Tag: Rana Sanaullah arrest

  • پیپلزپارٹی دوسروں کی بجائے اپنے قائدین کی فکر کرے‘ صمصام بخاری

    پیپلزپارٹی دوسروں کی بجائے اپنے قائدین کی فکر کرے‘ صمصام بخاری

    لاہور : پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی  رانا ثناءاللہ اور  ن لیگ کے دیگر قائدین کی بجائے اپنے رہنماﺅں کی فکر کرے۔

    یہ بات انہوں نے رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے متعلق پیپلز پارٹی رہنماؤں کے بیانات پر اپنے رد عمل میں کہی، صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ  اپوزیشن رہنماﺅں کے سنسنی خیز بیانات کا مقصد اپنے خلاف درج کرپشن کے کیسز سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔

    پہلی مرتبہ” دونوں بڑے” کرپشن کیسز میں جیل میں ہیں۔آخری کرپٹ پر ہاتھ ڈالنے تک یہ سلسلہ نہیں رکے گا۔اپنے اےک بےان مےں سید صمصام بخاری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو صاف اور شفاف نظام دینا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی اقتدار کی باریوں نے جمہوری سسٹم سے عوام کا اعتماد ختم کر دیا، پیپلز پارٹی نے نواز لیگ کی بیعت کر کے سیاسی مستقبل تاریک کر لیا ہے۔

    صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ستم ظریفی دیکھئے کہ پیپلز پارٹی رانا ثناءاللہ کا دفاع کر رہی ہے، درحقیقت نواز لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں ایک دوسرے کیلئے بوجھ ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کل تک ایک دوسرے کو چور کہنے والے کیوں اکٹھے ہوئے؟

    مزید پڑھیں: رانا ثنا کے خلاف کالعدم تنظیموں تک پیسے پہنچانے کے ثبوت ہیں: صمصام بخاری

    سید صمصام بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف عوامی جدوجہد سے اقتدار میں آئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی اور کرپٹ عناصر کا احتساب بلا امتیاز جاری رکھا جائے گا۔

  • رانا ثناءاللہ کی گرفتاری سے سب سے زیادہ مریم بی بی خوش ہیں، فیصل واوڈا

    رانا ثناءاللہ کی گرفتاری سے سب سے زیادہ مریم بی بی خوش ہیں، فیصل واوڈا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری سے مریم بی بی جتنی خوش ہیں اور کوئی نہیں، احتساب کیئے ہر قربانی دیں گے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ٹکرے ہوجائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عدل کی راہ میں جسٹس قیوم اور سیف کی طرح مداخلت نہیں کریں گے احتساب کے لیے ہرقربانی دیں گے، وزیراعظم عمران خان کا مؤقف واضح ہے کہ مجرم کو مجرم کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے لوگوں کی بھی ٹی ٹیاں نکال لیں سب کا احتساب کریں۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں اب سب کے لئے قانون سازی ہورہی ہے، آج ساڑھے6گھنٹے کابینہ کا اجلاس ہوا مگر لابیز کے اے سی بند تھے، حکومت نے آکر اداروں کو آزاد کردیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے کہا کہ راناثناءاللہ کے جانے سے مریم بی بی جتنی خوش ہے اور کوئی نہیں، ادارے خودمختار ہیں، جس جماعت میں بھی کرمنلز ہیں انہیں پکڑا جانا چاہیے،۔

    کرمنل حرکتیں کرنیوالوں کو اے سی بھی ملتا ہے قافلے کی شکل میں لایا جاتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے معیشت مستحکم کردی اور بجٹ بھی منظور کرالیا، حکومت کہیں نہیں جارہی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بھی ٹکرے ہوجائیں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ منسٹرانکلیو کا گھر اس لئے چھوڑا تھا کہ میرے گھر کے باہر سیکیورٹی نہیں ہے، جبکہ دوسری طرف شہباز شریف کے گھر کے سامنے 25گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ہماری مرہون منت ہے، یہ مذاق کررہے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کو ہٹادیں گے، ان کے پاس کرنے کو کچھ بھی نہیں ہے۔

  • رانا ثنا اللہ کی گرفتاری، ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا

    رانا ثنا اللہ کی گرفتاری، ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا

    لاہور : رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے معاملے پر مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا ، اجلاس میں پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا جبکہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کا اجلاس بھی بلانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی زیر صدارت ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہوگا ، اجلاس میں مرکزی رہنماؤں اور سرکردہ قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان مدعو کیا گیا ہے۔

    اجلاس پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوگا، جس میں راناثنا اللہ کی گرفتاری کےبعدکی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائےگا جبکہ اپوزیشن رہنماوں کی مختلف الزامات میں گرفتاریوں کا جائزہ بھی لیاجائےگا۔

    رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کا اجلاس بھی بلانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر اپنے ویڈیوبیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی بلا جواز اور بغیر کسی ٹھوس الزامات کے گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں ، اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی کے لئے بد ترین اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں۔

    مزید پڑھیں :اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو حراست میں لے لیا

    انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس تماشے کو دیکھ رہی ہے، اس سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور اللہ کے فضل و کرم سے ہمارے اندر مزید جوش و ولولہ آئے گا۔

    خیال رہے گزشتہ روز انسداد منشیات فورس نے رانا ثنا اللہ کو اسلام آباد سےلاہورجاتےہوئےموٹر وے سے حراست میں لیا تھا ، راناثنااللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