Tag: rana mashood

  • نیب کا پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا مشہود کے خلاف تحقیقات کا حکم

    نیب کا پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا مشہود کے خلاف تحقیقات کا حکم

    لاہور :‌ نیب نے پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا مشہود کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے، ان پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔۔۔

    کرپٹ سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، چئیرمین نیب کی زیرصدارت اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے. پنجاب کےوزیر رانا مشہود تحقیقات کی زد میں آگئے، نیب کے مطابق رانا مشہود کے خلاف اسپورٹس فیسٹیول میں کرپشن اور اختیارا ت کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں، ساتھ ہی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق سیکریٹری شاہد رفیع کے خلاف بھی دوپاورکمپنیوں میں کرپشن الزامات کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمرشل پلاٹ کی خلاف ضابطہ فروخت پر سی ڈی اے اور ایف بی آر کےافسروں کےخلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس میں اوکاڑہ بائی پاس پراجیکٹ میں بھی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسروں کےخلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا گیا، نیب کے مطابق سابق اسپیشل اسسٹنٹ سید معصوم شاہ کی پلی بارگینگ کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔

  • نیب نے صوبائی وزیرِتعلیم رانا مشہود کے خلاف شواہد جمع کرنا شروع کردیے

    نیب نے صوبائی وزیرِتعلیم رانا مشہود کے خلاف شواہد جمع کرنا شروع کردیے

    لاہور: نیب پنجاب نے صوبائی وزیرِ تعلیم رانا مشہود کے خلاف اے آر وائی نیوز پر چلنے والی ویڈیو میں انسانی اسمگلر سے رقم لینے اور پنجاب یوتھ گیمز میں مالی بدعنوانیوں پر شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے۔

    صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود کے خلاف مالی بدعنوانیوں اور اے آر وائی نیوز کے پروگرام کھرا سچ میں بدنام انسانی اسمگلر سے رشوت لینے کی ویڈیو فلم پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پنجاب یوتھ گیمز میں مالی بدعنوانیوں کے حوالے سے بھی رانا مشہود کے خلاف نیب کو شکایات موصول ہوئی ہیں، نیب نے دونوں معاملات میں رانا مشہود کے خلاف شواہد اکھٹے کرنا شروع کردیے ہیں۔

    آئندہ چند روز میں صوبائی وزیر تعلیم سے باقاعدہ تحقیقات کیے جانے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اگر رانا مشہود کے خلاف مالی بدعنوانیوں اور ویڈیواسکینڈل میں تحقیقات شروع ہوتی ہیں تو ان سے استعفی لیے جانے کا بھی امکان ہے، نیب کی جانب سے رانا مشہود کے خلاف شروع کی جانے والی تحقیقات کو سیاسی حلقے پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنماء قاسم ضیاء اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی اور راجا پرویز اشرف کے بعد ایک بڑی کارروائی قرار دے رہےہیں۔

  • خوف کی فضا کے خاتمے کیلئے قوم اپنا کردار ادا کرے، رانا مشہود

    خوف کی فضا کے خاتمے کیلئے قوم اپنا کردار ادا کرے، رانا مشہود

    وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ تین روزہ پرامن پاکستان کانفرنس 27 مئی سے لاہور میں شروع ہو گی۔

    لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی، تشدد اور خوف وہراس کے خلاف ہونے والی پرامن پاکستان کانفرنس کا افتتاح صدر ممنون حسین کرینگے، جس میں نیشنل ایکشن پلان زیر بحث لایا جائے گا۔

     انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں دہشتگردی کا شکار ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کی حمایت حاصل کرنا ہے۔

     رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان میں عوام گزشتہ 15 سال سے خوف کی فضا میں زندہ ہے،اب وقت آ گیا ہے کہ خوف کی فضا کے خاتمے کیلئے قوم اپنا کردار ادا کرے۔

  • حکومت نے دھرنا ختم کرانے کیلئے بیس کروڑ روپے اور سینیٹر بنانے کی پیشکش کی تھی، صاحبزادہ حامد رضا

    حکومت نے دھرنا ختم کرانے کیلئے بیس کروڑ روپے اور سینیٹر بنانے کی پیشکش کی تھی، صاحبزادہ حامد رضا

