بارے میں مختلف اقوال پائے جاتے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ یہ رات با برکت و با عظمت ہے ” لیلۃ العظمۃ” اور قرآن مجید میں لفظ قدر عظمت و منزلت کے لئے استعمال ہوا ہے جیسا کہ آیت میں ہے ” ما قدروا اللہ حق قدرہ ” (انہوں نے اللہ کی عظمت کو اس طرح نہ پہچانا جس طرح پہچاننا چاہئے

    اللہ پاک نے انسان کو اپنی تقدیر بنانے یا بگاڑنے کا اختیار خود انسان کے ہاتھ میں دیا ہے، وہ سعادت کی زندگی حاصل کرنا چاہے گا اسے مل جائے گی وہ شقاوت کی زندگی چاہے گا اسے حاصل ہو جائے گی۔ <<یا ایھا النّاس انّما بغیکم علی انفسکم>> (یونس:23) لوگو! اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ تمہاری سرکشی صرف تمہیں نقصان پہچائے گی۔ جو کوئی سعادت کا طلبگار ہے وہ شب قدر میں صدق دل کے ساتھ اللہ کی بار گاہ میں توبہ کرے، برائیوں اور برے اعمال سے بیزاری کا عہد کرے گا۔

    دعاؤں سے تقدیر بدل جاتی ہے 

    اللہ سے اپنے خطاؤں کے بارے میں دعا اور راز و نیاز کےذریعہ معافی مانگے گا یقینا اس کی تقدیر بدل جائے گی اور امام زماں (ارواحنا فداہ) اس تقدیر کی تائید کریں گے۔ اور جو کوئی شقاوت کی زندگی چاہے وہ شب قدر میں توبہ کرنے کے بجائے گناہ کرے ، یا توبہ کرنے سے پرہیز کرے ، تلاوت قرآن ، دعا اور نماز کو اہمیت نہیں دے گا ، اس طرح اس کے نامہ اعمال سیاہ ہوں گے اور یقینا امام زماں (ارواحنا فداہ) اس کی تقدیر کی تائید کریں گے۔
    جو کوئی عمر بھر شب قدر میں سال بھر کے لئے سعادت اور خوش بختی کی تقدیر طلب کرنے میں کامیاب ہوا ہوگا وہ اس کی حفاظت اور اس میں اپنے لئے بلند درجات حاصل کرنے میں قدم بڑھائے گا اور جس نے شقاوت اور بد بختی کی تقدیر کو اختیار کیا ہوا وہ توبہ نہ کرکے بدبختی کی زندگی میں اضافہ کرے گا۔

    خیر و برکت کی رات

    شب قدر کے بارے میں اللہ نے تیراسی سالوں سے افضل ہونے کے ساتھ ساتھ اس رات کو سلامتی اور خیر برکت کی رات قرار دیا ہے۔ << سلام ھی حتیٰ مطلع الفجر>> اس رات میں صبح ہونے تک سلامتی ہی سلامتی ہے اس لئے اس رات میں انسان اپنے لئے دنیا اور آخرت کے لئے خیر و برکت طلب کرسکتا ہے۔

    اگر دل کو شب قدر کی عظمت اور بزرگی کی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ جس شب کے بارے میں اللہ ملائکہ سے کہہ رہا ہے کہ جاو اور فریاد کرو کہ کیا کوئی حاجب مند، مشکلات میں مبتلا ، گناہوں میں گرفتار بندہ ہے جسے اس شب کے طفیل بخش دیا جائے ؟ اگر اس نقطے کی طرف توجہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں کہ یہ رات ایک عمر بھر کی مخلصانہ عمل سے افضل ہے۔

    گناہوں کی بخشش

    شب قدر کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس شب میں گناہ گاروں کی بخشش ہوتی ہے لہٰذا کوشش کریں کہ اس عظیم شب کے فیض سے محروم نہ رہیں، وائے ہو ایسے شخص پر جو اس رات میں بھی مغفرت و رحمت الٰہی سے محروم رہ جائے جیسا کہ رسول اکرم کا ارشاد گرامی ہے : “من ادرک لیلۃ القدر فلم یغفر لہ فابعدہ اللہ[12] جو شخص شب قدر کو درک کرے اور اس کے گناہ نہ بخشے جائیں اسے اللہ پاک اپنی رحمت سے دور کر دیتا ہے۔
    (واللہ عالم بالصواب)

