Tag: rana Sana

  • رانا ثنا کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق سماعت 4 جنوری کو ہوگی

    رانا ثنا کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق سماعت 4 جنوری کو ہوگی

    لاہور: منشیات اسمگلنگ کیس میں راناثنااللہ کے اہل خانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا معاملہ اب عدالت میں زیربحث آئے گا، عدالت نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق راناثنااللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کے منجمد اکاؤنٹس کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی ہے، انسداد منشیات عدالت کے جج 4جنوری کو درخواست پر سماعت کریں گے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اے این ایف نے بینک اکاؤنٹس منجمد کر رکھے ہیں، عدالت بینک اکاؤنٹس کھولنے کا حکم دے۔ انسداد منشیات عدالت میں ہونے والی سماعت میں اہم پیشرفت ممکن ہے۔

    دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے منشیات اسمگلنگ کیس سے متعلق رانا ثنااللہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے، عدالت کی جانب سے فیصلہ آج سنایا جائے گا، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چودھری مشتاق احمد نے گزشتہ روز رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت کی، رانا ثنا اللہ کو حکومت کی جانب سے دی گئی سیکیورٹی واقعے سے 13 روز قبل واپس لے لی گئی تھی۔

    رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

    یاد رہے کہ یکم جولائی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لیا تھا۔ اے این ایف مطابق فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران گاڑی سے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کی گئی تھی، گاڑی سے برآمد منشیات میں ہیروئن شامل تھی۔

  • تحریک انصاف سب کی پگڑی اچھالتی ہے آج انہیں اللہ کی پکڑ کا سامنا ہے: رانا ثنا اللہ

    تحریک انصاف سب کی پگڑی اچھالتی ہے آج انہیں اللہ کی پکڑ کا سامنا ہے: رانا ثنا اللہ

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سب کی پگڑی اچھالتی ہے آج انہیں اللہ کی پکڑ کا سامنا ہے، ریحام خان کی کتاب کب آئے گی اس کا علم نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مفروضے کی بنیاد پر کسی خاتون کے معاملے کو قابل مذمت نہیں ٹھہراؤں گا، ریحام خان کو بلیک میلنگ پر ملک بھی چھوڑنا پڑا۔

    انہوں نے کہا کہ ریحام خان کی کتاب آئے گی بھی یا نہیں ہم نہیں جانتے، بلیک میلنگ کا شکار ہونے پر ریحام خان کو ملک بھی چھوڑنا پڑا، کتاب کے مسودے کو سامنے تحریک انصاف کی جانب سے ہی لایا گیا ہے۔


    نواز شریف نے ارادہ کرلیا ہے وہ صرف سچ کہیں گے، رانا ثنااللہ


    رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت نے ذاتی زندگی پر براہ راست کوئی باتیں نہیں کیں، کوئی بھی اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کتاب لکھ کر شیئر کرسکتا ہے۔

    رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ صرف الزامات لگاتے ہیں، دوسروں پر کیچڑ اچھالتے ہیں، اب تحریک انصاف کا اصل چہرہ سامنے آچکا ہے، انہوں نے جھوٹے دعوے کیے، خیبر پختونخواہ کو نیا کے پی کے نہیں بنایا پاکستان کیا بنائیں گے۔


    نوازشریف کوسیاست سے مائنس نہیں کیا جاسکتا‘ رانا ثنااللہ


    ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ حدود مقرر ہیں کہ آپ اس حد تک اپنے بارے میں بات کرسکتے ہیں، ریحام خان اپنی زندگی کے بارے میں کتاب لکھ سکتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی خواتین سے متعلق اپنا نازیبا بیان واپس لے لیا

    رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی خواتین سے متعلق اپنا نازیبا بیان واپس لے لیا

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کی خوتین سے متلعق اپنا دیا گیا بے ہودہ بیان واپس لے لیا، البتہ انہوں نے معذرت سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مینار پاکستان لاہور پر ایک تاریخی جلسہ منعقد کیا گیا تھا جہاں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، اس حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے خواتین سے متعلق نازیبا زبان استعمال کیا تھا۔

    شہباز شریف نے رانا ثناءاللہ کے بیان پر معافی مانگ لی

    پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے مطالبے پر خواتین کے بارے میں دیا گیا بیان رانا ثنا اللہ نے واپس لینے کا اعلان کیا مگر معذرت کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد اسمبلی میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی اور اپوزیشن نے تھوڑی دیر کے لیے اجلاس سے واک آوٹ بھی کیا۔

    اجلاس کے دوران تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نوشین حامد نے مطالبہ کیا کہ رانا ثنا اللہ نے خواتین کے بارے میں جو الفاظ کہے تھے وہ اس پر معافی مانگیں، جس پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے الفاظ واپس لے چکے ہیں تاہم وہ اس پر معافی نہیں مانگیں گے۔

    رانا ثنااللہ کا بیان ان کی پست ذہنیت کا عکاس ہے: شیریں مزاری

    خیال رہے کہ تحریک انصاف کے 29 اپریل کو مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء نے خواتین سے متعلق غیر مناسب الفاظ استعمال کیے تھے جس پر اپوزیشن جماعتوں کے شدید رد عمل پر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے معذرت بھی کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • استعفے سے متعلق فیصلہ نوازشریف کریں گے، رانا ثنا اللہ