    کراچی: سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے انھیں طاہر القادری کا دھرنا ختم کرانے میں مدد کے لیے بیس کروڑ روپے اور سینیٹر بنانے کی رشوت کی پیشکش کی تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال تو یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے بتایا کہ ایک حکومتی شخصیت نے ان سے رابطہ کرکے بیس کروڑ روپے اور سینیٹر بنانے کی پیشکش کی تھی۔

    صاحبزادہ حامد رضا اس پر ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے اس بات کی تصدیق یا تردید کرنے سے انکار کردیا۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے ملک کی معیشت کو نقصان ہوا ہے، جس کی ذمے داری دھرنا دینے والوں پر عائد ہوتی ہے۔

  • وزیرِقانون پنجاب کے قلمدان واپس لینے کی خبر،پنجاب حکومت کی وضاحت

    وزیرِقانون پنجاب کے قلمدان واپس لینے کی خبر،پنجاب حکومت کی وضاحت

    لاہور: پنجاب حکومت کے ترجمان نے رانا مشہود سے وزارت قانون کا قلمدان واپس لینے کی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا مشہود احمد خاں نےذاتی وجوہ کی بناء پر قانون اور پارلیمانی امور کی وزارت کے قلمدان خود چھوڑے ہیں۔

    ترجمان حکومت پنجاب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا مشہود نے ذاتی وجوہ کی بنا پر استعفی دیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ تعلیم اور کھیل کی وزارتوں کے قلمدان بدستور رانا مشہود احمد خان کے پاس رہیں گے۔ وزیرِ قانون کا چارج اب وزیرِخزانہ میاں مجتبی شجاع اُلرحمن  سنبھالیں گے۔

    واضح رہے کہ رانامشہود کی تبدیلی کو اے آروائی کے پروگرام کھرا سچ میں اُن کا ویڈیو اسکینڈل سامنے آنے کے تناظر میں دیکھاجارہا ہے، جس میں وہ ایک شخص عاصم ملک سے ایک بڑی رقم کا چیک وصول کرتے نظر آرہے ہیں ایک دوسری ویڈیو میں رانا مشہود جعلی پولیس مقابلوں کا اعتراف بھی کرتے نظر آتے ہیں۔

    رانا مشہود کو وزارت سے ہٹائے جانے کے فیصلے کی خبر بھی چند روز قبل اے آروائی ہی نے سب سے پہلے نشر کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے اپنے پاس موجود وزارت داخلہ کا قلمدان وزیر ماحولیات کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو دے دیا۔ زرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے میں خوشاب، بوریوالہ اور رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے وزراء سے قلمدان واپس لیے جانے کا امکان ہے۔

    زعیم قادری، عائشہ غوث اور رانا ارشد سمیت نئے ارکان کی کابینہ میں شمولیت متوقع ہے۔

  • رانا مشہود کے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات مسلم لیگ ن کی کمیٹی نے مکمل کرلی

    رانا مشہود کے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات مسلم لیگ ن کی کمیٹی نے مکمل کرلی

    اسلام آباد: صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا مشہود کے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات مسلم لیگ ن کی کمیٹی نے مکمل کرلی ہیں رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کی جائے گی۔

    صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا مشہود کے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات مسلم لیگ ن  کی کمیٹی نے مکمل کرلی ہیں رپورٹ وزیراعلی پنجاب کو پیش کی جائے گی کمیٹی ذرائع کے مطابق رانا مشہود کی ویڈیو کا تفصیلی جائزہ ان کے بھائی کی موجودگی میں لیا گیا۔

    ویڈیومیں رانا مشہود کی آواز حققیت پر مبنی ہے کمیٹی ذرائع نے بتایا کہ رانا مشہود کی اواز اور ٹرانسکرپٹ میں واضع فرق ہے اورا س ویڈیو کی ترتیب بھی بدلی گئی ہے جس کے باعث شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ تین رکنی کمیٹی جلد رپورٹ وزیراعلی کو پیش کرے گی جس میں رانا مشہود کو اس اسکینڈل میں بے قصور قرار دے دیا جائے گا۔

  • شہبازشریف کومنانےکےلیےبیس لاکھ طلب کئے،عاصم ملک

    شہبازشریف کومنانےکےلیےبیس لاکھ طلب کئے،عاصم ملک

    کراچی:فیوچر کنسرن کےمالک عاصم ملک کہتےہیں کہ سترہ سال میں ان کے خلاف ایک کیس بھی نہیں بنا وزیراعلی پنجاب اور رانا مشہود کےمطالبات نہیں مانے تو ایک دن میں پینتیس کیس دائرکر دیئےگئے اور کاروبارمیں نقصان پہنچانےکی دھمکیاں دی گئیں۔