  • افطاری اور سحری میں احتیاط، ماہ صیام اچھا گزاریں

    افطاری اور سحری میں احتیاط، ماہ صیام اچھا گزاریں

    اگر آپ رمضان المبارک میں صحت مند رہنا چاہتے ہیں تو تھوڑی سی احتیاط کر کے ماہ صیام کا مہینہ بہت اچھے طریقے سے گزار سکتے ہیں، طبی  ماہرین کے مطابق روزہ رکھنے سے جسم میں موجود فاضل مادہ ختم ہوتا ہے جب ہی شریعت نے روزے کو جسم کی زکوۃ کے نام سے منسوب کیا ہے۔

    سحری میں موزوں خوراک کا استعمال:

    شریعت میں سحری کو بہت اہمیت دی گئی ہے، طبی ماہرین کے مطابق سحری میں خوراک کا استعمال بہت ضروری ہے ، روزہ رکھنے کے لیے ایسی اشیاء استعمال کریں جس میں کاربوہائیڈریٹس زیادہ ہوں جیسے چکی کے آٹے کی روٹی، دلیہ، گوشت، مچھلی، مرغی، انڈے کے استعمال اور دودھ سے بنی ہوئی چیزوں کو سحری میں خوراک کے طور پر استعمال کر کے روزے کو اچھے طریقے سے گزارا جاسکتا ہے۔

    1

    حکمت سے تعلق رکھنے والے محقق کے مطابق سحری کے وقت اسپغول کی بھوسی کے استعمال سے نظام انہضام بہتر رہتا ہےاور اس سے پیٹ بھرنے کا احساس زیادہ دیر تک رہتا ہے اگر کوئی شخص سحری میں روٹی کھانے سے گریز کرتا ہے تو وہ کھجور کھا کر بھی اپنے روزے کو بہتر طریقے سے گزار سکتا ہے کیونکہ ایک کھجور میں روٹی کے برابر کی طاقت ہوتی ہے۔

    افطار کے وقت احتیاط :

    2

     روزے دار کو چاہیے کہ وہ افطار کے وقت چینی ، گھی ، تیل سے بنی ہوئی چیزوں کا استعمال کم سے کم رکھے، ایسی چیزوں کے زیادہ استعمال سے انسانی جسم میں موجود میٹا بولیزم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے اکثر افطار کے بعد سر میں درد ، سستی اور تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے، سارا دن معدہ خالی ہونے کی وجہ ایسی اشیاء کا فوری استعمال معدے پر سوجن بڑھا دیتا ہے  جس کی وجہ سے گیس ، قبض اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    3

    اس کے برعکس افطاری میں کھجور، دہی، پانی اور تازہ پھلوں کے استعمال سے انسانی جسم افطار کے بعد بھی کافی دیر تک ترو تازہ رہتا ہے، اگر آپ تلی ہوئی چیزیں افطار میں پسند کرتے ہیں تو تقریباً پھلوں کے استعمال سے دس منٹ  انتظار کے بعد یہ اشیاء استعمال کر سکتے ہیں۔

  • رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمتوں والا

    رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمتوں والا

    رمضان المبارک کا مقدس مہینہ اپنے اندر لامحدود، ان گنت رحمتیں سموئے ہوئے ہے۔ اللہ تعالیٰ کی بے پناہ رحمتیں اور برکتیں نازل ہوتی ہیں۔

    رمضان کا مہینہ باقی مہینوں کا سردار ہے، اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے گناہوں کو معاف کرنے کے لئے رمضان المبارک کا مقدس مہینہ مسلمانوں کو تحفہ عطا کیا ہے جس میں مسلمان اپنے سابقہ گناہوں کی بخشش اپنے رب سے طلب کرتے ہیں، انسان کائنات میں رہتے ہوئے جو کوئی بھی کام کرتا ہے اس کی غرض و غایت اور مقصد ہوتا ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کی غرض و غایت اور مقصد تقویٰ کو قرار دیا ہے ایک مسلمان روزہ کی وجہ سے برائیوں کو ترک کر دیتا ہے اور نیکیوں کی طرف راغب ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کا ایمان بڑھ جاتا ہے۔

    رمضان المبارک رحمتوں ، برکتوں اورنزول قرآن کا مہینہ ہے۔ اس میں لیلۃ القدر آتی ہے۔ یہ اللہ کا مہینہ ہے۔ اس کا پہلا عشرہ رحمت، درمیانی مغفرت اور آخری عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے، یہ نیکیوں کے موسم بہار اور برائیوں کے موسم خزاں کا مہینہ ہے ، جس میں رب کی خوشنودی اور جنت کے حصول حاصل ہوتا ہے۔

    روزہ اسلام کے بنیادی ارکا ن میں سے ہے۔ اس کے معنی رُک جانا ۔ یعنی اللہ تعالی کے حکم سے دن بھر کھانے پینے ا ور تما م جائز خواہشات سے رُکے رہنا۔

