Tag: Rana sana ullah case

  • رانا ثناءاللہ کو بے گناہ کہنے والے ذہنی ابہام کا شکار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    رانا ثناءاللہ کو بے گناہ کہنے والے ذہنی ابہام کا شکار ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کا کیس بہت واضح ہے ان کو بے گناہ کہنے والے ذہنی ابہام کا شکار ہیں، آرمی چیف جنرل جاوید باجوہ قوم کی ضرورت ہیں۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنانا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے، قومی مفاد پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، ملک کا مفاد ہی ہم سب کی ترجیح ہونی چاہیے،

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس ملک کی سلامتی اور دفاع ہم سب کی ذمہ داری ہے جسے ہمیں یقینی بنانا ہے، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ قوم کی ضرورت ہیں، پاکستان حالت جنگ میں ہے اورایسی صورتحال میں سپہ سالار بدلے نہیں جاتے ،ہر قوم اپنے کمانڈر کے پیچھے کھڑی ہوتی ہے.

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور قانون سازی کے حوالے سے اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، امید ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا کیس بہت واضح ہے یہ کریڈٹ اے این ایف کو جاتا ہے جس نے جرات اور بہادری سے طاقتور مافیا پر ہاتھ ڈالا،قانون کے کٹہرے میں سب برابر ہیں،اگر اے این ایف نے کسی کو قانون کےکٹہرے میں کھڑا کیا ہے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا

    ان کا مزید کہنا کہ وزراء کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں ہے، رانا ثناءاللہ کو بے گناہی کے سرٹیفکیٹ دینے والوں کے ذہنوں میں ابہام ہے، رانا ثناءاللہ کیس کا چارج فریم تب ہو گا جب ٹرائل شروع ہو گا، ان کے کیس میں تو ابھی ٹرائل شروع ہونا ہے، چالان پیش ہونے کے بعد چارج فریم ہوتا ہے۔

  • فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرا سے لی جاتی ہے، رانا ثناء کیس ختم نہیں ہوا،  شہر یار آفریدی

    فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرا سے لی جاتی ہے، رانا ثناء کیس ختم نہیں ہوا، شہر یار آفریدی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرا سے لی جاتی ہے رانا ثناءاللہ کی ضمانت سے کیس ختم نہیں ہوگیا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ72سال بعد سب مان گئے کہ قائداعظم ٹھیک تھے باقی سب غلط تھے، قائداعظم محمد علی جناح نے ہی دو قومی نظریہ پیش کیا تھا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور فوٹیج میں کیا فرق ہوتا ہے میں آپ کو بتاتا ہوں،
    فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرا سے لی جاتی ہے، فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ کہلاتی ہے، ویڈیو کیمرے سے بنائی جاتی ہے آپ موجود ہوتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ کی ضمانت سے کیس ختم نہیں ہوا، اس کیس میں تمام ثبوت عدالت کو پیش کردیے، رانا ثناءاللہ کے خلاف ابھی ٹرائل شروع نہیں ہوا، ان کےخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تھا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اے این ایف پراسیکیوشن کا کام ہے کہ عدالت میں ثبوت اور گواہ پیش کرے، راناثناءاللہ کے وکلا نے کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے، ان کے وکلا کبھی کہتے تھے کہ وکلا کی ہڑتال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کے وکلا نےایک درخواست ضمانت جمع کرادی، راناثناءاللہ کی دو درخواستیں ضمانت بھی مسترد کی گئیں، معصوم لوگوں کو پھنسانے والے پرلعنت ہو۔