    فیوچر کنسرن کےمالک عاصم ملک نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’کھراسچ ‘‘ میں انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ رانا مشہود نےمیری اہلیہ کی مقبولیت سے خائف ہوکر ن لیگ میں شمولیت اختیارکرنے کاکہااور پنجاب اسمبلی میں مدرسوں میں جدیدتعلیم دینے کی قراردادسے پیچھے ہٹنے کامطالبہ کیا،انکار کی صورت میں مجھےکاروباری نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی۔

    عاصم ملک کا اپنی گفتگو میں انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رانا مشہود نےبتایا کہ آپ کے انکار پرشہبازشریف ناراض ہیں شہبازشریف کومنانےکےلیےبیس لاکھ طلب کئے اور برطانیہ جا کرعمران خان کے خلاف ثبوت لانے کا مطالبہ کیا۔

    رانا مشہود کے بار بار مطالبات سےتنگ آکر کہا کہ میری ملاقات وزیراعلیٰ سے کروادیں وہ خودکہ دیں تو مطالبات پورے کر دونگا،ملاقات میں شہبازشریف نےکہاجو رانامشہود کہہ رہیں وہ کریں۔

    عاصم ملک نے پروگرام کھرا سچ میں بتایا کہ مطالبات نہ ماننے پر رانامشہود نے میرے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائرکی،اس موقع پرعاصم ملک یہ بھی کہا کہ رانامشہود حلف اٹھا کرکہہ دیں کہ ویڈیو جعلی ہے تو پیچھے ہٹ جاونگا۔

  • وزیرِ قانون پنجاب رانا مشہود کو کابینہ سے فارغ کیے جانے کا امکان

    وزیرِ قانون پنجاب رانا مشہود کو کابینہ سے فارغ کیے جانے کا امکان

    لاہور: اے آر وائی نیوز کے پروگرام کھرا سچ میں چلنے والی ویڈیو پر وزیرِقانون پنجاب رانا مشہود کو کابینہ سے فارغ کئے جانے کا امکان ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام کھرا سچ میں رانا مشہود اور عاصم علی ملک کے درمیان ہونے والی گفتگو کی ویڈیو چلائی گئی تھی، جس کی تحقیقات کیلئے مسلم لیگ ن کی سطح پر کمیٹی قائم کی گئی تھی۔

    کمیٹی نے تحقیقات کے بعد اپنی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادیں ہیں، سفارشات میں رانا مشہود احمد خان اور عاصم علی ملک کے درمیان ہونے والی گفتگو کو درست قرار دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق صوبائی وزیرِ قانون و تعلیم رانا مشہود احمد خان سے تمام وزارتیں واپس لی جاسکتی ہیں۔

  • طاہرالقادری عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں،رانا مشہود

    طاہرالقادری عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں،رانا مشہود

    لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بزدل انسان ہیں، عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر چھپے ہوئے ہیں، حکومت کی رٹ چیلنج کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے بیٹے کیخلاف مقدمات درج ہوں گے۔

    ایوان وزیراعلٰی لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ریاست کے اندر ریاست بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور کے وسط میں نوگو ایریا بنا لیا ہے، پولیس اہلکاروں کو اغواء بھی کیا گیا لیکن حکومت تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جبکہ سیاسی لوگوں سے مذاکرات ہوں گے، انہوں نے دعوٰی کیا کہ مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے اسلحہ اور کیل والے ڈنڈے برآمد ہوئے ہیں، پنجاب کے سات شہروں کو دھماکوں سے اڑانے کی سازش کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وفاق کے ذریعے کینیڈین ہائی کمشنر سے بات کر رہی ہے کہ وہ اپنے شہری کو پاکستان میں انتشار پھیلانے سے روکے۔ رانا مشہود نے کہا کہ پٹرول کی سپلائی اگلے چند گھنٹوں میں ٹھیک ہوجائے گی، شرپسندوں کو روکنے کے لئے کنٹینر لگائے گئے ہیں، جس کے باعث سپلائی معطل ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری اگر بانڈ بھردیں کہ تمام تر صورتحال کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے تو انہیں یوم شہداء منانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