    Q2

    رمضان کی اہمیت کے بارے میں ﷲ تعالیٰ نے حضرت محمد سے ارشاد فرمایا کہ اگر مجھے آپ ﷺ کی اُمت کو جہنم میں ہی جلانا ہوتا تو رمضان کا مہینہ کبھی نہ بناتا۔

    اللہ عزو جل قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے کہ

    "اے ایمان والوں تم پر روز ے فرض کئے گئے ہیں جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر کئے گئے تا کہ تم متقی اور پر ہیز گار بن جاو َ۔”

    رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا ہے

    پہلے عشرے کی دعا

     

    goo

    اے میرے رب مجھے بخش سے ، مجھ پر رحم فرما ، تو سب سے بہتر رحم فرمانے والا ھے۔

     

    پہلے عشرے کے اہم واقعات

    حضرت ابرہیم ؑ کو صحائف پہلے عشرے میں دئیے گئے۔

    حضرت موسی علیہ السلام پر تورات 6 رمضان المبارک کو نازل ہوئی۔

    Q1

    اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے فرمایا کہ

    اے موسیٰ علیہ السلام میں نے امت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو دو نور عطا کیے ہیں، جس نے ان دونوں سے دامن وابستہ کرلیا وہ دونوں جہان کے عذاب سے محفوظ رہے گا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے پوچھا کہ وہ کون سے نور ہیں ارشاد باری ہوا کہ ”ایک نور قرآن‘ دوسرا نور رمضان۔“

    نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا!

    رمضان کے مہینے میں میری امت کو پانچ نعمتیں دی گئیں جو کہ مجھ سے پہلے کسی اور نبی کو نہیں دی گئیں۔

    ۔ رمضان کی پہلی رات اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو نظر رحمت سے دیکھتے ہیں، اللہ جس کو نظر رحمت سے دیکھ لے اسے عذاب نہیں دیتا۔

    ۔ اللہ کے نزدیک روزہ دار کے منہ کی خوشبو کستوری کی خوشبو سے زیادہ بہتر ہے۔

    ۔ فرشتے دن رات روزے داروں کے لیے بخشش کی دعا کرتے ہیں۔

    ۔ اللہ تعالیٰ جنت کو بندوں کی خاطر بننے سنورنے کا حکم دیتے ہیں ۔

    ۔ رمضان کی آخری رات اہل ایمان کی بخشش کر دی جاتی ہے۔

    حدیث شریف میں ہے کہ

    اے لوگو! اس مہینہ میں چار چیزوں کی کثرت رکھا کرو،

    ۔ کلمہ طیبہ لاالہ الااللہ،

    ۔ استغفار

    ۔ جنت کی طلب

    ۔ دوزخ کی آگ سے پناہ

    Q3

    حضرت سلیمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شعبان کے آخری دن ہمیں ایک خطبہ دیا جس میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :

    ’’یہ ایک مہینہ ہے جس کا ابتدائی حصہ رحمت اور درمیانی حصہ مغفرت اور تیسرے حصے میں دوزخ سے رہائی عطا کر دی جاتی ہے۔‘‘

    نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

    ’’جنت کے آٹھ دروازوں میں سے ایک دروازے کا نام ’’ رَیّان‘‘ ہے، جس سے قیامت کے دن صرف روزے دار داخل ہوں گے، ان کے علاوہ اس دروازے سے کوئی داخل نہیں ہوگا، کہا جائے گا روزے دار کہاں ہیں؟ تو وہ کھڑے ہو جائیں گے اور جنت میں داخل ہوں گے، جب وہ داخل ہو جائیں گے، تو وہ دروازہ بند کر دیا جائے گاْ۔

    ایک مرتبہ آنحضرت ﷺ منبر پر تشریف فرما تھے آپ نے یکے بعد دیگرے تین مرتبہ فرمایا آمین۔

    صحابہ کرام ؓ نے عرض کیا یارسول اﷲ ﷺ! یہ آمین کیسی؟ آپ ﷺ نے فرمایا: جبرائیل ؑ نے تین باتیں کہیں، میں نے ہر ایک کے جواب میں کہا آمین۔

    حضرت جبرائیل ؑ نے کہا: برباد ہو وہ، جس کو رمضان کا مہینہ میسر آیا اور اُس نے اس مہینہ میں عبادت کر کے اپنے گناہ نہ بخشوائے، اس کے جواب میں میں نے کہا آمین۔ پھر حضرت جبرائیل ؑ نے کہا: برباد ہو وہ شخص جس کو ماں باپ کی خدمت کا موقع ملا اور اس نے ان کی خدمت کر کے اپنے گناہ نہ بخشوائے۔ میں نے کہا آمین۔ پھر حضرت جبرائیل ؑ نے کہا: برباد ہو وہ شخص جس کے سامنے میرا نام لیا گیا اور اس نے مجھ (آنحضرت ﷺ ) پر درود نہیں پڑھا۔ میں نے کہا آمین۔