    استعفے سے متعلق فیصلہ نوازشریف کریں گے، رانا ثنا اللہ

    لاہور: وزیر قانون برائے پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ استعفیٰ لینے یا دینے سے متعلق فیصلہ ہمارے سیاسی پیر نوازشریف ہی کریں گے۔

    ریلوے ہیڈکوارٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’ استعفے لینے یا دینے فیصلہ جماعت نہیں کرسکتی بلکہ اس کا حتمی فیصلہ ہمارے سیاسی پیر نوازشریف ہی کریں گے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تمام علما اور مشائخ ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور ہم معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتے ہیں، لاہور دھرنے والوں سے سعد رفیق نے افہام و تفہیم سے معاملہ حل کیا۔

    مزید پڑھیں: لاہوردھرناختم : تمام معاملات آئین وقانون کےمطابق طےپائے‘ سعدرفیق

    قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوامی حاکمیت، آئین اور قانون کی حکمرانی ہماری منزل ہے اور مسلم لیگ (ن) آئین کی سربلندی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میں مائنس کے امکان کو مسترد کردیا کیونکہ صرف نوازشریف ہی مسلم لیگ (ن) کے سیاسی امام قائد اور پیر ہیں جن کی سربراہی میں مجھ سمیت تمام رہنما اور کارکنان متحد ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: تحریک لبیک جلالی گروپ نے لاہوردھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا

    واضح رہے کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کی جانب سے لاہور کے مال روڈ پر 7 روز سے دھرنا جاری تھا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ’نصاب میں تبدیلی کے ذمہ دار رانا ثنا اللہ ہیں اور وہ اس اقدام پر فوری طور پر مستعفیٰ ہوں‘ مگر حکومت سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد مذہبی جماعت نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فائنل کے فیصلے کو پاگل پن کہنا عمران کا اپنا پاگل پن ہے، رانا ثنا

    فائنل کے فیصلے کو پاگل پن کہنا عمران کا اپنا پاگل پن ہے، رانا ثنا

    لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کو لاہور میں کرانے کے فیصلے کو پاگل پن کہنا عمران خان کا اپنا پاگل پن ہے، امیر مقام نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو دفتر کھول کر دینے کے بجائے ان کے سامنے ڈٹ گئے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ’’ پختونوں کوپنجاب میں رہنےکا اتنا ہی حق ہے جتنا دوسروں کا‘ راناثنااللہ ‘‘

    امیر مقام کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل فائنل کے فیصلے کو پوری قوم نے سراہا ہے اس فیصلے کو پاگل پن کہنا درست نہیں، یہ عمران خان کا اپنا پاگل پن ہے۔


    وزیراعظم کے نامزد مشیر امیر مقام نے کہا کہ ہم عمران خان کی طرح طالبان کو پشاور میں دفتر کھول کر دینے کے بجائے ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے ہیں، اگر پی ایس ایل فائنل یہاں نہ ہوتا تو یہ اس کے مترادف ہے کہ ہم ان کے سامنے ہتھیار ڈال دیتے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر ہم فائنل یہاں نہ کراتے تو دنیا کو کیا پیغام جاتا کہ ہم پیچھے ہٹ گئے، پوری قوم اور پوری دنیا نے اس فیصلے کی تعریف کی ہے ، لوگوں کا حوصلہ بڑھا ہے کہ ہم مقابلہ کریں۔

    یہ پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب نے پختونوں کے مسائل کو جائز قرار دیا، امیر مقام

    دریں اثنا لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پنجاب میں مقیم پختونوں کی ایک ہی جگہ پر رجسٹریشن ہونی چاہیے، سرچ آپریشن پر اعتراض نہیں مگر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو کسی صورت پامال نہیں ہونا چاہیے۔

  • پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت: جے آئی ٹی نے رانا ثناء اللہ ، دیگرکو بے گناہ قراردے دیا

    پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت: جے آئی ٹی نے رانا ثناء اللہ ، دیگرکو بے گناہ قراردے دیا

    لاہور: فیصل آباد میں تحریک انصاف کی کارکن کی ہلاکت کے الزام سے رانا ثناء اللہ اورانکے ساتھیوں کو جائے وقوعہ پرعدم مجودگی کی بنا پر بے گناہ قراردے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تحقیقاتی رپورٹ منظرعام پرآگئی ہے جس میں سابق وزیرِقانون پنجاب رانا ثناءاور ان کے داماد شہریار، وزیر مملکت برائے بجلی و پانی عابد شیر علی، ڈی سی اوفیصل آباد نورالامین مینگل کو واقعے سے بری الذمہ قراردیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں تصاویرمیں فائرنگ کرتے ہوئے افراد الیاس، حافظ، عمران اورعثمان کو ملزم قراردیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ اول الذکر افراد کی جائے وقوعہ سے غیر موجودگی کے واضح ثبوت ہیں لہذا انہیں ملزم قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    مقدمے کا چالان کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


    کارکن کی ہلاکت، تحریک ِانصاف کا شہرشہراحتجاج


    پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والا کارکن حق نواز 08 دسمبر 2014 کو فیصل آباد کے ناولٹی پل پر فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہوا تھا۔

    فائرنگ کرنے والے شخص کی تصاویر براہ راست نشر کی گئی تھیں اور مبینہ طور پر اسے رانا ثناء اللہ کے داماد شہریارکا سیکیورٹی قرار دیا جارہا تھا۔