  • کراچی: متعدد علاقوں میں عوام نے دوسری سحری بھی اندھیرے میں کی

    کراچی: متعدد علاقوں میں عوام نے دوسری سحری بھی اندھیرے میں کی

    کراچی: ملک بھر میں سحری کے دوران بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہی، بجلی کی عدم فراہمی پر شہری بھی سراپا احتجاج ہیں۔

    رمضان المبارک کا آغاز ہوتے ہی لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہوگیا، مختلف شہروں میں بجلی کی عدم فراہمی کا سلسلہ کئی گھنٹوں پر محیط ہوگیا، شہریوں کے احتجاج کی سُنوائی نہ ہونے پر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کا عملہ زیرِ عتاب ہے۔

    کراچی کے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں جبکہ بعض علاقوں میں بجلی چوبیس گھنٹے سے غائب ہے، سرجانی، شاہ فیصل کالونی، منظور کالونی، بلدیہ ٹاؤن، کیماڑی، مسان روڈ، سکندر آباد اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

    نارتھ ناظم آباد میں شہریوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کے دوران الیکٹرک کے عملے کی دھلائی بھی کردی، اس دوران کے الیکٹرک کے ترجمان کا بیان بھی سامنے آیا کہ بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔

    لاہور میں کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے جبکہ مساجد کے لاؤڈ اسپیکر پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر شہریوں کو احتجاج پر بلانے کے لیے بھی استعمال کیے گئے، ڈسکہ، ملتان، گجرات اور جڑواں شہروں سمیت کئی شہروں میں انتظامیہ لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے میں ناکام ہے۔

  • برطانوی ہائی کمشنرفلپ بارٹن کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان شریف کی مبارکباد

    برطانوی ہائی کمشنرفلپ بارٹن کی دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان شریف کی مبارکباد

    اسلام آباد: برطانوی ہائی کمشنرفلپ بارٹن نے اپنے جاری بیان میں رمضان المبارک کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھرکے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔

    فلپ مارٹن  کا کہنا ہے کہ مسلمان رمضان میں زندگی کی تمام آسائشیں چھوڑ کرعبادت کرتے ہیں، جوخاندان دہشتگردی سے متاثرہ اورضرب عضب کے شہداء ہیں، ان کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    انھوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان شریف پر خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔

  • ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بڑھ گئیں

    ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بڑھ گئیں

    کراچی :ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی مساجد کی رونقیں بڑھ گئیں، ملک کی بھر میں اہل ایمان نے ماہ مبارک کی پہلی تراویح ادا کی، جس کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

    ملک کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں نماز تراویح کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جہاں ہزاروں فررزندانِ توحید اپنے خالق حقیقی کے آگے سجدہ ریز ہوئے۔ کراچی میں میمن مسجد، ایم اے جناح روڈ، خالق دینا ہال میں تراویح کے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    لاہور کی مساجد میں بھی تراویح کی روح پرور اجتماعات ہوئے،  جہاں پہلی نمازِ تراویح میں گنجائش سے زائد نمازیوں کی حاضری نے مسجد وں کی رونقیں دوبالا کر دیں، اس دوران سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے گئےتھے۔

    اسلام آباد کی فیصل مسجد میں بھی ہزاروں افراد رمضان کی پہلی تراویح مذہبی جوش وجذبے سے ادا کی،  پشاور کی سنہری مسجد میں نماز تراویح کے دوران غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ جہاں بڑی تعداد میں بچوں نے بھی بڑوں کے ساتھ نماز تراویح ادا کیں، اس دوران چھوٹے بچوں کا جذبہ بھی دیدنی تھا۔

    اسی طرح ملک کے دیگر شہروں میں بھی تراویح کے روح پرور اجتماعات ہوئے، جس میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

  • رمضان کی آمد، پی آئی اے نے کرایے کم کردئیے

    رمضان کی آمد، پی آئی اے نے کرایے کم کردئیے

    کراچی: قومی ایئرلائن نے رمضان المبارک کے احترام میں اپنے کرایوں میں بیس فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق یکم رمضان المبارک سے ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق اندرون ملک جانیوالی تمام پروازوں پربیس فیصد کمی کی گئی ہے تاکہ مسافروں کو کم کرایوں کے ساتھ سفری سہولیات بھی میسرہوں۔

    پی آئی اے نے بیرون ملک جانیوالی پروازوں کے کرایوں میں پہلے ہی کمی کی ہوئی ہے۔